عمر اثری
سینئر رکن
- شمولیت
- اکتوبر 29، 2015
- پیغامات
- 4,404
- ری ایکشن اسکور
- 1,137
- پوائنٹ
- 412
ڈیجیٹل علماء
_____________________
تحریر: عبدالغفار سلفی، بنارس
اب ہر چیز ڈیجیٹل ہو چکی ہے. کتابیں بھی اور انہیں پڑھنے والے بھی، انسان بھی اور اس کا علم و استحضار بھی. اب ساری لگن، تڑپ، تشنگی ان الکٹرانک ڈیواسز کے لیے وقف ہو کر رہ گئیں. اب چراغ لے کر ڈھونڈنے سے بھی متون کے حافظ نہیں ملتے. البتہ "مکتبہ شاملہ" سے سرچ کر کے مطلوبہ حدیث نکال کر فخر سے اپنے علم کی ڈفلی بجانے والے ٹٹ پونجیے ہر گلی چوراہے پر تھوک کے بھاؤ مل جائیں گے.اب جلدی کوئی یہ کہنے والا نہیں ملتا کہ میں نے فلاں کتاب پڑھی ہے. البتہ فخر سے یہ کہنے والے ضرور مل جاتے ہیں کہ میرے موبائل میں فلاں کتاب بھی ہے. میرے لیپ ٹاپ میں فلاں سافٹویئر بھی ہے. شب بیداریاں اب بھی ہو رہی ہیں لیکن کتب بینی کے لیے نہیں بلکہ لا یعنی قسم کی چیٹنگ اور بے مقصد اور لاحاصل مناظرہ بازیوں کے لیے ہو رہی ہیں.
ایک طرف ہمارے وہ اسلاف تھے کہ جو بیچارے اپنے علمی کاموں کے لیے وقت کی قلت کا رونا رویا کرتے تھے، اس کے بعد بھی امت کو ڈھیر سارا علمی ورثہ دے کر گئے، دوسری طرف ہم ہیں کہ ہمارے پاس وقت کی اتنی افراط اور بہتات ہے کہ ہم دن رات لا یعنی چیزوں میں "ٹائم پاس" کرتے رہتے ہیں. تکبروتعلی کا عالم یہ ہے کہ کوئی شخص خود کو علامہ دوراں اور مفتی زماں سے کم کہلانے پر راضی نہیں ہے. علم کی ایسی بے سروسامانی، مطالعے سے ایسا تنفر، علماء خیر کا ایسا قحط، کاغذی شیروں کی ایسی غراہٹ صدیوں سے نہیں دیکھی گئی. اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے.