• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

نسوارکیاہے اورکیا اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے ؟

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,400
ری ایکشن اسکور
469
پوائنٹ
209
نسوار تمباکو کے پتے کو پیس کربنائی ہوئی نشہ آورچیز ہے، اس میں چونا اور کوئلے کی بھی ملاوٹ ہوتی ہے۔ ناک ، سانس یا انگلی کے ذریعہ اسے استعمال کیا جاتاہے ۔ جیسے تمباکو کھانا اور سگریٹ پینا حرام ہے ویسے ہی نسوار کا استعمال ہے ۔اگر آپ نسوار کے نقصانات کا جائزہ لیں گے تو آپ کو بھی اس کی خطرناکی کا بخوبی علم ہوجائے گا۔
اسلام نے ہرنشہ آورچیزکو حرام قرار دیا ہے، اللہ تعالی کا فرمان ہے :
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ(المائدة:90)
ترجمہ: اے ایمان والو! بات یہی ہے کہ شراب اور جوا اور تھان اور فال نکالنے کے پانسے کے تیر یہ سب گندی باتیں ، شیطانی کام ہیں۔اان سے بالکل الگ رہوتاکہ تم فلاح یاب ہو۔
یہ آیت کریمہ منشیات کی ساری قسموں کو حرام ٹھہرانے کے لئے کافی ہے اورمنشیات کے زمرے میں نسوار، شراب، تمباکو،بیڑی،سگریٹ،گل،گٹکھا،گانجہ،بھنگ،چرس،کوکین، حقہ،افیم ،ہیروئین،وہسکی،سیمپین،بئر،ایل ایس ڈی،حشیش اورمخدارت کی تمام اشیاء شامل ہیں۔
کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ نسوار میں ہلکا نشہ پایا جاتا ہے ، یہ ایک بہانہ ہے، اسلام نے ہلکے پھلکے نشہ کو بھی حرام قرار دیا ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
ما أسكرَ كثيرُهُ ، فقليلُهُ حرامٌ(صحيح الترمذي:1865)
جس کا زیادہ حصہ نشہ آور اور مفترہواس کا کم مقدار میں بھی استعمال کرنا حرام ہے ۔
اس لئے نسوار کا استعمال ہرحال میں حرام ہے ۔ رہامسئلہ کیا نسوار سے وضو ٹوٹ جاتا ہے ؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ نسوار سے وضو ٹوٹنے کی کوئی دلیل نہیں ملتی البتہ اس میں بو پائی جاتی ہے اور نبی ﷺ نے بو والی چیز کھاکر مسجد جانے سے منع کیا ہے ۔
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے غزوہ خیبر کے دوران فرمایا:
مَن أكلَ مِن هذه الشجرةِ - يعني: الثومَ- فلا يَقْرَبَنَّ مسجدَنا (صحيح البخاري:853)
ترجمہ: جو اس درخت یعنی لہسن سے کھائے وہ ہماری مسجد کے قریب نہ آئے۔
ایک دوسری روایت میں مسجد نہ آنے کی وجہ بھی مذکور ہے ۔
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
مَن أَكَلَ مِن هذِهِ الشَّجرةِ. قالَ : أوَّلَ يومٍ ( الثُّومِ ) ثمَّ قالَ: الثُّومِ والبصلِ والكرَّاثِ - فلا يقربنا في مساجدنا؛ فإنَّ الملائِكَةَ تتأذَّى ممَّا يتأذَّى منهُ الإنسُ(صحيح النسائي:706)
ترجمہ: جو آدمی یہ پودا (عطاء نے) پہلے دن (حدیث بیان کرتے ہوئے) کہا: لہسن، پھر (دوسرے موقع پر) کہا: لہسن اور پیاز اور گندنا (پیازی) کھائے تو وہ ہماری مسجدوں کے قریب نہ آئے کیونکہ فرشتوں کو اس چیز سے تکلیف ہوتی ہے جس سے انسان تکلیف محسوس کرتے ہیں۔
اس حدیث کی روشنی میں پتہ چلتا ہے کہ نسوار سے وضو تونہیں ٹوٹتاہے لیکن چونکہ یہ حرام چیز ہے اس لئے ایک نمازی کو اس کا استعمال قطعی نہیں کرنا چاہئے مزید برآں اس کا استعمال کرکے مسجد میں جانا دیگرنمازیوں اور فرشتوں کی تکلیف کا باعث بھی ہے ۔ اللہ تعالی ہمیں اس کے استعمال سے بچائے اور جو بھائی اس میں ملوث ہیں انہیں توبہ کی توفیق دے ۔ آمین

واللہ اعلم
کتبہ
مقبول احمد سلفی

 
Top