• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

ائمہ دعوت نجدیہ کے نزدیک «المنزلة بين المنزلتين» کا مسئلہ

ابو داؤد

مشہور رکن
شمولیت
اپریل 27، 2020
پیغامات
966
ری ایکشن اسکور
232
پوائنٹ
111
ائمہ دعوت نجدیہ کے نزدیک «المنزلة بين المنزلتين» کا مسئلہ

شیخ علامہ حسان حسین آدم ابو سلمان الصومالی حفظہ اللہ کی ایک نہایت اہم علمی و اصولی تحریر​

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نجدی علماء کی تحقیقات کا مطالعہ کرنے والا شخص یہ بات بخوبی سمجھ سکتا ہے کہ وہ تکفیر وصفی و اسمی اور تکفیر حکمی و عقابی کے درمیان فرق کرتے ہیں۔

زیادہ واضح الفاظ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ وہ تکفیر عقلی اور تکفیر سمعی کے درمیان امتیاز کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ تکفیر اور تشریک کے درمیان فرق کرنا ان کی ایک خاص اصطلاح بن چکا ہے۔ چنانچہ آپ دیکھتے ہیں کہ وہ جاہل سے تکفیر کی نفی کرتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ اس کے اندر شرک کا وصف ثابت کرتے اور مطلق طور پر اس سے اسلام کی نفی بھی کرتے ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے یہ اصول بیان کیا ہے کہ جاہل مشرک کی اس وقت تک تکفیر نہیں کی جائے گی جب تک اس تک دعوت نہ پہنچ جائے، لیکن اس کے باوجود اسے مسلمان بھی نہیں کہا جائے گا، بلکہ وہ مشرک ہے، کیونکہ اس کے اندر شرک کا وصف پایا جاتا ہے۔

یہ حکم بعض ایسے لوگوں کے لیے پیچیدگی کا باعث بنا جو مشرکین کی طرف سے بحث و جدال کرتے ہیں۔ ان میں وزیر صالح آل الشیخ بھی شامل ہیں۔ چنانچہ کبھی انہوں نے اس اضطراب کی نسبت شیخ محمد بن عبد الوہاب رحمہ اللہ کی طرف کی، کبھی ان کے بعض کلام کو جہالت کی بنا پر عذر دینے پر صریح قرار دیا اور بعض کو خلاف صواب موہم بتایا، جبکہ بعض لوگوں نے یہ دعویٰ کیا کہ اس نظریے میں صرف حمد بن ناصر منفرد ہیں۔

اس کا جواب کئی وجوہ سے دیا جاتا ہے:

پہلی وجہ: اس نظریے کو نجد کے متعدد بڑے علماء کے کلام سے ثابت کیا جا سکتا ہے، مثلا: شیخ محمد بن عبد الوہاب کے دونوں صاحبزادے حسین اور عبد اللہ، حمد بن ناصر، قاضی عبد العزیز اور شیخ عبد اللطیف بن عبد الرحمن رحمہم اللہ۔

آئیے! ان حضرات کے بعض اقوال ملاحظہ کیجیے۔

1۔ شیخ محمد بن عبد الوہاب کے صاحبزادوں حسین اور عبد اللہ اور حمد بن ناصر رحمہم اللہ سے ایک سوال کیا گیا کہ ایک ایسے شخص کے بارے میں کیا حکم ہے جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان رکھتا ہو، لیکن جہالت کی وجہ سے کوئی ایسا قول کہہ دے یا عمل کر بیٹھے جو کفر ہو، اور آپ اس وقت تک اس کی تکفیر نہ کرتے ہوں جب تک اس پر شرعی حجت قائم نہ ہو جائے؟ تو کیا اگر اس دعوت کے ظاہر ہونے سے پہلے ایسے شخص کو قتل کر دیا جائے تو اس کے قاتل پر کوئی مؤاخذہ ہوگا یا نہیں؟

انہوں نے جواب دیا:

«إذا كان يعمل بالكفر والشرك، لجهله، أو عدم من ينبهه، لا نحكم بكفره حتى تقام عليه الحجة، ولكن لا نحكم بأنه مسلم، بل نقول عمله هذا كفر، يبيح المال والدم، وإن كنا لا نحكم على هذا الشخص، لعدم قيام الحجة عليه.

لا يقال: إن لم يكن كافرا، فهو مسلم، بل نقول عمله عمل الكفار، وإطلاق الحكم على هذا الشخص بعينه، متوقف على بلوغ الحجة الرسالية.

وقد ذكر أهل العلم: أنّ أصحاب الفترات، يمتحنون يوم القيامة في العرصات، ولم يجعلوا حكمه حكم الكفار، ولا حكم الأبرار.

وأما حكم هذا الشخص إذا قُتِل، ثمّ أسلم قاتله، فإنّا لا نحكم بديته على قاتله إذا أسلم، بل نقول: الإسلام يجبّ ما قبله، لأن القاتل قتله في حال كفره
»

’’اگر کوئی شخص اپنی جہالت کی وجہ سے یا اس لیے کہ اسے متنبہ کرنے والا کوئی موجود نہ تھا، کفر اور شرک کا ارتکاب کرتا ہے تو ہم اس وقت تک اس کی تکفیر نہیں کرتے جب تک اس پر حجت قائم نہ ہو جائے۔ لیکن ہم اسے مسلمان بھی قرار نہیں دیتے، بلکہ ہم کہتے ہیں کہ اس کا یہ عمل کفر ہے، جو جان و مال کو مباح کر دیتا ہے، اگرچہ حجت قائم نہ ہونے کی وجہ سے ہم اس مخصوص شخص پر حکم نہیں لگاتے۔

یہ نہیں کہا جائے گا کہ اگر وہ کافر نہیں ہے تو مسلمان ہے، بلکہ ہم کہیں گے کہ اس کا عمل کفار جیسا عمل ہے، اور اس مخصوص شخص پر حکم لگانا اس بات پر موقوف ہے کہ اس تک رسول کی طرف سے آنے والی حجت پہنچ جائے۔

اہل علم نے ذکر کیا ہے کہ اہل فترت کو قیامت کے دن میدان حشر میں آزمایا جائے گا۔ انہوں نے نہ تو ان کا حکم کفار جیسا قرار دیا ہے اور نہ نیکوکاروں جیسا۔

اور جہاں تک ایسے شخص کا معاملہ ہے جسے قتل کر دیا گیا، پھر اس کے قاتل نے اسلام قبول کر لیا، تو اگر قاتل مسلمان ہو جائے تو ہم اس پر اس مقتول کی دیت لازم نہیں کرتے، بلکہ ہم کہتے ہیں کہ اسلام اپنے سے پہلے کے گناہوں کو مٹا دیتا ہے، کیونکہ قاتل نے اسے اس حالت میں قتل کیا تھا جب وہ کفر کی حالت میں تھا۔
‘‘

2۔ شیخ حسین اور عبد اللہ سے ان لوگوں کے بارے میں سوال کیا گیا جو اس دعوت توحید کے ظہور سے پہلے فوت ہو گئے تھے؟

ان دونوں نے جواب دیا:

«أن من مات من أهل الشرك قبل بلوغ هذه الدعوة، فالذي يحكم عليه أنه إذا كان معروفا بفعل الشرك ويدين به ومات على ذلك فهذا ظاهره أنه مات على الكفر، ولا يدعى له، ولا يضحّى له، ولا يتصدق عليه.

أما حقيقة أمره فإلى الله تعالى.

فإن كان قد قامت عليه الحجة في حياته وعاند فهذا كافر في الظاهر والباطن، وإن كان لم تقم عليه الحجة فأمره إلى الله تعالى
»

’’اہل شرک میں سے جو شخص اس دعوت کے پہنچنے سے پہلے فوت ہو گیا، اس کے متعلق ہمارا حکم یہ ہے کہ اگر وہ شرک کرنے، اسے اپنا دین سمجھنے اور اسی پر قائم رہنے کے حوالے سے معروف تھا، تو اس کا ظاہری حال یہی ہے کہ وہ کفر پر فوت ہوا۔ لہٰذا اس کے لیے دعا نہیں کی جائے گی، نہ اس کی طرف سے قربانی کی جائے گی اور نہ ہی اس کی طرف سے صدقہ کیا جائے گا۔

لیکن اس کے معاملے کی حقیقت اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے۔

اگر اس کی زندگی میں اس پر حجت قائم ہو چکی تھی اور اس نے عناد کا مظاہرہ کیا تو وہ ظاہر و باطن دونوں اعتبار سے کافر ہے، اور اگر اس پر حجت قائم نہیں ہوئی تھی تو اس کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے۔‘‘

3۔ شیخ عبد العزیز، قاضی الدرعیہ سے سوال کیا گیا کہ اللہ اور اس کے رسول پر ایمان رکھنے والا کوئی شخص اگر اپنی جہالت کی وجہ سے کوئی ایسا قول کہہ دے یا عمل کر بیٹھے جو کفر ہو، تو کیا آپ اس وقت تک اس کی تکفیر نہیں کرتے جب تک اس پر حجت قائم نہ ہو جائے؟

انہوں نے جواب دیا:

«إذا كان يعمل بالكفر والشرك لجهله ولعدم من ينبهه لا نحكم بكفره حتى تقوم عليه الحجة، ولكن لا نحكم بأنه مسلم، بل نقول عمله هذا كفر يبيح المال والدم، وإن كنا لا نحكم على هذا الشخص لعدم قيام الحجة عليه.

ولا يقال: إن لم يكن كافرا فهو مسلم، بل نقول عمله عمل الكفار وإطلاق الحكم على هذا الشخص بعينه متوقف على بلوغ الحجة الرسالية إليه، وقد ذكر أهل العلم أن أصحاب الفترات يمتحنون يوم القيامة في العرصات، ولم يجعلوا حكمهم حكم الكفار ولا حكم الأبرار
»

’’اگر کوئی شخص اپنی جہالت کی وجہ سے اور اس لیے کہ اسے متنبہ کرنے والا کوئی موجود نہیں تھا، کفر اور شرک کا ارتکاب کرتا ہے تو ہم اس وقت تک اس کی تکفیر نہیں کرتے جب تک اس پر حجت قائم نہ ہو جائے۔ لیکن ہم اسے مسلمان بھی قرار نہیں دیتے، بلکہ ہم کہتے ہیں کہ اس کا یہ عمل کفر ہے، جو جان و مال کو مباح کر دیتا ہے، اگرچہ حجت قائم نہ ہونے کی وجہ سے ہم اس مخصوص شخص پر حکم نہیں لگاتے۔

یہ نہیں کہا جائے گا کہ اگر وہ کافر نہیں تو مسلمان ہے، بلکہ ہم کہیں گے کہ اس کا عمل کفار جیسا عمل ہے، اور اس مخصوص شخص پر حکم لگانا اس بات پر موقوف ہے کہ اس تک رسول کی طرف سے آنے والی حجت پہنچ جائے۔

اہل علم نے ذکر کیا ہے کہ اہل فترت کو قیامت کے دن میدان حشر میں آزمایا جائے گا، اور انہوں نے ان کا حکم نہ کفار جیسا قرار دیا ہے اور نہ نیکوکاروں جیسا۔‘‘

4۔ شیخ عبد اللہ بن محمد رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

«أما من مات وهو يفعل الشرك جهلا لا عنادا فهذا نكل أمره إلى الله تعالى، ولا ينبغي الدعاء له والترحم عليه والاستغفار له، وذلك لأن كثيرا من العلماء يقولون من بلغه القرآن فقد قامت عليه الحجة، كما قال تعالى: ﴿لأنذركم به ومن بلغ﴾»

’’رہا وہ شخص جو جہالت کی وجہ سے شرک کرتا ہوا فوت ہو جائے، نہ کہ عناد کی وجہ سے، تو ہم اس کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کرتے ہیں۔ اس کے لیے دعا کرنا، اس پر رحمت کی دعا کرنا اور اس کے لیے مغفرت طلب کرنا مناسب نہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بہت سے علماء کہتے ہیں کہ جس شخص تک قرآن پہنچ گیا، اس پر حجت قائم ہو گئی، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿لِأُنذِرَكُم بِهِ وَمَن بَلَغَ﴾ تاکہ میں اس قرآن کے ذریعے تمہیں اور ہر اس شخص کو ڈراؤں جس تک یہ پہنچے۔‘‘

5۔ شیخ حمد بن ناصر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

«وأما من كان يعبد الأوثان ومات على ذلك قبل ظهور هذا الدين فهذا ظاهره الكفر، وإن كان يحتمل أنّه لم تقم على الحجة الرسالية لجهله وعدم من ينبهه، لأنا نحكم على الظاهر، وأما الحكم على الباطن فذلك إلى الله، والله تعالى لا يعذّب أحدا إلا بعد قيام الحجة عليه، كما قال تعالى: ﴿وما كنا معذبين حتى نبعث رسولا﴾.

وأما من مات منهم مجهول الحال فهذا لا نتعرض له ولا نحكم بكفره ولا بإسلامه، وليس ذلك مما كلفنا به، ﴿تلك أمة قد خلت لها ما كسبت ولكم ما كسبتم ولا تسألون عما كانوا يعملون﴾
»

’’اور جو شخص بتوں کی عبادت کرتا تھا اور اس دین کے ظہور سے پہلے اسی حالت میں فوت ہو گیا، تو اس کا ظاہری حال کفر ہے، اگرچہ یہ احتمال موجود ہے کہ اس کی جہالت اور اسے متنبہ کرنے والے کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس پر رسول کی طرف سے آنے والی حجت قائم نہ ہوئی ہو۔ اس لیے کہ ہم ظاہری حالت کے مطابق حکم لگاتے ہیں، جبکہ باطنی معاملے کا فیصلہ اللہ کے سپرد ہے۔ اللہ تعالیٰ کسی کو اس وقت تک عذاب نہیں دیتا جب تک اس پر حجت قائم نہ ہو جائے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿وَمَا كُنَّا مُعَذِّبِينَ حَتَّىٰ نَبْعَثَ رَسُولًا﴾ اور ہم عذاب دینے والے نہیں ہیں یہاں تک کہ کوئی رسول بھیج دیں۔

اور ان میں سے جو شخص ایسی حالت میں فوت ہوا جس کے حالات معلوم نہیں، تو ہم اس کے معاملے میں دخل نہیں دیتے، نہ اس کے کفر کا حکم لگاتے ہیں اور نہ اس کے اسلام کا حکم لگاتے ہیں۔ یہ ان امور میں سے نہیں جن کا ہمیں مکلف بنایا گیا ہے۔
﴿تِلْكَ أُمَّةٌ قَدْ خَلَتْ لَهَا مَا كَسَبَتْ وَلَكُم مَّا كَسَبْتُمْ وَلَا تُسْأَلُونَ عَمَّا كَانُوا يَعْمَلُونَ﴾ وہ ایک امت تھی جو گزر چکی، اس کے لیے وہ ہے جو اس نے کمایا اور تمہارے لیے وہ ہے جو تم نے کمایا، اور تم سے ان کے اعمال کے متعلق نہیں پوچھا جائے گا۔‘‘

6۔ شیخ حمد بن ناصر رحمہ اللہ مزید فرماتے ہیں:

«إذا تقرّر هذا فنقول؛ إن هؤلاء الذين ماتوا قبل ظهور هذه الدعوة الإسلامية، وظاهر حالهم الشرك لا نتعرض لهم ولا نحكم بكفرهم ولا بإسلامهم.

بل نقول: من بلغته هذه الدعوة المحمدية، وانقاد لها، ووحد الله، وعبده وحده لا شريك له، والتزم شرائع الإسلام، وعمل بما أمره الله به، وتجنب ما نهاه عنه، فهذا من المسلمين الموعودين بالجنة، في كل زمان وفي كل مكان.

وأما من كانت حاله حال أهل الجاهلية، لا يعرف التوحيد الذي بعث الله رسوله يدعو إليه، ولا الشرك الذي بعث الله رسوله ينهى عنه، ويقاتل عليه، فهذا لا يقال إنه مسلم لجهله؛ بل من كان ظاهر عمله الشرك بالله، فظاهره الكفر، فلا يستغفر له ولا يتصدق عنه، ونكل حاله إلى الله الذي يبلو السرائر، ويعلم ما تخفي الصدور.

ولا نقول: فلان مات كافرا، لأنا نفرق بين المعين وغيره، فلا نحكم على معين بكفر، لأنا لا نعلم حقيقة حاله وباطن أمره؛ بل نكل ذلك إلى الله، ولا نسب الأموات؛ بل نقول: أفضوا إلى ما قدموا. وليس هذا من الدين الذي أمرنا الله به؛ بل الذي أمرنا به أن نعبد الله وحده ولا نشرك به، ونقاتل من أبى عن ذلك، بعد ما ندعوه إلى ما دعا إليه رسول الله صلى الله عليه وسلم؛ فإذا أصرّ وعاند كفرناه وقاتلناه...
»

’’جب یہ بات طے ہو گئی تو ہم کہتے ہیں کہ وہ لوگ جو اس اسلامی دعوت کے ظہور سے پہلے فوت ہو گئے اور جن کی ظاہری حالت شرک تھی، ہم ان کے معاملے میں دخل نہیں دیتے اور نہ ہی ان کے کافر یا مسلمان ہونے کا حکم لگاتے ہیں۔

بلکہ ہم کہتے ہیں کہ جس شخص تک یہ محمدی دعوت پہنچ گئی، اس نے اس کے سامنے سر تسلیم خم کر دیا، اللہ کو ایک مانا، صرف اسی کی عبادت کی اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہرایا، اسلام کے احکام کی پابندی کی، اللہ کے اوامر پر عمل کیا اور اس کے نواہی سے اجتناب کیا، تو وہ ہر زمانے اور ہر جگہ ان مسلمانوں میں سے ہے جن سے جنت کا وعدہ کیا گیا ہے۔

اور جس شخص کی حالت اہل جاہلیت جیسی تھی، جو اس توحید کو نہیں جانتا تھا جس کی دعوت دینے کے لیے اللہ نے اپنے رسول کو مبعوث فرمایا، اور نہ اس شرک کو جانتا تھا جس سے روکنے اور جس کے خلاف قتال کرنے کے لیے اللہ نے اپنے رسول کو بھیجا، تو اس کی جہالت کی وجہ سے اسے مسلمان نہیں کہا جائے گا۔ بلکہ جس شخص کا ظاہری عمل اللہ کے ساتھ شرک کرنا ہو، اس کا ظاہری حکم کفر ہے۔ لہٰذا نہ اس کے لیے استغفار کیا جائے گا اور نہ اس کی طرف سے صدقہ کیا جائے گا۔ ہم اس کا معاملہ اللہ کے سپرد کرتے ہیں، جو دلوں کے بھیدوں کو آزماتا ہے اور سینوں میں چھپی ہوئی باتوں کو جانتا ہے۔

اور ہم یہ نہیں کہتے کہ فلاں شخص کافر ہو کر مرا، کیونکہ ہم کسی متعین شخص اور عمومی حکم کے درمیان فرق کرتے ہیں۔ ہم کسی متعین شخص پر کفر کا حکم نہیں لگاتے، کیونکہ ہم اس کی حقیقی حالت اور باطنی معاملے کو نہیں جانتے، بلکہ اس معاملے کو اللہ کے سپرد کرتے ہیں۔ ہم فوت شدگان کو برا بھلا بھی نہیں کہتے، بلکہ کہتے ہیں کہ وہ اپنے اعمال کے حوالے سے اپنے انجام کو پہنچ چکے۔

یہ وہ دین نہیں جس کا اللہ نے ہمیں حکم دیا ہے، بلکہ اللہ نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں، اور جو اس بات سے انکار کرے، اسے اس دعوت کی طرف بلانے کے بعد جس کی طرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعوت دی تھی، اس سے قتال کریں۔ پھر اگر وہ اپنے انکار پر اصرار کرے اور عناد کا مظاہرہ کرے تو ہم اس کی تکفیر کریں گے اور اس سے قتال کریں گے۔
‘‘

7۔ شیخ حمد بن ناصر رحمہ اللہ نے روافض کو اصلی کافر قرار دیا ہے اور ان کے حق میں جہالت کی وجہ سے عذر کو تسلیم نہیں کیا۔

8۔ علامہ عبد اللطیف بن عبد الرحمن رحمہ اللہ جاہل معرض اور اس عاجز شخص کے بارے میں، جو علم حاصل کرنے کی قدرت نہیں رکھتا تھا، فرماتے ہیں:

«وكلا النوعين لا يحكم بإسلامهم، ولا يدخلون في مسمى المسلمين، حتى عند من لم يكفِّر بعضهم ... وأما الشرك، فهو يصدق عليهم، واسمه يتناولهم، وأيّ إسلامٍ يبقى مع مناقضة أصله؟»

’’ان دونوں قسم کے لوگوں کے اسلام کا حکم نہیں لگایا جائے گا اور نہ ہی وہ مسلمانوں کے نام میں داخل ہوں گے، حتیٰ کہ ان لوگوں کے نزدیک بھی جو ان میں سے بعض کی تکفیر نہیں کرتے... رہا شرک، تو اس کا اطلاق ان پر درست ہے اور شرک کا نام ان کو شامل ہے۔ آخر اس شخص کے لیے کون سا اسلام باقی رہ سکتا ہے جو اسلام کی اصل ہی کی مخالفت کر رہا ہو؟‘‘

بلاشبہ ہم نے جو کچھ ذکر کیا ہے، وہ اس نسبت اور نظریے کی توثیق کے لیے کافی ہے۔

جب معاملہ ایسا ہے تو یہ تمام نصوص واضح اور صریح ہیں کہ جاہل مشرک نہ مسلمان ہے اور نہ ایسا کافر ہے جس پر سزا لازم آتی ہو، بلکہ وہ ایک مشرک ہے جس کی جان و مال اس وقت تک مباح نہیں ہوتے جب تک اس پر حجت قائم نہ ہو جائے۔

اور نجدی علماء کا اس کے برخلاف کوئی قول نہیں ہے۔

دوسری وجہ: مشرکین کی طرف سے بحث کرنے والوں کا یہ دعویٰ کہ شیخ حمد بن ناصر اس نظریے میں تمام نجدی علماء سے منفرد ہیں، ایک باطل دعویٰ ہے، جیسا کہ ہم ابھی بیان کر چکے ہیں۔ کیونکہ اس حکم کو اس جماعت کے بڑے بڑے اکابر نے بیان کیا ہے، مثلا:

▪︎ شیخ حسین، جو شیخ محمد بن عبد الوہاب کے جانشین اور قاضی الدرعیہ تھے۔

▪︎ شیخ عبد اللہ، جو اپنے بھائی حسین کے جانشین تھے، اور سعود کی امارت کے زمانے میں الدرعیہ کے قاضی بھی تھے، نیز ان کے صاحبزادے عبد اللہ بھی۔

▪︎ شیخ قاضی عبد العزیز بن عبد اللہ بن الحصین۔

▪︎ شیخ عبد اللطیف بن عبد الرحمن اور ان کے علاوہ دیگر علماء۔

تیسری وجہ: نجدی علماء کی بحث معتزلہ کے نظریہ «المنزلة بين المنزلتين» کو مستلزم نہیں، بلکہ ان کی عبارتیں بالکل واضح ہیں کہ مشرک مسلمان نہیں ہے، لیکن دعوت پہنچنے سے پہلے اس کی جان و مال مباح نہیں ہیں۔ نیز تکفیر کی نفی کا مطلب یہ نہیں کہ اسے ایمان کا حکم دے دیا گیا ہے۔

زیادہ سے زیادہ بات یہ ہے کہ دنیاوی سزا کو دعوت پہنچنے تک مؤخر کیا گیا ہے، جبکہ آخرت کے معاملے کو انہوں نے اہل فترت کی طرح اللہ تعالیٰ کے سپرد کیا ہے۔

چوتھی وجہ: اگر کوئی یہ سوال کرے کہ ایک طرف تکفیر کا حکم کیوں دیا جاتا ہے اور دوسری طرف اس کی نفی کیوں کی جاتی ہے، تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ احکام کے تبعّض (بعض احکام کے الگ الگ ہونے) کے اصول کے تحت آتا ہے۔

اس کی صورت یہ ہے کہ کوئی فرعی مسئلہ دو اصلوں سے مشابہت رکھتا ہو، چنانچہ اسے دو مختلف احکام دیے جائیں اور اسے مکمل طور پر ان میں سے کسی ایک اصل کے تابع نہ کیا جائے۔

اس کی وضاحت یہ ہے کہ کسی متعین شخص میں شرک کا پایا جانا اس کے کفر کا حکم دینے کا تقاضا کرتا ہے، کیونکہ حکم کو اس کے سبب کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ لیکن اس کی جہالت اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ اسے توحید کی دعوت پہنچنے سے پہلے سزا نہ دی جائے۔ چنانچہ جاہل مشرک کو دو احکام کے درمیان ایک حکم دیا گیا ہے۔

یہ اس سے بہتر ہے کہ اسے معاند شخص کے حکم کے ساتھ مکمل طور پر ملحق کر دیا جائے، کیونکہ اس صورت میں جہالت کا کوئی اثر باقی نہیں رہے گا، حتیٰ کہ دنیاوی سزا کے معاملے میں بھی نہیں۔

اسی طرح یہ اس بات سے بھی بہتر ہے کہ بتوں کی عبادت کرنے والے کو اہل توحید کے ساتھ ملحق کر دیا جائے، کیونکہ ایسا کرنے سے اس شخص میں موجود شرک کی حقیقت کو نظر انداز کرنا لازم آئے گا، اور اس کے نتیجے میں ایک ہی وقت میں دو متضاد چیزوں، یعنی توحید اور شرک، کا اجتماع لازم آئے گا، جو محال ہے۔

پس یہ بات واضح ہو گئی کہ دونوں اصولوں پر عمل کرنا، ان میں سے کسی ایک کو نظر انداز کرنے سے بہتر ہے، بالکل اسی طرح جیسے دو دلائل کو بیک وقت بروئے کار لانا ایک دلیل کو چھوڑ دینے سے بہتر ہوتا ہے۔

اسی اصل میں کفر کے احکام کا بعض اعتبار سے الگ الگ ہونا بھی شامل ہے، کیونکہ مختلف اسباب کے تقاضے ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتے ہیں۔

مثلا یہ کہا جائے کہ ایسا جاہل مشرک جو کسی اسلام سے منسوب ہو، بعض احکام میں کافر ہے؛ چنانچہ اس کی نماز جنازہ نہیں پڑھی جائے گی، اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن نہیں کیا جائے گا، اس کے لیے استغفار نہیں کیا جائے گا، اس کی طرف سے قربانی نہیں کی جائے گی اور اس سے موالات نہیں رکھی جائے گی۔ لیکن دنیا میں اس کی جان و مال اس وقت تک مباح نہیں ہوں گے جب تک اس پر دعوت قائم نہ ہو جائے۔

جیسا کہ بعض فقہاء نے مرتد کے احکام کے متعلق کہا ہے: «المرتد في حق الأحكام مسلم من وجهٍ، كافر حربي من وجهٍ» ’’مرتد بعض احکام کے اعتبار سے ایک پہلو سے مسلمان ہے اور دوسرے پہلو سے حربی کافر ہے۔‘‘


جی ہاں! اس تفصیل کا اخنسہ یا بیہسیہ کے نظریہ توقف و تبین اور نہ ہی بدعت «المنزلة بين المنزلتين» سے کوئی تعلق ہے۔

کیونکہ معتزلہ کے نزدیک کبیرہ گناہ کا مرتکب دنیا میں مسلمان اور آخرت میں کافر ہوتا ہے، جبکہ نجدی علماء کے نزدیک جاہل مشرک دنیاوی احکام میں مسلمان نہیں ہے، البتہ آخرت میں اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے۔

اس کی تائید میں کئی شواہد موجود ہیں جنہیں میں نے اپنی کتاب «الحارق لأوراق طارق» یعنی «سلسلة المقالات» میں ذکر کیا ہے۔ جو چاہے اس کی طرف رجوع کر سکتا ہے۔

اس کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ اصل قاعدہ یہ ہے کہ سبب کے پائے جانے کے بعد اس کا نتیجہ مرتب ہوتا ہے، اور سبب کے مؤثر ہونے کے لیے کسی شرط کا اعتبار نہیں کیا جاتا۔

چنانچہ تکفیر، سبب پر مسبب کو مرتب کرنے کے باب سے ہے، اور اسباب خطاب وضعی سے تعلق رکھتے ہیں۔ البتہ کفر کا سبب ایسا ہو سکتا ہے جس میں دو طرح کے خطاب جمع ہو جائیں؛ ایک طرف اس کے ساتھ حرمت کا حکم متعلق ہوتا ہے، جو خطاب تکلیفی ہے، اور دوسری طرف اس کے ساتھ تکفیر کا حکم متعلق ہوتا ہے، جو خطاب وضعی ہے۔ ان دونوں میں سے ہر حکم کے اپنے الگ آثار ہیں۔

لہٰذا کسی شخص میں سبب کفر کے پائے جانے کی وجہ سے اس کی تکفیر کرنے اور اس پر سزا مرتب کرنے کے درمیان فرق کیا جائے گا۔ پہلا حکم، یعنی کسی شخص کے اندر سبب کفر پائے جانے کی بنا پر اس کی تکفیر کرنا، وضعی حکم ہے، اس لیے اس میں علم کی شرط نہیں ہے۔ جبکہ دوسرا حکم، یعنی نہی کی حرمت کو پامال کرنے کی وجہ سے اس پر سزا مرتب کرنا، تکلیفی حکم ہے، اس لیے سزا دینے سے پہلے دعوت پہنچنا شرط ہے۔

کیا تم نہیں دیکھتے کہ عورتوں، بچوں اور مجنونوں کے اموال کفر کی وجہ سے مباح ہو جاتے ہیں، برخلاف ان کے خون کے؟

اور کیا تم نہیں دیکھتے کہ کبھی کفر و اسلام کے احکام کسی شخص میں حقیقت کفر کے پائے بغیر بھی تبعا ثابت ہو جاتے ہیں، جیسا کہ بچہ اور مجنون اپنے والدین کے کفر و اسلام کے حکم میں شامل ہو جاتے ہیں؟ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «فأبواه يهوّدانه أو ينصّرانه أو يمجّسانه أو يشرّكانه» ’’پھر اس کے والدین اسے یہودی، نصرانی، مجوسی یا مشرک بنا دیتے ہیں۔‘‘ حالانکہ وہ دیگر تمام احکام میں اپنے والدین کے تابع نہیں ہوتا۔

والدین کا اسلام یا کفر اس کے لیے بھی اسلام یا کفر کا حکم بن جاتا ہے، لیکن والد کا اقرار، اس کا غلام آزاد کرنا، اس کی طلاق دینا یا اس کا ہبہ کرنا بچے کے لیے اقرار، آزادی، طلاق یا ہبہ نہیں بن جاتا۔ لہٰذا اس میں کوئی تعجب نہیں کہ کسی شخص میں سبب کے پائے جانے کی وجہ سے جہالت کی موجودگی میں بھی کفر کے بعض احکام ثابت ہو جائیں، جبکہ یہ احکام عقل، بلوغ اور بچوں اور مجنونوں میں حقیقت کفر کے فقدان کے باوجود بھی ثابت ہوتے ہیں۔

میرا خیال ہے کہ استاد ابو منصور (متوفی 429ھ) نے اہل بدعت کے درمیان جو فرق کیا ہے اور ان میں سے بعض کو مطلقا کفار کا حکم دیا ہے، جبکہ بعض کو دو احکام کے درمیان ایک حکم دیا ہے، اس کی بنیاد بھی یہی اصل ہے۔ چنانچہ انہوں نے پہلی قسم کے بعد فرمایا:

«وإن كانت بدعته من جنس بدع الرافضة الزيدية، أو الرافضة الإمامية، أو من جنس بدع أكثر الخوارج، أو من جنس بدع المعتزلة، أو من جنس بدع النّجّارية، أو الجهمية، أو الضرارية، أو المجسّمة من الأمة، كان من جملة أمة الإسلام في بعض الأحكام، وهو أن يدفن في مقابر المسلمين، ويدفع إليه سهمه من الغنيمة إن غزا مع المسلمين، ولا يمنع من دخول مساجد المسلمين ومن الصلاة فيها.

ويخرج في بعض الأحكام عن حكم أمّة الإسلام، وذلك أنّه لا تجوز الصلاة عليه، ولا الصلاة خلفه، ولا تحلّ ذبيحته، ولا تحلّ المرأة منهم للسني، ولا يصح نكاح السنية من أحد منهم
»

’’اگر اس کی بدعت زیدیہ روافض یا امامیہ روافض کی بدعتوں جیسی ہو، یا اکثر خوارج کی بدعتوں میں سے ہو، یا معتزلہ، نجاریہ، جہمیہ، ضراریہ یا امت کے مجسمہ کی بدعتوں جیسی ہو، تو وہ بعض احکام میں امت اسلامیہ کا ایک فرد شمار ہوگا۔ مثلا اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا، اگر وہ مسلمانوں کے ساتھ جہاد میں شریک ہو تو اسے مال غنیمت میں سے اس کا حصہ دیا جائے گا، اور اسے مسلمانوں کی مساجد میں داخل ہونے اور وہاں نماز پڑھنے سے منع نہیں کیا جائے گا۔

لیکن بعض احکام میں وہ امت اسلامیہ کے حکم سے خارج ہوگا۔ چنانچہ اس کی نماز جنازہ جائز نہیں ہوگی، اس کے پیچھے نماز پڑھنا جائز نہیں ہوگا، اس کا ذبیحہ حلال نہیں ہوگا، ان میں سے کسی عورت کا کسی سنی مرد کے لیے حلال ہونا درست نہیں ہوگا، اور نہ ہی کسی سنی عورت کا ان میں سے کسی شخص کے ساتھ نکاح صحیح ہوگا۔
‘‘

خلاصہ یہ ہے کہ دعوت توحید کے ائمہ کا یہ موقف کہ جاہل شخص کو دعوت پہنچنے سے پہلے قتل نہیں کیا جائے گا، ایک قابل قبول رائے ہے۔ فقہاء نے توحید سے جاہل شخص کے بارے میں اسی کے مطابق فتویٰ دیا ہے، اور سلف کی اکثریت نے ایسے سمجھ دار بچے کے بارے میں بھی یہی موقف اختیار کیا ہے جو شرک کرتا ہو۔ لہٰذا ہمارے لیے ضروری ہے کہ ائمہ کے کلام کو ہر مقام پر اس کی مناسبت سے تفصیل و اجمال کے ساتھ سمجھیں۔

اس بنا پر مشرک سے اسلام کی نفی کرنا اور حقیقتا اس پر مشرک کے اسم کا اثبات کرنا ایسی بات ہے جس میں کوئی عالم اختلاف نہیں کر سکتا؛ کیونکہ شرعا کسی متعین شخص کے لیے اسلام کا وصف مستقل طور پر ثابت کرنا، جبکہ اسلام کی حقیقت ہی موجود نہ ہو، ممکن نہیں۔ اسلام شرک کی ضد ہے اور شرک اسلام کی ضد ہے، تو یہ دونوں ایک ساتھ کیسے جمع ہو سکتے ہیں؟

پانچویں وجہ: نجدی علماء نے دعوت پہنچنے سے پہلے بعض احکام کو الگ الگ رکھنے کی وجہ بھی بیان کی ہے، اور مشرکین کی طرف سے بحث کرنے والے شخص کے اس شبہے کا جواب بھی دیا ہے۔ چنانچہ انہوں نے فرمایا:

«فنقول: أمّا من دخل منهم في دين الإسلام ثمّ ارتد، فهؤلاء مرتدون، وأمرهم عندك واضح.

وأما من لم يدخل في دين الإسلام، بل أدركته الدعوة الإسلامية وهو على كفره، كعبدة الأوثان، فحكمه حكم الكافر الأصلي؛ لأنا لا نقول: الأصل إسلامهم والكفر طارئ عليهم، بل نقول: الذين نشأوا بين الكفار، وأدركوا آباءهم على الشرك بالله، كآبائهم، كما دل عليه الحديث الصحيح في قوله: "فأبواه يهودانه أو ينصرانه أو يمجسانه"، فإن كان دين آبائهم الشرك بالله، فنشأ هؤلاء واستمروا عليه، فلا نقول: الأصل الإسلام، والكفر طارئ عليهم، بل نقول: هم الكفار الأصليون.

ولا يلزمنا على هذا تكفير من مات في الجاهلية قبل ظهور الدين، فإنا لا نكفر الناس بالعموم، كما أنا لا نكفّر اليوم بالعموم.

بل نقول: من كان من أهل الجاهلية عاملا بالإسلام تاركا للشرك فهو مسلم. وأمّا من كان يعبد الأوثان ومات على ذلك قبل ظهور هذا الدين، فهذا ظاهره الكفر، وإن كان يحتمل أنه لم تقم عليه الحجة الرسالية لجهله وعدم من ينبهه، لأنا نحكم على الظاهر.

وأما الحكم على الباطن فذلك إلى الله تعالى، لا يعذب أحدا إلا بعد قيام الحجة عليه، كما قال تعالى: ﴿وما كنا معذبين حتى نبعث رسولا﴾.

وأما من مات منهم مجهول الحال، فهذا لا نتعرض له، ولا نحكم بكفره ولا بإسلامه، وليس ذلك مما كلفنا به ﴿تلك أمة قد خلت لها ما كسبت ولكم ما كسبتم ولا تسألون عما كانوا يعملون﴾.

فمن كان منهم مسلما أدخله الله الجنة.

ومن كان كافرا أدخله النار.

ومن كان منهم لم تبلغه الدعوة فأمره إلى الله؛ وقد علمت الخلاف في أهل الفترات، ومن لم تبلغهم الحجة الرسالية.

وأيضا: فإنه لا يمكن أن نحكم في كفار زماننا بما حكم به الفقهاء في المرتد، أنه لا يرث ولا يورث، لأن من قال: لا يرث ولا يورث، يجعل ماله فيئا لبيت مال المسلمين!

وطرد هذا القول أن يقال: جميع أملاك الكفار اليوم بيت مال لأنهم ورثوها عن أهليهم، وأهلوهم مرتدون لا يورثون، وكذلك الورثة مرتدون لا يرثون، لأن المرتد لا يرث ولا يورث.

وأمّا إذا حكمنا فيهم بحكم الكفار الأصليين، لم يلزم شيء من ذلك، بل يتوارثون، فإذا أسلموا، فمن أسلم على شيء فهو له، ولا نتعرض لما مضى منهم في جاهليتهم، لا المواريث ولا غيرها.

وقد روى أبو داود عن ابن عباس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "كل قسم قسم في الجاهلية فهو على ما قسم، وكل قسم أدركه الإسلام فهو على قسم الإسلام" وروى سعيد في سننه من طريقين، عن عروة، وابن أبي مليكة، عن النبي صلى الله عليه وسلم:"من أسلم على شيء فهو له"، ونصّ أحمد على مثل ذلك، كما تقدم عنه في رواية مهنا...
»

’’ہم کہتے ہیں کہ ان لوگوں میں سے جو شخص اسلام میں داخل ہوا، پھر مرتد ہو گیا، تو ایسے لوگ مرتد ہیں اور ان کا معاملہ تمہارے نزدیک واضح ہے۔

اور وہ لوگ جو اسلام میں داخل ہی نہیں ہوئے، بلکہ اسلامی دعوت اس حالت میں ان تک پہنچی کہ وہ اپنے کفر پر قائم تھے، مثلا بتوں کی عبادت کرنے والے، تو ان کا حکم اصلی کافروں جیسا ہے۔ اس لیے کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ان کی اصل حالت اسلام ہے اور کفر بعد میں ان پر طاری ہوا ہے، بلکہ ہم کہتے ہیں کہ جو لوگ کفار کے درمیان پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنے آباء و اجداد کو اللہ کے ساتھ شرک کرتے ہوئے پایا، تو وہ بھی اپنے آباء و اجداد ہی کی طرح ہیں۔

جیسا کہ صحیح حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے، جس میں فرمایا گیا ہے: ’پھر اس کے والدین اسے یہودی، نصرانی، مجوسی یا مشرک بنا دیتے ہیں۔‘

پس اگر ان کے آباء و اجداد کا دین اللہ کے ساتھ شرک کرنا تھا، اور یہ لوگ اسی ماحول میں پیدا ہوئے اور اسی پر قائم رہے، تو ہم یہ نہیں کہیں گے کہ ان کی اصل حالت اسلام تھی اور کفر بعد میں ان پر طاری ہوا، بلکہ ہم کہیں گے کہ یہ اصلی کافر ہیں۔

اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ ہم ان لوگوں کی تکفیر کریں جو دین کے ظہور سے پہلے زمانہ جاہلیت میں فوت ہو گئے تھے، کیونکہ ہم تمام لوگوں کی عمومی تکفیر نہیں کرتے، جیسا کہ آج بھی ہم تمام لوگوں کی عمومی تکفیر نہیں کرتے۔

بلکہ ہم کہتے ہیں کہ اہل جاہلیت میں سے جو شخص اسلام پر عمل پیرا تھا اور شرک کو چھوڑے ہوئے تھا، وہ مسلمان ہے۔ اور جو شخص بتوں کی عبادت کرتا تھا اور اس دین کے ظہور سے پہلے اسی حالت میں فوت ہو گیا، تو اس کا ظاہری حال کفر ہے، اگرچہ یہ احتمال موجود ہے کہ اس کی جہالت اور اسے متنبہ کرنے والے کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس پر رسول کی طرف سے آنے والی حجت قائم نہ ہوئی ہو، کیونکہ ہم ظاہری حالت کے مطابق حکم لگاتے ہیں۔

رہا باطنی معاملے کا فیصلہ، تو وہ اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے۔ اللہ تعالیٰ کسی کو اس وقت تک عذاب نہیں دیتا جب تک اس پر حجت قائم نہ ہو جائے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
﴿وَمَا كُنَّا مُعَذِّبِينَ حَتَّىٰ نَبْعَثَ رَسُولًا﴾ ’’اور ہم عذاب دینے والے نہیں ہیں یہاں تک کہ کوئی رسول بھیج دیں۔‘‘

اور ان میں سے جو شخص ایسی حالت میں فوت ہوا جس کے حالات معلوم نہیں، تو ہم اس کے معاملے میں دخل نہیں دیتے، نہ اس کے کفر کا حکم لگاتے ہیں اور نہ ہی اس کے اسلام کا حکم لگاتے ہیں۔ یہ ان امور میں سے نہیں جن کا ہمیں مکلف بنایا گیا ہے۔

﴿تِلْكَ أُمَّةٌ قَدْ خَلَتْ لَهَا مَا كَسَبَتْ وَلَكُم مَّا كَسَبْتُمْ وَلَا تُسْأَلُونَ عَمَّا كَانُوا يَعْمَلُونَ﴾ ’’وہ ایک امت تھی جو گزر چکی، اس کے لیے وہ ہے جو اس نے کمایا اور تمہارے لیے وہ ہے جو تم نے کمایا، اور تم سے ان کے اعمال کے متعلق نہیں پوچھا جائے گا۔‘‘

ان میں سے جو مسلمان ہوگا، اللہ اسے جنت میں داخل کرے گا۔ اور جو کافر ہوگا، اللہ اسے جہنم میں داخل کرے گا۔

اور ان میں سے جس شخص تک دعوت نہیں پہنچی، اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے۔ تم اہل فترت اور ان لوگوں کے بارے میں اختلاف سے واقف ہو جن تک رسول کی حجت نہیں پہنچی۔

مزید یہ کہ ہمارے لیے یہ ممکن نہیں کہ ہم اپنے زمانے کے کفار کے بارے میں وہی حکم لگائیں جو فقہاء نے مرتد کے بارے میں لگایا ہے کہ نہ وہ کسی کا وارث بنتا ہے اور نہ اس کا کوئی وارث ہوتا ہے۔ کیونکہ جو شخص یہ کہتا ہے کہ مرتد نہ وارث بنتا ہے اور نہ اس کا کوئی وارث ہوتا ہے، وہ اس کے مال کو مسلمانوں کے بیت المال کے لیے مال فے قرار دیتا ہے!

اور اس قول کو اس کے تمام لوازم کے ساتھ جاری کیا جائے تو یہ کہنا لازم آئے گا کہ آج کفار کی تمام جائیدادیں بیت المال کی ملکیت ہیں، کیونکہ انہوں نے یہ جائیدادیں اپنے آباء و اجداد سے وراثت میں حاصل کی ہیں، جبکہ ان کے آباء و اجداد مرتد تھے اور ان سے وراثت نہیں ملتی، اسی طرح ان کے وارث بھی مرتد ہیں اور وہ بھی وارث نہیں بن سکتے، کیونکہ مرتد نہ کسی کا وارث بنتا ہے اور نہ اس کا کوئی وارث ہوتا ہے۔

لیکن جب ہم ان کے بارے میں اصلی کافروں کا حکم لگاتے ہیں تو اس میں سے کوئی بھی لازم نہیں آتا، بلکہ وہ ایک دوسرے کے وارث بنتے ہیں۔ پھر جب وہ اسلام قبول کر لیں تو جس شخص نے اسلام قبول کیا، اس کی ملکیت میں جو کچھ تھا وہ اسی کا ہے۔ ہم ان کے زمانہ جاہلیت میں گزرے ہوئے معاملات، خواہ وراثت کے ہوں یا کسی اور چیز کے، ان میں دخل نہیں دیتے۔

امام ابو داؤد نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’زمانہ جاہلیت میں جو تقسیم بھی کی گئی، وہ اسی تقسیم کے مطابق برقرار رہے گی، اور جس تقسیم کو اسلام نے پا لیا، وہ اسلام کی تقسیم کے مطابق ہوگی۔‘

اور سعید نے اپنی سنن میں دو سندوں سے عروہ اور ابن ابی ملیکہ کے واسطے سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا ہے: ’جس شخص نے کسی چیز پر اسلام قبول کیا، وہ چیز اسی کی ہے۔‘ اور امام احمد نے بھی اسی طرح کا حکم بیان کیا ہے، جیسا کہ مہنا کی روایت میں ان سے پہلے نقل ہو چکا ہے۔‘‘

یہ دعوت توحید سے پہلے عبادت گزاروں کے حکم کے بارے میں ایک نہایت عمدہ اور مفصل وضاحت ہے، جسے شیخ محمد بن عبد الوہاب رحمہ اللہ کے بڑے اصحاب کے قلموں نے مرتب کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان سب پر رحم فرمائے۔

یہ بات بھی آپ کی نگاہ سے اوجھل نہ رہے کہ کسی چیز کے اصل ہونے کا مفہوم یہ ہے کہ وہ حسی یا حکمی اعتبار سے پہلے موجود ہو۔

اسلام اور شرک دونوں میں سے ہر ایک دوسرے سے پہلے بھی موجود رہا ہے۔ چنانچہ جس طرح عرب پہلے اسلام پر تھے، پھر ان پر شرک غالب آ گیا، یہاں تک کہ ان کے بارے میں کہا گیا کہ ان میں اصل شرک ہے، یہاں تک کہ ان کا ایمان ثابت ہو جائے؛ اسی طرح نجدی علاقوں میں دعوت کے ظہور سے پہلے لوگوں پر شرک کی مختلف اقسام غالب آ چکی تھیں، یہاں تک کہ بچے اسی ماحول میں پیدا ہوتے اور بڑے ہو کر اسی پر بوڑھے ہو جاتے تھے۔ چنانچہ وہ اصلی کفار کی مانند تھے، جیسا کہ شیخ ابن اسماعیل صنعانی اور شیخ حمد بن ناصر نے اوپر مذکورہ عبارت میں بیان کیا ہے۔

ان حضرات کا یہ موقف علمی اصولوں کا تقاضا بھی ہے، کیونکہ اسلام اور شرک کا ایک ساتھ جمع ہونا شرعا معتبر نہیں۔ یہی موقف امام صنعانی رحمہ اللہ نے اولیاء کی عبادت کرنے والوں کے متعلق اختیار کیا، چنانچہ انہوں نے فرمایا:

«وهذا دالّ على أنهم لم يعرفوا حقيقة الإسلام، ولا ماهيّة التوحيد؛ فصاروا حينئذ كفّاراً كفراً أصليّا» ’’یہ اس بات کی دلیل ہے کہ انہوں نے اسلام کی حقیقت اور توحید کی ماہیت کو نہیں پہچانا، چنانچہ اس صورت میں وہ اصلی کافر بن گئے۔‘‘

بہرحال، نجدی علماء نے نہ تو جاہل شخص کے لیے اسلام کا وصف ثابت کیا ہے اور نہ ہی اس بات کا حکم دیا ہے کہ اسے دعوت پہنچنے سے پہلے قتل کرنا واجب ہے، جبکہ دعوت کا مقصود اللہ رب العالمین کے لیے دین کو خالص کرنا ہے۔

یہ تمام گفتگو جاہل مشرک کے متعلق نجدی علماء کے موقف کی توجیہ اور اس کی وضاحت کے طور پر ہے۔ البتہ ہم اس تفصیل میں ان کے موقف سے اپنا اختلاف دوسری جگہ بیان کر چکے ہیں۔

حاصل کلام یہ ہے کہ نجدی علماء کے نزدیک تکفیر کی نفی کا مطلب اسلام کا حکم لگانا نہیں ہے، بلکہ اس سے مراد سزا کی نفی ہے، نہ کہ حکم کی حقیقت کی نفی۔ ورنہ اس کا لازمی نتیجہ یہ نکلے گا کہ کفر کا نام اسی وقت متحقق ہوگا جب اس کے مرتکب کو سزا دی جائے، اور اگر کسی مانع کی وجہ سے سزا روک دی جائے تو کفر کا نام اور اس کا حکم بھی ختم ہو جائے گا!

یہ بعض معتزلہ کا مذہب ہے، اور اسم و حکم کے مسئلے میں اصول و قواعد علم سے ناواقفیت کی عجیب و غریب مثالوں میں سے ہے۔

شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «دين الإسلام الذي ارتضاه الله وبعث به رسله هو: الاستسلام لله وحده...، فمن عبده وعبد معه إلها آخر، لم يكن مسلماً، ومن لم يعبده، بل استكبر عن عبادته لم يكن مسلما»

’’دین اسلام جسے اللہ نے پسند فرمایا اور اپنے رسولوں کو اس کے ساتھ مبعوث کیا، صرف اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہے۔ پس جس شخص نے اللہ کی عبادت کی اور اس کے ساتھ کسی دوسرے معبود کی عبادت بھی کی، وہ مسلمان نہیں ہے، اور جس شخص نے اللہ کی عبادت ہی نہ کی، بلکہ اس کی عبادت سے تکبر کیا، وہ بھی مسلمان نہیں ہے۔‘‘

شیخ عثمان بن فودی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «ومن عبد غير الله مشرك كافر، بإجماع المسلمين، وإن كان ينسب نفسه للإسلام» ’’جس شخص نے اللہ کے سوا کسی دوسرے کی عبادت کی، وہ مشرک اور کافر ہے، مسلمانوں کے اجماع کے مطابق، اگرچہ وہ اپنے آپ کو اسلام کی طرف منسوب کرتا ہو۔‘‘

اللہ تعالیٰ نے شیخ محمد بن عبد الوہاب اور ان کے اصحاب رحمہم اللہ کو اس بات سے محفوظ رکھا کہ وہ شرعی ضروریات کی مخالفت کریں، اجماعات کو توڑیں اور دو متناقض چیزوں، یعنی توحید اور شرک، کو جمع کریں۔

مقصود یہ ہے کہ نجدی علماء نے جاہل مشرک کا حکم تمام پہلوؤں سے معاند شخص جیسا نہیں قرار دیا، اور نہ ہی جیسا کہ پہلے گزر چکا ہے، جہالت کی موجودگی میں اس کے لیے اسلام کا حکم ثابت کیا ہے۔

والله الموفق۔
 
Last edited:
Top