نذر اور اسکی قسمیں
عن عائشہ رضی اللہ عنھا قالت: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
" من نذر ان یطیع اللہ فلیطعہ و من نذر ان یعصیہ فلا تعصیہ"
جو شخص اس بات کی نذر مانے کہ وہ اللہ تعالی کی اطاعت کرے گا تو اسے اللہ تعالی کی اطاعت کرنی جاہیے[اپنی نذر پوری کرنی جاہیے] اور جو شخص نذر مانے کہ وہ اللہ تعالی کی نافرمانی کرے گا تو وہ اللہ تعالی کی نافرمانی نہ کرے۔
[صحیح البخاری: 6696، الایمان- سنن ابو داود: 3289، الایمان-سنن الترمذی: 1526، النذر و الایمان]
تشریح: اپنے آپ پر کسی چیز کو واجب کر لینے کا نام نذر ماننا یا منّت ماننا ہے۔
نذر کی قسمیں:
1۔ یہ نذر کبھی مطلق ہوتی ہے جیسے میں یہ نذر مانتا ہوں کہ روزانہ پچاس رکعت نفل پڑھوں گا یا میں اللہ تعالی سے یہ عہد کرتا ہوں کہ ہر ماہ دس دن کا روزہ رکھوں گا، شرعی طور پر ایسی نذر ماننا پسندیدہ اگرچہ نہیں ہے لیکن اگر نذر مان لی گئی تو اس کا پورا کرنا فرض و واجب ہے یہ نذر ناپسندیدہ اس لیے ہے کہ بندے نے اپنے اوپر ایک ایسی چیز کو واجب کرلیا جو اس پر شرعی طور پر واجب نہیں تھی اور بہت ممکن ہے کہ اس کی ادائیگی سے عاجز آجائے،
2۔ نذر کی دوسری صورت یہ ہے کہ کبھی کسی سبب کے ساتھ معلق کی جاتی ہے، جیسے اگر میرا بچہ شفایاب ہوگیا تو اللہ کے لئے ایک بکرا ذبح کروں گا، یہ نذر پہلی صورت سے بھی زیادہ ناپسندیدہ ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا:
" نذر نہ مانو اس لئے کہ نذر تقدیر سے کسی چیز کو دور نہیں کرتی، سوا ئے اسکے کہ نذر کی وجہ سے بخیل کچھ مال خرچ کردیتا ہے"
[بخاری و مسلم]
یعنی گویا یہ شخص اللہ کی راہ میں اسی وقت خرچ کرے گا جب اس کا کسی قسم کا فائدہ ہوگا اور اگر اس کا کوئی فائدہ نہ ہوا تو اللہ تعالی کے راستے پر خرچ نہ کرے گا، البتہ اس کا بھی پورا کرنا ضروری اور واجب ہے۔
3۔ نذر کی ایک تیسری صورت وہ ہوتی ہے جس میں بندہ اللہ تعالی کی نافرمانی کی نذر مانتا ہے، جیسے کوئی یہ کہے: میرا یہ کام ہوجائے تو فلاں مزار پر چراغ جلاؤں گا یا چادر چڑھاؤں گا، یا کسی سے ناراض ہوکر اس سے بات نہ کرنے کی نذر مان لے، اس نذر کا حکم یہ ہے اسکا پورا کرنا جائز نہیں ہے بلکہ بسا اوقات اس نذر کا پورا کرنا کفر و شرک تک پہنچا دیتا ہے، البتہ اس نذر کو توڑنے کی وجہ سے اس پر قسم کا کفارہ واجب ہوگا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:
" کسی گناہ کے کام کی نذر نہیں ہے اور اس کا کفارہ، قسم کا کفارہ ہے"
[سنن ابوداود، الترمذی]
یعنی اگر کوئی شخص کسی گناہ کے کام کی نذر مانتا ہے تو اس پر واجب کہ نذر کو پورا نہ کرے بلکہ اسے توڑ دے اور قسم کا کفارہ ادا کرے،
قسم کا کفارہ:
کفارہ یہ ہے کہ ایک غلام آزاد کرنا، یا دس مسکینوں کو کھانا کھلانا یا دس مسکینوں کو کپڑا پہنانا، اور اگر ان تینوں کاموں سے کوئی ایک کام بھی نہ کرسے تو تین دن کا روزہ رکھنا۔
زیر بحث میں نذر کی انہیں صورتوں کا حکم بیان ہوا ہے البتہ نذر کی بعض اور قسمیں بھی ہیں جیسے:
نذر کی ایک قسم یہ ہے کہ کسی مکرہ اور شرعا ناپسندیدہ عمل کی نذر مانی جائے، جیسے بغیر کسی شرعی وجہ کے طلاق کی نذر ماننا، پیاز و لہسن کھا کر مسجد جانے کی قسم کھانا وغیرہ۔ اس کے بارے میں شرعی حکم یہ ہے کہ اس نذر کا پورا کرنا بہتر نہیں ہے۔ بلکہ مستحب یہ ہے کہ اس کا کفارہ ادا کیا جائے۔
غصے اور جھگڑے کی نذر: اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ بندہ اپنے کو یا کسی اور شخص کو کسی کام سے روکنے یا کسی کام کے کرنے کے لئے نذر مانے جیسے یہ کہے کہ اگر میں نے ایسا کیا تو دو مہنے کا روزہ رکھوں گا یا ایک بکری ذبح کر کے لوگوں کی دعوت کروں گا۔ اس کا حکم یہ ہے کہ اس نذر کا پورا کرنا واجب نہیں ہے، چاہے تو پورا کرے یا قسم کا کفارہ ادا کرے، البتہ بہتر یہی ہے کہ اگر کسی عبادت کے کام کی نذر مانی ہے تو اسے پورا کرے اور اگر کسی عادت کے کام کی نذر مانی ہے تو اسے پورا کرنا یا کفارہ دینا دونوں برابر ہے۔جس چیز کا مالک نہ ہو اس کی منت ماننا : اس کی صورت یہ ہے کہ بندہ کسی ایسی چیز کے صدقہ و خیرات کی قسم کھائے جس کا وہ مالک نہیں ہے، اس نذر کا حکم ہے کہ اس کا پورا کرنا مشروع نہیں ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
" اس نذر کو پورا کرنا جائز نہیں جس میں گناہ ہو اور اس نذر کو بھی پورا کرنا نہیں ہے جس کا آدمی مالک نہیں ہے"
[سنن ابو داود بروایت عمران}
اس پر کفارہ ہے کہ نہیں اس بارے میں اہل علم کے درمیان اختلاف ہے احتیاط اسی میں ہے کہ اس کا کفارہ ادا کیا جائے۔
شکرانے کی نذر : اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ کسی بندے کو معصیبت سے نجات مل گئی، اسے اولاد کی دولت نصیب ہوئی یا کسی خطرناک بیماری سے شفا مل گئی تو بطور شکریہ کے نذر مانے کہ میں نیکی کا یہ کام کروں گا، اس کا حکم یہ ہے کہ اسے پورا کرنا کار ثواب اور یہ ایک نیک عمل ہے، اللہ تعالی اپنے نیک بندوں کی تعریف فرماتا ہے:
" یوفون بالنذر ویخافون یوما کان شرہ مستطیرا"
"جو نذریں پوری کرتے ہیں اور اس دن سے ڈرتے ہیں جس کی برائی چاروں طرف پھیل جانے والی ہے"
[الانسان:7]