ساجد
رکن ادارہ محدث
- شمولیت
- مارچ 02، 2011
- پیغامات
- 6,602
- ری ایکشن اسکور
- 9,379
- پوائنٹ
- 635
متنوع قراء ات کا ثبوت … روایت حفص کی روشنی میں
حافظ محمدمصطفی راسخ
زیر نظر مضمون فاضل مؤلف کی وہ خصوصی کاوش ہے جو انہوں نے مختلف قراء اتِ متواترہ میں موجود متنوع اسالیب ِاختلاف کو تشویش کی نظر سے دیکھنے والے حضرات کے لیے خاص طور پر ترتیب دیا ہے۔ انہوں نے بڑی محنت سے برصغیر کی قراء ات عامہ (روایت ِحفص) کا اول تا آخر بنظر غائر جائزہ لیا اور روایت ِحفص میں ہی موجود وہ تمام اختلافاتِ قراء ات پیش کر دئیے ہیں جو کہ قراء اتِ عشرہ متواترہ میں الگ الگ پائے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ روایت ِحفص میں ان تمام اسالیب ِاختلاف کے موجود ہونے کی وجہ رُشد قراء ات نمبر حصہ اول کے ص ۲۴۴ اور ص۳۶۱ پر موجود مضامین میں پیش کی جا چکی ہے کہ آسمانوں سے نازل ہونے والے سبعہ احرف بعد ازاں دس یا زائد قراء ات متواترہ میں اس لیے پھیل گئے کہ آپﷺکے ارشاد گرامی ’’ فَاقْرَئُوا مَا تَیَسَّرَ ‘‘ کی وجہ سے خیر القرون نے مختلف حروفِ سبعہ کو اختلاط کے ساتھ پڑھا۔ یہی وجہ ہے کہ ۱۴صدیوں منقول تمام قراء ات متواترہ میں سبعہ اَحرف کے جمیع اسالیب خلط ملط صورت میں موجود ہیں اور خاص طور پر یہ بات قارئین کیلئے حیرت کا باعث ہوگی کہ روایت ِحفص میں منزل من اللہ اسالیب ِسبعہ دیگر قراء ات کے مقابلہ میں زیادہ بھرپور انداز میں موجو دہیں۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے علم سے اس بات سے ہزاروں سال قبل واقف تھے کہ اس خطہ ٔ ارضی میں فتنہ انکار قراء ات (سبعہ احرف) وجود میں آئے گا، چنانچہ اللہ کی حکمت بالغہ ہے کہ برصغیر میں رائج قراء ات عامہ میں سبعہ احرف کے جمیع اختلافات بھرپور طور پر موجود ہیں تاکہ متنوع قراء توں کے منکرین کے لیے مجالِ فرار نہ ہو۔
یاد رہے کہ فاضل مصنف نے روایت حفص کے جائزہ سے متنوع قراء ات کے جن اسالیب کی فہرست پیش کی ہے، اس میں مختلف نحویوں کے نظریات کے اختلافات پر مشتمل کتب نحو( مثلاً قطر الندی وبل الصدی از امام ابن ہشام اور شروحات الفیہ ابن مالک وغیرہ) اور علم توجیہ القراء ات کی کتب سے مزید اضافہ کرنا بھی ممکن ہے کیونکہ ان کتب میں مختلف اقوال کے دلائل متنوع قراء ات سے اور مختلف قراء ات کی توجیہ نحاۃ کے اقوال کے پس منظر میں کی جاتی ہے اور اکثر اوقات روایت ِحفص میں موجود متنوع اسالیب سے ہی مؤقف ثابت کیا جاتا ہے۔ (ادارہ)