• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

تفہیم القرآن - مترجم مولانا ابو الاعلیٰ مودودی (یونیکوڈ)

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۷۹۔ سورۃ نٰزِعٰت
۷۹|۱|قسم ہے اُن (فرشتوں کی) جو ڈوب کر کھینچتے ہیں
۷۹|۲|اور آہستگی سے نکال لے جاتے ہیں
۷۹|۳|اور (اُن فرشتوں کی جو کائنات میں) تیزی سے تیرتے پھرتے ہیں
۷۹|۴|پھر (حکم بجا لانے میں) سبقت کرتے ہیں
۷۹|۵|پھر (احکام الٰہی کے مطابق) معاملات کا انتظام چلاتے ہیں
۷۹|۶|جس روز ہلا مارے گا زلزلے کا جھٹکا
۷۹|۷|اور اس کے پیچھے ایک اور جھٹکا پڑے گا
۷۹|۸|کچھ دل ہوں گے جو اُس روز خوف سے کانپ رہے ہوں گے
۷۹|۹|نگاہیں اُن کی سہمی ہوئی ہوں گی
۷۹|۱۰|یہ لوگ کہتے ہیں ''کیا واقعی ہم پلٹا کر پھر واپس لائے جائیں گے؟
۷۹|۱۱|کیا جب ہم کھوکھلی بوسیدہ ہڈیاں بن چکے ہوں گے؟''
۷۹|۱۲|کہنے لگے ''یہ واپسی تو پھر بڑے گھاٹے کی ہو گی!''
۷۹|۱۳|حالانکہ یہ بس اتنا کام ہے کہ ایک زور کی ڈانٹ پڑے گی
۷۹|۱۴|اور یکایک یہ کھلے میدان میں موجود ہوں گے
۷۹|۱۵|کیا تمہیں موسیٰؑ کے قصے کی خبر پہنچی ہے؟
۷۹|۱۶|جب اس کے رب نے اُسے طویٰ کی مقدس وادی میں پکارا تھا
۷۹|۱۷|کہ ''فرعون کے پاس جا، وہ سرکش ہو گیا ہے
۷۹|۱۸|اور اس سے کہہ کیا تو اِس کے لیے تیار ہے کہ پاکیزگی اختیار کرے
۷۹|۱۹|اور میں تیرے رب کی طرف تیری رہنمائی کروں تو (اُس کا) خوف تیرے اندر پیدا ہو؟''
۷۹|۲۰|پھر موسیٰؑ نے (فرعون کے پاس جا کر) اُس کو بڑی نشانی دکھائی
۷۹|۲۱|مگر اُس نے جھٹلا دیا اور نہ مانا
۷۹|۲۲|پھر چالبازیاں کرنے کے لیے پلٹا
۷۹|۲۳|اور لوگوں کو جمع کر کے اس نے پکار کر کہا
۷۹|۲۴|''میں تمہارا سب سے بڑا رب ہوں''
۷۹|۲۵|آخرکار اللہ نے اسے آخرت اور دنیا کے عذاب میں پکڑ لیا
۷۹|۲۶|درحقیقت اِس میں بڑی عبرت ہے ہر اُس شخص کے لیے جو ڈرے
۷۹|۲۷|کیا تم لوگوں کی تخلیق زیادہ سخت کام ہے یا آسمان کی؟ اللہ نے اُس کو بنایا
۷۹|۲۸|اُس کی چھت خوب اونچی اٹھائی پھر اُس کا توازن قائم کیا
۷۹|۲۹|اور اُس کی رات ڈھانکی اور اُس کا دن نکالا
۷۹|۳۰|اِس کے بعد زمین کو اس نے بچھایا
۷۹|۳۱|اُس کے اندر سے اُس کا پانی اور چارہ نکالا
۷۹|۳۲|اور پہاڑ اس میں گاڑ دیے
۷۹|۳۳|سامان زیست کے طور پر تمہارے لیے اور تمہارے مویشیوں کے لیے
۷۹|۳۴|پھر جب وہ ہنگامہ عظیم برپا ہو گا
۷۹|۳۵|جس روز انسان اپنا سب کیا دھرا یاد کرے گا
۷۹|۳۶|اور ہر دیکھنے والے کے سامنے دوزخ کھول کر رکھ دی جائے گی
۷۹|۳۷|تو جس نے سرکشی کی تھی
۷۹|۳۸|اور دنیا کی زندگی کو ترجیح دی تھی
۷۹|۳۹|دوزخ ہی اس کا ٹھکانا ہو گی
۷۹|۴۰|اور جس نے اپنے رب کے سامنے کھڑے ہونے کا خوف کیا تھا اور نفس کو بری خواہشات سے باز رکھا تھا
۷۹|۴۱|جنت اس کا ٹھکانا ہو گی
۷۹|۴۲|یہ لوگ تم سے پوچھتے ہیں کہ ''آخر وہ گھڑی کب آ کر ٹھیرے گی؟''
۷۹|۴۳|تمہارا کیا کام کہ اس کا وقت بتاؤ
۷۹|۴۴|اس کا علم تو اللہ پر ختم ہے
۷۹|۴۵|تم صرف خبردار کرنے والے ہو ہر اُس شخص کو جو اُس کا خوف کرے
۷۹|۴۶|جس روز یہ لوگ اسے دیکھ لیں گے تو انہیں یوں محسوس ہو گا کہ (یہ دنیا میں یا حالت موت میں) بس ایک دن کے پچھلے پہر یا اگلے پہر تک ٹھیرے ہیں
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۰۔ سورۃ عَبَس
۸۰|۱|ترش رو ہوا، اور بے رخی برتی
۸۰|۲|اِس بات پر کہ وہ اندھا اُس کے پاس آ گیا
۸۰|۳|تمہیں کیا خبر، شاید وہ سدھر جائے
۸۰|۴|یا نصیحت پر دھیان دے، اور نصیحت کرنا اس کے لیے نافع ہو؟
۸۰|۵|جو شخص بے پروائی برتتا ہے
۸۰|۶|اس کی طرف تو تم توجہ کرتے ہو
۸۰|۷|حالانکہ اگر وہ نہ سدھرے تو تم پر اس کی کیا ذمہ داری ہے؟
۸۰|۸|اور جو خود تمہارے پاس دوڑا آتا ہے
۸۰|۹|اور وہ ڈر رہا ہوتا ہے
۸۰|۱۰|اس سے تم بے رخی برتتے ہو
۸۰|۱۱|ہرگز نہیں، یہ تو ایک نصیحت ہے
۸۰|۱۲|جس کا جی چاہے اِسے قبول کرے
۸۰|۱۳|یہ ایسے صحیفوں میں درج ہے جو مکرم ہیں
۸۰|۱۴|بلند مرتبہ ہیں، پاکیزہ ہیں
۸۰|۱۵|معزز اور نیک کاتبوں کے
۸۰|۱۶|ہاتھوں میں رہتے ہیں
۸۰|۱۷|لعنت ہو انسان پر، کیسا سخت منکر حق ہے یہ
۸۰|۱۸|کس چیز سے اللہ نے اِسے پیدا کیا ہے؟
۸۰|۱۹|نطفہ کی ایک بوند سے اللہ نے اِسے پیدا کیا، پھر اِس کی تقدیر مقرر کی
۸۰|۲۰|پھر اِس کے لیے زندگی کی راہ آسان کی
۸۰|۲۱|پھر اِسے موت دی اور قبر میں پہنچایا
۸۰|۲۲|پھر جب چاہے وہ اِسے دوبارہ اٹھا کھڑا کرے
۸۰|۲۳|ہرگز نہیں، اِس نے وہ فرض ادا نہیں کیا جس کا اللہ نے اِسے حکم دیا تھا
۸۰|۲۴|پھر ذرا انسان اپنی خوراک کو دیکھے
۸۰|۲۵|ہم نے خوب پانی لنڈھایا
۸۰|۲۶|پھر زمین کو عجیب طرح پھاڑا
۸۰|۲۷|پھر اُس کے اندر اگائے غلے
۸۰|۲۸|اور انگور اور ترکاریاں
۸۰|۲۹|اور زیتون اور کھجوریں
۸۰|۳۰|اور گھنے باغ
۸۰|۳۱|اور طرح طرح کے پھل، اور چارے
۸۰|۳۲|تمہارے لیے اور تمہارے مویشیوں کے لیے سامان زیست کے طور پر
۸۰|۳۳|آخرکار جب وہ کان بہرے کر دینے والی آواز بلند ہو گی
۸۰|۳۴|اُس روز آدمی اپنے بھائی
۸۰|۳۵|اور اپنی ماں اور اپنے باپ
۸۰|۳۶|اور اپنی بیوی اور اپنی اولاد سے بھاگے گا
۸۰|۳۷|ان میں سے ہر شخص پر اس دن ایسا وقت آ پڑے گا کہ اسے اپنے سوا کسی کا ہوش نہ ہو گا
۸۰|۳۸|کچھ چہرے اُس روز دمک رہے ہوں گے
۸۰|۳۹|ہشاش بشاش اور خوش و خرم ہوں گے
۸۰|۴۰|اور کچھ چہروں پر اس روز خاک اڑ رہی ہو گی
۸۰|۴۱|اور کلونس چھائی ہوئی ہو گی
۸۰|۴۲|یہی کافر و فاجر لوگ ہوں گے
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۱۔ سورۃ تکویر
۸۱|۱|جب سورج لپیٹ دیا جائے گا
۸۱|۲|اور جب تارے بکھر جائیں گے
۸۱|۳|اور جب پہاڑ چلائے جائیں گے
۸۱|۴|اور جب دس مہینے کی حاملہ اونٹنیاں اپنے حال پر چھوڑ دی جائیں گی
۸۱|۵|اور جب جنگلی جانور سمیٹ کر اکٹھے کر دیے جائیں گے
۸۱|۶|اور جب سمندر بھڑکا دیے جائیں گے
۸۱|۷|اور جب جانیں (جسموں سے) جوڑ دی جائیں گی
۸۱|۸|اور جب زندہ گاڑی ہوئی لڑکی سے پوچھا جائے گا
۸۱|۹|کہ وہ کس قصور میں ماری گئی؟
۸۱|۱۰|اور جب اعمال نامے کھولے جائیں گے
۸۱|۱۱|اور جب آسمان کا پردہ ہٹا دیا جائے گا
۸۱|۱۲|اور جب جہنم دہکائی جائے گی
۸۱|۱۳|اور جب جنت قریب لے آئی جائے گی
۸۱|۱۴|اُس وقت ہر شخص کو معلوم ہو جائے گا کہ وہ کیا لے کر آیا ہے
۸۱|۱۵|پس نہیں، میں قسم کھاتا ہوں
۸۱|۱۶|پلٹنے اور چھپ جانے والے تاروں کی
۸۱|۱۷|اور رات کی جبکہ وہ رخصت ہوئی
۸۱|۱۸|اور صبح کی جبکہ اس نے سانس لیا
۸۱|۱۹|یہ فی الواقع ایک بزرگ پیغام بر کا قول ہے
۸۱|۲۰|جو بڑی توانائی رکھتا ہے، عرش والے کے ہاں بلند مرتبہ ہے
۸۱|۲۱|وہاں اُس کا حکم مانا جاتا ہے، وہ با اعتماد ہے
۸۱|۲۲|اور (اے اہل مکہ) تمہارا رفیق مجنون نہیں ہے
۸۱|۲۳|اُس نے اُس پیغام بر کو روشن افق پر دیکھا ہے
۸۱|۲۴|اور وہ غیب (کے اِس علم کو لوگوں تک پہنچانے) کے معاملے میں بخیل نہیں ہے
۸۱|۲۵|اور یہ کسی شیطان مردود کا قول نہیں ہے
۸۱|۲۶|پھر تم لوگ کدھر چلے جا رہے ہو؟
۸۱|۲۷|یہ تو سارے جہان والوں کے لیے ایک نصیحت ہے
۸۱|۲۸|تم میں سے ہر اُس شخص کے لیے جو راہ راست پر چلنا چاہتا ہو
۸۱|۲۹|اور تمہارے چاہنے سے کچھ نہیں ہوتا جب تک اللہ رب العالمین نہ چاہے
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۲۔ سورۃ انفطار
۸۲|۱|جب آسمان پھٹ جائے گا
۸۲|۲|اور جب تارے بکھر جائیں گے
۸۲|۳|اور جب سمندر پھاڑ دیے جائیں گے
۸۲|۴|اور جب قبریں کھول دی جائیں گی
۸۲|۵|اُس وقت ہر شخص کو اُس کا اگلا پچھلا سب کیا دھرا معلوم ہو جائے گا
۸۲|۶|اے انسان، کس چیز نے تجھے اپنے اُس رب کریم کی طرف سے دھوکے میں ڈال دیا
۸۲|۷|جس نے تجھے پیدا کیا، تجھے نک سک سے درست کیا، تجھے متناسب بنایا
۸۲|۸|اور جس صورت میں چاہا تجھ کو جوڑ کر تیار کیا؟
۸۲|۹|ہرگز نہیں، بلکہ (اصل بات یہ ہے کہ) تم لوگ جزا و سزا کو جھٹلاتے ہو
۸۲|۱۰|حالانکہ تم پر نگراں مقرر ہیں
۸۲|۱۱|ایسے معزز کاتب
۸۲|۱۲|جو تمہارے ہر فعل کو جانتے ہیں
۸۲|۱۳|یقیناً نیک لوگ مزے میں ہوں گے
۸۲|۱۴|اور بے شک بدکار لوگ جہنم میں جائیں گے
۸۲|۱۵|جزا کے دن وہ اس میں داخل ہوں گے
۸۲|۱۶|اور اُس سے ہرگز غائب نہ ہو سکیں گے
۸۲|۱۷|اور تم کیا جانتے ہو کہ وہ جزا کا دن کیا ہے؟
۸۲|۱۸|ہاں، تمہیں کیا خبر کہ وہ جزا کا دن کیا ہے؟
۸۲|۱۹|یہ وہ دن ہے جب کسی شخص کے لیے کچھ کرنا کسی کے بس میں نہ ہو گا، فیصلہ اُس دن بالکل اللہ کے اختیار میں ہو گا
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۳۔ سورۃ مُطفِّفیِن
۸۳|۱|تباہی ہے ڈنڈی مارنے والوں کے لیے
۸۳|۲|جن کا حال یہ ہے کہ جب لوگوں سے لیتے ہیں تو پورا پورا لیتے ہیں
۸۳|۳|اور جب ان کو ناپ کر یا تول کر دیتے ہیں تو انہیں گھاٹا دیتے ہیں
۸۳|۴|کیا یہ لوگ نہیں سمجھتے کہ ایک بڑے دن،
۸۳|۵|یہ اٹھا کر لائے جانے والے ہیں؟
۸۳|۶|اُس دن جبکہ سب لوگ رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے
۸۳|۷|ہرگز نہیں، یقیناً بد کاروں کا نامہ اعمال قید خانے کے دفتر میں ہے
۸۳|۸|اور تمہیں کیا معلوم کہ وہ قید خانے کا دفتر کیا ہے؟
۸۳|۹|ایک کتاب ہے لکھی ہوئی
۸۳|۱۰|تباہی ہے اُس روز جھٹلانے والوں کے لیے
۸۳|۱۱|جو روز جزا کو جھٹلاتے ہیں
۸۳|۱۲|اور اُسے نہیں جھٹلاتا مگر ہر وہ شخص جو حد سے گزر جانے والا بد عمل ہے
۸۳|۱۳|اُسے جب ہماری آیات سنائی جاتی ہیں تو کہتا ہے یہ تو اگلے وقتوں کی کہانیاں ہیں
۸۳|۱۴|ہرگز نہیں، بلکہ دراصل اِن لوگوں کے دلوں پر اِن کے برے اعمال کا زنگ چڑھ گیا ہے
۸۳|۱۵|ہرگز نہیں، بالیقین اُس روز یہ اپنے رب کی دید سے محروم رکھے جائیں گے
۸۳|۱۶|پھر یہ جہنم میں جا پڑیں گے
۸۳|۱۷|پھر اِن سے کہا جائے گا کہ یہ وہی چیز ہے جسے تم جھٹلایا کرتے تھے
۸۳|۱۸|ہرگز نہیں، بے شک نیک آدمیوں کا نامہ اعمال بلند پایہ لوگوں کے دفتر میں ہے
۸۳|۱۹|اور تمہیں کیا خبر کہ کیا ہے وہ بلند پایہ لوگوں کا دفتر؟
۸۳|۲۰|ایک لکھی ہوئی کتاب ہے
۸۳|۲۱|جس کی نگہداشت مقرب فرشتے کرتے ہیں
۸۳|۲۲|بے شک نیک لوگ بڑے مزے میں ہوں گے
۸۳|۲۳|اونچی مسندوں پر بیٹھے نظارے کر رہے ہوں گے
۸۳|۲۴|ان کے چہروں پر تم خوشحالی کی رونق محسوس کرو گے
۸۳|۲۵|ان کو نفیس ترین سر بند شراب پلائی جائے گی جس پر مشک کی مہر لگی ہو گی
۸۳|۲۶|جو لوگ دوسروں پر بازی لے جانا چاہتے ہوں وہ اِس چیز کو حاصل کرنے میں بازی لے جانے کی کوشش کریں
۸۳|۲۷|اُس شراب میں تسنیم کی آمیزش ہو گی
۸۳|۲۸|یہ ایک چشمہ ہے جس کے پانی کے ساتھ مقرب لوگ شراب پئیں گے
۸۳|۲۹|مجرم لوگ دنیا میں ایمان لانے والوں کا مذاق اڑاتے تھے
۸۳|۳۰|جب اُن کے پاس سے گزرتے تو آنکھیں مار مار کر اُن کی طرف اشارے کرتے تھے
۸۳|۳۱|اپنے گھروں کی طرف پلٹتے تو مزے لیتے ہوئے پلٹتے تھے
۸۳|۳۲|اور جب انہیں دیکھتے تو کہتے تھے کہ یہ بہکے ہوئے لوگ ہیں
۸۳|۳۳|حالانکہ وہ اُن پر نگراں بنا کر نہیں بھیجے گئے تھے
۸۳|۳۴|آج ایمان لانے والے کفار پر ہنس رہے ہیں
۸۳|۳۵|مسندوں پر بیٹھے ہوئے ان کا حال دیکھ رہے ہیں
۸۳|۳۶|مل گیا نا کافروں کو اُن حرکتوں کا ثواب جو وہ کیا کرتے تھے
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۴۔ سورۃ اِنشِقاق
۸۴|۱|جب آسمان پھٹ جائے گا
۸۴|۲|اور اپنے رب کے فرمان کی تعمیل کرے گا اور اُس کے لیے حق یہی ہے (کہ اپنے رب کا حکم مانے)
۸۴|۳|اور جب زمین پھیلا دی جائے گی
۸۴|۴|اور جو کچھ اس کے اندر ہے اُسے باہر پھینک کر خالی ہو جائے گی
۸۴|۵|اور اپنے رب کے حکم کی تعمیل کرے گی اور اُس کے لیے حق یہی ہے (کہ اس کی تعمیل کرے)
۸۴|۶|اے انسان، تو کشاں کشاں اپنے رب کی طرف چلا جا رہا ہے، اور اُس سے ملنے والا ہے
۸۴|۷|پھر جس کا نامہ اعمال اُس کے سیدھے ہاتھ میں دیا گیا
۸۴|۸|اُس سے ہلکا حساب لیا جائے گا
۸۴|۹|اور وہ اپنے لوگوں کی طرف خوش خوش پلٹے گا
۸۴|۱۰|رہا وہ شخص جس کا نامہ اعمال اُس کی پیٹھ کے پیچھے دیا جائے گا
۸۴|۱۱|تو وہ موت کو پکارے گا
۸۴|۱۲|اور بھڑکتی ہوئی آگ میں جا پڑے گا
۸۴|۱۳|وہ اپنے گھر والوں میں مگن تھا
۸۴|۱۴|اُس نے سمجھا تھا کہ اسے کبھی پلٹنا نہیں ہے
۸۴|۱۵|پلٹنا کیسے نہ تھا، اُس کا رب اُس کے کرتوت دیکھ رہا تھا
۸۴|۱۶|پس نہیں، میں قسم کھاتا ہوں شفق کی
۸۴|۱۷|اور رات کی اور جو کچھ وہ سمیٹ لیتی ہے
۸۴|۱۸|اور چاند کی جب کہ وہ ماہ کامل ہو جاتا ہے
۸۴|۱۹|تم کو ضرور درجہ بدرجہ ایک حالت سے دوسری حالت کی طرف گزرتے چلے جانا ہے
۸۴|۲۰|پھر اِن لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ یہ ایمان نہیں لاتے
۸۴|۲۱|اور جب قرآن اِن کے سامنے پڑھا جاتا ہے تو سجدہ نہیں کرتے؟
۸۴|۲۲|بلکہ یہ منکرین تو الٹا جھٹلاتے ہیں
۸۴|۲۳|حالانکہ جو کچھ یہ (اپنے نامہ اعمال میں) جمع کر رہے ہیں اللہ اُسے خوب جانتا ہے
۸۴|۲۴|لہٰذا اِن کو دردناک عذاب کی بشارت دے دو
۸۴|۲۵|البتہ جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں ان کے لیے کبھی ختم نہ ہونے والا اجر ہے
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۵۔ سورۃ بروج
۸۵|۱|قسم ہے مضبوط قلعوں والے آسمان کی
۸۵|۲|اور اُس دن کی جس کا وعدہ کیا گیا ہے
۸۵|۳|اور دیکھنے والے کی اور دیکھی جانے والی چیز کی
۸۵|۴|کہ مارے گئے گڑھے والے
۸۵|۵|(اُس گڑھے والے) جس میں خوب بھڑکتے ہوئے ایندھن کی آگ تھی
۸۵|۶|جبکہ وہ اُس گڑھے کے کنارے بیٹھے ہوئے تھے
۸۵|۷|اور جو کچھ وہ ایمان لانے والوں کے ساتھ کر رہے تھے اُسے دیکھ رہے تھے
۸۵|۸|اور اُن اہل ایمان سے اُن کی دشمنی اِس کے سوا کسی وجہ سے نہ تھی کہ وہ اُس خدا پر ایمان لے آئے تھے جو زبردست اور اپنی ذات میں آپ محمود ہے
۸۵|۹|جو آسمانوں اور زمین کی سلطنت کا مالک ہے، اور وہ خدا سب کچھ دیکھ رہا ہے
۸۵|۱۰|جن لوگوں نے مومن مردوں اور عورتوں پر ظلم و ستم توڑا اور پھر اس سے تائب نہ ہوئے، یقیناً اُن کے لیے جہنم کا عذاب ہے اور ان کے لیے جلائے جانے کی سزا ہے
۸۵|۱۱|جو لوگ ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے، یقیناً اُن کے لیے جنت کے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، یہ ہے بڑی کامیابی
۸۵|۱۲|درحقیقت تمہارے رب کی پکڑ بڑی سخت ہے
۸۵|۱۳|وہی پہلی بار پیدا کرتا ہے اور وہی دوبارہ پیدا کرے گا
۸۵|۱۴|اور وہ بخشنے والا ہے، محبت کرنے والا ہے
۸۵|۱۵|عرش کا مالک ہے، بزرگ و برتر ہے
۸۵|۱۶|اور جو کچھ چاہے کر ڈالنے والا ہے
۸۵|۱۷|کیا تمہیں لشکروں کی خبر پہنچی ہے؟
۸۵|۱۸|فرعون اور ثمود (کے لشکروں) کی؟
۸۵|۱۹|مگر جنہوں نے کفر کیا ہے وہ جھٹلانے میں لگے ہوئے ہیں
۸۵|۲۰|حالانکہ اللہ نے ان کو گھیرے میں لے رکھا ہے
۸۵|۲۱|(اُن کے جھٹلانے سے اِس قرآن کا کچھ نہیں بگڑتا) بلکہ یہ قرآن بلند پایہ ہے
۸۵|۲۲|اُس لوح میں (نقش ہے) جو محفوظ ہے
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۶۔ سورۃ الطارق
۸۶|۱|قسم ہے آسمان کی اور رات کو نمودار ہونے والے کی
۸۶|۲|اور تم کیا جانو کہ وہ رات کو نمودار ہونے والا کیا ہے؟
۸۶|۳|چمکتا ہوا تارا
۸۶|۴|کوئی جان ایسی نہیں ہے جس کے اوپر کوئی نگہبان نہ ہو
۸۶|۵|پھر ذرا انسان یہی دیکھ لے کہ وہ کس چیز سے پیدا کیا گیا ہے
۸۶|۶|ایک اچھلنے والے پانی سے پیدا کیا گیا ہے
۸۶|۷|جو پیٹھ اور سینے کی ہڈیوں کے درمیان سے نکلتا ہے
۸۶|۸|یقیناً وہ (خالق) اُسے دوبارہ پیدا کرنے پر قادر ہے
۸۶|۹|جس روز پوشیدہ اسرار کی جانچ پڑتال ہو گی
۸۶|۱۰|اُس وقت انسان کے پاس نہ خود اپنا کوئی زور ہو گا اور نہ کوئی اس کی مدد کرنے والا ہو گا
۸۶|۱۱|قسم ہے بارش برسانے والے آسمان کی
۸۶|۱۲|اور (نباتات اگتے وقت) پھٹ جانے والی زمین کی
۸۶|۱۳|یہ ایک جچی تلی بات ہے
۸۶|۱۴|ہنسی مذاق نہیں ہے
۸۶|۱۵|یہ لوگ چالیں چل رہے ہیں
۸۶|۱۶|اور میں بھی ایک چال چل رہا ہوں
۸۸|۱۷|پس چھوڑ دو اے نبیؐ، اِن کافروں کو اک ذرا کی ذرا اِن کے حال پر چھوڑ دو
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۷۔ سورۃ اعلیٰ
۸۷|۱|(اے نبیؐ) اپنے رب برتر کے نام کی تسبیح کرو
۸۷|۲|جس نے پیدا کیا اور تناسب قائم کیا
۸۷|۳|جس نے تقدیر بنائی پھر راہ دکھائی
۸۷|۴|جس نے نباتات اگائیں
۸۷|۵|پھر اُن کو سیاہ کوڑا کرکٹ بنا دیا
۸۷|۶|ہم تمہیں پڑھوا دیں گے، پھر تم نہیں بھولو گے
۸۷|۷|سوائے اُس کے جو اللہ چاہے، وہ ظاہر کو بھی جانتا ہے اور جو کچھ پوشیدہ ہے اُس کو بھی
۸۷|۸|اور ہم تمہیں آسان طریقے کی سہولت دیتے ہیں
۸۷|۹|لہٰذا تم نصیحت کرو اگر نصیحت نافع ہو
۸۷|۱۰|جو شخص ڈرتا ہے وہ نصیحت قبول کر لے گا
۸۷|۱۱|اور اس سے گریز کرے گا وہ انتہائی بد بخت
۸۷|۱۲|جو بڑی آگ میں جائے گا
۸۷|۱۳|پھر نہ اس میں مرے گا نہ جیے گا
۸۷|۱۴|فلاح پا گیا وہ جس نے پاکیزگی اختیار کی
۸۷|۱۵|اور اپنے رب کا نام یاد کیا پھر نماز پڑھی
۸۷|۱۶|مگر تم لوگ دنیا کی زندگی کو ترجیح دیتے ہو
۸۷|۱۷|حالانکہ آخرت بہتر ہے اور باقی رہنے والی ہے
۸۷|۱۸|یہی بات پہلے آئے ہوئے صحیفوں میں بھی کہی گئی تھی
۸۷|۱۹|ابراہیمؑ اور موسیٰؑ کے صحیفوں میں
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
۸۸۔ سورۃ غاشیہ
۸۸|۱|کیا تمہیں اُس چھا جانے والی آفت کی خبر پہنچی ہے؟
۸۸|۲|کچھ چہرے اُس روز خوف زدہ ہوں گے
۸۸|۳|سخت مشقت کر رہے ہوں گے
۸۸|۴|تھکے جاتے ہوں گے، شدید آگ میں جھلس رہے ہوں گے
۸۸|۵|کھولتے ہوئے چشمے کا پانی انہیں پینے کو دیا جائے گا
۸۸|۶|خار دار سوکھی گھاس کے سوا کوئی کھانا اُن کے لیے نہ ہو گا
۸۸|۷|جو نہ موٹا کرے نہ بھوک مٹائے
۸۸|۸|کچھ چہرے اُس روز با رونق ہوں گے
۸۸|۹|اپنی کار گزاری پر خوش ہوں گے
۸۸|۱۰|عالی مقام جنت میں ہوں گے
۸۸|۱۱|کوئی بیہودہ بات وہاں نہ سنیں گے
۸۸|۱۲|اُس میں چشمے رواں ہوں گے
۸۸|۱۳|اُس کے اندر اونچی مسندیں ہوں گی
۸۸|۱۴|ساغر رکھے ہوئے ہوں گے
۸۸|۱۵|گاؤ تکیوں کی قطاریں لگی ہوں گی
۸۸|۱۸|اور نفیس فرش بچھے ہوئے ہوں گے
۸۸|۱۷|(یہ لوگ نہیں مانتے) تو کیا یہ اونٹوں کو نہیں دیکھتے کہ کیسے بنائے گئے؟
۸۸|۱۸|آسمان کو نہیں دیکھتے کہ کیسے اٹھایا گیا؟
۸۸|۱۹|پہاڑوں کو نہیں دیکھتے کہ کیسے جمائے گئے؟
۸۸|۲۰|اور زمین کو نہیں دیکھتے کہ کیسے بچھائی گئی؟
۸۸|۲۱|اچھا تو (اے نبیؐ) نصیحت کیے جاؤ، تم بس نصیحت ہی کرنے والے ہو
۸۸|۲۲|کچھ ان پر جبر کرنے والے نہیں ہو
۸۸|۲۳|البتہ جو شخص منہ موڑے گا اور انکار کرے گا
۸۸|۲۴|تو اللہ اس کو بھاری سزا دے گا
۸۸|۲۵|اِن لوگوں کو پلٹنا ہماری طرف ہی ہے
۸۸|۲۶|پھر اِن کا حساب لینا ہمارے ہی ذمہ ہے
 
Top