• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

ایمان کی فتح اورکفر کی شکست۔ تفسیر السراج۔ پارہ:3

محمد آصف مغل

سینئر رکن
شمولیت
اپریل 29، 2013
پیغامات
2,677
ری ایکشن اسکور
4,006
پوائنٹ
436
اِنَّ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا لَنْ تُغْنِىَ عَنْھُمْ اَمْوَالُھُمْ وَلَآ اَوْلَادُھُمْ مِّنَ اللہِ شَئًْا۝۰ۭ وَاُولٰۗىِٕكَ ھُمْ وَقُوْدُ النَّارِ۝۱۰ۙ كَدَاْبِ اٰلِ فِرْعَوْنَ۝۰ۙ وَالَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِہِمْ۝۰ۭ كَذَّبُوْا بِاٰيٰتِنَا۝۰ۚ فَاَخَذَھُمُ اللہُ بِذُنُوْبِہِمْ۝۰ۭ وَاللہُ شَدِيْدُ الْعِقَابِ۝۱۱ قُلْ لِّلَّذِيْنَ كَفَرُوْا سَتُغْلَبُوْنَ وَتُحْشَرُوْنَ اِلٰى جَہَنَّمَ۝۰ۭ وَبِئْسَ الْمِہَادُ۝۱۲
بے شک جو کافر ہیں خدا کے سامنے ان کے مال اور بال بچے کچھ کام نہ آئیں گے اور وہی دوزخ کا ایندھن ہیں۔(۱۰) جیسے فرعونیوں اور ان سے پہلوں کا حال تھا کہ انھوں نے ہماری نشانیوں کو جھٹلایا توخدا نے ان کو ان کے گناہوں میں پکڑا اور اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔۱؎(۱۱) کافروں سے کہہ دے کہ ابھی تم مغلوب ہوگے اور دوزخ کی طرف ہانکے جاؤگے اور وہ کیا برا ٹھکانا ہے۔۲؎(۱۲)
۱؎ ان آیات میں یہ بتایا ہے کہ کذب وافترا کی آخری حد عذاب الٰہی ہے ۔ وہ لوگ جو اب تک اسلام کے پیغام صداقت شعار کا انکار کرتے چلے آرہے ہیں، وہ متنبہ رہیں کہ ان کا مال ودولت انھیں ہرگز اللہ کی پکڑ سے نہ بچاسکے گا۔ یہ خدا کا قانون ہے ۔ اس کی سنت ہے ۔ وہ نافرمانوں کو ہمیشہ سخت سزائیں دیتا رہا ہے۔

دیکھ لو فرعون کس جاہ وحشم اور کس ٹھاٹھ سے رہتا تھا مگر ضرب موسوی کی تاب نہ لاسکا اور بنی اسرائیل کے سامنے دریا میں ڈوب گیا۔
ایمان کی فتح اورکفر کی شکست
۲؎ قُلْ لِلَّذِیْنَ کَفَرُوْا سَتُغْلَبُوْنَ میں یہود کو مخاطب کرکے فرمایا گیا کہ تم عنقریب مسلمانوں کے غلبہ واقتدار کے قائل ہوجاؤگے۔تمھیں تمہاری بستیوں سے نکال دیا جائے گا اور تمہارے باغات ویران کردیے جائیں گے ۔یہ اس لیے کہ یہود کو اپنے مال ودولت پر بہت ناز تھا اور وہ قوت وعظمت کے نشہ میں سرشار تھے۔ ضرورت تھی کہ انھیں خواب غفلت سے بیدار کیا جائے ۔ ضمناً اس آیت میں کفر کی دائمی مغلوبیت کی طرف اشارہ کیا۔ یعنی علوو اقتدار ،بلندی وقوت صرف ایمان کے حصہ میں آئی ہے ۔ کفر ہمیشہ پست اور ذلیل رہے گا۔ چنانچہ ان کے سامنے بدر کا نقشہ رکھا۔ مسلمان کل تین سو تیرہ تھے۔

ستر اونٹ، دو گھوڑے،سات زرہیں اور آٹھ تلواریں زاد حرب سمجھیے۔ دوسری طرف کفار کا لشکر جرار پوری تیاری کے ساتھ صف آرا تھا۔

جس کے تمام سرداروں نے اس میں فراخ دلی اور فیاضی کے ساتھ حصہ لیاتھا۔ فخر وغرور، کبروتمکنت اورقوت وکثرت کا یہ طوفان مسلمانوں کو '' مشت غبار'' کی طرح منتشر کردینا چاہتا تھا۔ کفر وضلالت کے تاریک اور سیاہ بادل آمادہ تھے کہ خرمن ایمان وبصیرت پر بجلیاں گرائیں۔ کفر وایمان کی یہ پہلی اورخطرناک سازش تھی۔ ایمان کی بے بضاعتی ارباب کفر کے لیے باعث صد خندہ تھی۔شیطان ہنس رہا تھا اورخوش تھا کہ اللہ والے آج مٹنے کو ہیں مگر رب ذوانتقام کی قاہر فوجیں مسلمانوں کے ساتھ تھیں۔ تائید غیبی نے ان کے دلوں کو فولادی بنادیا۔ وہ لڑے اور اس بے جگری کے ساتھ کہ کفر بایں کثرت وحشمت بری طرح ذلیل اور رسوا ہوا۔ ایمان ہمیشہ کے لیے سربلند ہوگیا اور کفر سرنگوں۔

کیا یہ واقعہ اس بات کی دلیل نہیں کہ ایمان بجائے خود فاتح ومنصور ہے اور کفر مغلوب ومقہور۔
 
Top