• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

محدث قرآن آن لائن لائبریری ایک تعارف!

کلیم حیدر

ناظم خاص
رکن انتظامیہ
شمولیت
فروری 14، 2011
پیغامات
9,748
ری ایکشن اسکور
26,379
پوائنٹ
995
اہل قرآن کے لیے عظیم خوشخبری | محدث میڈیا کا تجوید وقراءات سے متعلق عظیم پروگرام
’محدث قرآن آن لائن لائبریری‘

www.quranonlinelibrary.com
ایک تعارف!

زیر سرپرستی:
01. ڈاکٹر حافظ عبد الرحمن مدنی (رئیس جامعہ لاہور الاسلامیہ، پاکستان)
02. الشیخ قاری محمد ابراہیم میر محمدی (رئیس کلية القرآن الكريم، پاکستان)

زیر نگرانی:
01. ڈاکٹر حافظ حمزہ مدنی (عمید کلية القرآن الكريم، لاہور)
02. ڈاکٹر حافظ انس نضر مدنی (مدیر مجلس التحقیق الاسلامی، لاہور)

پس منظر:
آج سے دو سال قبل 6 اپریل بروز پیر 2020ء کو 3 بجے سہ پہر شائقین کتب تجوید وقراءات کےلیے عربی واردو آن لائن لائبریری کے قیام کی غرض سے ایک بابرکت میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں مندرجہ ذیل حضرات نے مل کر ایک خواب دیکھا:

01. ڈاکٹر حافظ انس نضر مدنی
02. ڈاکٹر حافظ حمزہ مدنی
03. الشیخ سیف اللہ ثناء اللہ
04. ڈاکٹر حافظ عمران اسلم
05. الشیخ عبد الرشید قمر
06. انجینئر ذیشان محمود
07. قاری عبد الرحیم راسخ
08. حافظ سلیمان نعمت

اللہ تعالیٰ نے اس خواب کی تعبیر پوری فرمائی اور آج ’’محدث قرآن آن لائن لائبریری‘‘ کی صورت میں ہمارے پاس ایک بہترین پلیٹ فارم موجود ہے۔

اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل وکرم کے بعد ہم استاذ القراء قاری محمد ابراہیم میر محمدی حفظہ اللہ کے خاص شکر گزار ہیں کیونکہ اس اہم ویب سائٹ کے قیام کی سوچ اصلاً کافی سال قبل انہوں نے ہی پیش فرمائی تھی۔ گزشتہ دو سالوں میں بھی ہمیں مسلسل ان کی طرف سے خاص توجہ اور تشجیع حاصل ہوتی رہی۔

مقصد وضرورت:
جامعہ لاہور الاسلامیہ کے کلیۃ القرآن الکریم کے نگران ڈاکٹر قاری حمزہ مدنی حفظہ اللہ نے اس ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت عالم اسلام میں کوئی مستقل ایسی ویب سائٹ یا آن لائن پلیٹ فارم نہیں ہے، جہاں تجوید وقراءات کے حوالے سے مطبوعہ وغیرمطبوعہ تمام عربی واردو کتب کو منظم انداز میں جمع کیا گیا ہو، اور جو بعض ویب سائٹس قراءات کے نام سے موجود بھی ہیں وہ دراصل قراءات کے جزوی موضوعات پر مشتمل ہیں اور ان میں زیادہ تر صرف آڈیو اور ویڈیو پر مشتمل اشیاء کو جمع کیا گیا ہے اور کتب قراءات کے حوالے سے صرف چند کتب پر ہی انحصار کیا گیا ہے۔ کچھ ویب سائٹ ایسی بھی ہیں جو مکتبہ شاملہ کی طرز پر بنائی گئی ہیں اور ان میں تجوید وقراءات کے حوالے سے کچھ کتب پی ڈی ایف فارمیٹ میں موجود بھی ہیں۔

لہٰذا ایک عرصہ سے ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ محدث لائبریری کی طرح تجوید وقراءات کی ایک بڑی عالمی ویب سائٹ تیار کی جائے، جس کےلیے طویل ٹیم ورک کے بعد یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا، جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا خصوصی شکر ادا کرتے ہیں۔

ڈاکٹر حمزہ مدنی صاحب نے اہم معلومات ذکر کرتے ہوئے مزید یہ بھی بتایا کہ اس وقت دنیا میں علوم قراءات میں تقریباً 30000 ہزار کے قریب مطبوع وغیرمطبوع کتب موجود ہیں اور صورت حال یہ ہے کہ کسی ایک جگہ پر ہزار، ڈیڑھ ہزار کتب کا بیک وقت میسر ہونا بھی مشکل امر ہے۔

اس لیے بڑی ضرورت بھی تھی کہ جدید دور کے تقاضوں کےمطابق ایک جامع قرآن وقراءات ویب سائٹ تیار کی جائے، جہاں تجوید وقراءات کی تمام کتب مطالعہ کے لیے یکجا میسر ہوں۔ اور یہ سعادت اللہ تعالیٰ نے جامعه لاہور الاسلامیه کے منتظمین کو نصیب فرمائی۔ الحمدللہ

ابھی یہ ویب سائٹ صرف علوم تجوید وقراءات کی کتب تک محدود ہے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ تفسیر وعلوم قرآن سے متعلقہ مواد اور متعدد قراءات سے متعلقہ آڈیو وویڈیو ریکارڈنگز کو بھی اس پلیٹ فارم پر جمع کیا جاتا رہے گا۔ ان شاء اللہ

خدوخال:
اردو زبان کی سب سے بڑی آن لائن کتب لائبریری [www.kitabosunnat.com] کے انچارج ڈاکٹر حافظ انس نضر مدنی حفظہ اللہ نے قرآن آن لائن لائبریری کے خدوخال یوں پیش فرمائے کہ اس کام کےلیے ہم نے محدث ویب سائٹس کی طرز پر ہی اس کام کو مکمل کیا ہے۔ اس وقت پاکستان میں اردو کتابوں کی نمایاں ویب سائٹ کتاب وسنت ڈاٹ کام پر جس طرح 10 ہزار سے زائد اردو کتب ہر وقت آن لائن مطالعہ، ریسرچ اور ڈاؤن لوڈ کی سہولت وغیرہ کے ساتھ میسر ہیں، اسی طرح قرآن آن لائن لائبریری ویب سائٹ پر بھی چار بنیادی طریقوں سے ریسرچ کی سہولیات میسر کی گئی ہیں:

01. مصنف کے نام سے
02. ناشر کے نام سے
03. کتاب کے نام سے
04. موضوع کے اعتبار سے

ڈاکٹر صاحب نے مزید بتایا کہ اس ویب سائٹ میں تمام کتب کو ایک اعلی موضوعاتی حسن ترتیب کے ساتھ جمع کیا جا رہا ہے، تاکہ اگر کوئی شخص ریسرچ وتلاش کے علاوہ کتب کا صرف مطالعہ کرنا چاہے تو بھی اس کےلیے آسانی ہو۔

کتاب کو ویب سائٹ پر کس انداز میں رکھا رکھا جا رہا ہے، اس حوالے سے ڈاکٹر صاحب نے بالخصوص دو پہلوؤں کا ذکر کیا:

01. کتاب کو اپلوڈ کرنا:
کتاب کو اپلوڈ کرنے سے پہلے اس کے سائز اور کتاب کے شروع میں ایک ویب سائٹ کا تعارفی ورق شامل کیا جاتا ہے، تاکہ استفادہ کرنے والے حضرات مستقل طور پر مطلوبہ کتاب سے مختصرا ًمتعارف ہوسکیں۔
02. ویب سائٹ پر اس وقت 5000 سے زائد کتب موجود ہیں، مزید کتب کو روزانہ کی بنیاد پر اپلوڈ کیا جا رہا ہے اور ان شاءاللہ بہت جلد کتب تجوید وقراءت سے متعلق 30000 کتب اس پلیٹ فارم پر موجود ہونگی۔

بعض دیگر قابل ذکر باتیں:
ویب سائٹ کا مقصد کتب تجوید وقراءات کو یکجا کرنے کے ساتھ قرآنیات کے دوسرے میدانوں میں بھی کام کو جمع کرنا ہے۔ جیسے

01. ایسی آڈیو اور ویڈیو تلاوتیں جو کہ مختلف قراءات متواترہ میں دنیا میں کہیں بھی ریکارڈ شدہ حالت میں موجود ہیں، انہیں اس پلیٹ فارم پر جمع کرنا۔
02. اسی طرح قراءات کے علمی مسائل اور تحقیقی ابحاث کے مناقشے کےلیے ایک قراءات فورم کی تیاری۔
03. جلد ہی اس قرآن آن لائن لائبریری پر متعدد قراءات (عشرہ صغریٰ وکبریٰ، صغیر وکبیر) کے اجراء پر مشتمل مختلف ریکارڈنگز کو بھی جمع کرکے ریسرچ انجن کے تحت رکھا جائے گا اور یہ سہولت میسر ہوگی کہ قاری کو سلیکٹ کریں (مثلاً امام نافع)، راوی کو سلیکٹ کریں (مثلاً روایت قالون)، قرآن مجید سے کوئی مقام یا آیت تلاوت کے لیے سلیکٹ کریں تو آپ کے سامنے کسی قاری صاحب کی اس مقام کی دوسری قراءت میں ریکارڈنگ ہو تو آپ کے سامنے پیش ہوگی اور اگر ریکارڈنگز ایک سے زیادہ ہوں تو آپ کےلیے سلیکٹ کرنے کی سہولت ہوگی، جیسے الشیخ ڈاکٹر احمد عیسی المعصراوی، الشیخ قاری عبد الرشید صوفی یا الشیخ ڈاکٹر قاری حمزہ مدنی حفظہم اللہ ودیگر مشہور قراء کی متعدد قراءات میں ریکارڈ شدہ تلاوتیں موجود ہوں گی۔ اس طرح سے آپ کسی بھی قاری کی آواز میں کسی مخصوص قراءۃ کو الگ الگ یا متعدد قراءات کو بیک جمع شدہ حالت میں سن سکیں گے۔ ان شاءاللہ
04. اس ویب پر دس قراءات متواترہ (عشرہ صغریٰ وکبریٰ، کبیر وصغیر) اور چار شاذہ قراءات کے جمیع اختلافات کو ریسرچ کرنے کی سہولت میسر ہوگی، جیسے آپ قرآن کریم کا کوئی مقام یا آیت سلیکٹ کریں، پھر آپ آئمہ عشرہ میں سے متعین یا غیرمتعین طور پر سب قراء کرام کی قراءات کی آپشن کو سلیکٹ کریں تو اس امام یا تمام ائمہ کےلیے اس قرآنی مقام کے تمام اصولی وفرشی اختلافات بمع علمی تفصیلات سامنے آجائیں گی۔
05. اس قرآن ویب سائٹ کے مستقبل کے پروگراموں میں یہ بھی ہے کہ بالخصوص تفسیر وعلوم قرآن کے سیکشن کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔ ان شاء اللہ

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس عظیم الشان منصوبہ کو اخلاص نیت کے ساتھ شرف قبولیت سے نوازے اور آئندہ پروگرام اور تمام مراحل کو کامیاب فرمائے۔ آمین ثم آمین

قاری سعد الرحمن
(فاضل کلیة القرآن الكريم، لاہور | فاضل قراءات عشرہ صغریٰ وکبریٰ | انتظامی نگران قرآن آن لائن لائبریری)
 
Top