عبدالعلیم سلفی
رکن
- شمولیت
- اگست 25، 2013
- پیغامات
- 53
- ری ایکشن اسکور
- 7
- پوائنٹ
- 77
بڑا قرض بلند حوصلہ اور دیانتدارانہ ادائیگی (عبرت کے چند پہلو)
عبدالعلیم بن عبدالحفیظ سلفی
عبدالعلیم بن عبدالحفیظ سلفی
عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ اور ان کے والد زبیر بن العوام رضی اللہ عنہ اسلام کی تاریخ کی دو عظیم اور قابل قدر شخصیات ہیں ، دونوں صحابی اور اللہ کے رسو لﷺ کے قریبی ہیں ، زبیر بن العوام رضی اللہ عنہ رسول اللہ ﷺ کے پھوپھی زاد بھائی تھے ۔ صحیح بخاری کے اندر عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کی حسنِ تدبیر کی ایک نہایت ایمان افروز اور عبرت انگیز داستان ہے جس کےاندر ایک مسلمان کےلئے بہت ساری نصیحتیں اور کامیابی کے بہترین نسخےہیں ۔ سر دست ہم اس واقعہ کے دروس اور فوائد بیان کرنے سے پہلے اس کا خلاصہ قارئین کے سامنے رکھنا مناسب سمجھتےہیں:
جنگِ جمل کے موقع سے زبیر رضی اللہ عنہ نے محسوس کیاکہ آج وہ مظلومانہ طور پر شہید کردئےجائیں گے۔ انہوں نے اپنےبیٹے عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کو بلا کر انہیں آخری وصیت کی کہ انہیں سب سے زیادہ فکر اپنے قرضوں کی ہے اور انہوں نے شک ظاہر کیا کہ شاید قرض ادا کرنے کے بعد کچھ بچے یا نہ بچے۔انہوں نے عبداللہ کو ہدایت کی کہ تمام مال فروخت کر کے قرض ادا کیا جائے۔ ساتھ ہی اپنے کل ترکے کا ایک تہائی (1/3) حصہ وصیت کیا، جس میں سے ایک حصہ عبداللہ کے لیے اور ایک حصہ عبداللہ کے بچوں کے لیے مقرر کیا۔ اس موقع سے زبیر رضی اللہ عنہ نے اپنے بیٹے عبداللہ سے ایک ا یمان افروز بات کی ،فرمایا:"بیٹا! اگر قرض ادا کرنے میں کبھی عاجز آ جاؤ، تو میرے مالک و مولا سے مدد مانگنا"۔ جب عبداللہ نے پوچھا کہ آپ کے مولا کون ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا:"اللہ تعالی"۔
زبیر رضی اللہ عنہ نے کبھی کوئی سرکاری عہدہ، امارت یا خراج وصولی قبول نہیں کی تھی؛ وہ صرف جہاد کے ذریعے روزی کمانے والے تھے۔ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اور ابوبکر، عمر اور عثمان رضی اللہ عنہم کے ساتھ جہادوں میں شرکت کی تھی۔
ان پر اتنا بڑا قرض اس لیے چڑھا کہ لوگ جب ان کے پاس امانت رکھنے آتے، تو وہ امانتدارانہ ضیاع کے خوف سے فرماتے:" میں یہ امانت اس صورت میں رکھ سکتا ہوں کہ یہ میرے ذمے بطور قرض رہے۔ کیونکہ مجھے اس کے ضائع ہو جانے کا بھی خوف ہے "۔
زبیر رضی اللہ عنہ کے پاس روپیہ پیسہ (درہم و دینار) نقد موجود نہیں تھا، البتہ زمینیں اور مکانات تھے ،جو مدینہ ، بصرہ ،کوفہ اور مصر میں تھے اور مدینہ کے قریب "غابہ" نامی زمین تھی۔ زبیر رضی اللہ عنہ کے اس وقت نو لڑکے اور نو لڑکیاں اورچاربیویاں تھیں۔ جب کل قرض کا حساب لگایا گیا تو حضرت زبیر رضی اللہ عنہ پر کل 22 لاکھ کا قرض تھا۔
چنانچہ زبیر رضی اللہ عنہ کی اس جنگ میں شہادت ہوگئي اور قرض کی ادائیگی کا بار ان کے بیٹے عبداللہ بن زبیر پر آگیا چنانچہ وراثت کی تقسیم سے پہلے انہیں ان کے قرض کی ادائیگی کی فکر لگی پھر انہوں نے کل قرض اور مالیت کا حساب لگایا اور نہایت حکمت او ردیانت داری کے ساتھ قرض کی ادائیگی کا ارادہ کیا۔ عبداللہ بن زبیر کہتے ہیں کہ : اللہ کی قسم ! قرض ادا کرنے میں جب بھی کوئی دشواری سامنے آئی تو میں نے اسی طرح دعا کی کہ:" اے زبیر کے مولا! ان کی طرف سے ان کا قرض ادا کرا دے" اور ادائیگی کی صورت پیدا ہو جاتی تھی۔
تصورکیجئے اس وقت کے حساب سے اتنا بڑا قرض ،متروکہ جائیداد کی حیثیت اور وارثین کی تعداد ! عبداللہ بن زبیرکواس بارعظیم کے تحمل کے لئے کس قدر جدو جہد کی ضرورت پڑی ہوگی ؟ اس کا اندازہ اس بات سےلگایئےکہ جب قرض کی ادائیگی کا وقت آیاتو حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ نےعبداللہ بن زبیررضی اللہ عنہ سے اس کے بارے میں پوچھاتو پہلےتو عبداللہ رضی اللہ عنہ نے پردہ رکھتے ہوئے ایک لاکھ بتایا۔تو انہوں نےکہا: اللہ کی قسم! میں تو نہیں سمجھتاکہ تمہارے پاس موجود سرمایہ سے یہ قرض ادا ہو سکے گاپھر عبداللہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ: قرض کی تعداد بائیس لاکھ ہوئی تو پھر آپ کی کیا رائے ہو گی؟ انہوں نے فرمایا: پھر تو یہ قرض تمہاری برداشت سے بھی باہر ہے۔ خیر اگر کوئی دشواری پیش آئے تو مجھ سے کہنا۔
زبیر رضی اللہ عنہ نے غابہ کی جائداد ایک لاکھ ستر ہزار میں خریدی تھی لیکن عبداللہ نے وہ سولہ لاکھ میں بیچی۔ پھر انہوں نے اعلان کیا کہ زبیر رضی اللہ عنہ پر جس کا قرض ہو وہ غابہ میں آکر ہم سے مل لے، چنانچہ عبداللہ بن جعفر بن ابی طالب رضی اللہ عنہ آئے، ان کا زبیر پر چار لاکھ روپیہ چاہئے تھا۔ انہوں نے پیشکش کی کہ اگر تم چاہو تو میں یہ قرض چھوڑ سکتا ہوں، لیکن عبداللہ نے انکارکردیا۔ پھر انہوں نے کہا کہ اگر تم چاہو تو میں سارے قرض کی ادائیگی کے بعد لے لوں گا۔ عبداللہ رضی اللہ عنہ نے اس پر بھی یہی کہا کہ تاخیر کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔ آخر انہوں نے کہا کہ پھر اس زمین میں میرے حصے کا قطعہ مقرر کر دو۔ عبداللہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ آپ اپنے قرض میں یہاں سے یہاں تک لے لیجئے۔
زبیر رضی اللہ عنہ کی جائداد اور مکانات وغیرہ بیچ کر ان کا قرض ادا کر دیا گیا۔ اور سارے قرض کی ادائیگی ہو گئی۔ غابہ کی جائداد میں ساڑھے چار حصے ابھی بک نہیں سکے تھے۔ اس لئے عبداللہ رضی اللہ عنہ امیرالمؤمنین معاویہ رضی اللہ عنہ کے یہاں شام تشریف لے گئے، وہاں عمرو بن عثمان، منذر بن زبیر اور ابن زمعہ بھی موجود تھے۔ معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے دریافت کیا کہ غابہ کی جائداد کی قیمت کتنی طے ہوئی ہے، انہوں نے بتایا کہ ہر حصے کی قیمت ایک لاکھ طے پائی تھی۔ معاویہ رضی اللہ عنہ نے دریافت کیا کہ اب باقی کتنے حصے رہ گئے ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ ساڑھے چار حصے، اس پر منذر بن زبیر نے کہا کہ میں ایک حصہ ایک لاکھ میں لے لیتا ہوں، عمر وبن عثمان نے کہا کہ ایک حصہ میں ایک لاکھ میں لے لیتا ہوں، ابن زمعہ نے کہا کہ ایک حصہ میں ایک لاکھ میں لے لیتا ہوں، اس کے بعد معاویہ رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ اب کتنے حصے باقی بچے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ حصہ! معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ پھر اسے میں ڈیڑھ لاکھ میں لے لیتا ہوں۔ عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہ نے اپنا حصہ بعد میں معاویہ رضی اللہ عنہ کو چھ لاکھ میں بیچ دیا۔ پھر جب عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ قرض کی ادائیگی کر چکے تو زبیر رضی اللہ عنہ کی اولاد نے کہا کہ اب ہماری میراث تقسیم کر دیجئے، لیکن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ابھی تمھاری میراث اس وقت تک تقسیم نہیں کر سکتا جب تک چار سال تک ایام حج میں اعلان نہ کرا لوں کہ جس شخص کا بھی زبیر رضی اللہ عنہ پر قرض ہو وہ ہمارے پاس آئے اور اپنا قرض لے جائے، عبداللہ رضی اللہ عنہ نے اب ہر سال ایام حج میں اس کا اعلان کرانا شروع کیا اور جب چار سال گزر گئے، تو عبداللہ نے ان کی میراث تقسیم کی۔
زبیررضی اللہ عنہ کی متروکہ کل جائداد کی مالیت پانچ کروڑ دو لاکھ ہوئی تھی جس میں سے سارے قرض کی ادائيگی اور وصیتوں کی تقیسم کےبعد زبیررضی اللہ عنہ کی چاروں بیویوں میں سے ہرایک کے حصےمیں بارہ بارہ لاکھ کی رقم آئی۔ (صحیح بخاری / 3129 )
اس واقعہ سے مستفاد اسباق اورکچھ اہم مسائل:
(1) - اللہ تعالی پرکامل بھروسہ اور دشواری کے وقت اللہ کو کارساز مان کر دعا ء مانگنا مشکلات کو حل کر دیتا ہے۔
(2) - آدمی کو اپنے مشاکل کے حل کےلئے تمام ممکنہ اور جائز اسباب و تدابیر اختیار کرنا چاہئے اور کسی بھی طرح کے غلط اور ناجائزطریقہ کے اختیارکرنےسے پرہیز ضروری ہے۔
(3) - جو مال تقویٰ کے ساتھ اور حلال ذرائع سے کمایا جائے، اللہ تعالیٰ اس میں ایسی برکت دیتا ہے کہ 22 لاکھ کا مقروض شخص وفات کے بعد پانچ کروڑ سے زائد ترکے کا مالک ثابت ہوا۔چنانچہ اللہ کی حاکمیت او راس کی تدبیراور توفیق ورحمت پر مکمل توکل کرنا ضروری ہے۔
(4) - اس بات پر کامل یقین رکھنا ضروری ہےکہ اسباب میں تاخیر ہو سکتی ہے، لیکن اللہ کی رحمت میں نہیں۔ اللہ تعالی فرماتاہے:( وَمَن يَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ فَهُوَ حَسْبُهُ ۚ إِنَّ اللَّهَ بَالِغُ أَمْرِهِ)۔( اور جو شخص اللہ پر توکل (بھروسہ) کرتا ہے، تو اللہ اس کے لئے کافی ہے۔ بیشک اللہ اپنا کام پورا کر کے رہتا ہے)۔ (سورۃ الطلاق/3)۔چنانچہ جب نیت صاف ہو اور امید صرف اللہ کی ذات سے ہو تو بظاہر ناممکن نظر آنے والے راستے بھی کھل جاتے ہیں۔ بڑا قرض اللہ کے لیے بڑا نہیں ہے؛ اس کے خزانے لامحدود ہیں۔ وہ غیب سے ایسے اسباب پیدا فرما دیتا ہے جن کا انسان گمان بھی نہیں کر سکتا ، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:"اگر تم اللہ پر ایسا توکل کرو جیسا توکل کرنے کا حق ہے، تو وہ تمہیں اس طرح رزق دے گا جیسے پرندوں کو دیتا ہے، جو صبح بھوکے نکلتے ہیں اور شام کو پیٹ بھر کر لوٹتے ہیں۔( سنن الترمذی/2344 ، سنن ابن ماجۃ/4164 ، علامہ البانی نے اس کی تصحیح کی ہے)۔
(5) - بڑا قرض انسان کے اعصاب پر ایک مسلسل بوجھ اور ذہنی دباؤ کی مانند ہوتا ہے، لیکن ایک مومن کے لئے ایسا سخت وقت اللہ تعالیٰ کی ذاتِ بابرکات سے اپنا تعلق مضبوط کرنے اور توکل کو عملاً آزمانے کا بہترین ذریعہ بن جاتا ہے۔
(6) - قرض کی ادائیگی کے لئے سچی نیت اس کی راہ ہموار کرتی ہے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادہے:"جو کوئی لوگوں کا مال قرض کے طور پر ادا کرنے کی نیت سے لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اس کی طرف سے ادا کرے گا اور جو کوئی نہ دینے کے لئے لے، تو اللہ تعالیٰ بھی اس کو تباہ کر دے گا۔" (صحیح بخاری/2387)۔
(7) - استغفار سے مال اور اولاد میں برکت ہوتی ہے جو انسان کو قرض کے بوجھ سے نکالتی ہے ۔ نوح علیہ السلام نے اپنی قوم سے کہاتھا:( فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ إِنَّهُ كَانَ غَفَّارًا يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْكُم مِّدْرَارًا وَيُمْدِدْكُم بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَيَجْعَل لَّكُمْ جَنَّاتٍ وَيَجْعَل لَّكُمْ أَنْهَارًا)۔(پھر میں نے کہا کہ اپنے رب سے استغفارکرو، بیشک وہ بڑا معاف کرنے والا ہے۔ وہ تم پر موصلادھار بارش بھیجے گا، اور تمہیں مال اور اولاد سے مدد فراہم کرے گا اور تمہارے لیے باغات بنائے گا اور تمہارے لیے نہریں جاری کر دے گا۔"(سورہ نوح /10-12)۔
(8) - جب کسی چیز میں اللہ تعالی کی جانب سے برکت ڈال دی جائے تو وہ تھوڑے کو بھی بہت بنا دیتی ہے، اور جب کسی چیز سے چھین لی جائے تو وہ تباہ کن وبال بن جاتی ہے۔
(9) - عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے چار سال تک حج میں اعلان کروا کر حقوق العباد اور قرض کی ادائیگی میں انتہائی احتیاط کی مثال قائم کی،جبکہ آج کے دور میں لوگ قرض کی ادائيگی کو بہت بڑا بوجھ سمجھتےہیں ، اور کچھ تو ایسے ہیں جن کے پاس دیگر وسائل موجود ہیں پھر بھی قرض پر قرض لیتےرہتےہیں اور انہیں ادائیگی کی فکرہی نہیں ہوتی، بلکہ بعض تو اس قدر بےحس اوربےایمان ہوتےہیں کہ قرض کی ادائیگی میں ٹال مٹول اس نیت کے ساتھ کرتے ہیں کہ شاید وہ معاف کردے یا پھرفوت ہوجائے تو اس کا پیسہ ہڑپ لے، اسے یہ پتا نہیں کہ حقوق العباد میں نے یہ ایک ایسا حق ہے جسے اللہ تعالی کبھی معاف نہیں کرےگا ،دنیا میں نہیں تو آخرت میں اسے اس کاخمیازہ ضرور بھگتنا پڑےگا۔اللہ کے رسول ﷺ کے پاس جب کوئی ایسا جنازہ لایا جاتا جس پر قرض ہوتا اور اس نے اسے ادا کرنے کے لئے کوئی مال یا ترکہ نہ چھوڑا ہوتا، تو آپ اس کی نمازِ جنازہ خود نہیں پڑھاتے تھے تاکہ لوگوں کو قرض کی سنگینی کا احساس ہو، البتہ صحابہ کرام سے فرماتے:"تم اپنے ساتھی کی نمازِ جنازہ پڑھ لو"۔(صحیح بخاری/2295 )۔
(10) - زبیر رضی اللہ عنہ کا امانت کو قرض بنا کر قبول کرنا ان کے اعلیٰ تقویٰ اور ذمہ داری کا ثبوت ہے۔
(11) - سودی قرض دینا اور لینا کسی بھی طرح جائزنہیں ہے ، اس لئے ایسے قرض میں نہ برکت ہے اور نہ ہی ایسا قرض اللہ تعالی کو پسندہے۔
(12) - ذکر واذکار اور دعائیں قرض کی ادائیگی میں بہت مددگارہیں ، رسول اللہ ﷺ نے امت کو قرض کے بوجھ سے نجات کے لئے خاص دعائیں سکھائی ہیں جیسے:"اللَّهُمَّ اكْفِنِي بِحَلَالِكَ عَنْ حَرَامِكَ، وَأَغْنِنِي بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ"۔"اے اللہ! مجھے اپنے حلال کے ذریعے حرام سے کافی کر دے، اور اپنے فضل سے مجھے اپنے سوا ہر کسی سے بے نیاز کر دے"۔(سنن الترمذی /3563 ، علامہ البانی نے اسے حسن کہاہے)۔ اور:" اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْهَمِّ، وَالْحَزَنِ، وَالْعَجْزِ، وَالْكَسَلِ، وَالْبُخْلِ، وَالْجُبْنِ، وَضَلَعِ الدَّيْنِ، وَغَلَبَةِ الرِّجَالِ" ۔"اے اللہ! میں تیری پناہ مانگتا ہوں غم، عاجزی، سستی، بخل، بزدلی، قرض داری کے بوجھ اور لوگوں کے غلبے اورتسلط (زبردستی یا ظلم) سے تیری پناہ مانگتا ہوں"۔(صحیح بخاری/2893 )۔ وغیرہ۔
(13) - جنگ کے موقع سے وصیت مشروع ہے، کیونکہ ہوسکتاہے اس دوران اس کی وفات ہوجائے۔
(14) - قرض لینا ایک مباح اورجائز عمل ہے ۔
(15) - مالداری بذات خود کوئی عیب یا غیرشرعی عمل نہیں ہے بلکہ بشرطیکہ اسے حلال اور جائزطریقے سےحاصل کیاگیاہو اور اس میں اللہ تعالی اور اس کے بندوں کے حقوق کا مکمل خیال رکھاجائے اور اس میں سے کچھ بھی حرام اور ناجائز کاموں میں خرچ کرنے سے بچاجائے۔
(16) - وارثوں پر واجب ہے کہ وہ وصیت پر عمل کرنے اور ترکہ (وراثت) تقسیم کرنے سے پہلے میت کا قرض ادا کریں۔
(17) - امانتوں کی حفاظت کرنا ہرایک کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
اللہ تعالی ہماری نیتوں کو درست فرمادے اور ہر طرح کی تنگی اور مصائب سے اپنی پناہ میں رکھے ۔آمین ! وصلی اللہ علی خیرخلقہ وآلہ وصحبہ وسلم۔
*******
اٹیچمنٹس
-
694.7 KB مناظر: 2