• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

(قسط:13)سرور کونین ﷺ کا سراپا اقدس ( ((رسول مقبول ﷺکے کندھے اور سینہ مبارک ))

شمولیت
نومبر 14، 2018
پیغامات
305
ری ایکشن اسکور
48
پوائنٹ
79
رسول اللہ ﷺ کا حلیہ مبارک

(( حافظ محمد فیاض الیاس الأثری ، ریسرچ فیلو: دارالمعارف لاہور ))

رسول اللہ ﷺ کے کندھے اور سینہ مبارک

♻ آنحضرت ﷺ کے دیگر اعضاءِ جسم کی طرح آپ کے کندھے اور سینہ مبارک بھی حسن و جمال کا عظیم شاہکار تھے۔

♻ حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے کندھوں کا درمیانی فاصلہ طویل تھا۔ (صحیح البخاری:٣٥٥١)

♻ حضرت ہند بن ابی ہالہ رضی اللہ سے بھی بعینہ یہی الفاظ مروی ہیں۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ آپﷺ کا سینہ مبارک خوب چوڑا تھا اور اندر کو دھنسا ہوا ہونے کے بجائے قدرے ابھرا ہوا تھا۔

♻ انھی کی ایک روایت میں ہے کہ آپ ﷺ کا سینہ چوڑا، بالکل صاف اور متوازن تھا۔ شیشے کی طرح ملائم اور مضبوط تھا۔ کہیں سے گوشت بڑھا ہوا نہ تھا،خوبصورت اور چمکدار بھی تھا۔( الطبرانی، المعجم الکبیر:155/22 و البیہقی، دلائل النبوۃ:304/1)

♻حضرت علی رضی کا بیان ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے شانے اور کندھے گوشت سے پُر اور مضبوط تھے۔ (سنن الترمذی:٣٦٣٨)

♻ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے کندھے سے کپڑا ہٹنے پر آپ کا کندھا یوں حسین و جمیل اور چمکدار دکھائی دیتا جیسے پگھلائی ہوئی چاندی ہو، (الہندی، کنزالعمال:١٧٨١٥، ٣٠٢٣٠)

♻ غزوہ حنین کے بارے میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ مال غنیمت تقسیم کر رہے تھے، اسی تقسیم کے دوران لوگوں نے آپ پر اس قدر بھیڑ کر دی کہ کپڑا آپ کے کندھے مبارک سے ہٹ گیا۔ تب آپ کا کندھا مبارک مہتاب کی طرح خوبصورت اور چمکدار دکھائی د ے رہا تھا۔ (البیہقی، دلائل النبوۃ:ز275/1 و الصالحی، سبل الہدیٰ:53/7)

♻ قرآن کریم میں رسول اللہ ﷺ کے سینہ مبارک کا متعدد بار تذکرہ ہوا ہے۔ ایک جگہ کفار و مشرکین کی کذب بیانی اور تکذیب پر رسول اللہ ﷺ کو تسلی دیتے ہوئے اﷲ تعالیٰ نے فرمایا:( وَلَقَدْ نَعْلَمُ اَنَّکَ یَضِیْقُ صَدْرُکَ بِمَا یَقُوْلُوْنَo فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ وَ کُنْ مِّنَ السّٰجِدِیْنَo ) (الحجر:97/15)
''ہمیں معلوم ہے کہ جو باتیں یہ لوگ آپپر بناتے ہیں ان سے آپ کے دل کو سخت کوفت ہوتی ہے۔ (اس کا علاج یہ ہے کہ) آپ ربّ کی حمد کے ساتھ اس کی تسبیح کریں اور اس کی جناب میں سجدہ بجا لائیں۔''

♻آنحضرت ﷺ کا سینہ مبارک شق کر کے آپ ﷺ کے قلب اطہر کو آب زم زم سے دھویا گیا اور اس میں ایمان و حکمت بھری گئی تھی۔ ( صحیح البخاری:٧٥١٧ و صحیح مسلم:١٦٤)

♻ رسول مقبول ﷺ بے مثل حسن وجمال کے مالک تھے، آپ کی دعوت وتربیت بھی حسن اخلاق و کردار کا حسین مرقع تھی،

♻ آپ ﷺ خوبصورت کندھوں اور خوشنما چوڑے سینے پر کبھی اترائے نہیں اور نہ ظاہری حسن وجمال کی بدولت کبھی غرور و گھمنڈ کیا،

♻ رسول مقبول ﷺ ہی کا فرمان عالیشان ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نہ تو تماری صورت کو دیکھتا ہے اور نہ ہی تمہارے اموال کو ، اللّٰہ تعالیٰ تو تمہارے دلوں اور تمہارے اعمال کو دیکھتا ہے ،
 
Top