• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

رمضان کے قضا ئی روزہ سے پہلے شوال کے چھ روزے رکھنے کا حکم

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
452
پوائنٹ
209
رمضان کے قضا ئی روزہ سے پہلے شوال کے چھ روزے رکھنے کا حکم

مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، مسرہ (طائف)

رمضان المبارک اور شوال کے موقع پر کثرت سے یہ سوال آتا ہے کہ جن عورتوں کے رمضان کے بعض روزے عذرکی وجہ سےچھوٹ گئے ہیں کیا وہ شوال میں پہلے ان چھوٹے ہوئے روزوں کی قضا کرے گی یا قضا سے پہلے بھی شوال کے نفلی چھ روزے رکھ سکتی ہیں ؟ عذر (سفر/بیماری)کی وجہ سے مردوں سے بھی رمضان کے روزے چھوٹ جاتے ہیں ان کا بھی مسئلہ ہے کہ وہ فرضی روزوں کی قضا سے پہلے شوال کے نفلی روزے رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟
اس مسئلے میں اہل علم کے درمیان اختلاف ہے، بعض کہتے ہیں کہ پہلے رمضان کے چھوٹے روزوں کی قضاکرنی ہوگی تب ہی شوال کے روزے رکھ سکتے ہیں اور بعض کہتے ہیں کہ نہیں ، قضا سے پہلے شوال کے چھ روزے رکھ سکتے ہیں ۔میں نے جہاں تک اس مسئلے کو سمجھا ہے اس لحاظ سے میرا ماننا ہے کہ جس کے ذمہ رمضان کے قضا روزے ہیں وہ پہلے قضا کرے پھر شوال کے چھ روزے رکھے ۔ دلیل نبی ﷺ کا مندرجہ ذیل فرمان ہے :
عَنْ أَبِي أَيُّوبَ الأَنْصَارِيِّ، - رضى الله عنه - أَنَّهُ حَدَّثَهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ ‏:مَنْ صَامَ رَمَضَانَ ثُمَّ أَتْبَعَهُ سِتًّا مِنْ شَوَّالٍ كَانَ كَصِيَامِ الدَّهْر(صحيح مسلم:1164)
ترجمہ: ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے بیان کیاکہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے رمضان کے روزے رکھے پھر اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے تو یہ ہمیشہ روزے رکھنے (کے ثواب)کی طرح ہیں۔
ہم سبھی یہ جانتے ہیں کہ نبی ﷺ کے کلام میں اعجازاور جامعیت ہے، آپ کے کلمات کی جامعیت پر دین کا انحصار ہے اور قیامت تک رونما ہونے والے مسائل اس خوبی کی وجہ سے حل ہوتے رہیں گے ۔ آپ کے فرمان کا ایک ایک لفظ حکمت وبصیرت سے بھرپور ہے اسی لئے ہم دیکھتے ہیں کہ ایک ایک حدیث کی شرح میں مستقل کتاب لکھی گئی ہے ۔
شوال کےنفلی روزوں سے متعلق آپ کے فرمان کے جامع کلمات بھی مذکورہ مسئلے کی حقیقت واضح کرتے نظرآتےہیں ۔آپ ﷺ فرماتے ہیں " مَنْ صَامَ رَمَضَانَ "کہ جس نے رمضان کا روزہ رکھا یعنی رمضان کا مکمل روزہ رکھا ۔آگے فرماتے ہیں" ثُمَّ أَتْبَعَهُ سِتًّا مِنْ شَوَّالٍ" پھررمضان کے روزوں کے بعد شوال کے چھ روزے رکھا ۔ "كَانَ كَصِيَامِ الدَّهْر" اس کے لئے عمر بھرروزہ رکھنے کا ثواب ہے۔
اس حدیث میں وارد الفاظ پر غور کریں اور زیرغورمسئلے کی حقیقت معلوم کریں ۔
1۔" مَنْ صَامَ رَمَضَانَ "کے کلمات میں رمضان کے مکمل روزے داخل ہیں یعنی جس نے رمضان کا مکمل روزہ رکھا۔
2-" ثُمَّ أَتْبَعَهُ سِتًّا مِنْ شَوَّالٍ" کے کلمات میں ثم کا لفظ ترتیب کے طورپر ہے ، مراد ہے رمضان کے روزوں کے بعد ۔اس بات کو رسول اللہ کے جامع کلمہ" أَتْبَعَهُ" نے مزید مؤکد کردیا ہے یعنی متبع وہی کہلائے جو رمضان کا مکمل روزہ رکھنے کے بعد شوال کا روزہ رکھے گا کیونکہ متبع کہتے ہیں پیچھے چلنےوالے کو۔اسی سے اتباع /تابع/تبع تابعین کے الفاظ نکلے ہیں۔اتباع کا مطلب ہے اللہ اور اس کے رسول کے پیچھے چلنا،تابعین یعنی صحابہ کے بعد آنے والے اور تبع تابعین ان کے بعد آنے والے۔اسی لئے اللہ تعالی مومنوں کو اللہ اور اس کے رسول سے آگے بڑھنے سے منع کیا ہے ، فرمان الہی ہے :
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تُقَدِّمُوا بَيْنَ يَدَيِ اللَّهِ وَرَسُولِهِ
ۖ وَاتَّقُوا اللَّهَ ۚ إِنَّ اللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٌ (الحجرات:1)
ترجمہ:اے ایمان والے لوگو! اللہ اور اس کے رسول سے آگے نہ بڑھو اور اللہ سے ڈرتے رہا کرو ، یقینا اللہ تعالی سننے والا ، جاننے والا ہے۔
3- "كَانَ كَصِيَامِ الدَّهْر" جو رمضان کا مکمل روزہ رکھنے کے بعد شوال کے چھ روزہ رکھے گا اسے عمربھر یعنی سال بھر کا اجر ملے گا۔ چنانچہ حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:
صِيامُ شهْرِ رمضانَ بِعشْرَةِ أشْهُرٍ ، و صِيامُ سِتَّةِ أيَّامٍ بَعدَهُ بِشهْرَيْنِ ، فذلِكَ صِيامُ السَّنةِ(صحيح الجامع:3851)
ترجمہ:رمضان کے روزے دس مہینوں کے برابر ہیں اس کے بعد چھ روزے دو مہینوں کے برابر ہیں ، اس طرح سے پورے سال کے روزے بنتے ہیں۔
اس وضاحت کے بعد حدیث کے الفاظ " ثُمَّ أَتْبَعَهُ"سے معلوم ہوتا ہے کہ جس نے رمضان کا مکمل روزہ رکھا پھر اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھا اسے سال بھر کا ثواب ملے گا ۔ اسی طرح جس کے ذمہ رمضان کے چند روزے باقی ہوں ،وہ پہلے رمضان کے فوت شدہ روزے رکھے پھر شوال کے چھ روزے رکھے اس کو بھی مذکورہ اجر ملے گا کیونکہ اس نے حدیث کے مطابق پہلے رمضان کا مکمل روزہ رکھ لیا اور اس کے بعد شوال کےچھ روزوں کو ملایا۔یہاں پر ثم کا لفظ اسی ترتیب کے لئے اور بعد کے معنی میں آیا ہے ۔ اگر آپ ثم کو ترتیب اور بعد کے معنی میں نہیں مانیں گے تو قرآن وحدیث کے بہت سارے نصوص میں معانی بدل جائیں گے ۔ ایک حدیث سے مثال پیش کرتاہوں ، اس سے اندازہ لگائیں کہ ثم سے معنی میں کیا فرق پیدا ہوتا ہے؟
حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ نبی ﷺسےروایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺنے فرمایا:
لا تقولوا: ما شاء اللهُ وشاء فلان، ولكن قولوا: ما شاء اللهُ، ثم شاء فلانٌ(صحيح أبي داود:4980)
ترجمہ:تم یوں نہ کہو: جو اللہ چاہے اور فلاں چاہے بلکہ یوں کہو: جو اللہ چاہے پھر فلاں چاہے۔
"ما شاء اللهُ وشاء فلان" والے جملہ میں اللہ کے ساتھ غیراللہ کی شرکت ہوجاتی ہے اس لئے اس کلام سے منع کیا گیا اورواؤ کی جگہ ثم لگانے سے شرکت ختم ہوجاتی ہے کیونکہ یہ بعد کے معنی ہےاس لئے ثم کے ساتھ کہنا جائز ہے۔

جب آپ نے یہ بات جان لی کہ جس کے ذمہ رمضان کے روزے باقی ہوں اگر وہ شوال کے روزوں کا مذکورہ اجر لینا چاہے تو پہلے ان روزوں کی قضا کرنی ہوگی پھر شوال کے روزے رکھیں گے ۔ اب چند باتیں مزید جان لیں جو اس مسئلے میں اطمینان کا باعث ہیں پھر اس پر وارد ہونے والے اعتراضات کا مختصر جواب بھی دوں گا۔
٭ شوال کے چھ روزے نفلی ہیں ، ان کا رکھنا ضروری نہیں ہے اس لئے جس کے حق میں یہ روزے باعث مشقت ہوں وہ نہ رکھے اوراس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ،ہم دیکھتے ہیں کہ شوال میں بھی بہت سارے کو سفر/مرض/حیض/نفاس کا عذر لاحق ہوجاتا ہے اور وہ یہ روزہ نہیں رکھ سکتے پاتے ہیں۔
٭ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بلاعذر بھی رمضان کے چھوٹے روزوں کی قضا شعبان تک مؤخرکرسکتے ہیں لیکن اگر شوال کے چھ روزوں کا مخصوص اجر لینا چاہتے ہیں تو پہلے قضاروزےرکھنے ہیں کیونکہ ہمیں ایسے ہی حکم ملا ہے ۔
٭ جس نے رمضان کے روزے رکھ لئےیاچھوٹے روزوں کی بعد میں قضائی کرکے پورے کرلیں گے اس نے اللہ کی طرف سے عائد کی گئی ذمہ داری کو ادا کردیا ،اللہ تعالی اسے ان روزوں کا پورا پورا بدلہ دے اور شوال کے نفلی روزے نہ رکھنے سے رمضان کے روزوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہوگی ۔
٭ جو ہمیشہ شوال کے روزے رکھتا رہا مگر کسی سال ان روزوں کو رکھنے کی خواہش کے باوجوددشواری پیداری ہوگئی اور وہ نہ رکھ سکا تو اللہ تعالی نیت کے مطابق ثواب دے گا۔
٭ رمضان کے روزوں کی قضا سے پہلےماسواشش عیدی روزے دیگر نفلی روزے رکھے جاسکتے ہیں مثلا سومواروجمعرات کے روزے، ایام بیض کے روزے ، ذوالحجہ وعاشوراء اورعرفہ کے روزے ۔ یہاں پہ مذکورہ مسئلے میں قضا کا تعلق صرف شوال کے چھ روزوں سےہے دیگر نفلی روزوں سے نہیں کیونکہ شوال کے روزوں کی طرح دوسرے نفلی روزوں کے ساتھ ترتیب کا ذکر نہیں ہےبلکہ عام ہے۔
٭ جو اہل علم قضائی روزوں سے پہلے شوال کے چھ روزے رکھنے کے قائل ہیں وہ بھی یہ مانتے ہیں کہ قضا والے روزے دوچندہوں یعنی جن کی قضا آسان ہو تو پہلے ان کی قضا کرلی جائےپھر شوال کے روزے رکھے جائیں ۔ان کے یہاں مشقت کی صورت میں قضا سےپہلے نفلی کا جواز پیش کیا جاتا ہے کیونکہ قضا میں وسعت ہے جبکہ وقتی نفل روزوں میں وسعت نہیں ہے۔

اب ان اعتراضات کی حقیقت جانتے ہیں جواس مسئلے میں اہل علم کی طرف سے منقول ہیں اورخوف طوالت کے باعث صرف اہم اعتراضات اوران کے مختصرجواب پر ہی اکتفا کروں گا۔
(1)ایک اہم اعتراض سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہاکےعمل سے وارد ہوتا ہے کہ وہ رمضان کے قضا روزے شعبان میں رکھتی تھیں ۔ ابوسلمہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے عائشہ رضی اللہ عنہا سے سناوہ فرماتی ہیں:كانَ يَكونُ عَلَيَّ الصَّوْمُ مِن رَمَضَانَ، فَما أسْتَطِيعُ أنْ أقْضِيَ إلَّا في شَعْبَانَ(صحيح البخاري:1950)
ترجمہ: مجھ پر رمضان کے جوروزے قضا ہوتے تھے تو میں ان کی قضا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتی تھیں مگر شعبان میں۔
اس اثر کے الفاظ پرغور کریں ،ان میں کہیں مذکور نہیں ہے کہ عائشہ رضی اللہ عنہانے رمضان کی قضا سے پہلے شوال کے چھ روزے رکھی ہیں اس لئے یہ حدیث اس بات کی قطعی دلیل نہیں بن سکتی کہ قضا سے پہلے شوال کا روزہ رکھنا صحیح ہے ، اس کے لئےخاص دلیل چاہئے۔آپ رضی اللہ عنہا کا عرفہ کا روزہ رکھنا امر مانع نہیں ہے کیونکہ نفس مسئلہ کا تعلق محض شوال کے چھ روزوں سے ہے جیساکہ میں نے اوپر ذکر کیا ہے، مزید برآں " فَما أسْتَطِيعُ" کے الفاظ سے اشارہ ملتا ہے کہ آپ کو نفلی روزوں کی استطاعت زیادہ نہیں ملتی اور ممکن ہے کہ شوال کے روزوں کے لئے بھی استطاعت نہیں پاتیں تاہم صوم عرفہ کی استطاعت کا ثبوت ملتا ہے۔
(2) ایک اعتراض یہ ہوتا ہے کہ جس شخص سے رمضان کے چند روزے چھوٹ گئے ان کا شوال میں قضا کرنا بھی رمضان کا مکمل روزہ رکھنے والا نہیں کہا جائے گا۔ اس کا جواب یہ ہے کہ رمضان کے روزے ادا اور قضا دونوں صورت میں رمضان کا مکمل روزہ رکھنے والا قرار پائے گا ، یہاں اصل مسئلہ رمضان کے روزوں کو شوال کے روزوں پر تقدم کا ہے جو ادا مع قضا سے صادق آرہا ہے ۔
(3) ایک اعتراض یہ بھی کیا جاتا ہے کہ شوال کے روزوں سے متعلق دوسری روایات میں ترتیب یعنی ثم کا ذکر نہیں ہے ۔ اس کا جواب یہ ہے کہ ایک حدیث دوسری حدیث کی وضاحت کرتی ہے اس لحاظ سے جس حدیث میں ترتیب کا ذکر نہیں ہے اس کو ثم کے لفظ سے خاص کیا جائے گا یہی اصول حدیث ہے۔
(4) ایک اعتراض یہ ہے کہ قضائی روزوں میں وسعت ہے،اسے شعبان تک رکھا جاسکتا ہے جبکہ شوال کے چھ روزوں میں وسعت نہیں ہے ۔ اس کا ایک جواب یہ ہے کہ شوال کے چھ روزوں میں بھی ایک ماہ کی وسعت ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ شریعت جس بات کو کسی امر سے خاص کردے اس کو اسی طرح انجام دینا چاہئے مثال کے طور پر کسی کو اشراق کی نماز سے حج وعمرہ کا اجرحاصل کرنا ہے تو فجر کی نماز جماعت سے پڑھنےاور اسی جگہ بیٹھا سورج نکلنے تک ذکر کرنے کی شریعت نے قید لگائی ہے اس لئے بغیرجماعت کے فجر پڑھنے والا مرد یا گھر میں نمازفجر پڑھنے والی عورت ، سورج نکلنے کے بعد دورکعت ادا کرے تو مذکورہ اجر نہیں ملے گا۔
(5) ایک اعتراض یہ کیا جاتا ہے کہ جوپہلے شوال کے روزے رکھ لے اوربعد میں قضاروزے رکھے تو وہ بھی نفس مسئلہ سے متعلق صحیح بخاری کی مذکورہ حدیث میں داخل ہے جیساکہ من صام رمضان ایماناواحتسابا۔۔۔ والی حدیث اور دیگر نصوص سے معلوم ہوتا ہے ۔ اس کا جواب یہ ہے کہ عام نص کی روشنی میں شوال کا روزہ منفک کرکےعذرکے تحت چند روزہ چھوڑنے والا بھی "من صام رمضان "میں داخل ہے لیکن جب رمضان کو شوال کےروزوں سے جوڑتے ہیں توپتہ چلتا ہے کہ اس کے لئے حصر وقید آیا ہے لہذا مقید نص کو عام نص پر قیاس کرنا صحیح نہیں ہے ۔
آخر میں گزارش ہے کہ مجھےدلائل سے جو موقف قوی الاستدلال معلوم ہوا اس کودلائل سے واضح کردیا ہے، اگر آپ کو دوسرے اہل علم کے موقف پر اطمینان ہوتو اسی پر عمل کریں اور تذبذب کا شکار نہ ہوں۔
 
Last edited:
Top