• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

خنساء رضی اللہ عنہا کی ایمان افروز نصیحت

محمد ارسلان

خاص رکن
شمولیت
مارچ 09، 2011
پیغامات
17,861
ری ایکشن اسکور
41,093
پوائنٹ
1,155
بسم اللہ الرحمن الرحیم
خنساء رضی اللہ عنہا کی ایمان افروز نصیحت

امیرالمومنین حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے دور میں مثنی ابن حارثہ شیبانی رضی اللہ عنہ قادسیہ کی طرف روانہ ہوئے تو لشکر میں سیدہ خنساء رضی اللہ عنہا بھی اپنے چار بیٹوں کے ساتھ شریک تھیں۔میدان جنگ میں لڑائی شروع ہونے سے ذرا پہلے سیدہ خنساء رضی اللہ عنہا نے اپنے چاروں بیٹوں کو بلایا اور ان کو جہادوقتال کے لیے تیار کرنا شروع کیا۔انہوں نے اللہ کی راہ میں شہادت کا مقام و مرتبہ بیان کیا۔آئیے اس عظیم عورت نے اس نازک اور مشکل وقت میں اپنے بیٹوں سے جو خطاب کیا ،اور انہیں جو ایمان افروز نصیحت کی،اس کے ایک حصے کا مطالعہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا:
"میرے پیارے بیٹو!تم مسلمان ہو اور اپنے پیارے رب کے اطاعت گزار ہو۔تم اپنی مرضی سے یہاں آئے ہو،زبردستی نہیں لائے گئے۔اس ذات کی قسم جس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں! تم سب جس طرح ایک ماں کی اولاد ہو ویسے ہی ایک باپ کے بیٹے ہو۔میں نے تمہارے باپ کی خیانت نہیں کی،نہ اپنے بھائیوں کو رسوا کیا۔میں نے تمہارے حسب و نسب کو عیب دار نہیں ہونے دیا،اور نہ اس میں کوئی تبدیلی کی ہے۔تمہیں خوب معلوم ہے کہ اللہ رب العزت نے کافروں کے ساتھ لڑائی کرنے میں کتنا اجروثواب رکھا ہے۔سنو اور اچھی طرح سنو کہ آخرت کا گھر جو ہمیشہ رہنے کے لیے ہے اس فانی دنیا سے کہیں بہتر ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ ٱصْبِرُوا۟ وَصَابِرُوا۟ وَرَابِطُوا۟ وَٱتَّقُوا۟ ٱللَّهَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ
ترجمہ: اے اہل ایمان (کفار کے مقابلے میں) ثابت قدم رہو اور استقامت رکھو اور مورچوں پر جمے رہو اور اللہ سے ڈرو تاکہ تم فلاح پاؤ۔(سورۃ آل عمران،آیت 200)
کل جب صبح کا سورج طلوع ہو تو تم دشمن کے ساتھ لڑائی کے لیے کمربستہ ہو جاؤ اور دشمنان اسلام پر غلبہ حاصل کرواور ان پر فتح پاؤ۔اور جب تم دیکھو کہ لڑائی میں خوب گرمی اور تیزی آ گئی ہے اور جنگ کے شعلے بھڑک اٹھے ہیں تو پھر اس میں کود پڑو۔"
پھر سیدہ خنساء رضی اللہ عنہا کے چاروں بیٹے نہایت عزت و وقار اور ثابت قدمی کے ساتھ میدان جنگ میں کود پڑے اور تمام کے تمام شہید ہو گئے۔جب سیدہ خنساء رضی اللہ عنہا کو ان کی شہادت کی خبر ملی تو فرمایا:
الحمدللہ الذی شرفنی باستشھادھم وارجو من ربی ان یجمعنی بھم فی مستقر رحمتہ۔
"اللہ ہی کا شکر ہے جس نے مجھے شہیدوں کی ماں بنایا اور ان کو شہادت کا شرف حاصل ہوا ۔میں اپنے رب سے یہ اُمید رکھتی ہوں کہ وہ مجھے جنت میں ان کے ساتھ اکھٹا کرے گا۔"
(سنہری کرنیں ازعبدالمالک مجاہد)​
 
Top