- شمولیت
- مارچ 07، 2012
- پیغامات
- 679
- ری ایکشن اسکور
- 743
- پوائنٹ
- 301
اراکین فورم کے لئے ایک عظیم خوشخبری
کتاب وسنت ڈاٹ کام (www.kitabosunnat.com)مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام چلنے والی متعدد سائٹس(محدث فورم،محدث فتوی،اور محدث لائبریری)میں سے ایک اہم ترین سائٹ ہے ، جو گزشتہ کئی سالوں سے انٹر نیٹ کی دنیا میں منہج سلف کے مطابق قرآن وسنت کی تعلیمات کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔اس کی نگرانی روپڑی خاندان کے چشم وچراغ محترم ڈاکٹر حافظ انس نضر ﷾فرمارہے ہیں ۔اس سائٹ پر پی ڈی ایف فارمیٹ میں اب تک تقریبا ً2200 کتب آن لائن ہوچکی ہیں،جنہیں ڈاون لوڈ کرنے اور آن لائن مطالعہ کی سہولت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔اور اس وقت یہ سائٹ الحمد للہ اردو زبان میں منہج سلف پر لکھی جانی والی کتب کا سب سے بڑا مفت آن لائن مکتبہ ہے۔جس سے دنیا بھر سے تقریباً 12000 لوگ یومیہ استفادہ کررہے ہیں،اور اپنے شرعی مسائل کو حل کر رہے ہیں۔اور اردو زبان میں موجود دیگر سائٹس والےعموما ہماری کتب کو ہی استعمال کر کے آگے پھیلاتے رہتے ہیں۔اس ویب سائٹ کا خاصہ یہ کہ لوگوں کی طرف سے پیش کئے جانے والے مطالبات کوبھی حتی الامکان پورا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور ان کی مطلوبہ کتب کو مہیا کر دیا جاتاہے۔گزشتہ پانچ سال سے سائٹ پر یومیہ ایک کتاب اپلوڈ کی جارہی تھی ،اور سائٹ پرانے ورجن پر چل رہی تھی۔اب الحمد للہ جہاں سائٹ کو نیو ورجن پر منتقل کر دیا گیا ہے ،وہیں اس کے کام میں بھی تیزی لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں،ان کوششوں کو منظم کرنے اور ویب سائٹ کوفعال بنانے اور اس میں مزید بہتری لانے کے لیے مجلس التحقیق الاسلامی کےدیرینہ رکن محمد اصغر (فاضل جامعہ لاہور الاسلامیہ،انچارج محدث لائبریری)کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔جوجنوری 2014 ء سے ویب سائٹ کے امورکی با قاعدہ ذمہ داری سنبھال چکے ہیں۔اللہ تعالی انہیں جزائے خیر دے جو اپنے خداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خوب محنت کر رہے ہیں۔جس کے سبب سائٹ کے کاموں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور تمام امور کو منظم طریقے سے کیا جانے لگا ہے ۔
یہی وجہ ہے کہ اب تک سائٹ پر یومیہ ایک کتاب پبلش ہوتی رہی ہے،لیکن اب ماشاء اللہ 16 اپریل 2014 ءسے یومیہ 2 کتابیں پبلش کی جارہی ہیں۔ اورعنقریب 1 مئی سے یومیہ تین کتابیں پبلش کرنے کا آغاز کردیا جائے گا۔ان شاء اللہ
تمام قارئین واراکین فورم سے درخواست ہے کہ ہمیں اپنی دعاوں میں ضرور یاد رکھیں کہ اللہ تعالی ہمیں دین کا خادم بنائے اور ہم سے زیادہ سے زیادہ کام کی توفیق دے۔اور دین ِ اسلام کی نشرو اشاعت میں کوشاں مجلس التحقیق الاسلامی کے ذمہ داران ،کارکنان اوراس میں تعاون کرنے والے تمام احباب کی کاوشوں کواپنی بارگاہ میں قبول ومنظور فرمائے۔ (آمین)