• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

زبان ۔ایک عظیم نعمت

شمولیت
اکتوبر 26، 2011
پیغامات
38
ری ایکشن اسکور
225
پوائنٹ
31
زبان ۔ایک عظیم نعمت
زبان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔اس نعمت کی اصل قدر وہ جانتے ہیں جو قوتِ گویائی سے محروم ہیں۔یہ بظاہر گوشت کا ایک لوتھڑا ہے مگر ہمارے تمام جذبات اوراحساسات کو بیان کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ہر ذائقہ کا احساس رکھنے والا یہ لوتھڑا خود بھی بہت سے ذائقے چکھاتا ہے ۔کڑوا،کسیلا،شیریں و میٹھا،طنزیہ و تحقیری، محبت بھرا،نفرت انگیز سب طرح کے مزے اسی کے ذریعے ملتے ہیں۔
بات کرنے،اپنے جذبات کا اظہار کرنےاوراپنے مدعا کو الفاظ دینے کی صلاحیت اللہ تبارک و تعالی نے دوہی چیزوں کو دی ہے ایک قلم اور دوسرے زبان۔قلم کو حرکت دینے کی صلاحیت زندگی کے بہت سے تجربوں کے بعد سامنے آتی ہے جبکہ زبان تو پیدائش کے ساتھ ہی حرکت میں آجاتی ہے۔
معصوم بچہ بھی اپنے مدعا کا اظہار اس عظیم نعمت ہی کے ذریعے کرتا ہے خواہ وہ صرف رونے ہی کی شکل میں کیوں نہ ہو۔مگر کیا کبھی انسان نے اس نعمت کی قدر پہچانی یا اسے مفت ملی ہوئی ایک چیز کی طرح بے دریغ استعمال کیا؟ نہ اس کی حفاظت کی ، نہ اس کی تربیت کی اور نہ ہی اس کو ان مفید کاموں میں لگایا جن کے ذریعے اس عظیم نعمت کا شکر ادا کیا جا سکتا تھا۔
یہ جتنی بڑی نعمت ہے اتناہی تقاضا ہے کہ اس کا صحیح استعمال کیا جائے مگر عمومی طور پر اس کو بے مقصد ،فضول اور لغو کاموں میں استعمال کیا جا تا ہے۔حالانکہ زبان سے نکلا ہوا ایک ایک لفظ تحریر کیا جا رہا ہے۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
اِذْ یَتَلَقَّی الْمُتَلَقِّیٰنِ عَنِ الْیَمِیْنِ وَ عَنِ الشِّمَالِ قَعِیْدo مَا یَلْفِظُ مِنْ قَوْلٍ اِلَّا لَدَیْہِ رَقِیْبٌ عَتِیْدٌ (ق:81)
’’ جب وہ کوئی کام کرتا ہے تو دو لکھنے والے جو دائیں اور بائیں بیٹھے ہیں لکھ لیتے ہیں،کوئی بات اس کی زبان سے نہیں نکلتی مگر ایک نگہبان اس کے پاس تیار رہتا ہے۔‘‘
چناچہ ضروری ہے کہ ہم اپنی زبان کو ان باتوں سے روکیں جو ہماری تباہی و بربادی کاذریعہ ہیں۔
بے فائدہ باتیں:
اپنی زبان کو بے فائدہ گفتگو سے پاک رکھیں۔ ان باتوں سے بچیں جن سے ہمارا کوئی تعلق نہیں،جن کے بغیر ہمارا گزارا ہو سکتا ہے،جو ہمارا وقت ضائع کرنے کا سبب ہیں۔ ایسی بے فائدہ،فضول اور لا یعنی باتوں کا حساب دینا ہو گا۔جنہیں عام زبان میں ہم گپ شپ یا gossips کہہ کر مزے سے سنتے اور بیان کرتے ہیں۔
فون پر لمبی لمبی باتیں کرنا۔کئی کئی بار صرف خیریت اور حال احوال پوچھنا۔غیر ضروری طور پر دوسروں کے بچوں اور گھریلو زندگی کے معاملات میں دلچسپی کا اظہار کر نا۔خاندانی سیاست پر غیر مفید رائے زنی کرنے کو اپنی ہوشیاری اور سمجھداری سمجھنا۔
کبھی ہم نے غور کیا کہ یہ باتیں کرنے کے بعد ہمارے حصے میں کیا آیا؟صرف گناہ اور وقت کا ضیاع۔اپنی زبان کو غیر ضروری باتوں سے روک کر اپنا وقت بچائیں اور مفید کاموں میں لگا کر ترقی و کامیابی کی منزلیں طے کریں۔ یہ وقت آپ اپنے بچوں کو اچھی باتیں سکھانے،ان کے ساتھ مفید موضوعات پرگفتگو کرنے،ان کو آنے والے کل میں معاشرے کا مفیدرکن بنانے کے لیے صرف کر سکتے ہیں۔کسی بیمار کی تیمارداری کر سکتے ہیں،مزاج پرسی کے لیے جا سکتے ہیں۔کوئی مفید لیکچر سن سکتے ہیں یا معاشرے کی فلاح و بہبود کا کوئی کام کرسکتے ہیں۔
باطل باتیں:
وہ گفتگو جو گناہوں پر مشتمل ہو۔اجنبی خواتین یا مردوں کے بارے میں،ان کی شکل و شبھاہت،ان کے انداز و اداؤں پر بتصرے کرتے رہنا جن میں فلمی ستاروں سے لے کرکھلاڑی،کوئی مشہور شخصیت یا وہ افراد جو معاشرے میں کسی بھی حیثیت میں ممتاز ہوں شامل ہیں۔بات بات پر جھوٹ بولنا،اللہ کی جھوٹی قسمیں کھانا،غیبت کرنا اور چغلیاں لگا نا بھی باطل گفتگو میں آتا ہے۔ ایک کی بات ادھر لگانا اور دوسرے کی ادھر لگانا،بات کو مروڑ کر اپنی مرضی کا معنی پہنا کر بیان کرنا سب باطل ہیں۔
فحش باتیں:
فحش اور بے حیائی پر مبنی باتیں کرنا جن میں فحش لطیفے اورمزاق شامل ہیں۔ موبائل پرفحش پیغامات بھیجنا بھی اسی زمرے میںآتا ہے۔ اجنبی مردوں یا عورتوں کے ساتھ جذبات بھڑکانے والی،جھوٹی محبت بھری باتیں سب فحش ہیں جو انسان کی نفسانی خواہشات کو بھڑکانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ان فحش باتوں کے ذریعے غلط تعلقات پروان چڑھتے ہیں اور نتیجے میں معاشرے میں رشتوں کا احترام ختم ہو جاتا ہے۔
شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے ساتھ محبت بھری گفتگو کرنے کے بجائے کسی تیسرے فرد کے ساتھ ایسی گفتگو کر کے لذت حاصل کرتے ہیں اور آہستہ آہستہ دونوں کے درمیان دوری پیدا اہوتی ہے جو بالآخر لڑائی جھگڑوں اور پھر علیحدگی کی صورت میں سامنے آتی ہے۔
اس سے معاشرے کے اندر ایک فساد برپا ہو تا ہے اور بظاہر ایک معصوم سا زبان کااظہار ایک بہت بڑے فتنے پر منتج ہو تا ہے۔ اس فحش گفتگو سے کیا حاصل ہوا؟
لڑائی جھگڑے پر مبنی باتیں:
ایسی باتیں جو لڑائی جھگڑے پروان چڑھانے،اختلاف و انتشار پھیلانے ،لوگوں کے تعلقات خراب کرنے کے لیے کی جاتی ہیں۔ دو افراد میں کسی بھی بنا پر کوئی ناچاقی ہو گئی ہے یا رنجش پیدا ہو گئی ہے تو اس رنجش یا ناچاقی کو ہوا دینے والی باتیں کرنا،ایک کی کمزوری یا غلطی کو دوسرے کے سامنے مرچ مصالحہ لگا کر بیان کرنا تاکہ فتنہ مزید بھڑکے۔ ایسی باتیں جو دلوں میں دوریاں پیدا کریں اوردو فریقوں میں اصلاح پیدا کرنے کے بجائے ان کے جھگڑے کو دشمنی میں بدلنے کا ذریعہ بنیں زبان کی بہت بڑی آفت ہیں۔
عمومی طور پر انسان معاملہ کرتے ہوئے چھوٹی سی بات پر جھگڑا شروع دیتا ہے۔تھوڑی سی بات خلاف مزاج ہو گئی تو تُو تکار پر اتر آتا ہے۔اپنے غصہ کا اظہار بد تہذیبی،گالیاں دے کر اور دوسرے کو برا بھلا کہہ کر کرتا ہے ۔
زبان اللہ تعالیٰ نے جھگڑے کرنے کے لیے نہیں بلکے جھگڑے سلجھانے کے لیے عطا کی ہے۔ اس نرم لوتھڑے کو نرمی سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ لعنت بھیجنا،دوسروں کا مذاق اڑانا،کسی کی تحقیر کرنا،دوسروں کے عیوب و نقائص بیان کرنا،ان کے راز فاش کرنا جیسی سب باتیں لڑائی جھگڑے پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں۔
زبان کا معاملہ
زبان کا معاملہ بہت حساس معاملہ ہے۔اسی لیے نبی اکرم ﷺ کی بہت سی احادیث زبان کے محتاط استعمال کی طرف ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔
حدیث
رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا:
’’ بیشک بندہ کبھی اللہ کی رضامندی کا ایسا کلمہ زبان سے نکالتا ہے جس کی طرف دھیان بھی نہیں ہوتا اور اس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ اس کے درجے بلند کر دیتا ہے اور بیشک بندہ کبھی اللہ کی نافرمانی کا کوئی ایسا کلمہ کہتا ہے کہ اس کی طرف اس کا دھیان بھی نہیں ہوتااور اس کی وجہ سے دوزخ میں گرتا چلا جاتا ہے۔‘‘ (صحیح بخاری)
حدیث
حضرت ابو سعیدؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’آدم کا بیٹاجب صبح کرتاہے تو بدن کے سارے اعضاء زبان کے سامنے عاجزی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارے معاملے میں اللہ سے ڈر، اس لیے کہ ہم تیرے ساتھ وابستہ ہیں۔تو اگر ٹھیک رہے گی تو ہم بھی ٹھیک رہیں گے،تو اگر کج روی اختیار کرے گی تو ہم بھی کجرو ہوں گے۔‘‘ (جامع ترمذی)
حدیث
حضرت سفیان بن عبدا للہ ثقفی کہتے ہیں کہ میں نے عرض کیا :
’’ اے اللہ کے رسول ﷺ جن چیزوں کو آپ میرے لیے خوفناک خیال رکھتے ہین ان میں سے زیادہ خوفناک کیا چیز ہے؟ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے اپنی زبان کو پکڑا اور فرمایا یہ۔‘‘ (جامع ترمذی)
حدیث
حضرت عقبہ بن عامرؓ بیان فرماتے ہیں کہ
’’میں نے رسول اللہﷺ سے ملاقات کی اور پوچھا کہ نجات کا ذریعہ کیا ہے۔آپؐ نے فرمایا:اپنی زبان کو قابو میں رکھو،اپنے گھر میں رہو اور اپنے گناہوں پر روؤ۔‘‘(الصحیحۃ)
حدیث
حضرت ابو امامہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:
’’ حیا اور زبان کو قابو میں رکھنا ایمان کی دو شاخیں ہیں اور فحش گو اور بے ہودہ باتیں نفاق کی دو شاخیں ہیں۔‘‘(جامع ترمذی)
حدیث
حضرت ابو ہریرۃؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’دو شخص جب گالی گلوچ کریں تو دونوں کا گناہ اسی پر ہو گا جو ابتدا ء کرے گا جب تک مظلوم زیادتی نہ کرے۔‘‘ (صحیح مسلم)
حدیث
حضرت ابن مسعودؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
’’ مومن نہ تو طعنہ دینے والا ہوتا ہے،نہ لعنت کرنے والا،نہ فحش گو اور نہ زبان دراز۔‘‘ (جامع ترمذی)
اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ وہ ہمیں زبان کے غلط استعمال سے محفوظ رکھے اور اس کے صحیح استعمال کے ذریعے اس عظیم نعمت کا شکر ادا کرنے کی توفیق عطا فرما ئے۔آمین
زبیدہ عزیز​
 

کلیم حیدر

ناظم خاص
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,747
ری ایکشن اسکور
26,381
پوائنٹ
995
جزاک اللہ خیرا بہنا

‏حدثنا ‏ ‏محمد بن أبي بكر ‏ ‏حدثنا ‏ ‏عمر بن علي ‏ ‏ح ‏ ‏و حدثني ‏ ‏خليفة ‏ ‏حدثنا ‏ ‏عمر بن علي ‏ ‏حدثنا ‏ ‏أبو حازم ‏ ‏عن ‏ ‏سهل بن سعد الساعدي ‏
‏قال النبي ‏ ‏صلى الله عليه وسلم ‏ ‏من توكل لي ما بين رجليه وما بين لحييه توكلت له بالجنة
 

ابو عکاشہ

مشہور رکن
شمولیت
ستمبر 30، 2011
پیغامات
412
ری ایکشن اسکور
1,491
پوائنٹ
150
سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں تھا کہ ایک صبح میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریب ہوگیا۔ ہم سب چل رہے تھے۔ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! مجھے ایسا عمل بتائیں جو مجھے جنت میں داخل اور جہنم سے دور کر دے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تم نے مجھ سے ایک بہت بڑی بات پوچھی ہے البتہ جس کے لیے اللہ تعالیٰ آسان فرما دے اسکے لیے آسان ہے اور وہ یہ کہ تم صرف اللہ ہی کی عبادت کرو، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ، نماز قائم کرو، زکوة دو، رمضان کے روزے رکھو اور بیت اللہ کا حج کرو پھر فرمایا کیا میں تمہیں خیر کا دروازہ نہ بتاؤں۔ روزہ ڈھال ہے اور صدقہ گناہوں کو اس طرح ختم کر دیتا ہے جیسے پانی آگ کو اور آدھی رات کو نماز پڑھنا (یعنی یہ بھی اور خیر ہے) پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ آیت پڑھی "تَتَجَافَی جُنُوبُهُمْ عَنْ الْمَضَاجِعِ سے يَعْمَلُونَ تک" 32۔ السجدہ : 16) (انکے پہلو بستروں سے الگ رہتے ہیں اور اپنے رب کو خوف اور امید سے پکارتے ہیں) یعملون تک یہ آیت پڑھ کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کیا میں تمہیں تمام امور کی جڑ اس کی بالائی چوٹی اور اسکی ریڑھ کی ہڈی نہ بتادوں؟ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیوں نہیں ! فرمایا اسکی جڑ اسلام، اسکی بالائی چوٹی نماز اور اسکی ریڑھ کی ہڈی جہاد ہے۔ پھر فرمایا کیا میں تمہیں ان سب کی جڑ کے بارے میں نہ بتاؤں میں نے عرض کیا کیوں نہیں یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی زبان مبارک پکڑی اور فرمایا اسے اپنے اوپر روک رکھو۔ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیا گفتگو کے بارے میں بھی ہمارا مواخذہ ہوگا؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تمہاری ماں تم پر روئے اے معاذ ! کیا لوگوں کو دوزخ میں منہ یا نتھنوں کے بل زبان کے علاوہ بھی کوئی چیز گراتی ہے۔ جامع ترمذی۔ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔
اسی طرح ایک اور رویت جس کے راوی سید نا ابو ہریرہ ہیں فرماتے ہیںکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوچھا گیا کہ کس عمل کی وجہ سے لوگ زیادہ جنت میں داخل ہوں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اللہ کے خوف اور حسن اخلاق سے۔ پھر پوچھا گیا کہ زیادہ تر لوگ جہنم میں کن اعمال کی وجہ سے جائیں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا منہ (یعنی زبان) اور شرمگاہ کی وجہ سے۔ جامع ترمذی یہ حدیث صحیح غریب ہے۔
 

طارق بن زیاد

مشہور رکن
شمولیت
اگست 04، 2011
پیغامات
324
ری ایکشن اسکور
1,719
پوائنٹ
139
جزاک اللہ خیر سسٹر
بہت عمدہ مضمون آپنے شئر کیا۔
یہ صحیح ہے کہ زبان سے ہم بہت سے غلط کام کرتے ہیں-ہمیں انسے بچنا چاہئے۔
اللہ ہماری حفاظت فرمائے۔آمین۔
 

ابن قاسم

مشہور رکن
شمولیت
اگست 07، 2011
پیغامات
253
ری ایکشن اسکور
1,081
پوائنٹ
120
آپ ‎ﷺ نے فرمایا:
ا لمسلم من سلم المسلمون من لسانه ويده؛ صحیح مسلم:جلد اول:حدیث نمبر 164 حدیث متواتر حدیث مرفوع مکررات 8 متفق علیہ 4 بدون مکرر
مسلمان تو وہی ہے جس کی زبان اور ہاتھ کی ایزا سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔
 
Top