عبد الرشید
رکن ادارہ محدث
- شمولیت
- مارچ 02، 2011
- پیغامات
- 5,402
- ری ایکشن اسکور
- 9,991
- پوائنٹ
- 667
شمسی توانائی ایک نعمت۔۔۔۔۔حصہ آخر
تحریر: سید محمد عابد
دنیا بھر میں سورج کی روشنی سے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے۔ اسپین کے علاقے نیورا میں بجلی کی ستر فی صد ضرورت کو شمسی توانائی اور پن بجلی کی مدد سے پورا کیا جا رہا ہے۔ اس علاقے میں کوئلے، گیس یا تیل کے ذخائر بالکل نہیں ہیں اس کے باوجود یہاں شمسی توانائی کے ذریعے بلا تعطل بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ یہ علاقہ متبادل ذرائع سے بجلی حاصل کرنے کی بہترین مثال ہے۔ اس مثال کو سامنے رکھتے ہوئے ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ایسے علاقے میں بجلی کی پیداوارممکن ہے تو پاکستان میں بھی شمسی توانائی سے بجلی کے پیدواری مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔
اگر پاکستان شمسی توانائی کے استعمال پر توجہ دے تو ہم دن میں شمسی توانائی اور رات میں گرڈ سسٹم کی بجلی کے استعمال کے ذریعے نہ صرف بجلی کے بحران پر قابو پا سکتے ہیں بلکہ بجلی کو ذخیرہ بھی کر سکتے ہیں۔ یعنی دن کے وقت پہلے شمسی توانائی اس کے بعد بیٹری اور پھر گرڈ سسٹم پر انحصار کیا جائے اور رات کے وقت گرڈ سسٹم اور بیٹری سے کام چلایا جائے۔ اس بات کو یوں بھی کیا جاسکتا ہے کہ سب سے پہلے شمسی توانائی کو براہ راست بجلی کے لئے استعمال کیا جائے جب شمسی توانائی سے بجلی کا حصول مشکل ہو تو بیٹری کا استعمال کیا جائے اور جب بیٹری سے بھی کار آمد نہ ہو تو پھرگرڈ سسٹم کی بجلی کااستعمال کیا جائے جبکہ رات کو بیٹری اور گرڈ سسٹم کا استعمال کیا جائے۔ اس طرح لوڈشیڈنگ بھی ختم ہو جائے گی اور ملکی توانائی پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔
گزشتہ سال موسم سرما سے لوڈشیڈنگ ہوتی رہی تھی مگر اب گرمیوں میں لوڈشیڈنگ اور زیادہ شدید ہوگئی ہے۔ ایسے میں شمسی توانائی کو ایک ایسے متبادل کے طور پر دیکھنا جس کا بل ادا نہیں کرنا پڑے گا توجہ کا سبب بنتا ہے۔ شمسی توانائی دیگر توانائی کے ذرائع کی نسبت آلودہ بھی نہیں ہے۔ آج کل ایک چھوٹی سی گھڑی سے لے کر گاڑی تک سولر سسٹم کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔ سولر سسٹم کے استعمال میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ توانائی کے ذخائر کے استعمال میںکمی لانا ہے جو کہ تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔ آج کل بجلی کے بحران کے باعث شہروں میں آٹھ سے بارہ جبکہ دیہاتوں میں بارہ سے اٹھارہ گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور آنے والے دنوں میںمزید بڑھنے کے آثار ہیں۔ سورج کی کرنیں خدا کا دیا ہوا وہ تحفہ ہیں جس سے پاکستانی عوام اور حکومت توانائی کے بحران جیسے مسئلے کو حل کر سکتی ہے۔