- شمولیت
- جنوری 08، 2011
- پیغامات
- 6,595
- ری ایکشن اسکور
- 21,397
- پوائنٹ
- 891
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ،
محدث فورم انتظامیہ کی جانب سے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے مجھے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ محقق عالم دین اور محدث فورم کے سینئر رکن و رکن مجلس شوریٰ محترم شیخ کفایت اللہ حفظہ اللہ کو محدث فورم پر حدیث اور علوم الحدیث سیکشن کا ناظم مقرر کیا جا رہا ہے۔ احباب ان کے بارے میں جانتے ہیں کہ ان کے مضامین خوب تحقیقی، مدلل اور جامع ہوتے ہیں، علوم الحدیث ان کی فیلڈ اور خصوصی دلچسپی کا محور و مرکز ہے، جس کی جھلک ان کے اکثر مضامین میں مفصل تحقیق حدیث کے ضمن میں نظر آتی رہتی ہے۔
فورم پر اگرچہ سوالات و جوابات کا سیکشن موجود ہے، جہاں الحمدللہ محترم ابوالحسن علوی بھائی جان باقاعدگی سے شرعی سوالات کے مدلل جوابات عنایت کرتے ہیں۔ لیکن اکثر احباب جو کسی خاص حدیث کی صحت و ضعف کے بارے جاننے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ یا خلافی مسائل میں شغف رکھتے ہیں اور کسی خاص موضوع سے متعلقہ احادیث ڈھونڈنا چاہتے ہیں، یا صرف ترجمہ بلکہ مفہوم کہیں سے سن لینے کے بعد اصل حدیث تک رسائی کے خواہشمند ہیں، یا علوم الحدیث سے متعلق کسی خاص اصطلاح کی توضیح پر الجھے ہوئے ہوں، یا ویسے ہی علم الحدیث سے شغف ہے اور مزید معلومات کے لئے کسی ماہر استاد سے موقع بہ موقع رہنمائی لینا چاہتے ہوں تو ان کے لئے بہترین سیکشن حدیث اور علوم الحدیث ہے، اور محترم شیخ کفایت اللہ ان شاءاللہ ان کی درست راہنمائی کے لئے موجود رہیں گے۔
میں محدث فورم و لائبریری ٹیم اور ادارہ مجلس التحقیق الاسلامی کے تمام ذمہ داران کی جانب سے محترم شیخ کفایت اللہ حفظہ اللہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ اس اہم ذمہ داری کے لئے رضامند ہوئے، انہیں اس نئے عہدے کے لئے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں خوب برکتیں عطا فرمائے، انہیں اس نیک کام سے احسن انداز سے عہدہ برآ ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور اسے ان کے لئے صدقہ جاریہ اور دین و دنیا کی فوز و فلاح کا ذریعہ بنا دے۔ آمین یا رب العالمین۔