علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں انکار حدیث کا نیا فتنہ
راشدشازنامی شخص کو یونیورسٹی سے فوری طورپربرخاست کیا جائے:مولانامحمد سعیدی
سہارنپور،یکم اپریل،(محمد عامر)سماج نیوز سروس:مسلم یونیورسٹی علی گڑھ نے چند سال پہلے دینی مدارس کے فضلاء اورفارغین کیلئے دو سالہ ’’برج کورس ‘‘(فاصلاتی تعلیم ) شروع کیا تھا ۔جس کی تمام دینی مدارس میں ستائش کی گئی اورامید تھی کہ مستقبل قریب میں اس کے بہترین اثرات وثمرات دیکھے جائیں گے ۔لیکن اس کورس کاڈائریکٹرراشد شازنامی ایک ایسے شخص کو منتخب کیا گیا ہے جونہ صرف منکر حدیث وقرآن ہے بلکہ امت کو فقہاء ومحدثین اوردینی مدارس ومساجد سے منقطع کردینے کی مسلسل حکمتِ عملی کامظاہرہ کررہا ہے ۔راشد شازنے تقریباً دو درجن کتابوں میں تسلسل کے ساتھ مدارس ومساجد کو شرک کے اڈے لکھا ہے تو محدثین اور علماء مصلحین اور فقہاء کو زوال امت کا سبب قرار دیا ہے ۔راشدشازکی کتابو ں کو پڑھ کر صاف اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کسی عالمی سازش کا حصہ ہے اورامت کو افتراق وانتشارکاشکار بنانا چاہتا ہے ۔ان خیالات کا اظہارجامعہ مظاہر علوم (وقف)سہاس میں کیا، اس موقع پر مولانامحمد سعیدی نے اپنے فکر مندانہ خیالات واحساسا ت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معتبرذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ راشد شاز کی تقرری وائس چانسلرنے اپنے خصوصی اختیارات سے شعبہ انگریزی میں کی ۔حالانکہ ان کا انگریزی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔راشد شاز اپنی کتابوں میں خوبصورت تعبیرات کا سہارا لے کر نہ صرف انکار حدیث کا مرتکب ہوا ہے بلکہ متقدمین علماء وصلحاء اور مجتہدین پر بھی سب وشتم کے تیر چلائے اوران کی خدمات کو افتراق امت کا سبب بتایا ہے ۔اسی طرح مختلف راویان حدیث بالخصوص حضرت ابو ہریرہؓ پر انگشت نمائی کی ،فقہاء اورراویانِ حدیث کی مخالفت کے علاوہ عقید ۂ تقدیر سے انکار، حضرت عیسیٰ ؑ کی تشریف آوری ،امام مہدی کے ظہور،دجال کے آنے سے انکار، اجماع امت ،شفاعت رسول ،سبعۃ احرف اوراحکام رجم وغیرہ سے انکارکیا ہے ۔
مولانامحمد سعیدی ناظم ومتولی مدرسہ مظاہر علوم (وقف) سہارنپورکی زیر صدارت اس موضوع پر خصوصی مجلس منعقد ہوئی اورمذکورہ بالا گمراہ کن نظریات وافکارکی روشنی میں مذکورہ شخص راشد شازکی سخت الفاظ میں اتفاق رائے سے مذمت کی گئی اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی انتظامیہ بالخصوص وائس چانسلرسے پرزورمطالبہ کیا گیا کہ ایک ایسے شخص کو جو ملحد اور بددین ہے ،جو نہ صرف خود قرآن وسنت کے بیان کردہ مسلمہ عقائد وافکار سے منحرف ہے بلکہ اپنے زیر نگرانی شعبہ کے ذریعہ سے علماء وفضلاء مدارس کو بھی بددینی کی راہ پر ڈالنے کی جرأت کررہا ہے ۔اسلئے ایسے شخص کو علی الفورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے برخاست کیا جائے ۔ مولانامحمد سعیدی نے دینی مدارس کے طلباء،علماء اورعوام سے اپیل کی کہ ایسے ملحدانہ نظریات وخیالات رکھنے والے افراد واشخاص سے دور رہیں اورمدارس کے طلباء کو ایسے فتنوں اورفتنہ سازوں سے باخبر کرائیں۔اس موقع پر مدرسہ کے اساتذہ مولانا ریاض الحسن ،مولاناکوثر علی ،مولاناظہور احمد ،مفتی عبد الحسیب ،قاری محمدادریس، مولانا نثاراحمد، مفتی محمد علی حسن ، مولاناابو الکلام ، مفتی نوشاداحمد،مولانامحمد راشد،مولاناناصرالدین ،مولانا غیور احمد، مولاناذوالفقار، مولانامحمد احکام وغیرہ موجود رہے ۔
لنک