• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

ہمارے بچے مساجد سے دُور کیوں؟*

شمولیت
اگست 11، 2013
پیغامات
17,117
ری ایکشن اسکور
6,800
پوائنٹ
1,069
*ہمارے بچے مساجد سے دُور کیوں؟*


تحریر :
انجینئر نوید قمر
ڈائریکٹر فِیل پاکستان

چھوٹا بچہ گھر میں جب امی اور ابو کو نمازپڑھتے ہوئے دیکھتا ہے تو اس کے دل میں بھی ویسا کرنے کی خواہش جنم لیتی ہے۔ وہ بغیر کہے مصلے کے ساتھ آکر کھڑا ہو جاتا ہے رکوع و سجود کی نقل اُتارتا ہے۔ بالکل سنجیدگی کے ساتھ ویسا ہی کرتا ہے جیسا وہ کرتے ہوئے دیکھتا ہے۔ پھر وہ اپنے ابو کو مسجد میں جاتے دیکھتا ہے۔ وہ بھی چاہتا ہے کہ میں بھی ان کے ساتھ وہاں جاؤں اور بغیر کہے وہ پیچھے پیچھے مسجد چلا جاتا ہے۔کبھی گھر سے کوئی نہ بھی جائے تو وہ خود مسجد پہنچ جاتا ہے۔ وہ دیکھنا چاہتا ہے کہ یہاں آکر لوگ کیا کرتے ہیں یہاں لوگ جمع کیوں ہوتے ہیں؟
وہ مسجد آتا ہے لیکن اسے مسجد کے آداب کا علم نہیں ہوتا وہ یہاں بھی گھر کی طرح دوڑتا بھاگتا ہے، شرارتیں کرتا ہے، کبھی اس صف میں جاتا ہے کبھی دوسری صف میں ، کبھی وضو خانے پر آکر دوسروں کی طرح منہ ہاتھ دھوتا ہے وہ بھی ٹونٹی کھولتا ہے اور ویسا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ضرورت سے زیادہ ٹونٹی کھول بیٹھتا ہے۔ کافی دیر تک ہاتھ پاؤں دھوتا رہتا ہے کیونکہ اُسے ایسا کرنے میں مزا آتا ہے، اسے اچھا لگتا ہے وہ بھی دوسروں کی طرح ’’بڑے بڑے ‘‘ کام کرنا چاہتا ہے اور وہ ان تمام کاموں میں بالکل سنجیدہ ہوتا ہے۔ دل سے کرتا ہے اپنی طرف سے ٹھیک کرنے کی کوشش کرتا ہے اور دل میں خوشی محسوس کرتا ہے۔
لیکن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کوئی بابا جی اُسے وضو خانے پر جھڑکتے ہیں ’’اوئے ادھر کیا کر رہے ہو‘‘ ’’اتنی زیادہ ٹونٹی کیوں کھولی ہے؟‘‘ ’’اتنی دیر سے پانی ضائع کر رہے ہو‘‘ ’’چلو اُٹھو دفع ہو جاؤ یہاں سے ‘‘ بعض اوقات تو ہاتھ سے پکڑ کر گھسیٹ کر اُسے وہاں سے نکال دیتے ہیں۔ بعض بابے اُسے کھینچ کر مسجد سے نکال دیتے ہیں۔بعض مساجد کے بزرگ تو بچوں کو دیکھتے ہی اُن کے پیچھے پڑ جاتے ہیں اور جب تک وہ مسجد سے نکل نہیں جاتے یا اُن کی مرضی کے مطابق ٹک کر نہیں بیٹھتے اُنہیں چین نہیں آتا۔
کچھ نمازی تو ایسے ہیں کہ بچے دیکھ کر ہی غصے میں آجاتے ہیں ۔ صف میں بیٹھے دیکھا تو قمیض سے پکڑ کر پیچھے کر دیا۔ کسی بچے کو باتیں کرتا دیکھا تو جا کر ایک تھپڑ لگا دیا’’بدتمیز یہ مسجد ہے چپ کرو‘‘ وہ نماز پڑھتے ہوئے ہل رہا تھا تو نماز کے دوران یا بعد میں سرعام تذلیل کر دی جاتی ہے۔ جہاں دو تین بچے اکٹھے بیٹھے باتیں کرتے یا ہنستے دیکھے فوراً انہیں مسجد سے باہر نکال دیا جاتا ہے کیونکہ مسجد کا ماحول ’’خراب‘‘ ہوتا ہے۔ وہ قرآن پکڑتا ہے تو چھین لیا جاتا ہے کہ چھوٹا بچہ ہے قرآن پھاڑ دے گا۔ کوئی بچہ صاف ستھرا نہیں تب بھی دھکے دے کر مسجد کے دروازے پر کر دیا جاتا ہے۔ دوران تراویح بچے لمبی نماز سے تھک کر بیٹھے یا ساری تراویح پڑھنے کی بجائے کوئی پڑھ لی کوئی چھوڑ دی تو اس پر کوئی صاحب انہیں گھوریں گے، منہ بنائیں گے، باتیں سنائیں گے کوئی بازو سے پکڑ کر یا جھپٹ کر اُسے زبردستی نماز میں کھڑا کریں گے یا کہیں گے نہیں نماز پڑھنی تو مسجد سے دفع ہو جاؤیا اے سی والے ہال سے نکال کر گرم صحن میں بھیج دیا جاتا ہے۔ یہی صوتحال خواتین کے ہال میں بچیوں کے ساتھ ہوتی ہے ۔ ان سب دُرشت رویوں ، گرم لہجوں، سخت غصے والے مزاجوں اور بچوں کے بے عزتی کرنے، ڈانٹنے ڈبٹنے اور مانے کا نتیجہ کیا نکلتا ہے؟
انہیں گھورنے، مارنے کے لیے دوڑنے اور گھسیٹنے کا انجام کیا ہوتا ہے؟
ہماری مساجد بچوں سے خالی رہتی ہیں حالانکہ انہی بچوں نے تو کل جواں ہو کر پختہ نمازی بننا تھا ’’لیکن افسوس ان غنچوں پر جو بِن کھلے مُرجھا گئے‘‘
دوسرا سبب مساجد کے قاری صاحبان ہیں کہ جن کے پاس بچے سپارہ / قاعدہ پڑھنے آتے ہیں ۔ اب یہاں بھی ’’نظم و ضبط‘‘ کا ’’عظیم مسئلہ‘‘ سامنے آتا ہے۔کسی بچے کی پڑھنے کی غلطی نکلی نہیں اور ٹھاہ کر کے ڈنڈا، مکا یا چپت اس کے جسم پر لگی نہیں۔ خوف اور جبر کا ماحول! ہر غلطی پر سزا، ہر بار سبق یاد نہ ہونے پر بے عزتی اور مارکٹائی یا کم از کم سرعام ’’انعام‘‘
مجھے کتنے لوگ ایسے ملے کہ جنھوں نے کہا کہ میری بچپن میں خواہش تھی کہ میں عالم دین بنوں ، حافظ قرآن بنوں ، دین سیکھوں لیکن فلاں قاری صاحب کی وجہ سے میں ایسا متنفر ہوا کہ دوبارہ مسجد داخل نہیں ہوا، ’’میں نے فلان بچے کی خوفناک پٹائی لگتے دیکھی اور میں وہاں سے بھاگ گیا‘‘ مجھ پر قاری صاحب کے رعب کی وجہ سے سبق یاد ہی نہیں ہوتا تھا یا یاد کیا ہوا بھی بھول جاتا تھا‘‘ قاریوں اور نمازیوں کے ان رویوں نے ہماری مساجد کو بے رونق کر رکھا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں کیا ہوتا تھا؟ مسجد نبوی میں کیا صورت حال تھی؟ بچے تو ہر دور میں شرارتی رہے۔ بھاگنے دوڑنے، باتیں کرنے، اچھلنے کودنے والے۔ ابھی انہیں کیا پتا کہ مسجد کے آداب کیا ہیں؟مساجد میں آتے جاتے رہیں گے نمازیوں کو دیکھتے رہیں گے تو آہستہ آہستہ سب سیکھ جائیں گے کہ مسجد میں کس طرح رہا جاتا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں بھی بچے ایسا ہی کیا کرتے تھے۔ کبھی اس صف میں دوڑ کبھی اس صف میں کبھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اوپر چڑھ گئے ۔ کبھی سجدے میں آپ ہیں تو آپ کی پیٹھ پر چڑھ کر کھیلنے لگے۔ کبھی منبر پر چڑھ گئے کبھی رونے لگے کبھی کچھ کبھی کچھ۔ لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا رویہ کیا تھا؟
سر سجدے میں ہے تمام صحابہ بطور مقتدی بھی سر بسجود ہیں۔ سجدہ طویل ہو گیا طویل سے طویل تر۔ صحابہ کے دل میں مختلف خیالات آرہے ہیں کہ آج اللہ خیر کرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سر سجدے سے کیوں نہیں اُٹھا رہے۔ بہت دیر بعد سر اُٹھایا ،نماز مکمل کی، سلام پھیرا صحابہ کو متفکر پایا تو فرمایا بات دراصل یہ تھی کہ ایک بچہ میری پیٹھ پر چڑھ کر کھیلنے لگا میں نے اُسے اُتارنا مناسب نہیں سمجھا جب وہ خود ہی اُترا تو پھر میں نے سر اُٹھایا ۔ کتنی عزت کتنا احترام مسجد میں نماز کے دوران بھی ایک بچے کے کھیل یا اُس کی شرارتوں کا!
بچے کے رونے کی آواز آتی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز مختصر کر دیا کرتے تھے۔ لیکن یہ کبھی نہیں کہتے تھے کہ لوگو یا عورتو ! اپنے بچوں کو مساجد میں نہ لایا کرو۔ اس سے ہماری نمازیں خراب ہوتی ہیں ۔ کیا ہماری نمازوں کا خشوع و خضوع نبی صلی اللہ علیہ وسلم یا صحابہ کرام کی نمازوں سے زیادہ ہے کہ جو کسی بچے کی آواز پر فوراً خراب ہوجاتا ہے۔ بلکہ آپ تو لوگوں کو کہتے کہ عورتوں کو مساجد میں آنے سے نہ روکو۔ اب عورتیں آئیں گی تو اُن کے ساتھ بچے بھی آئیں گے اور وہ ہنسیں گے بھی روئیں گے بھی ۔۔۔تو کیا کیا جائے؟ برداشت کیا جائے ! اپنے اندر صبرو تحمل پیدا کیا جائے لیکن ہم جوں جوں پہلی دوسری صف کے پختہ نمازی بنتے جاتے ہیں ہمارا مزاج اتنا ہی سخت ہوتا چلاجاتا ہے، اتنا ہی تکبر آجاتا ہے مزاج گرم ہوجاتا ہے۔ یہ کیسی عبادت ہے؟ اس کا نتیجہ تو دل کی نرمی کی صورت میں نکلنا چاہیے۔ اچھے اخلاق ، نرم گفتگو بچوں سے محبت کی شکل میں ظاہر ہونا چاہیے۔ہوناتو یہ چاہیے کہ ہم بچوں کو مساجد میں آنے کی ترغیب دیں۔ کوئی بچہ مسجد آئے اس کا استقبال کریں اُسے گلے لگائیں اُسے بوسہ دیں اُسے اتنی محبت، اتنا پیار، اتنی عزت و احترام دیں کہ اُسے لگے کہ دنیا میں اس سے بہترین جگہ کوئی نہیں، ایسے اعلیٰ لوگ کہیں نہیں، اُس کی شرارتوں، غلطیوں ، باتوں، اچھلنے کودنے کو برداشت کریں اور کبھی سمجھائیں تو علیحدگی میں نرمی اور شفقت سے اسطرح کہ اُس کی عزتِ نفس محفوظ رہے غصے کی بجائے مسکرائیں اور اُنھیں دیکھ کر اپنے بچپن کو یاد کریں کہ ہم سب بھی ایسا ہی کیا کرتے تھے۔ بچے شیطان نہیں ہوتے بلکہ یہ اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہیں۔ معصوم ہوتے ہیں، گناہوں سے پاک لیکن ناتجربہ کار ہوتے ہیں۔ وہ ہمیں دیکھ کر کچھ سیکھنا چاہتے ہیں وہ آگے بڑھنا چاہتے ہیں وہ ان مساجد سے جڑیں گے تو کل زندگی کے کسی بھی شعبے میں جائیں گے تو مساجد کو اعلیٰ مقام دیں گے، مساجد کے اماموں قاریوں کو عزت دیں گے،علماء کا احترام کریں گے بلکہ خود بھی عالم بنیں گے۔ وہ دنیا کے دیگر اداروں کی بجائے مساجد کو بنیادی مقام دیں گے۔
اکثر بچوں کو تو کئی سال اور بڑا ہونے پر علم ہوتا ہے کہ انھوں نے کیا غلطی کی تھی جس کی وجہ سے انھیں مسجد میں بے عزت کیا گیا ۔ حقیقت یہ ہے کہ جس وقت بچوں کے ساتھ ایسا سلوک ہوتا ہے تو وہ بے خبر ہوتے ہیں کہ انھوں نے کیا غلط کیا نہ ہی انھیں کوئی سمجھاتا ہے۔ ایک دوبار سمجھانا بھی کافی نہیں ہوتا بلکہ دس بار سمجھانا بھی نہیں !!! بس اپنے عمل اور ماحول سے سمجھائیں وہ خود بخود اندازہ لگا ئے کہ یہاں کا ماحول مختلف ہے اور یہاں مجھے کیسے آنا جانا ہے اور کیا کس طرح کرنا ہے؟
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بچے تو درکنار کسی بڑے انسان کے مسجد میں پیشاب کرنے کو بھی برداشت کیا اور لوگوں کو اُسے مارنے یا ڈانٹنے سے منع کیا ۔ پھر اُسے بلا کر شفقت سے سمجھایا کہ مساجد نماز کی ادائیگی کے لیے ہوتی ہیں نہ کہ ایسے کاموں کے لیے ، وہ اس سلوک سے اتنا متاثر ہوا فوراً کلمہ پڑھ کر مسلمان ہوگیا۔
کیا آج ہم کسی غیر مسلم کے لیے اپنی مساجد میں اتنی برداشت اور حوصلہ رکھتے ہیں؟ کم از کم مسلمان بچوں کے لیے تو پیدا کریں۔
میرے خیال میں تو بچے مساجد میں اگر پیشاب یا پاخانہ بھی کر دیں تو اس پر ہنگامہ کھڑا نہ کریں اور نہ ان کے والدین کو شکایات لگائیں کہ انھوں نے بچوں کو مسجد میں کیوں بھیجا۔ سکول اپنے کاروبار کے لیے اڑھائی تین سال کے بچے کو برداشت کرتا ہے۔ اُن کے لیے آیا یا ماسی کا بندوبست کرتا ہے ۔ انھیں ہر صورت صاف ستھرا رکھتا ہے۔ پیمپرز کا بندوبست رکھتا ہے یا کم از کم والدین کے تعاون سے اسے سر انجام دیتا ہے اور اس کی کوشش ہوتی ہے کہ باوجود اس تمام تکالیف کے زیادہ سے زیادہ بچے سکول میں آئیں۔ یہی وجہ ہے کہ سکول بچوں سے بھرے ہوئے ہیں کلاسز میں جگہ نہیں لیکن مساجد؟ مساجد کی صفائی ستھرائی کے لیے ہم خرچ کرتے ہیں ایک اور صفائی والے آدمی کا خرچہ برداشت کر لیں تو ہماری نئی نسلیں نمازی بن سکتی ہیں۔
جب سے ہماری مساجد میں قیمتی قالین بچھانے اور شیشے والی کھڑکی اور دروازوں کا رجحان پیدا ہوا ہے اس وقت سے مساجد کی انتظامیہ بچوں کے حوالے سے اور زیادہ حساس ہو گئی ہے۔انھیں ہر وقت یہ خدشہ رہتا ہے کہ بچے قیمتی قالین خراب کر دیں گے۔ شیشے والے دروازے ٹوٹ سکتے ہیں۔ ہم یہ سوچ لیں کہ بچے زیادہ قیمتی ہیں یا قالین؟ بچوں کی تربیت زیادہ ضروری ہے یا شیشوں والے دروازوں کی حفاظت؟
*آئیے مساجد اور اپنے دلوں کے دروازے بچوں کے لیے کھول دیجیے۔*
*یہی هماری ذمے داری ہے۔*
 

عبدالعزيز

مبتدی
شمولیت
اکتوبر 24، 2017
پیغامات
169
ری ایکشن اسکور
78
پوائنٹ
29
عمدہ تحریر. واقعی ، جناب انجینئر نوید قمر صاحب نے صحیح سمت توجہ دلائی ہے. جزاک اللہ خیر -
 

رحمانی

رکن
شمولیت
اکتوبر 13، 2015
پیغامات
382
ری ایکشن اسکور
105
پوائنٹ
91
بچوں کے مسجد میں نہ آنے کے مختلف وجوہ میں سے ایک وجہ ہوسکتی ہے لیکن مکمل وجہ نہیں، بیشتر گھر اورگھرانے ایسے ہیں جہاں کے بڑوں کو ہی نماز کی کوئی فکر نہیں، توبچے مسجد اورنماز سے کیسے جڑیں، زیر بحث مضمون میں جن بچوں کے بارے میں بات کی گئی ہے وہ نمازسے جڑے افراد کے بچے ہیں، جو اپنے والدین کو نماز پڑھتادیکھ کر مسجد میں آناچاہتے ہین،لیکن ہمارے معاشرے کا دوتہائی بلکہ اس سے بھی بڑا طبقہ وہ ہے جو نماز ہی نہیں پڑہتا،لہذا یہ بات مطلقا درست نہیں ہے کہ بچے مسجد میں اس لئے نہیں آرہے ہیں کہ بچوں کو ڈانٹاجارہاہے۔
 

خضر حیات

علمی نگران
رکن انتظامیہ
شمولیت
اپریل 14، 2011
پیغامات
8,771
ری ایکشن اسکور
8,496
پوائنٹ
964
بچوں پر سختی نہیں ہونی چاہیے ، یہ سارے اصول مسجد وغیرہ کے ساتھ ہی خاص نظر آتے ہیں ۔ اپنے گھروں کی صفائی ستھرائی کا ہر کوئی خیال رکھتا ہے ۔ بلکہ بعض دفعہ گھروں میں شور وغل بھی برداشت نہیں کیا جاتا ۔
مساجد پر توجہ دی جائے ، ہر محلے دار بالخصوص ’ بچوں کی تربیت کے معاملے میں حساس حضرات ‘ مسجد کو ماہانہ فنڈ دیں ، ملازمین کا انتظام کیا جائے ، بچوں کی وجہ سے مسجد کا جو نقصان ہو ، اس کی ذمہ داری اٹھائی جائے ، دونوں طرف سے شکایات کم ہوجائیں گی ۔
میرے خیال میں تو بچے مساجد میں اگر پیشاب یا پاخانہ بھی کر دیں تو اس پر ہنگامہ کھڑا نہ کریں اور نہ ان کے والدین کو شکایات لگائیں کہ انھوں نے بچوں کو مسجد میں کیوں بھیجا۔ سکول اپنے کاروبار کے لیے اڑھائی تین سال کے بچے کو برداشت کرتا ہے۔ اُن کے لیے آیا یا ماسی کا بندوبست کرتا ہے ۔ انھیں ہر صورت صاف ستھرا رکھتا ہے۔ پیمپرز کا بندوبست رکھتا ہے یا کم از کم والدین کے تعاون سے اسے سر انجام دیتا ہے اور اس کی کوشش ہوتی ہے کہ باوجود اس تمام تکالیف کے زیادہ سے زیادہ بچے سکول میں آئیں۔ یہی وجہ ہے کہ سکول بچوں سے بھرے ہوئے ہیں کلاسز میں جگہ نہیں لیکن مساجد؟ مساجد کی صفائی ستھرائی کے لیے ہم خرچ کرتے ہیں ایک اور صفائی والے آدمی کا خرچہ برداشت کر لیں تو ہماری نئی نسلیں نمازی بن سکتی ہیں۔
تحریر لکھنے والے انجینئر صاحب کو صرف ایک مہینہ کسی مسجد کی ذمہ داری دیں ، دیکھتے ہیں ، کس طرح ’ فی سبیل اللہ ‘ بچوں کے لیے ’ پلے گروپ ‘ کا ماحول فراہم کرتے ہیں ۔ رہی بات صفائی والے آدمی کا خرچ برداشت کرنا ، ایسا ہو تو بڑی اچھی بات ۔ لیکن یہ خالی باتیں ہیں ، ابھی تو کچھ بچے آتے ہیں ، جب یہ فنڈ لگادیا گیا ، تو سرے سے نہ بچہ اور نہ اس کا باپ مسجد میں نظر نہ آئیں گے ۔ إلا ماشاء اللہ ۔
 

ابن داود

فعال رکن
رکن انتظامیہ
شمولیت
نومبر 08، 2011
پیغامات
3,416
ری ایکشن اسکور
2,733
پوائنٹ
556
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
مجھے تو یہ محسوس ہوا کہ نماز پڑھنے والے اور مولویوں کو بچوں کے نماز نہ پڑھنے کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے!
اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ یہ پاکستان کا ایک یونیورسٹی زدہ طبقہ مولویوں کے پیچھےبلا وجہ لٹھ لے کر پڑ جاتا ہے!
حالانکہ یہ تمام معاملات بچوں کے ساتھ صرف مساجد میں پیش نہیں آتے، ہر جگہ یہ معاملات پیش آتے ہیں!
ویسے پانی والی بات پر تو مجھے حیرت ہوئی، کہ اہل کراچی میں سے ہونے کے باعث میں تو یہ بات سمجھ سکتا ہوں کہ پانی کی ٹوٹی سے کھیلتے ہوئے، پانی ضائع کرنا تو واقعتاً قابل تعذیر جرم ہے!
وہ کہتے ہیں کہ :
پانی آنے کی بات کرتے ہو
دل جلانے کی بات کرتے ہو
ہم نے چھ دن سے منہ نہیں دھویا
تم نہانے کی بات کرتے ہو
بہر حال،یہ تمام معاملات جو یہاں انجینئر صاحب نے بیان کئے ہیں، یہ مسجد کے ساتھ خاص نہیں، یہ ہمارے معاشرے کا عمومی مزاج ہے، اور اس میں ہر چیز بری بھی نہیں!
اور جن اسکول میں ماسی پیمپر تبدیل کرتی ہے، اس اسکول ماں باپ بچے کے ساتھ ''مال'' یعنی کہ پیسہ بھی خوب بھیجتے ہیں!
 
Last edited:

ابو عبدالله

مشہور رکن
شمولیت
نومبر 28، 2011
پیغامات
723
ری ایکشن اسکور
448
پوائنٹ
135
مندرجہ بالا مضمون "فیل FEEL" کے ڈائریکٹر انجنیئر نوید قمر صاحب کا لکھا ہوا ہے جو کہ خود بھی تعلیمی ادارہ جات کے ایک مجموعے کی انتظامیہ میں شامل رہے ہیں اور ان کی یہ عمدہ تحریر کافی عرصہ پہلے بھی نظر سے گذری تھی. یہ سلفی العقیدہ ہیں اور "انجنیئر" کا لاحقہ لگنے کی وجہ سے انہیں جس طبقے سے "متعلق" سمجھا جارہا ہے ان کا اس سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے. واللہ اعلم
اس تحریر سے مجھے جو بات سمجھ آئی وہ یہی ہے کہ مسجدوں میں بچوں کی آمد کی "ہر ممکن" حوصلہ افزائی ہونی چاہیے کیونکہ یہی ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور یہ ایک اچھی فکر ہے. بھائیوں کی طرف سے اٹھائے گئے نکات بھی اہم ہیں لیکن "مثبت انداز" میں پیشرفت کی جائے تو یقیناً "صاحب تحریر" کی باتیں "کچھ غلط" بھی نہیں ہیں.
IMG-20170913-WA0002.jpg
 

خضر حیات

علمی نگران
رکن انتظامیہ
شمولیت
اپریل 14، 2011
پیغامات
8,771
ری ایکشن اسکور
8,496
پوائنٹ
964
مندرجہ بالا مضمون "فیل FEEL" کے ڈائریکٹر انجنیئر نوید قمر صاحب کا لکھا ہوا ہے جو کہ خود بھی تعلیمی ادارہ جات کے ایک مجموعے کی انتظامیہ میں شامل رہے ہیں اور ان کی یہ عمدہ تحریر کافی عرصہ پہلے بھی نظر سے گذری تھی. یہ سلفی العقیدہ ہیں اور "انجنیئر" کا لاحقہ لگنے کی وجہ سے انہیں جس طبقے سے "متعلق" سمجھا جارہا ہے ان کا اس سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے. واللہ اعلم
اس تحریر سے مجھے جو بات سمجھ آئی وہ یہی ہے کہ مسجدوں میں بچوں کی آمد کی "ہر ممکن" حوصلہ افزائی ہونی چاہیے کیونکہ یہی ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور یہ ایک اچھی فکر ہے. بھائیوں کی طرف سے اٹھائے گئے نکات بھی اہم ہیں لیکن "مثبت انداز" میں پیشرفت کی جائے تو یقیناً "صاحب تحریر" کی باتیں "کچھ غلط" بھی نہیں ہیں.
نام دیکھا دیکھا لگتا ہے ۔ غالبا جماعۃ الدعوۃ کےساتھ بھی منسلک ہیں یا رہے ہیں ۔
بچوں کو مساجد میں لانا چاہیے ، بالکل ، اس سوچ سے کسی کو اختلاف نہیں ۔ اختلاف اس سے ہے کہ اپنی کمزوریوں کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرایا جاتا ہے ۔ جب میں خود اپنے بچے کی ذمہ داری نہیں اٹھا سکتا ، تو مسجد میں آنے والے ایک بوڑھے یا بیمار شخص سے کیا توقع رکھوں ؟ اس کے لیے اتنا کافی نہیں کہ جو ذمہ داری اللہ نے اس کے ذمہ لگائی ہے ، اسے نبھانے کے لیے مسجد آگیا ہے ۔ اب اپنے بچے کی تربیت اس کے ذمے لگانے کی بجائے ، مجھے خود وقت نکالنا چاہیے ، یا اس کے لیے ملازم کا بندوبست کرنا چاہیے ۔
پھر بچوں کی بوڑھوں یا بڑوں سے ڈانٹ کی اتنی حساسیت ، یہ بھی ہمارا اسلامی کلچر اورسوچ نہیں ہے ۔ بلاوجہ کی حساسیت کو ختم کریں ، بچوں کو بڑوں کا ادب و احترام سکھائیں ، ان کی مجبوریاں اور عمر کے تقاضوں سے آگاہ کریں ، ڈانٹ کھا کر بگڑنے کی بجائے ، سدھریں گے ۔ کل کو بچوں اور ان کے ماں باپ نے بھی بڑھاپے میں جانا ہے ۔
 

ابن داود

فعال رکن
رکن انتظامیہ
شمولیت
نومبر 08، 2011
پیغامات
3,416
ری ایکشن اسکور
2,733
پوائنٹ
556
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
عموماً میں اپنے ذاتی تجربات کا ذکر نہیں کیا کرتا، مگر اس لئے کیئے دیتا ہوں کہ شاید مدعا اچھی طرح بیان کیا جا سکے!
جب میں چھوٹا تھا یعنی کہ 5 یا 6 سال کا تو والد نے دکان کچھ لینے بھیجا، دکان والے میرے نے مجھ سے کچھ مزاق کیا، اس مذاق کے دورا غلطی سے میری زبان سے ان کے لئے ''تو'' کا صیخہ نکل گیا!
اب یہ ہو تا گیا، لیکن مجھے ٹینشن شروع ہوگئی! کہ غلطی تو میں نے کردی ہے، اب یہ بات میرے والد تک پہنچے گی، تو میری خیر نہیں!
ہوا بھی یو ہی، اگلے دن مجھے میرے والد مجھے اسی دکان پر لے گئے اور اس واقعہ کا ذکر کیا، اب یہ تو مجھے یاد یاد نہیں کہ کیا کہا کیا نہیں! مگر مجھے وہ پٹائی یاد ہے!
ہم بچپن میں اگر کوئی شرارت کرتے، یا کبھی کہیں کسی سے کوئی جھگڑا ہو بھی جاتا، تو ہمیں زیادہ خوف یہ ہوتا تھا کہ محلہ کا کوئی شخص ہمیں دیکھ نہ لے، کہ گھر خبر پہنچنے پر والد صاحب نے جو کرنا ہے سو کرنا ہے، اس سے قبل وہی شخص ہماری پٹائی نہ کردے!
کہ ہمیں بھی معلوم تھا کہ یہ محلہ کے بڑوں کا ہم پر حق ہے، جسے ہمارے والدین روا جانتے ہیں!
اب حالات مختلف علاقوں میں مختلف ہیں! ہمارا محلہ تو جدی پشتی وہاں آبادہے، ہر شخص سب کے حسب و نسب بھی جانتا ہے، اور اکثر کی تو جدی پشتی رشتہ داری بھی ہے، لہٰذا کافی حد تک اب بھی بہتر ہے!
مگر کافی جگہ حالات ایسے ہیں کہ پڑوسی کے بچہ کو کوئی ڈانٹ بھی نہیں سکتا!
اللہ خیر کرے!

رہی بات ہمارے انجینئر صاحب کی! تو ان کی دعوت بلکل بجا ہے، اور وقت کی ضرورت ہے، مگر اس کے حل کے لئے ہمیں اپنی معاشی اور معاشرتی صورت حال کو بھی مد نظر رکھنا چاہئے!

ترکی مساجد میں ہونے والے بہت سے امور دل خراش ہوتے ہیں، مگر یہ معاملہ دل خوش کرنے والا ہے!
 
Top