مقدمۃ از ناشر
اللہ عزوجل نے رسولوں کو مبعوث فرمایا اور کتابیں نازل کیں تاکہ لوگ صرف ایک اللہ کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں جیسا کہ اللہ عزوجل نے فرمایا ہے :
وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِيْ كُلِّ اُمَّۃٍ رَّسُوْلًا اَنِ اعْبُدُوا اللہَ وَاجْتَـنِبُوا الطَّاغُوْتَ۔
'' ہم نے ہرامت میں رسول بھیجا کہ تم صرف اللہ کی عبادت کرواوراس کے سوا تمام معبودوں سے بچو''( النحل: ۳۶)۔
توحید کاتحفظ نبیوں اور رسولوں کااہم ترین مشن تھا اور ان کے نقش قدم پر چلنے والوں کی تاقیامت یہی ذمہ داری رہے گی ، چنانچہ اہل علم کے متعدد مقالات پر مشتمل یہ کتاب '' توحید کاقلعہ'' اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جو توحید کے فضائل و ثمرات ، اللہ کے لئے عبادت کو خالص کرنے ،بدعات اور دین میں نوایجاد امور سے اجتناب جیسے اہم موضوعات کوواضح کرتی ہے، ہم اللہ عزوجل سے دعا کرتے ہیں کہ اس کتاب کے ذریعہ لوگوں کو نفع پہنچائے۔