• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

اب اوون کے بغیر بیکنگ کریں

ماریہ انعام

مشہور رکن
شمولیت
نومبر 12، 2013
پیغامات
498
ری ایکشن اسکور
377
پوائنٹ
164
کہا جاتا ہے گھر میں بنی چیزوں کے معیار کا بازار سے خریدی جانے والی چیز سے کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ ہم اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہمیشہ معیاری اجزاء کا انتخاب کرتے ہیں۔ عام طور پر کھانا پکانے کیلئے چولہے کے علاوہ کسی خاص چیز کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن اگر بات بیکنگ کی ہوتو اُس کیلئے ایک عدد اوون کی ضرورت ہوتی ہے۔ بیکنگ ایک فن ہے جس سے ہم بہترین چیزیں بناکے اپنے گھر والوں کو خوش کرسکتے ہیں۔ ہمارے ہاں ابھی بھی بہت سے گھر ایسے ہیں جہاں اوون کی سہولت نہیں اور وہ بچیاں اپنے شوق کی تکمیل نہیں کر سکتی۔ لیکن اُن بچیوں اور خواتین کیلئے یہ آرٹیکل ایک تحفہ ہے کیونکہ اس میں آپ کیلئے بہت مفید معلومات ہیں کہ آپ اوون کے بغیر کیسے کیک، پیزہ اور بسکٹ گھر میں بنا سکتے ہیں۔ ہو گئے نا حیران؟ جی ہاں ایسا ممکن ہے ہو سکتا ہے آپ خوف ذدہ ہوں کہ پتا نہیں اس طرح بیکنگ کا کیا رزلٹ ہو تو پریشان مت ہوں آپ کے پیسے ضائع نہیں ہوں گے کیونکہ یہ طریقہ بیکنگ سالہا سالوں سے مغربی ممالک میں بھی رائج ہے۔ اب ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ کیک، پیزہ اور بسکٹ بنانے کیلئے ایک اچھی سی ترکیب کا انتخاب کرکے اس کے مطابق سب کچھ تیار کر لیں اور لے آئیں اُسے چولہے کی طرف۔
پیزا
موجودہ دور میں پیزا بچوں اور بڑوں دونوں میں یکساں مقبول ہے۔ اکثر لوگوں کے خیال میں اِسے اوون کے بغیر بنانا مشکل ہے لیکن اس مشکل کا حل بھی ہمارے پاس موجود ہے۔ پیزا بنانے کیلئے نان اسٹک فرائنگ پین کو گرم کرکے اُس میں پیزا کی روٹی دونوں طرف سے ہلکی آنچ پر سینک لیں کہ روٹی پک کے ہلکی براؤن ہو جائے۔ روٹی کسی ہیٹ پروف ڈش میں نکال کے اُس پر ساری فلنگ رکھ دیں اور اسے مائیکرو ویو اوون میں ایک منٹ کیلئے گرم کریں کہ چیز میلٹ ہو جائے۔ لیجئے آپ کا گرم گرم مزیدار پیز تیار ہے کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔ اگر آپ کے پاس مائیکرو ویو اوون نہیں تو پریشان ہونے کی بات نہیں۔ پیزا کی روٹی فرائنگ پین میں ایک طرف سے سینک کے جب سائڈ بدلیں تو سینکی ہوئی سائڈ پر فلنگ رکھ کے فرائنگ پین کو ڈھانپ دیں اور آنچ تھوڑی ہلکی کر دیں، دو تین منٹ بعد ڈھکن ہٹا کے دیکھ لیں چیز میلٹ ہو گئی ہو تو احتیاط سے پیزا باہر نکال لیں۔
کیک
کیک بنانے کے دو طریقے ہیں دونوں سے ہی بہترین کیک بنتا ہے اپ اپنی سہولت کے مطابق طریقہ احتیار کریں۔
اسٹیم۔ ایک بڑے سائز کی کھلے منہ کی دیگچی میں اتنا پانی لیں کہ کیک کا سانچہ پانی میں آدھا ڈوب جائے۔ سانچے میں کیک کا مکسچر ڈال کے سانچے کو المونئیم فوائل سے اچھی طرح کور کر دیں اور اسے پانی میں رکھ دیں۔ دیگچی کو ڈھانپ دیں کہ سٹیم باہر نہ نکلے اگر سٹیم نکل رہی ہو تو دیگچی کے منہ پر تولیہ مضبوطی سے باندھ دیں۔ ہلکی آنچ پر کیک کو ایک گھنٹہ سٹیم ہونے دیں۔ ہر آدھا گھنٹہ بعد ڈھکن ہٹا کے پانی دیکھتی رہیں اگر کم ہو تو مزید ڈال دیں۔ ایک گھنٹے بعد چھری یا کانٹا کیک میں ڈال کے دیکھ لیں کہ اندر سے کچا تو نہیں۔
اسٹون اوون۔ چھوٹے سائز کے پتھروں کو پانی سے اچھی طرح دھو کے پندرہ سے بیس منٹ تک گرم پانی میں رکھیں کہ اُن کی ہمک ختم ہو جائے۔ ایک کھلے منہ کی دیگچی کو چھوٹے پتھروں سے آدھا بھر لیں اور دیگچی کو چولہے پر رکھ کے آگ جلا دیں جب پتھر گرم ہو جائیں تو اس پر کیک کا سانچہ رکھ دیں دیگچی کو پہلے المونئیم فوائل سے اچھی طرح کور کر دیں اور پھر اوپر ڈھکن رکھ دیں۔ المونئیم فوائل کے بغیر کور نہیں کرنا کیونکہ بھاپ کے قطرے ڈھکن سے آمیزے میں گریں گے جس سے کیک ٹھیک طرح پھولے گا نہیں۔ آنچ ہلکی دم والی کر دیں۔ اسے آدھا گھنٹہ بعد ڈھکن ہٹا کے دیکھ لیں کیک تیار ہوا کے نہیں۔ بعض اوقات کیک کی اوپر والی تہہ دیکھنے میں کچی لگتی ہے تو آپ اسے چھری سے کاٹ دیں۔ کیک کو ڈیکوریٹ کرکے پیش کریں کوئی نہیں کہہ سکے گا یہ اوون میں بیک نہیں ہوا۔
بسکٹ
سادہ بسکٹ کا آمیزہ تیار کرکے کٹر سے بسکٹ کاٹ لیں اور بسکٹ سیدھی پلیٹ میں تھوڑے فاصلے پر رکھیں۔ اب ایک سیدھے پیندے کی دیگچی لیں اور اُس کے پیندے میں کسی دیگچی کا سیدھا ڈھکن رکھیں اور اُس کے اوپر بسکٹ والی پلیٹ رکھ کے دیگچی کو ڈھکن سے اچھی طرح بند کر دیں۔ پانچ سے سات منٹ بعد ڈھکن ہٹا کے بسکٹ کی سائڈ بدل دیں اور مزید پانچ سے سات منٹ دوسری سائڈ سے پکنے دیں۔ آنچ ہلکی رکھنی ہے۔
ایک بات کا خیال رہے کیک، پیزا اور بسکٹ بناتے ہوئے آنچ دھیمی رکھیں اور یاد رہے اس طریقہ سے چیزیں بننے میں اوون میں بیک ہونے کے مقابلے میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔
اب سالگرہ ہو، ویک اینڈ یا کوئی اور خوشی کا موقع، بازار سے کیک، پیزا او بسکٹ لانے کی ضرورت نہیں انہیں گھر میں تیار کرکے اپنی خوشیاں دوبالا کریں۔
 

sadia

رکن
شمولیت
جون 18، 2013
پیغامات
283
ری ایکشن اسکور
548
پوائنٹ
98
بہنا کیک پیزا کی 1،2 مکمل ترکیبیں بھی شامل کر دیں تو اور آسانی ہو جائے ویسے گھر میں مائیکرو ویو اون یے پر کھانا گرم کرنے کے سوا اس میں ککھ نہیں بنا پاتی آپکے پاس کوئی ریسپی ہو تو ٹائم نکال کے شیئر کر دیں:)
 
Top