عبد الرشید
رکن ادارہ محدث
- شمولیت
- مارچ 02، 2011
- پیغامات
- 5,539
- ری ایکشن اسکور
- 9,997
- پوائنٹ
- 667
تبصرہ
نکاح کے بعد میاں بیوی دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں ہی یہ محسوس کریں کہ ان کی ازدواجی زندگی سکون و اطمینان کے ساتھ بسر نہیں ہو سکتی اور ایک دوسرے سے جدائی کے بغیر کوئی چارہ نہیں تو اسلام انہیں ایسی بےسکونی و بےاطمینانی اور نفرت کی زندگی گزارنے پر مجبور نہیں کرتا بلکہ مرد کو طلاق اور عورت کو خلع کا حق دے کر ایک دوسرے سے جدائی اختیار کر لینے کی اجازت دیتا ہے ۔ لیکن اس کے لیے بھی اسلام کی حدود و قیود اور واضح تعلیمات موجود ہیں۔طلاق چونکہ ایک نہایت اہم اور نازک معاملہ ہے اس لیے ضروری ہے کہ پوری طرح غور و فکر کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے ۔ زیر نظر کتاب ’’ احکام ِطلاق‘‘انڈیا کے معروف مستند اسلامی اسکالر مولانا کفایت اللہ سنابلی حفظ اللہ (مصنف کتب کثیرہ) کی کاوش ہے ۔ اس کتاب کا اکثر حصہ خالص علمی اور تحقیقی ہے جس سے عوام کا مستفید ہونا مشکل ہے ،اس لیے کتاب کے ابتدائی ابواب میں عام فہم زبان میں اسلامی نکاح کی خصوصیات،میاں بیوی کے حقوق، طلاق کے اسباب، نافرمان بیوی کی اصلاح کے مراحل اور اسلام میں طریقہ طلاق وغیرہ پر مفید معلومات و ہدایات درج کر دی گئی ہیں ،تاکہ اس کتاب سے اہل علم و طلبہ کے ساتھ ساتھ عوام الناس بھی استفادہ کر سکیں اور اس کتاب میں صرف برصغیر کے حنفی دلائل پر گفتگو نہیں ہے ، بلکہ تقلیدی مذاہب کے وجود سے لے کر اب تک ان کے چاروں حلقوں نے طلاق کے مسئلے میں جو کچھ بھی رقم فرمایا ہے حتیٰ الامکان ان سب کو سامنے رکھتے ہوئے ہر ایک اعتراض اور ہر ایک شبہے کو رفع کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ نیز کتاب ہذا میں دس ایسے مسائل پیش کئے گئے ہیں جن میں ائمہ اربعہ یا مذاہب اربعہ کا اتفاق ہے، مگر دیگر اہل علم کا فتوی اس کے خلاف ہے اور ان دس مسائل ہی میں ائمہ اربعہ یا مذاہب اربعہ سے اختلاف کرنے والے اہل علم کا موقف ہی راجح ہے۔ الغرض یہ کتاب طلاق کے شرعی احکام اور فقہی و حدیثی مباحث کا انسائیکلوپیڈیا ہے۔(م۔ا)