ویسٹرن کموڈ کے استعمال پر ایک معلوماتی ویڈیو ۔ آج کل تو حرمین شریفین کے قریب ترین ن بیشتر معیاری ہوٹلوں کے رہائشی کمروں میں ویسٹرن کموڈ ہی موجود ہیں۔ البتہ عوامی واش رومز میں دونوں اقسام کے کموڈ مل جاتے ہیں۔ ویسٹرن کے استعمال میں دو باتیں ضروری ہیں۔ ایک وافر پانی اور دوسرا ٹشو پیپرز کی دستیابی۔ اگر آپ کا کموڈ دوسرے بھی استعمال کر تے ہوں تو آپ کموڈ سیٹ پر بیٹھنے سے قبل اسے پانی سے دھو کر، ٹشو سے خشک کرنے کے بعد اس پر ٹشو بچھا کر بیٹھئے۔ اور کموڈ میں موجود پانی کے اوپر بھی ٹشو پھیلا دیجئے تاکہ دوران استعمال نیچے کا پانی اوپر نہ اچھلے۔ فراغت کے بعد پہلے فلش آؤٹ کیجئے، پھر اپنے جسم کو پانی سے واش کیجئے۔ مسلم شاور میں پانی کا پریشر پہلے سے چیک کرلیجئے۔ اگر پریشر زیادہ ہو تو والو کی مدد سے مسلم شاور کا پریشر کم سے کم رکھئے۔ آپ مسلم شاور کی بجائے لوٹا یا ایک ڈیڑھ لیٹر والی منرل واٹر کی بوٹل بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ جسم کی طہارت کے بعد جسم کو ٹشو سے خشک کرکے اور سیٹ سے اٹھنے کے بعد دوبارہ فلش آؤٹ کیجئے۔ دو بار فلش آؤٹ سے بہتر طہارت ہوتی ہے۔ سیٹ بیٹھنے کے لئے ہے اس پر قدم رکھ کر ایسٹرن کموڈ کی طرح استعمال کرنے کی غلطی کبھی نہ کریں۔ یہ انتہائی خطرناک ہے۔ اسی طرح ایسٹرن کموڈ کو استعمال کرنے والے عموماً زیر جامہ (پاجامہ، شلوار، پتلون وغیرہ) مکمل نہیں بلکہ نصف اتار کر سمیٹ سماٹ کر بیٹھتے ہیں۔ ویسٹرن کموڈ میں ایسی غلطی کبھی نہ کریں۔ زیر جامہ مکمل اتار کر آس پاس ٹانگ دیجئے۔ یہ احتیاطی تدابیر ان لوگوں کے لئے ہے، جنہیں ”حادثاتی“ طور پر ویسٹرن کموڈ استعمال کرنا پڑجاتا ہے۔ جن کے گھروں میں ویسٹرن کموڈ موجود ہوتے ہیں (جن کا چلن اب عام ہوتا جارہا ہے)، وہ تو ان سب باتوں کے عادی ہوتے ہیں۔ ویسے اگر آپ کے گھر میں دو واش رومز ہیں تو ایک کو ایسٹرن اور ایک کو ویسٹرن بنا کر رکھئے۔ اگر دو سے زائد ہیں اور آپ اور آپ کے اہل خانہ ایسٹرن کموڈ کے عادی ہیں تب ایک کموڈ ویسٹرن ضرور بنوائیے جو بیماروں اور ضعیف لوگوں کے کام آئے گا۔ لیکن اگر آپ ویسٹرن ہی کے عادی ہیں تب کم از کم ایک کموڈ ایسٹرن ضرور بنوائیے، جو ”دیسی مہمانوں“ کے کام آئے گا۔ مسکراہٹ