• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

(قسط:21)امام الانبیاء ﷺ کی خصوصیات(( تمام انبیائے کرام علیہم السلام سے زیادہ معجزات ))

شمولیت
نومبر 14، 2018
پیغامات
305
ری ایکشن اسکور
48
پوائنٹ
79
(( رسول اللہﷺ کے خصائص وامتیازات ))

(( حافظ محمد فیاض الیاس الأثری ، ریسرچ فیلو: دارالمعارف لاہور ))

تمام انبیائے کرام علیہم السلام سے زیادہ معجزات :


♻ معجزہ کا مطلب ہے: کسی کو عاجز کر دینا اور کام کی قدرت وطاقت سلب کرنا ، شرعی اصطلاح میں معجزے سے مقصود ہے: اللّٰہ تعالیٰ کا اپنے پیغمبر کی نصرت و تائید کے لیے ان کے ذریعے ایسے خرق عادت امور ظاہر کرنا جن سے دیگر لوگ عاجز و قاصر ہوں ،

♻ ﷲ تعالیٰ نے مختلف انبیائے کرام علیہم السلام کو حالات و ظروف کے پیش نظر مختلف معجزات سے نوازا۔ لیکن آنحضرت ﷺ کو تمام انبیائے کرام علیہم السلام سے بڑھ کر معجزات عطا کیے گئے۔

♻ علامہ قاضی عیاض رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ معجزات کی کثرت میں بھی دیگر تمام پیغمبروں پر فوقیت رکھتے ہیں۔ آپ کے معجزات کو ایک دو ہزار ، یا اس سے بھی زیادہ تعداد تک محدود نہیں کیا جا سکتا، بلکہ آپ کے معجزات بے شمار ہیں۔(القاضی عیاض، الشفا:253/1)

♻ آنحضرت ﷺ کے معجزات کی تفصیل ٫٫ دائرہ معارفِ سیرت محمد رسول اللہ ﷺ ،، میں الگ الگ مستقل ابواب کے تحت بیان ہوئی ہے اور بعض ابواب میں ضمناً بھی معجزات کا تذکرہ کیا گیا ہے، اس کے لیے دائرہ معارف کے یہ ابواب ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں،باب: 320،318،316،186،151،124،78،76،12،8،7،

♻ رسول اللہ ﷺ کے معجزات کئی طرح کے ہیں ، جیسے: حسی یا مادی معجزات ، معنوی یا عقلی معجزات ، حسی اور مادی معجزات میں وہ امور شامل ہیں جن کا تعلق تجربات ، مشاہدات اور حواس سے ہو جیسے: آپ کی مبارک انگلیوں سے پانی جاری ہونا ، کھانے پینے کی اشیاء میں غیر معمولی برکت ہونا ، آپ کا سینہ مبارک شق ہونا اور کجھور کے تنے کا رونا ، ایسے معجزات سیکڑوں نہیں ہزاروں کی تعداد میں ہیں،

♻ رسول اکرم ﷺ کے معنوی اور عقلی معجزات میں سے نمایاں ترین قرآن کریم اور آپ کا ہمہ گیر نظام انقلاب ہے ، قرآن کریم کئی ایک اعتبار سے معجزہ ہے ، عدم تغیر و تبدل کے اعتبار سے ، عدم نظیر ومثیل کے لحاظ سے ، بے مثل تعلیم و ہدایات کے اعتبار سے اور فصاحت و بلاغت کے لحاظ سے ،

♻ امام الانبیاء ﷺ کی سیرت مبارکہ خود ایک بہت بڑا معجزہ ہے ، نہ آپ کی حیات طیبہ کی طرح دیگر کسی پیغمبر کے حالات زندگی محفوظ ، نہ آپ کی مثالی ہدایت وتعلیمات کی طرح دیگر کسی رہبر و قائد کی تعلیمات ، نہ ہی آپ کے ہمہ گیر اور عالمگیر دستور حیات کی مانند دیگر کسی کا نظام زندگی ،

♻ معجزے اور کرامت میں کئی ایک انداز سے فرق ہے ، معجزے کا ظہور پیغمبر کے ہاتھوں ہوتا ہے ، جب کہ کرامت کا تعلق پیغمبر کے علاوہ اللّٰہ تعالیٰ کی کسی برگزیدہ ہستی سے ہوتا ہے، البتہ معجزے اور کرامت میں کسی کو کلی اختیار نہیں ہوتا ،

♻ رسول اکرم ﷺ اور دیگر انبیاء کرام علیہم السلام کے ثابت شدہ معجزات برحق ہیں ، انہیں بغیر کسی تاویل اور قیل و قال کے من وعن تسلیم کرنا ایمان وعقیدے کا حصہ ہے، قرآن کریم،احادیث مبارکہ اور کتب سیرت میں انبیاء کرام علیہم اور رسول مکرم ﷺ کے کثیر معجزات کا تذکرہ ملتا ہے،

♻ بعض مسلمانوں نے جدید فکرو تہذیب سے مرعوب اور متاثر ہو کر معجزات کی اسلاف امت سے ہٹ کر توجیہ کی ، یا پھر بلکل ہی انکار کر دیا ، جیسے سر سید ، علامہ شبلی نعمانی ، محمد حسین ہیکل اور ابو زہرہ مصری

♻ جدید فکر والحاد اپنی اصل کے اعتبار سے مذہب کی حریف اور وحی کی منکر ہے ، جدید سائنس بھی اپنی اصل کے اعتبار سے مذہب کی منکر ہے ، جدید فکر وتہذیب کے حاملین عام طور پر مشاہدات اور تجربات کے علاوہ کسی چیز کو درست تسلیم نہیں کرتے ، اس لیے مغرب زدہ اہل سائنس وفلسفہ کے ہاں معجزات کی بلکل اہمیت نہیں، نہ ہی خرق عادت امور کو وہ درست تسلیم کرتے ہیں ،
 
Top