اسرائیل: غزہ سے فوج نکال کر باہر تعینات کرے گا
غزہ میں قائم سرنگوں کا خاتمہ کر دیا ہے: اسرائیلی فوجی ترجمان
منگل 8 شوال 1435هـ - 5 اگست 2014م
مقبوضہ یروشلم ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ
اسرائیلی فوج نے غزہ سے مکمل انخلاء کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے اردگرد موجود حفاظتی حصار قائم رکھیں گے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق یہ انخلاء آج منگل کی صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی تین روزہ جنگ بندی کے بعد ہو گا۔
واضح رہے اسرائیل نے پچھلے آٹھ سال سے زائد عرصے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے، سولہ جولائِی سے غزہ کے اندر فوج اتار دی تھی۔ جس سے اسرائیلی فوج کو 65 سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اسرائیلی فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لیرنیر نے غزہ سے انخلاء کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا '' اسرائیلی فوج نے حماس کی سرنگوں کا خاتمہ کر کے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔
اسرائیلی ریڈیو نے منگل کے روز اپنے ایک خبری نشریے میں بتایا ہے کہ فوج نے ایسی 32 سے زائد زیر زمین سرنگوں کو تباہ کیا ہے، جن سے اسرائیلی سلامتی کو خطرہ تھا۔
دوسری جانب اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک مرتبہ پھر تین دنوں کے لیے ہونے والی جنگ بندی کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے خیر مقدم کیا ہے۔
اس سے پہلے جمعہ کے روز بھی تین دنوں کے لیے جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا لیکن محض ایک دو گھنٹے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر زبردست بمباری شروع کر دی اور وجہ یہ بتائی کہ حماس نے ایک فوجی اغواء کر لیا ہے، تاہم بعد ازاں اسرائیل کا دعوی غلط ثابت ہو گیا اور اس نے اپنے لاپتہ فوجی کے ہلاکت کا اعلان کر دیا۔
سیکرٹری جنرل نے بان کی مون نے فریقین سے انتہائی تحمل کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے تین روزہ جنگ بندی پر گذشتہ روز قاہرہ میں اتفاق کیا گیا ہے۔