• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

جماعت اسلامی کا نقطہ نظر -- مصر - سعودی موقف - تحریک اسلامی

حیدرآبادی

مشہور رکن
شمولیت
اکتوبر 27، 2012
پیغامات
287
ری ایکشن اسکور
500
پوائنٹ
120
ہمارے سرفراز فیضی بھائی نے مصر میں اخوان کی ناکامی پر ایک بڑا زبردست تجزیہ پیش کیا تھا۔ جو ممبئی کے رسالے فری لانسر میں یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔
آخری تجزیہ تھا۔ ہمارا خیال تھا کہ اس کے بعد پھر کسی سلمان ندوی صاحب کی ہمت نہیں ہوگی سعودی عرب کے خلاف نعرہ انگیزی کی۔ مگر صاحب! ہماری بھول تھی ، اچھے اور معتدل مزاج لوگ بھی مخالفین میں پائے جاتے ہیں۔ لہذا ابھی کل ہی ایک ایسا "اداریہ" مطالعے سے گزرا جسے پڑھ کر واہ واہ کیے بنا رہا نہیں گیا۔
ادب و احترام کے دائرے میں رہتے ہوئے اختلاف الرائے کو پیش کرنا ، سلمان صاحب کو شاید نہ آتا ہو مگر یقینا سب ایسے نہیں ہیں۔ بطور مثال سہ روزہ "دعوت" کے مدیر پرواز رحمانی صاحب کا یہ حالیہ اداریہ ملاحظہ فرمائیے ۔۔۔۔۔۔

بشکریہ --- تعمیر نیوز : مصر - سعودی موقف - تحریک اسلامی
×××
شیخ صالح بن عبدالعزیزآل شیخ، سعودی عرب کے وزیر شؤن اسلامیہ ودعوت واوقاف ایک بڑے وفد کے ساتھ ہمارے ملک تشریف لائے تو 17؍فروری کی سہ پہر جماعت اسلامی ہند کے مرکز بھی تشریف لائے۔ مرکز جماعت کے دورے کاپروگرام یہاں آپ کی مصروفیات میں باقاعدہ شامل تھا ۔مرکز جماعت کو اس کی اطلاع باقاعدہ دی گئی تھی— معزز سعودی وزیر دراصل دارالعلوم دیوبند کی دعوت پر ہندوستان آئے تھے۔ تقریب کیا تھی،نہیں معلوم ہوسکی۔ 16؍فروری کو آپ دیوبند تشریف لے گئے تھے۔ اُسی شام جمعیۃ علماء کے صدر مولانا ارشد مدنی صاحب نے آپ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ 17؍کو مرکز جماعت میں آپ کی آمد پر ایک مختصر تقریب ہوئی۔ امیر جماعت مولانا سید جلال الدین صاحب عمری نے معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے اپنے مختصر خطاب میں وفد کی آمد پر خوشی کااظہار کیا اور جماعت اسلامی ہند کے تعارف کے ذیل میں اس کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ جواب میں سعودی عرب کے وزیر محترم نے بھی مرکز جماعت آمد پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ لیکن کارروائی کا سب سے اہم اور غیر معمولی دوسرا حصہ تھا جب امیر جماعت نے دوبارہ مائک پر آکر فرمایا کہ حالات وواقعات کے سلسلے میں کچھ احساسات پیش کرنا چاہتے ہیں۔ سب سے پہلے آپ نے عالم اسلام میں سعودی عرب کے مقام واثرات اور خادم الحرمین شریفین کی خدمات کاذکر کیا۔ شام کی ظالم وجابر حکومت کے خلاف اور وہاں کے عوام کے حق میں سعودی حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں، امیر جماعت نے ان کی تحسین کی لیکن مصر کی صورت حال پر نہایت کرب واضطراب کی کیفیت میں اپنے احساسات پیش کرتے ہوئے حکومت سعودی عرب کے موقف کو افسوس ناک قرار دیا۔ امیر جماعت نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد مرسی خالصتاً جمہوری طریقے اور عوام کی تائید وحمایت سے صدر منتخب ہوئے تھے، انہوں نے شروع ہی سے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا۔ سوائے اسرائیل کے کسی کے خلاف کچھ نہیں کیا، کسی سے کشمکش نہیں کی۔ ان کی حکومت ملک کے منظور شدہ دستور اور اپنے منشور کے مطابق اقدامات کررہی تھی لیکن اچانک ان کے خلاف ماحول بنا کر فوج نے ان کی حکومت کو برطرف اور مرسی اور ان کے رفقاے کار کو گرفتار کرلیا، پھر اس کے بعد جو کچھ کیا اس کا تصور انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اس سلسلے میں حکومتِ سعودی عرب کا موقف ہمارے لئے ناقابل فہم ہے۔ اسی طرح بنگلہ دیش کی حکومت وہاں کی تحریک اسلامی کو کچلنے کی جوکوشش کرر ہی ہے، اسلام پسندوں پر ظلم ڈھارہی ہے، وہ پوری اُمت کے لئے بے چینی کا سبب ہے اور یہاں بھی عالم عرب میں خاموشی پائی جاتی ہے۔ محترم امیر جماعت مولانا سید جلال الدین صاحب عمری نے واضح کیا کہ یہ احساسات سعودی مملکت کے ساتھ اپنائیت اور خیر خواہی کے جذبے سے پیش کئے گئے ہیں۔ ہم مملکت سعودی عرب کے مقام ومرتبے کو سمجھتے ہیں، اس کے لئے محبت واحترام کے جذبات رکھتے ہیں۔ ہمارے یہ خیالات اُسی تعلق کا نتیجہ ہیں۔
جواب میں معزز مہمان صالح بن عبدالعزیز آل شیخ نے بھی اُسی تعلق اور اپنائیت کا اظہار کیا۔ آپ نے بتایا کہ محترم امیر جماعت نے اپنے جس موقف کااظہار کیا ہے ہم اُس سے پہلے سے واقف ہیں، اور یہ بھی جانتے ہیں کہ یہ تمام تحریکات اسلامی کا موقف ہے۔ پھر آلِ شیخ نے سعودی حکومت کے موقف کی وضاحت کی۔ آپ نے بتایا کہ محمد مرسی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مصر میں حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے تھے۔ پڑوسی مملکتوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ آرہا تھا۔ خانہ جنگی کی کیفیت ہوگئی تھی۔ مصر ٹوٹنے کے قریب تھا۔ اس لئے فوج کو مداخلت کرنی پڑی۔ اور مصر میں امن واستحکام کی بحالی کی خاطرہی سعودی حکومت نے مصر کی فوجی حکومت کی مدد کی۔ معزز مہمان نے یہ بھی بتایا کہ مملکت سعودی عرب امت مسلمہ کے مفاد کے خلاف کبھی کوئی کام نہیں کرتی، کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت امت کے مفاد کو سامنے رکھتی ہے۔ آل شیخ نے مزید کہا"مصر کے سلسلے میں بھی سعودی حکومت کے فیصلے کی معقولیت کچھ عرصے بعد سب کے سامنے آجائے گی۔" بنگلہ دیش کے بارے میں آپ نے بتایا کہ وہاں کی حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاجی پیغامات بھیجے گئے تھے۔
17؍فروری کی اِس غیر معمولی نشست میں امیر جماعت نے مصر وبنگلہ دیش کی صورت حال کے حوالے سے وہی احساسات پیش کئے جو کسی بھی ذمہ دار اسلامی جماعت کے ہونے چاہئیں۔ اِسی طرح صالح بن عبدالعزیز آل شیخ نے بھی وہی کچھ فرمایا جو سعودی حکومت کے ذمہ دار وزیر کی حیثیت سے انہیں فرمانا چاہئے تھا۔ لیکن معزز مہمان کے ارشادات کو اگر عمومی نظر سے دیکھاجائے تو کچھ بنیادی سوالات کے جوابات تشنہ محسوس ہوتے ہیں۔ صدر مرسی کے دور کے اندرونی حالات کا جو نقشہ سعودی مہمان نے پیش کیا ، ظاہر ہے کہ اپنی سرکاری معلومات کی بنا پر ہی کیا ہوگا۔ لیکن دنیا کے تمام حساس اور غیر جانبدار انسان یہ دیکھ رہے تھے کہ مصر میں انتخابات کے اعلان کے اوّل روز ہی سے اخوان المسلمون اور ان کی الحریہ والعدالہ کی راہ میں قدم قدم پر رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہیں، انہیں انتخابات میں حصہ لینے اور بعد میں کامیاب ہونے سے روکنے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال ہوئے۔ پھر جب ان رکاوٹوں کے باوجود محمدمرسی نے منتخب ہوکر اقتدار سنبھالا تو اوّل ساعت سے ان کے خلاف سازشیں شروع ہوگئیں جن میں اندرون ملک کے اسلام مخالف حلقے، اسرائیل اور امریکی ایجنسیاں شریک تھیں۔ مرسی کو ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھنے دیاگیا۔ سعودی مہمان نے اپنی گفتگو میں یہ بھی فرمایاتھا کہ وہ امریکہ جو کبھی کسی اسلامی حکومت کی حمایت نہیںکرتا، وہ مرسی حکومت کی حمایت کررہا تھا۔ ظاہر ہے کہ یہاں بھی سعودی وزیرکی معلومات ہی معتبر ہوںگی لیکن دیکھا یہ جارہا تھا کہ امریکہ ابتدا ہی سے فوجی ظالموں کے ساتھ تھا اور صدر مرسی کے خلاف کارروائی فوج نے امریکہ کی حمایت کے بغیر ہرگز نہ کی ہوگی۔ عبدالفتاح السیسی کو اسرائیل اور امریکہ کی پوری پشت پناہی حاصل تھی۔ امریکہ چونکہ دنیا بھر میں فوجی حکومتوں کے خلاف اور جمہوریت پسندوں کے حق میں ہونے کا پروپیگنڈا کرتا ہے اس لئے مصر میں بھی اس نے صورت حال پرمحض چند رسمی بیانات جاری کئے تھے۔ صورت حال سے سب سے زیادہ خوش اسرائیل تھا، آج بھی ہے کیونکہ مرسی کی برطرفی سے سب سے زیادہ فائدہ اسرائیل ہی کو پہنچا ہے اس کے لیڈریہ بات علانیہ کہتے ہیں۔
ایک بنیادی سوال یہ ہے کہ اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد فوجی حکومت اپنے ہی اُن عوام کے ساتھ جو اس ظلم کے خلاف پُرامن احتجاج کررہے تھے، جس درندگی کے ساتھ پیش آئی، جس طرح خواتین ،بوڑھوں، بچوں نو عمرلڑکیوں پرمظالم ڈھائے، ان کے کیمپوںپر حملے کرکےان کاقتل عام کیا۔ اس کا جواز آخر کیا ہے؟ سفا کی اور حیوانیت کا عالم یہ تھا کہ ابھی باپ کے سامنے نوجوان بیٹی کو مارا، دوسرے دن باپ کو بھی ہلاک کردیا۔ اخوان کے ایک رہنماکے نوجوان بیٹے کو ہلاک کیا، چار دن بعد اس رہنماکو بھی گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا۔ سرکاری ظلم اور شیطنیت کے یہ مناظر متمدن دنیا کی تاریخ سے پہلے ہی دیکھے گئے ہوں گے۔ یہ ایسے خونیں مناظر ہیں کہ جن کے تصور ہی سے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں اور ظالموں کے لئے بے اختیاربددُعا نکلتی ہے۔ پھر اخوان المسلمون، اُن کی سیاسی جماعت اور اس کے رہنماؤں، کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ فوجی حکمرانوں نے جو کچھ کیا، آج کی جمہوری دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ اخوان کے دفاتر کے ساتھ اخوانیوں کے مکانات اوراثاثے تباہ کردیئے گئے۔ فوجی حکمراں آج بڑے فخر کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ "ہم نے مصر میں "پولیٹکل اسلام" کو کچل کر رکھ دیا۔ ظاہر ہے کہ امریکہ اور اسرائیل بھی یہی چاہتے تھے۔ اگر سعودی مہمان کی یہ بات تسلیم کرلی جائے کہ "آنے والا وقت بتائے گا کہ سعودی موقف درست تھا "تو یہ بھی دیکھا جائے گاکہ وہ کس قیمت پر ہوا۔ اور جو کچھ ہوا اس کی تلافی کیسے ہوسکے گی۔ کیا ہزاروں معصوموں کی جانیں واپس آجائیںگی۔ دنیا کا کوئی بھی دیانتدار مبصر اس حقیقت سے انکار نہیں کرسکتا کہ اخوان المسلمون اور ان کی منتخب حکومت کو یہ سزا صرف اس لئے دی گئی کہ وہ مروجہ جمہوری طریقوں ہی سے اسلامی نظام حکمرانی کی بات کرتے تھے اور عرب کے دولت مند حکمرانوں نے ظالموں کی تائید وحمایت میں اپنے خزانوں کے منھ کھول دیئے تھے۔
دُعا ہماری بھی یہی ہے کہ سعودی وزیر محترم کی یہ پیش گوئی درست ثابت ہو کہ "آنے والا وقت سعودی موقف کو صحیح ثابت کردے گا۔" تاہم اس سلسلے کے بنیادی سوالات بہرحال قائم رہیں گے۔
محترم امیر جماعت مولانا جلال الدین صاحب عمری کے خطاب کی طرح، جو دراصل تحریک اسلامی کے موقف کااظہارتھا، یہاں بھی یہ سطور مملکت سعودی عرب کی خیر خواہی میں اور خادم الحرمین شریفین کے مقام ومرتبہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے سپرد قلم کی گئی ہیں، ہمارااحساس ہے کہ مسلم امہ کے سواد اعظم کے احساسات بھی یہی ہیں۔ اگر ہمارے معزز مہمان صالح بن عبدالعزیز آل شیخ یہ احساسات اپنی حکومت تک پہنچاسکیں تو ہمارے لئے یہ باعث ممنونیت ہوگا—

×××
 

سرفراز فیضی

سینئر رکن
شمولیت
اکتوبر 22، 2011
پیغامات
1,091
ری ایکشن اسکور
3,807
پوائنٹ
376
ہر حکومت کی کچھ مجبوریاں ہوتی ہیں ۔ اور وہ مجبوریاں سرکاری بیانوں میں ریکارڈ نہیں کرائیں جاتی ۔
ہم سعودی حکومت کا اسلام اور مسلمانوں کا خیر خواہ مانتے ہیں ۔ اور ان کے ہر عمل کے پیچھے ان کی حکمت معلوم کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
رہی بات جماعت اسلامی کی تو میں پہلے بھی یہ بات پچھ چکا ہوں جس کا مجھے کسی نے جواب نہیں دیا کہ مصر سے پہلے شام میں اہل سنت کا قتل عام ہوا۔ کتنی بے دردی سے ہوا یہ ساری دنیا نے دیکھا ۔ لیکن جماعت اسلامی والوں نے اس معاملہ میں کیا کیا ۔ ایک دو قرار دادیں پاس کردیں ۔ مصر کے معاملہ میں ملک گیر احتجاج۔مصر اور شام میں اس ’’ دو انکھیائی ‘‘ کی کیا وجہ ہے؟
 
Top