• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

انبیاء علیہم السلام اور دوسرے رہنماوں کا بنیادی فرق

شمولیت
مئی 27، 2016
پیغامات
256
ری ایکشن اسکور
75
پوائنٹ
85
✍ انبیاء اور دوسرے رہنماؤں کے درمیان ایک اہم اور بنیادی فرق

مولانا سید ابو الحسن علی ندوی رحمہ اللہ اپنی کتاب "منصب نبوت اور اس کے عالی مقام حاملین" میں رقم طراز ہیں:

✅ پہلی اور اہم ترین خصوصیت جس میں انبیائے کرام علیہم السلام دوسروں سے ممتاز ہوتے ہیں، یہ ہے کہ جس علم کی وہ لوگوں میں نشر واشاعت کرتے ہیں، جس عقیدہ کی طرف لوگوں کو دعوت دیتے ہیں، اور جس پیغام کی تبلیغ کی ذمہ داری ان کے سپرد کی جاتی ہے وہ نہ تو ان کی ذہانت کی پیداوار ہے، نہ اس فاسد اور تکلیف دہ صورتحال کا رد عمل ہے جس میں وہ زندگی گزارتے ہیں، نہ ان کے لطیف ونازک شعور یا ذکی وحساس قلب کا ساختہ پرداختہ، نہ ان کے وسیع اور حکیمانہ تجربات کا نتیجہ، بلکہ اس کا منبع وماخذ وحی آسمانی اور الٰہی پیغامات ہیں جن کے لیے وہ منتخب کیے گئے ہیں اور جس کا شرف ان کو بخشا گیا ہے۔۔

⏪ لہذا کبھی بھی دوسرے حکماء، زعماء، مصلحین اور ان تمام رہنماؤں پر ان کو قیاس نہیں کیا جاسکتا جن کا انسانیت اور اصلاح وعزیمت کی طویل تاریخ نے تجربہ کیا ہے جو یا تو معاشرہ کی پیداوار ہوتے ہیں، یا اپنی حکمت وذہانت کا نتیجہ، یا ماحول کی صدائے بازگشت، یا اپنے اردگرد ابلتے ہوئے فساد اور انارکی کے لاوہ کا رد عمل اور اس کے خلاف ایک صدائے احتجاج!

اس رد عمل کے اثرات (جو بعض اوقات خوردبین کے بغیر نہیں دیکھے جاسکتے) بہت سے ان اسلام پسند مصنفین اور داعیوں کی تحریروں میں نظر آتے ہیں جن کو موجودہ مادی فلسفوں، مغربی سیاست واقتدار کی کامیابی، اور اپنے ملک کے مسلمانوں کی غیر منظم زندگی یا غلامی، نے اسلام کے مطالعہ صورت حال کا مقابلہ کرنے اور ان فلسفوں اور نظامہائے حیات کے متوازی اسلامی فلسفہ اور نظام حیات پیش کرنے پر آمادہ کیا!!

انکی تحریروں اور تعبیروں اور ان کے طریق فکر میں اس "رد عمل" کے عکس اور سائے اس شخص کو آسانی کے ساتھ نظر آسکتے ہیں جس کو ماحول کے اثرات اور عمل ورد عمل کے سلسلہ سے آزاد ہو کر کتاب وسنت کے براہ راست مطالعہ کا موقع ملا ہے، پھر وہ ان جدید فلسفوں اور نظام ہائے حیات کی آہنی گرفت اور جسم وجان میں پیوست ہوجانے والے اثرات سے بھی واقف ہے!

"منصب نبوت اور اس کے عالی مقام حاملین" صفحہ نمبر (64-65) سے اقتباس ۔
#انتخاب: عبدالرحمن برکی
 
Top