عبد الرشید
رکن ادارہ محدث
- شمولیت
- مارچ 02، 2011
- پیغامات
- 5,402
- ری ایکشن اسکور
- 9,991
- پوائنٹ
- 667
محبت زندگی کی اساس اور وجود کائنات ہے ۔ محبت عبادت کی جان اور انسانوں کے باہمی تعلق کی بنیاد ہے ۔ اور محبت ہی اشیاء کے درمیان ربط کا ذریعہ ہے ۔ بعض لوگو ں نے تو یہاں تک کہا ہے کہ آسمانوں اور زمین میں ہونے والی ہر حرکت محبت ہی کے سبب سے ہے ۔ گو یہ محبت کے آثار و نتائج اس کے ظاہری الفاظ اور لغوی مغہوم سے ماوراء ہو کر سارے آفاق میں پھیلے ہوئے ہیں ۔ بلکہ اگر یہ کہہ دیا جائے تو اس میں مبالغہ نہ ہو گا کہ محبت ہی وجود کا راز ہے ۔ کیونکہ انسان کا اپنے پروردگار سے تعلق محبت کی بنیاد پر قائم ہے اور انسانوں کا اپنے گرد و پیش کے ماحول سے ربط و تعلق بھی محبت ہی کی اساس پر استوار ہے ۔ محبت کی حدت اللہ تعالی کی عبادت کا جذبہ پیدا کرتی ہے اس کے نتیجے میں ہم اللہ کے احکام کی تعمیل کرتے ہیں ۔ اس کی نافرمانی سے بچتے ہیں اور اس کا پیغام پھیلاتے ہیں ۔ اسی جذبے کے تحت ہم اپنے بھائی بندوں سے اللہ کے لیے تعلق قائم کرتے ہیں ، اسی بنا پر انانیت دب جاتی ہے اور ایثار نمایاں ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں تواضع اور بھائی چارے کی فضا پیدا ہو جاتی ہے ۔ محبت ہی سے زندگی رواں دواں ہے کیونکہ کسی بھی کام سے محبت انسان کو مجبور کرتی ہے کہ وہ اسے خوبی اور خلوص سے سر انجام دے ۔ محبت کیا ہے؟ اس کا صحیح مطلب کیا ہے؟ محبت کی کتنی قسمیں ہیں؟ اس کی کیا نشانیاں ہیں؟ یہ اور اس طرح کے دیگر سوالات کا کافی و شافی جواب زیرنظر کتاب میں آپ پائیں گے ۔ اللہ ہمیں اس جذبہ کو خالصتا فروغ اسلام کے لیے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ (ع۔ح)
Last edited: