دل کی بات
حدیث رسولﷺ دین اسلام کا دوسرا بڑا ماخذ ہے ۔ قرآن مجید کی طرح اس کی حفاظت کا ذمہ بھی اللّٰه تعالیٰ نے لے رکھا ہے ۔ حفاظتِ حدیث کے لیے اللّٰه تعالیٰ نے محدثین کرام رحمہم اللہ پیدا کیے۔ انھوں نے حدیث رسول کو پڑھا، سمجھا، اپنے سینے میں محفوظ کیا اور آگے امت تک پہنچایا ۔ صحیح دین انھی عظیم ہستیوں کے ذریعے سے ہم تک پہنچا ہے ۔ اس لیے یہ مبارک گروہ ہمارے شکریے کا خاص مستحق ہے ۔ ان سے محبت کرنا اور ان کی سیرت و کردار کو اپنانا محبت رسولﷺ کا اہم تقاضا ہے ۔ اس تقاضے کی تکمیل تبھی ممکن ہے جب ہمیں ان عظیم لوگوں کا تعارف اور ان کی خدمات سے واقفیت ہوگی۔
اس مقصد کے لیے کئی اہلِ علم نے قلم اٹھایا ہے ۔ انھی میں سے ایک علم دوست شخصیت ملک سکندر حیات نسوآنہ ہیں ۔ انہوں نے حدیث رسول کے لیے خدمات انجام دینے والے عرب و عجم کے بعض قدیم و جدید علماء و محدثین کے تذکرہ پر مشتمل ایک خوبصورت کتاب بنام "تذکرہ علمائے اسلام عرب و عجم قدیم و جدید" ترتیب دی ہے ۔ اپنے موضوع پر یہ مفید کاوش ہے ۔ اس سے استفادہ آپ پر علم و معرفت کے دریچے وا کرنے کے ساتھ علم و اہل علم سے محبت کی آبیاری بھی کرےگا، إن شاءالله تعالی!
اللّٰه تعالیٰ اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، اسے امت مسلمہ کے لیے نافع بنائے اور اس کے لکھاری کو تمام مسلمانوں کی طرف سے جزائے خیر عطا فرمائے، آمین!
دعاؤں کا متمنی۔
طارق جاوید عارفی۔
مدیر: دارالسلام ریسرچ سنٹر لاہور۔
22/5/2021