عبد الرشید
رکن ادارہ محدث
- شمولیت
- مارچ 02، 2011
- پیغامات
- 5,402
- ری ایکشن اسکور
- 9,991
- پوائنٹ
- 667
اسلام کو مکمل صورت میں اپنے اوپر نافذ کرنا ایک مشکل عمل ہے ،لیکن اپنے آبائی مذہب کو ترک کر کے کسی دوسرے مذہب کی آغوش میں آنا اس سے کہیں زیادہ مشکل کام ہے۔ یہ بڑے عزم واستقلال کی بات ہے،کہ ایک شخص اپنے ماحول ،خاندان اور والدین کے خلاف بغاوت کرتے ہوءے دشوار گزار گھاٹیوں پر چل کر حق کی جستجو میں نکل کھڑا ہوتا ہے، اور اس راستے میں آنے والی ہر مصیبت کا ڈٹ کرمقابلہ کرتا ہے۔یہ کام یقیناً انھی لوگوں کاہے، جن کے حوصلے بلند اور ہمتیں غیر متزلزل ہوتی ہیں۔ اہل عزیمت کایہ قافلہ قابل صد مبارک باد اور قابل تحسین ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ''امریکی نئے مسلمانوں کی سچی کہانیاں'' ایسے ہی چند پر عزم امریکی نومسلم مرد وخواتین کی ایمان افروز داستان حیات پرمشتمل ہے۔ اس کتاب کے مؤلف امتیاز احمد صاحب چھبیس سال تک امریکہ میں مقیم رہے، اس دوران انہوں نے امریکہ میں دو مسجدیں بھی تعمیر کرواءیں۔ موصوف کی شریک حیات ڈاکٹر پروفیسر صوفیہ بھی نومسلمہ ہیں۔دونوں میاں بیوی دعوت و تبلیغ کا فریضہ بھر پور طریقے سے ادا کر رہے ہیں،ان کے ہاتھ پر متعدد لوگوں نے اسلام قبول کیا۔اس میں انھوں نے چند ایسے امریکی نو مسلموں کا ذکر کیا ہے، جن کا ان سے قریبی تعلق تھااور وہ مؤلف کی دعوت پر دائرہ اسلام میں داخل ہوئے تھے۔ان نومسلموں کی آپ بیتیاں ، ایمان افروز داستانیں اور ان کے اسلام لانےکےتلخ واقعات افسانے اور ناولوں سے بڑھ کر دلچسپ اور دلکش ہیں ، جو انسان کے ایمان میں اضافہ اور یقین کو تازہ کردیتے ہیں ۔ ان کی یہ داستانیں اس قابل ہیں کہ انہیں زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے، تاکہ یہ بات عملی طور پر ثابت ہوجاءے کہ ہر دور کی طرح اسلام آج بھی ایک زندہ ووجاوید مذہب ہے۔ یہ انسان کی مادی وروحانی تمام ضرورتوں کو احسن طریقے سے پورا کرتا ہے، اور بنی آدم کو سکونِ قلب جیسی لازوال نعمت سے مالا مال کر دیتا ہے۔(م۔ا)
Last edited: