ابو داؤد
رکن
- شمولیت
- اپریل 27، 2020
- پیغامات
- 619
- ری ایکشن اسکور
- 193
- پوائنٹ
- 77
قرآن اور احادیثِ صحیحہ میں شرکِ اکبر و اصغر کو پہچاننے کا آسان طریقہ
• اور وہی طریقہ کفرِ اکبر و اصغر کو پہچاننے کا بھی ہے۔
• کلمہ گو شخص شرک و کفرِ اکبر کے ارتکاب سے اسلام سے خارج ہو کر مشرک، کافر اور مرتد ہو جاتا ہے۔
• لیکن شرک و کفرِ اصغر کا مرتکب اسلام سے خارج نہیں ہوتا بلکہ حرام و کبیرہ گناہ کا مرتکب ہوتا ہے۔
• شرک دون شرک اور کفر دون کفر کا مرتکب بھی دینِ اسلام سے خارج نہیں ہوتا۔
• شرک دون شرک: یہ شرک تو ہے لیکن کمتر درجے کا شرک ہے۔
• کفر دون کفر: یہ کفر تو ہے لیکن کمتر درجے کا کفر ہے۔
علماء نے ایک اصول بیان کیا ہے کہ شرک و کفرِ اکبر کو کیسے پہچانا جائے جس کا مرتکب مرتد ہو جاتا ہے، اور اگر اسی حال میں مر جائے تو جہنم میں جائے گا جہاں وہ ہمیشہ رہے گا۔
☆ قاعدہ کچھ اس طرح ہے ☆
الكفر إذا عُرِّف بالألف واللام سواء كان هذا في كتاب الله أو كلام رسوله (ﷺ) فالمقصود به الأكبر، ولا يصح حمل ذلك على الأصغر إلا بنص صريح في ذلك
"الکفر جب معرفہ الف اور لام کے ساتھ آئے، چاہے وہ اللہ کی کتاب میں ہو یا رسول اللہ (ﷺ) کے کلام میں، اس سے مراد اکبر ہی ہوتا ہے اور اسے اصغر سمجھنا صحیح نہیں ہے جب تک کہ اس کے اصغر ہونے کی صاف نص نہ مل جائے۔"
☆ مثال کے طور پر ☆
- الشرك,
- الكفر,
- المشركون,
- الكافرون,
- المشركين,
- الكافرين
• ان سب سے مراد اکبر لیا جائے گا، سوائے اس کے جو قرآن اور احادیثِ صحیحہ سے اصغر ثابت ہو جائے۔
☆ قرآن سے شرکِ اکبر و کفرِ اکبر کی کچھ مثالیں ☆
أعوذ بالله من الشيطان الرجيم
﴿وَ مَنۡ لَّمۡ یَحۡکُمۡ بِمَاۤ اَنۡزَلَ اللهُ فَاُولٰٓئِكَ هُمُ الۡکٰفِرُوۡنَ﴾
"اور جو لوگ اللہ کی اتاری ہوئی وحی سے فیصلہ نہ کریں وہ (پورے اور پختہ) کافر ہیں۔" (1)
﴿یٰۤاَیُّهَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لَا تَتَّخِذُوۡۤا اٰبَآءَکُمۡ وَ اِخۡوَانَکُمۡ اَوۡلِیَآءَ اِنِ اسۡتَحَبُّوا الۡکُفۡرَ عَلَی الۡاِیۡمَانِ ؕ وَ مَنۡ یَّتَوَلَّهُمۡ مِّنۡکُمۡ فَاُولٰٓئِكَ هُمُ الظّٰلِمُوۡنَ﴾
"اے ایمان والو! اپنے باپوں اور اپنے بھائیوں کو دوست نہ بناو اگر وہ کفر کو ایمان سے زیادہ عزیز رکھیں۔ تم میں سے جو بھی ان سے محبت رکھے گا وہ پورا گناہگار ظالم ہے۔" (2)
﴿وَ اَقِیۡمُوا الصَّلٰوۃَ وَ لَا تَکُوۡنُوۡا مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ﴾
"اور نماز قائم رکھو اور مشرکین میں سے نہ ہو جاؤ۔" (3)
﴿اِنَّ الشِّرۡكَ لَظُلۡمٌ عَظِیۡمٌ﴾
"یقیناً شرک بہت بڑا ظلم ہے۔" (4)
☆ حدیث سے شرکِ اکبر اور کفرِ اکبر کی مثال ☆
رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا:
"بين الرجل وبين الشرك والكفر ترك الصلاة"
"آدمی کے اور شرک و کفر کے درمیان نماز کو چھوڑ دینا ہے" (یعنی جس نے نماز کو ترک کیا وہ مشرک، کافر ہے، ملت سے خارج ہے۔) (5)
• یہ سب مثالیں شرک و کفرِ اکبر پر دلالت کرتی ہیں، جس کے سبب آدمی مشرک، کافر ہو جاتا ہے اور دینِ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے۔
☆ کفرِ اصغر و کفر دونا کفر کی کچھ مثالیں ☆
• ریاکاری (دکھلاوے کا عمل) شرک دون شرک ہے
رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا:
"الشِّرْكُ الْخَفِيُّ، أَنْ يَقُومَ الرَّجُلُ يُصَلِّي فَيُزَيِّنُ صَلَاتَهُ لِمَا يَرَى مِنْ نَظَرِ رَجُلٍ"
"وہ پوشیدہ شرک ہے جو یہ ہے کہ آدمی نماز پڑھنے کے لیے کھڑا ہوتا ہے، تو اپنی نماز کو صرف اس وجہ سے خوبصورتی سے ادا کرتا ہے کہ کوئی آدمی اسے دیکھ رہا ہے۔" (6)
• مسلمان سے قتال کرنا کفر دون کفر ہے
رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا:
"سِبَابُ الْمُسْلِمِ فُسُوقٌ ، وَقِتَالُهُ كُفْرٌ."
"مسلمان کو گالی دینا فسق ہے، اور اس سے لڑنا کفر ہے۔" (7)
• اللہ (تعالى) کا فرمان ہے:
﴿فَمَنْ عُفِيَ لَهُ مِنْ أَخِيهِ شَيْءٌ فَاتِّبَاعٌ بِالْمَعْرُوفِ وَأَدَاءٌ إِلَيْهِ بِإِحْسَانٍ﴾
"پھر اگر قاتل کو اس کے بھائی (مقتول کے وارثوں) کی طرف سے معاف کر دیا جائے تو ورثاء مناسب طریقے سے دیت کا تقاضا رکھیں اور وہ (قاتل) بہتر انداز میں ادائیگی کر دے۔" (8)
• خاوند کی ناشکری کرنا بھی کفر دون کفر ہے
نبی کریم (ﷺ) نے فرمایا:
"أُرِيتُ النَّارَ فَإِذَا أكْثَرُ أهْلِهَا النِّسَاءُ، يَكْفُرْنَ قيلَ: أيَكْفُرْنَ باللَّهِ؟ قالَ: يَكْفُرْنَ العَشِيرَ، ويَكْفُرْنَ الإحْسَانَ، لو أحْسَنْتَ إلى إحْدَاهُنَّ الدَّهْرَ، ثُمَّ رَأَتْ مِنْكَ شيئًا، قالَتْ: ما رَأَيْتُ مِنْكَ خَيْرًا قَطُّ"
"مجھے جہنم دکھائی گئی تو اس میں زیادہ تر عورتیں تھیں جو کفر کرتی ہیں۔ کہا گیا: یا رسول اللہ! کیا وہ اللہ کے ساتھ کفر کرتی ہیں؟ رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا: خاوند کی ناشکری کرتی ہیں اور احسان کی ناشکری کرتی ہیں۔ اگر تم ان کے ساتھ عمر بھر بھلائی کرو، پھر ایک بار ان کو ناگوار کوئی چیز نظر آجائے، تو فوراً کہہ اٹھے گی کہ میں نے تجھ سے کبھی کوئی بھلائی نہیں دیکھی۔" (10)
☆ قرآن اور احادیثِ صحیحہ میں اس طرح کی بہت سی مثالیں ملتی ہیں، جن سے یہ جاننے میں آسانی ہوگی کہ اکبر کیا ہے اور اصغر کیا ہے۔
وما عليّ إلا البلاغ ، ولله الحمد والمنة وهو أعلم
《 محـــرر : عَبْدُ المُذِلّ حفظہ اللہ 》
___________________________
حوالہ جات:
(1) سورۃ المائدہ، آیت: 44۔
(2) سورۃ التوبہ، آیت: 23۔
(3) سورۃ الروم، آیت: 31۔
(4) سورۃ لقمان، آیت: 13۔
(5) صحیح مسلم، کتاب الإيمان، حدیث: 247۔
(6) سنن ابن ماجہ، حدیث: 4204۔
(7) صحیح بخاری، کتاب الإيمان، حدیث: 48۔
(8) سورۃ البقرہ، آیت: 178۔
(9) سورۃ الحجرات، آیات: 10، 11۔
(10) صحیح بخاری، کتاب الإيمان، حدیث: 29۔