کھانے کے آداب
1۔کھانے کا مقصدجسم کو توانائی فراہم کرنا ہے تاکہ اللہ کے احکامات کی پیروی میں کارگر ہوسکے۔(صحیح بخاری:1)
2۔کھانے میں حلال ،پاکیزہ اور عمدہ چیز کا انتخاب کرنا چاہیے۔(البقرہ:168)
3۔ ٹیک لگا کر کھانا درست نہیں ہے۔(صحیح بخاری:5398)
4۔کھڑا ہو کر کھانا کھانے سے اللہ کے رسول ﷺنے منع کیا ہے۔(صحیح مسلم:2024)
5۔کھانے کی نشست پر جب اہل علم اور بڑے موجود ہوں تو احتراما ان کے کھانا شروع کرنے کا انتظار کرنا چاہیے۔(سنن ابو داود:3766)
6۔کھا نا ٹھنڈا کر کے کھانا باعث برکت ہے۔( سنن دارمی: 2211)
7۔کھانے کے دوران ہڈیاں اور گٹھلیاں علیحدہ برتن میں رکھنی چاہیں۔(صحیح مسلم:2042)
8۔کھانے والی چیزیں (انگور ،کھجوروغیرہ )اجزاء کی صورت میں ہو تو ایک وقت میں ایک ہی پیس اٹھانا چاہیے۔( صحیح بخاری: 5446)
9۔کھانا اکھٹے ہو کر کھانا با عث برکت ہے۔(مسند احمد:16078)
10۔کھانے کو ہاتھ سے توڑ کر کھانا چاہیے۔سخت ہونے کی صورت میں دانتوں سے نوچ کر کھانا بھی درست ہے ۔( صحیح بخاری:)
11۔کھانے میں عیب نہیں نکالنا چاہیے ۔دل نہ مانے تو خاموشی سے چھوڑ دینا بہتر ہے۔(صحیح بخاری:3563)
12۔اگر کھانے کا لقمہ نیچے گر جائے تو اٹھا کر صاف کر کے کھا لینا چاہیے۔( صحیح مسلم:2034)
13۔اگرکوئی دوسرامسلمان بھائی کھانا کھلائے تو یہ دعاء دینی چاہیے: اللهُمَّ بَارِكْ لَهُمْ فِيمَا رَزَقْتَهُمْ، وَاغْفِرْ لَهُمْ، وَارْحَمْهُمْ (سنن ابو داود:3729)
14۔کھانا کھاتے ہوئے دوسرے مسلمان بھائیوںکا درج ذیل امور میں خیال رکھنا چاہیے:
(1)کھانے کے دوران میں نامناسب آواز یں نہیں نکالنی چاہیں کیونکہ یہ بعض طبیعتوں پر ناگوار ہو سکتی ہیں۔
(2)دوران کھانا کھانسی آنے کی صورت میں اٹھ کر ایک طرف ہو جانا چاہیے۔
(3)کھانے کے دوران ایسے موضوعات پر گفتگو نہ کریں جن سے انسان طبعا گھن محسوس کرتا ہے۔
کھا نا کھانے کا طریقہ
1۔دسترخوان پر بیٹھنے سے پہلے ہاتھوں کو اچھی طرح دھونا چاہیے۔(سنن نسائی:256)
2۔کھانے کے برتن کو قریب کر لینا چاہیے۔(جامع ترمذی: 1857)
3۔ کھانے کی ابتداء بِسْمِ الله سے کرنی چاہیے۔ابتداءمیں بھول جانے پر درمیان میں یہ دعا پڑھنی چاہیے: بِسْمِ اللَّهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ (سنن ابو داود:3767)
4۔کھانادائیں ہاتھ سے کھانا چاہیے۔(صحیح مسلم:2021)
5۔کھانا اپنے سامنے سے کھانا چاہیے۔( صحیح مسلم:2022)
6۔کھانا پلیٹ کے کناروں سے کھانا چاہیے اور درمیان سے نہیں کھانا چاہیے۔( سنن ابوداود:3773)
7۔کھانا تین انگلیوں سے کھانا چاہیے۔اور آخر میں انگلیاںچاٹ لینی چا ہییں۔( صحیح مسلم:2034)
8۔کھانےسے فراغت پر ہاتھوں کو صاف کرنے سے پہلے چاٹ لینا چاہیے۔(صحیح بخاری:5456)
9۔ کھا ناکھا لینے کے بعد اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے یہ دعا پڑھنی چاہیے: «الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَطْعَمَنِي هَذَا الطَّعَامَ، وَرَزَقَنِيهِ مِنْ غَيْرِ حَوْلٍ مِنِّي وَلَا قُوَّةٍ،
(سنن ابو داود:4023)
10۔کھانے کے برتن کوانگلیوں سے صاف کرنا حکم نبویﷺکی پیروی ہے۔(صحیح مسلم:2034)