• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

مختصر صحیح مسلم - (اردو ترجمہ) یونیکوڈ

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : شراب سے دوا کرنا۔
1279: وائل حضرمی سے روایت ہے کہ طارق بن سوید جعفیؓ نے نبیﷺ سے شراب کے بارے میں پوچھا تو آپﷺ نے اس کے بنانے سے منع کیا (یا ناپسند کیا)۔ وہ بولا کہ میں دوا کے لئے بناتا ہوں تو آپﷺ نے فرمایا کہ نہیں وہ دوا نہیں بلکہ بیماری ہے۔
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : برتن کو ڈھانپنے کے متعلق۔
1280: سیدنا ابو حمید ساعدیؓ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہﷺ کے پاس ایک پیالہ دودھ کا (مقامِ) نقیع سے لایا، جو ڈھانپا ہوا نہ تھا تو رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ تو نے اس کو ڈھانپا کیوں نہیں؟ (اگر ڈھانپنے کو کچھ نہ تھا تو) ایک آڑی لکڑی ہی اس پر رکھ لیتا۔ ابو حمید (راوی حدیث) کہتے ہیں کہ ہمیں رات کے وقت مشکیزوں کو باندھنے اور دروازے بند کرنے کا حکم فرمایا۔
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : برتن کو ڈھانپو اور مشک کا منہ بند کرو۔
1281: سیدنا جابر بن عبد اللہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: جب رات ہو جائے یا فرمایا کہ تم شام کرو تو اپنے بچوں کو (گھروں میں) روک لو کیونکہ اس وقت شیطان پھیل جاتے ہیں۔ پھر جب کچھ رات گزر جائے تو بچوں کو چھوڑ دو اور اللہ کا نام لے دروازے بند کر دو کیونکہ شیطان بند دروازے نہیں کھولتا۔ اور اللہ کا نام لے کر اپنے مشکیزوں کا بندھن باندھ دو اور اپنے برتنوں کو ڈھانک لو اللہ کا نام لے کر۔ (اگر برتن ڈھانکنے کے لئے اور کچھ نہ ملے سوا اس کہ) ان برتنوں کے اوپر کوئی چیز چوڑائی میں رکھو (تو وہی رکھ دو) اور اپنے چراغوں کو بجھا دو۔

1282: سیدنا جابر بن عبد اللہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: برتن ڈھانپ دو اور مشک بند کر دو، اس لئے کہ سال میں ایک رات ایسی ہوتی ہے جس میں وبا اترتی ہے۔ پھر وہ وبا جو برتن کھلا پاتی ہے یا مشک کھلی پاتی ہے ، اس میں اتر جاتی ہے۔ اور ایک روایت میں ہے کہ لیث (راوی) نے کہا کہ ہمارے ہاں عجم میں "کانون اول" (یعنی دسمبر) میں لوگ اس سے بچتے ہیں۔
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : شہد، نبیذ، دودھ اور پانی پینے کے متعلق۔
1283: سیدنا انسؓ کہتے ہیں کہ میں نے اپنے اس پیالے سے رسول اللہﷺ کو شہد، نبیذ، پانی اور دودھ پلایا ہے۔

1284: سیدنا براءؓ کہتے ہیں کہ جب رسول اللہﷺ مکہ سے مدینہ کو آئے تو سراقہ بن مالک نے (مشرکوں کی طرف سے ) آپﷺ کا پیچھا کیا۔ آپﷺ نے اس کے لئے بددعا کی تو اس کا گھوڑا (زمین میں)دھنس گیا (یعنی زمین نے اس کو پکڑ لیا)۔ وہ بولا کہ آپ میرے لئے دعا کیجئے میں آپ کو نقصان نہیں پہنچاؤں گا۔ آپﷺ نے اللہ سے دعا کی (تو اس کو نجات ملی) پھر آپﷺ کو پیاس لگی اور آپﷺ بکریوں کے چرواہے کے قریب سے گزرے۔ سیدنا ابو بکرؓ نے کہا کہ میں نے پیالہ لیا اور تھوڑا سا دودھ آپﷺ کے لئے دوہا اور لے کر آپﷺ کے پاس آیا، آپﷺ نے پیا، یہاں تک کہ میں خوش ہو گیا۔

1285: سیدنا ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ جس رات بیت المقدس کی سیر کرائی گئی تو آپﷺ کے پاس دو پیالے لائے گئے۔ ایک میں شراب تھی اور ایک میں دودھ، آپﷺ نے دونوں کو دیکھا اور دودھ کا پیالہ لے لیا۔ سیدنا جبرئیل علیہ السلام نے کہا کہ شکر ہے اس اللہ کا جس نے آپﷺ کو فطرت کی ہدایت کی (یعنی اسلام کی اور استقامت کی)۔ اگر آپ شراب کو لیتے تو آپ کی امت گمراہ ہو جاتی۔
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : پیالے میں پینا۔
1286: سیدنا سہل بن سعدؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کے سامنے عرب کی ایک عورت کا ذکر ہوا تو آپﷺ نے ابو اسید کو اسے پیغام دینے کا حکم دیا، انہوں نے پیغام دیا، وہ آئی اور بنی ساعدہ کے قلعوں میں اتری، رسول اللہﷺ نکلے اور اس کے پاس تشریف لے گئے ، جب وہاں پہنچے تو دیکھا کہ ایک عورت سر جھکائے ہوئے ہے ، آپﷺ نے اس سے بات کی تو وہ بولی کہ میں اللہ تعالیٰ سے تمہاری پناہ مانگتی ہوں۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ تو نے مجھ سے اپنے آپ کو بچا لیا (یعنی اب میں تجھ سے کچھ نہیں کہوں گا)۔ لوگوں نے اس سے کہا کہ تو جانتی ہے کہ یہ کون شخص ہیں؟ اس نے کہا کہ نہیں میں نہیں جانتی۔ لوگوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں، ان پر اللہ تعالیٰ کی رحمت اور سلام ہو، وہ تجھ سے نکاح کی بات چیت کرنے کو تشریف لائے تھے۔ وہ بولی کہ میں بدقسمت تھی (جب تو میں نے آپﷺ سے پناہ مانگی۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ منگنی کرنے والے کو عورت کی طرف دیکھنا درست ہے ) سیدنا سہلؓ نے کہا کہ پھر رسول اللہﷺ اس دن آ کر سقیفہ بنی ساعدہ میں اپنے ساتھیوں کے سمیت تشریف فرما ہوئے پھر سہل سے کہا کہ ہمیں پلاؤ۔ سیدنا سہلؓ نے کہا کہ میں نے یہ پیالا نکالا اور سب کو پلایا۔ ابو حازم نے کہا کہ سیدنا سہل نے وہ پیالا نکالا اور ہم نے بھی (برکت کے لئے ) اس میں پیا پھر عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ نے (اپنے زمانہ خلافت میں) وہ پیالہ سیدنا سہلؓ سے مانگا تو انہوں نے ہبہ کر دیا۔
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : مشکوں کو الٹنے کی ممانعت میں۔
1287: سیدنا ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے ، انہوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ نے مشکوں کو الٹ کر ان کے منہ سے پانی پینے سے منع فرمایا ہے۔ ایک دوسری روایت میں ہے کہ مشک کو الٹا کرنے کا مقصد یہ ہے کہ مشک کا منہ نیچے کر کے اس سے براہِ راست پانی پیا جائے۔
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : سونے اور چاندی کے برتنوں میں پانی پینے کی ممانعت۔
1288: سیدنا عبد اللہ بن عکیم کہتے ہیں کہ ہم سیدنا حذیفہؓ کے ساتھ مدائن میں تھے کہ انہوں نے پانی مانگا۔ ایک کسان چاندی کے برتن میں پانی لے آیا تو سیدنا حذیفہؓ نے برتن پھینک دیا اور فرمایا کہ میں تمہیں بتا رہا ہوں کہ میں نے اس کو کہا تھا کہ مجھے چاندی کے برتن میں نہ پلانا، کیونکہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ سونے اور چاندی کے برتنوں میں نہ پیو اور موٹا اور باریک ریشم نہ پہنو، کیونکہ یہ چیزیں (کفار) کے لئے دنیا میں اور ہم (مسلمانوں کے لئے ) آخرت میں قیامت کے دن ہے۔جو شخص چاندی کے برتنوں میں پیتا ہے تو وہ یقیناً اپنے پیٹ میں جہنم کی آگ داخل کرتا ہے۔

1289: اُمّ المؤمنین اُمّ سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: جو چاندی کے برتنوں میں پیتا ہے وہ اپنے پیٹ میں جہنم کی آگ داخل کرتا ہے اور ایک روایت میں ہے کہ جو سونے اور چاندی کے برتنوں میں کھاتآپیتا ہے (وہ اپنے پیٹ میں جہنم کی آگ داخل کرتا ہے )
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : جب پانی پی لے ، تو دائیں طرف والا زیادہ حقدار ہے۔
1290: سیدنا انس بن مالکؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ ہمارے گھر میں آئے اور پانی مانگا۔ ہم نے بکری کا دودھ دوہا، پھر اس میں اپنے اس کنوئیں سے پانی ملایا اور رسول اللہﷺ کو دیا۔ آپﷺ نے پیا اور سیدنا ابو بکرؓ آپﷺ کے بائیں طرف بیٹھے تھے اور سیدنا عمرؓ سامنے اور دائیں طرف ایک اعرابی تھا۔جب رسول اللہﷺ نے سیر ہو کر پی لیا تو سیدنا عمرؓ نے (سیدنا ابو بکر ص) کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یا رسول اللہ یہ ابو بکرؓ ہیں۔ تو آپﷺ نے (باقی) اعرابی کو دیا اور سیدنا ابو بکر اور عمرؓ کو نہیں دیا اور فرمایا کہ دائیں طرف والے مقدم ہیں دائیں طرف والے ، پھر دائیں طرف والے۔ سیدنا انسؓ نے کہا کہ یہ تو سنت ہے ، سنت ہے ، سنت ہے۔
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : بڑوں کو (پہلے ) دینے کے لئے چھوٹوں سے اجازت لینے کے متعلق۔
1291: سیدنا سہل بن سعد ساعدیؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ کے پاس پینے کی کوئی چیز آئی تو آپﷺ نے اس سے پیا۔ آپﷺ کے دائیں طرف ایک لڑکا تھا اور بائیں طرف بڑے لوگ تھے ، آپﷺ نے لڑکے سے فرمایا کہ تو مجھ کو بڑے لوگوں کو پہلے دینے کی اجازت دیتا ہے ؟ وہ بولا کہ نہیں اللہ کی قسم میں اپنا حصہ کسی دوسرے کو نہیں دینا چاہتا۔ یہ سن کر آپﷺ نے اس لڑکے کے ہاتھ میں دے دیا۔
 

Aamir

خاص رکن
شمولیت
مارچ 16، 2011
پیغامات
13,382
ری ایکشن اسکور
17,097
پوائنٹ
1,033
باب : برتن میں سانس لینے کی ممانعت۔
1292: سیدنا ابو قتادہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے برتن کے اندر ہی سانس لینے سے منع فرمایا ہے۔
 
Top