• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

صحت کو غنیمت جانو بیماری سے پہلے!

شمولیت
جنوری 22، 2012
پیغامات
1,129
ری ایکشن اسکور
1,053
پوائنٹ
234
صحت کو غنیمت جانو بیماری سے پہلے !

تحریر : مدثر رحمانی


آج ہم ایسے مشکل دور سے گزر رہے ہیں جس میں پوری دنیا ” کرونا وائرس “ نامی مہلک بیماری کے لپیٹ میں ہے حالت یہ ہے کہ ایک ملک دوسرے ملک سے ، ایک اسٹیٹ دوسرے اسٹیٹ سے ، ایک ضلع دوسرے ضلع سے ، ایک شہر دوسرے شہر سے بلکہ ہر کس و ناکس نے آپسی رابطے کو منقطع کردیا ہے۔اپنے آپ کو سپر پاؤر کہنے والا ملک اس وبائی بیماری کے آگے ہتھیار ڈال چکا ہے ترقی یافتہ ممالک اس بیماری کو لیکر حیران و خوف زدہ ہیں ہر کوئی اس سے نکلنے کی سبیل تلاش کررہا ہے۔ لیکن اب تک پوری دنیا ناکام ہے کہ اس خطرناک قسم کے وائرس سے چھٹکارا کیسے حاصل کیا جائے۔
لیکن ایسے حالات میں ایک بندے مومن کا عقیدہ اور توکل اللہ پر اور بھی مضبوط ہوجاتا ہے کیونکہ اسے اس بات کا یقین ہوتا ہے کہ بیماری اور شفا دینا اللہ کے اختیار میں ہے وہ جب جسے چاہئے اس مہلک بیماری میں مبتلا کردے اور جسے چاہئے نجات دے دے۔
کچھ بھائیوکا خیال یہ ہے کہ توکل کا مطلب اللہ پر بغیر اسباب اختیار کئے بھروسہ کرنے کا نام ہے ۔جبکہ اللہ رب العزت کافرمان ہے ( فاذا عزمت فتوکل علی اللہ ) پس جب اسباب اختیار کرلو تو پھر اللہ پر بھروسہ کرو۔ (آل عمران : 159) اور نبی رحمت ﷺ کی زندگی کا مطالعہ کرنے پر ہمیں پتہ چلتاہے کہ نہ خود آپ ﷺ نے اسباب اختیار کئے بلکہ اس کی تعلیم بھی دی ہے ۔ آپ ہجرت مدینہ کے واقعہ اٹھا کر دیکھیں کہ آپ ﷺ نے دشمن سے بچنے کے لئے اسباب اختیار کرتے ہوئے غار ثور میں پناہ لی، دشمن کو غار کے منہ پر دیکھ کر حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے نبی کریم ﷺ سےعرض کیا :
لو أن أحدهم نظر إلى قدميه لأبصرنا تحت قدميه ، فقال : يا أبا بكر ما ظنك باثنين الله ثالثهما اگر قریش کا کوئی ایک آدمی بھی اپنے پیر کی طرف دیکھے تو ہمیں دیکھ لے گا، یہ سن کر نبی کریم ﷺ نے فرمایا : اے ابوبکر ! ان دونوں کے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے جن کے ساتھ تیسرا اللہ ہے ۔ (بخاری : 3653) اور نبی کریم ﷺ کا فرمان : ( لو انكم كنتم توكلون على الله حق توكله، لرزقتم كما ترزق الطير تغدو خماصا وتروح بطانا ) اگر تم لوگ اللہ پر توکل کرو جیسا کہ اس پر توکل کرنے کا حق ہے تو تمہیں اسی طرح رزق ملے گا جیسا کہ پرندوں کو ملتا ہے کہ صبح کو وہ بھوکے نکلتے ہیں اور شام کو آسودہ واپس آتے ہیں۔(ترمذی : 2344) یہ ہے اللہ اور اس کے رسول ﷺکی تعلیم کہ آپ پہلے اسباب اختیار کریں پھر اللہ پر توکل (بھروسہ) کریں۔
لیکن افسوس صد افسوس آج ہمارا معاملہ اس کے برعکس ہے اسباب تو اختیار کرنا دور کی بات ہے حالت یہ ہے کہ پولیس اور ذمہ داران کے لاکھ منع کرنے اور اتنا سب کچھ دیکھنے ، سننے اور پڑھنے کے بعد بھی ہم بلا ضرورت یہاں و ہاں سیر و تفریح کے لئے نکلتے رہتے ہیں ، شاید ہم نے ان پولیس والوں کو بے وقوف یا اپنا دشمن سمجھ رکھا ہے جب تک سائرن نہ بجے یا وہ ڈنڈا لیکر نہ دوڑائیں تب تک ہم اپنے گھروں میں نہیں بیٹھیں گے ، کیونکہ ہم نے پولیس والوں کو پریشان کرنے کی قسم جو کھا رکھی ہے ( ان پولیس والوں کے بال بچے تھوڑی ہیں، نہ ہی انہیں کسی بیماری کی پراوہ ہے، نہ ان کا گھر پر کوئی انتظار کرنے والا ہے ، نہ ہی انہیں کسی چھٹی کی حاجت و ضرورت ہے ، نہ انہیں اپنے گھر والوں کے ساتھ رہنے کا حق ہے کیونکہ ان کا نام پولیس ہے ۔ )ان سب کے باجود وہ اپنی جان کو خطرہ میں ڈال کر ہمیں محفوظ رکھنے کی بھر پورکوشش کررہے ہیں۔ تو کیا ہم گھروں میں بیٹھ کر ان کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ بھی نہیں کرسکتے ؟
لیکن ہم گھر پر بیٹھیں کیوں؟ ہم تو جانتے ہیں کہ یہ بیماری ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی اس لئے ہمیں اس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، ہم جہاں چاہیں آ جا سکتے ہیں جس سے چاہیں مل جل سکتے ہیں ۔ کاش آپ ان لوگوں یا ان کے اہل خانہ سے مل پاتے جو اس مہلک بیماری میں ملوث ہوچکے ہیں تو شاید آپ کو اندازہ ہوتا کہ یہ بیماری کتنی خطرناک ہے ۔
نوجوان دوستو!
پیارے بھائیو!
مشفق بزرگو!
عزیز بچو!
اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے اور آپ بھی اس خطرناک مہلک بیماری کا شکار ہوجائیں اور آپ کے اہل خانہ ، رشتہ دار ، دوست و احباب، گلی محلہ اور شہر کے لوگ آپ سے کنارہ کش ہوجائیں ، اپنی زندگی کی قدر کریں اپنی صحت کو غنیمت جانیں اور اپنے آپ کو گھروں میں محفوظ کرلیں ان مشکل حالات میں اپنے گھروں کے اندر نماز ، ذکر و اذکار ، لکھنے پڑھنے کے ساتھ ساتھ دعاؤں کااہتمام کریں خصوصا ہر قسم کے فتنوں اور تمام قسم کی بیماری سے محفوظ رہنے کی دعائیں خود یاد کرنے کے ساتھ بچوں اور گھر والوں کو بھی یاد کرائیں ۔
اللہ رب العالمین ہم تمام لوگوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھے اور جو اس میں مبتلا ہیں انہیں جلد سے جلد شفا یاب کرے۔ آمین تقبل یا رب العالمین
 
Top