میلادی رسول اللہ ﷺ کی ولادت کے متعلق ایک اور روایت سے بھی استدلال کرتے ہیں
محمد بن اسحاق کہتے ہیں نبی ﷺ سوموار کے دن جبکہ ربیع الاول عام الفیل کی بارہ راتیں گزر چکی تھیں پیدا ہوئے۔
[ابن ھشام مع الروض الانف للسھیلی (۲۷۸/۱)، طبقات ابن سعد (۱۰۰-۱۰۱/۱)، البدیه والنھایه (۲۴۲/۲)، والمنتظم (۲۴۵/۲)، والدلائل لابی نعیم (۱۱۰)]
ضعیف:
سیرت ابن ہشام میں یہ روایت بغیر سند کے ہے۔ طبقات ابن سعد والی روایت میں واقدی متروک ہے۔ قاقدی کا ایک قول یہ بھی ہے کہ آپ ﷺ دس ربیع الاول کو پیدا ہوئے اس طرح ابو معشر کا قول ہے کہ آپ ﷺ دو ربیع الاول کو پیدا ہوئے ۔ مگر یہ ابو معشر ضعیف ہے۔
وضاحت :
ولادت کی تاریخ میں متقدمین اور متأخرین سیرت نگار مؤرخین میں سخت اختلاف ہے، مگر اس پر اتفاق ہے کہ آپ ﷺ پیر (سوموار) کے دن پیدا ہوئے ۔ تاریخ کسی نے پانچ ربیع الاول ، آٹھ ربیع الاول ،نو ، دس ، بارہ اور سترہ ربیع الاول بتائی ہے ۔ اس کے علاوہ شیخ عبدالقادر جیلانی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ آپ ﷺ کی ولادت دس محرم کو ہوئی ۔ دیکھئے غنیتہ الطالبین
زبیر بن بکار کے قول کے مطابق آپ ﷺ رمضان کے مہینے میں پیدا ہوئے ۔ سہیلی کہتے ہیں یہ قول ان کے موافق ہیں جو کہتے ہیں کہ آپ ﷺ کی والدہ محترمہ ایام تشریق میں حاملہ ہوئیں۔
نوٹ : یہ زبیر بن بکار نبی ﷺ کے تقریباً دو سو سال بعد پیدا ہوئے اُنہوں نے اس کی کوئی سند بیان نہیں کی یہ زبیر بن بکار کا اپنا تخیل ہے۔
زرقانی کی ایک روایت میں یہ بھی ہے کہ آپ ﷺ رجب میں پیدا ہوئے (زرقانی جلد اول ، ص ۳۰) ولادت کی تاریخ کا سو فیصد تعین کرنا ، ڈیٹ فکس کرنا یا اس پر اجماع کا دعویٰ کرنا یا یہ کہنا کہ جمہور نے ولادت کی تاریخ بارہ ربیع الاول بتائی ہے یہ بات درست نہیں ، البتہ نو ربیع الاول اور بارہ ربیع الاول بہت سارے محققین کا مؤقف ہے۔
البتہ امام ابن جوزی نے اس پر اجماع نقل کیا ہے کہ ربیع الاول کے مہینے میں پیدا ہوئے، حافظ ابن کثیر 12 کی روایت کو جمہور اور مشہور روایت کہتے ہیں ، اور ماہر فلکیات محمود پاشا نے 9 ربیع الاول کو راجح قرار دیا ہے۔ اسی طرح شبلی نعمانی ، انور شاہ کشمیری ، قاضی سیلمان منصور پوری نے محمود پاشا کی تحقیق کو صحیح کہا ہے۔ اس کے باوجود ہمارا مؤقف یہ ہے کہ ولادت کی تاریخ کے تعین میں تمام روایات بے سند اور مشکوک ہیں اس وقت ہمارے پیش نظر سیرت کے سُچے موتی امیر حمزہ کی کتاب ہے اس کے صفحہ ۵۱،۵۲ پر لکھا گیا ہے ”آپ ﷺ پیر کے دن ۱۲ ربیع الاول کو پیدا ہوئے۔ اس میں کوئی اختلاف نہیں اور اکثر کا کہنا ہے کہ آپ ﷺ ربیع الاول کی بارہویں رات کو پیدا ہوئے“ ، یہ غلط بات ہے کہ آپ ﷺ بارہ ربیع الاول کو پیدا ہوئے اس میں کوئی اختلاف نہیں ۔ جیسا کہ اوپر گزر چکا ہے۔
(ضعیف اور من گھڑت واقعات جلد اول ۲۷،۲۸ از حافظ محمد انور زاہد حفظہ اللہ)