• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

مغرب کی اسلام دشمنی

شمولیت
دسمبر 09، 2013
پیغامات
68
ری ایکشن اسکور
15
پوائنٹ
37
مغرب کی اسلام دشمنی


اس میں شک نہیں کہ آج دنیائے انسانیت بے شمار مصائب و آلام سے دوچار ہے۔ خودغرضی، غریب اقوام کو لوٹنے میں مقابلہ و مسابقت، تمیز رنگ و نسل اور آسمانی تعلیمات سے فرار نے ایک ایسی خطرناک صورت اختیار کر لی ہے جس کا علاج امریکہ، چین اور اقوام متحدہ کے پاس بھی نہیں ہے۔ آج انسانوں کو ایک ضابطہ حیات کا پابند بنانے کے لئے ایک عظیم تر اخلاقی کنٹرول کی ضرورت ہے جس کا دوسرا نام مذہب ہے اور جس کی کامل ترین صورت اسلام ہے۔إِنَّ الدِّیْنَ عِندَ اللّہِ الإِسْلاَمُ۔ (آل عمران: ۱۹)
سوویت یونین کے انحطاط کے بعد امریکہ اگرچہ دنیا کا واحد ’’تھانیدار‘‘ بنا ہوا ہے مگر عالم اسلام میں بیداری کی ایک لہر بھی پیدا ہو چکی ہے۔ پھر اسلام کی حقانیت کے پیش نظر یورپ، امریکہ اور دوسرے ممالک سے غیرمسلم بڑی تعداد میں اسلام کے دامن توحید سے وابستہ ہو رہے ہیں۔ امریکی اور یورپین مفکرین کا خیال ہے کہ احیاء اسلام کی لہر کو روکنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اسلام کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کیا جائے اور اسلامیانِ عالم کو سیاسی اور اقتصادی طور پر پسماندہ کر دیا جائے۔ ان کی یہ غلط فہمی ہے کہ اس طرح اسلام اپنا رخ بدل لے گا۔ ہمیں تو یقین کامل ہے کہ اسلام آگے بڑھتا ہی رہے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت اس کا راستہ روک نہیں سکتی۔ قرآن مجید کا ارشاد ہے:
{یُرِیْدُونَ لِیُطْفِؤُوا نُورَ اللَّہِ بِأَفْوَاہِہِمْ وَاللَّہُ مُتِمُّ نُورِہِ وَلَوْ کَرِہَ الْکَافِرُونَ} (صف: ۸)

نور خدا ہے کفر کی حرکت پہ خندہ زن
پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا

یہ حقیقت ہے کہ پسماندہ اقوام کا مغرب پر اقتصادی انحصار آہستہ آہستہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ برطانیہ خود اقتصادی مسائل سے دوچار ہے۔ پھر متعدد مسلمان ریاستوں کو پٹرولیم کے خزائن نے مغرب کو بھی ان کا محتاج بنا دیا ہے۔ پھر بہت سے مسلمانوں کے سرمایہ سے یورپ اور امریکہ کے بینک آباد ہیں۔ یہ بات تو درست ہے کہ مغرب کی یورش اور تہذیب نے مسلمانوں کی ثقافت اور ان کی قدروں کو نقصان ضرور پہنچایا ہے مگر مسلمانوں کا یہ اعتماد کبھی ختم نہیں ہوا کہ اسلام دنیا کا برحق دین، تمام ادیان سے برتر اور عالمگیر صداقتوں کا امین ہے۔ یہ بھی اسلام کی حقانیت ہے کہ آج برطانیہ میں گرجے فروخت ہو رہے ہیں اور وہاں مسجدیں آباد ہو رہی ہیں۔ مغربی تہذیب جسے اہل مغرب انسانی تخیل کی انتہائی پرواز اور انسانی علم و عمل کی معراج سمجھتے ہیں۔ اب وہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ ایسے عالم میں بعض قومیں تہذیب و ترقی کے

اصول ان کھنڈرات میں ڈھونڈ رہی ہیں
بات بگڑی ہے کچھ ایسی کہ بنائے نہ بنے

ہمیں یہ تسلیم ہے کہ اہل یورپ نے سائنس کی دنیا میں بڑی ترقی کی ہے مگر اس کی تہذیب دم توڑ رہی ہے۔ اس کی تہذیب میں حلال و حرام کی کوئی تمیز نہیں۔ جنسی آوارگی نے اخلاقی قدروں کو پامال کر دیا ہے۔ وہاں شرم و حیاء کی تمام پابندیوں سے عورت آزاد ہے۔ وہ مردوں کے میدان کار میں برابر حصہ لیتی ہے۔ اس کے فطرتی نسوانی خواص تو مخلوط تعلیم گاہوں میں مضمحل اور بے حِس کر دئیے جاتے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ مغرب کی بے لگام آزادی دراصل عورت کی بربادی ہے۔
مغرب کی اسلام دشمنی عام ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ مغربی ممالک اسلامی دنیا کے قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے خائف ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمان قوم کو معدنی دولت، افردای قوت کے ساتھ ساتھ ذہنی صلاحیتوں سے بھی نوازا ہے۔ اگر انہیں صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع میسر آجائیں تو وہ فکری انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ چنانچہ مغربی طاقتیں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسلامی ممالک کو سائنس اور ٹیکنالوجی کی دوڑ میں پسماندہ رکھنا چاہتی ہیں، اس لئے کہ مسلمانوں کی ترقی‘ مغرب کی اجارہ داری کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ مغرب کی اسلام اور مسلمان دشمنی کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ تہذیب و تمدن، جمہوریت اور انسانی حقوق کے یہ علمبردار فلپائن، بوسنیا، کشمیر، برما، بھارت اور فلسطین کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کے روادار نہیں۔ مغرب کی پشت پناہی سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جس بڑے پیمانے پر ان ممالک میں کی جا رہی ہیں اس کو دیکھ کر یہی کہا جا سکتا ہے کہ طاغوتی طاقتوں کا استحصالی نظام جلد یا بدیر ختم ہو کر رہے گا اور ان شاء اللہ یہ وقت آئے گا۔

شب گریزاں ہو گی آخر جلوۂ خورشید سے
یہ چمن معمور ہوگا نغمۂ توحید سے

لنک
 
Top