صحیح مسلم میں سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہم کی روایت
ان تمام محدثین رحمھم اللہ نے سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہم کی حدیث کو اپنی اپنی کتابوں میں تحت السرۃ کے اضافہ کے بغیر بیان کیا ہے اور کوئی ایک محدث بھی اس من گھڑت اضافے کا ذکر نہیں کرتا۔ سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہم کی یہ حدیث موسیٰ بن عمیر عن علقمہ کی سند کے علاوہ دوسری سندوں سے بھی ذکر کی گئی ہے۔ اس سلسلہ کی صحیح مسلم والی روایت ملاحظہ فرمائیں:
(ترجمہ) ''سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہم بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو (نماز پڑھنے ہوئے) دیکھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رفع الیدین کیا تو اللہ اکبر کہا اور نماز میں داخل ہوئے۔ اس حدیث کے راوی ہمام کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھائے پھر چادر اوڑھ لی اور اس کے بعد سیدھا ہاتھ الٹے ہاتھ پر رکھا۔ پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع کا اراد کیا تو دونوں ہاتھ چادر سے نکالے اور رفع الیدین کیا اور اللہ اکبر کہا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع کیا۔ پس جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سمع اللہ لمن حمدہ کہا تو رفع الیدین کیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہتھیلیوں کے درمیان سجدہ کیا''۔