اخت ولید
سینئر رکن
- شمولیت
- اگست 26، 2013
- پیغامات
- 1,792
- ری ایکشن اسکور
- 1,297
- پوائنٹ
- 326
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
السلام علیکم ورحمہ اللہ وبرکاتہ
رمضان المبارک میں خواتین کی مصروفیت بہت بڑھ جاتی ہے۔۔سحر ی و افطار،دعوتیں اور پھر عید کی تیاری بھی۔۔۔مہینہ تو "اجر و ثواب" سمیٹنے کا ہے مگر ہم اسے بھی دنیاوی آلائشوں سے پاک نہیں رکھتے۔۔۔اور عبادت کا مہینہ گھر داری اور دکانداری میں لگا دیتے ہیں۔۔کہ "سیزن" تو یہی ہے۔۔جی ہاں "سیزن" تو یہی ہے مگر ثواب سمیٹنے کا!!السلام علیکم ورحمہ اللہ وبرکاتہ
ہم ہمیشہ افراط و تفریط کا شکار رہتے ہیں ۔۔عبادت میں ایسے مگن ہو جائیں گے کہ کھانا پکانے کی ہوش نہیں رہتی،افطاری میں دیر ہو جاتی ہے یا باورچی خانے میں ایسے گھسیں گے کہ تراویح بھی ادھر ہی پڑھ آئیں گے۔۔سحری میں قسم قسم کے کھانے بن رہے ہیں اور پھر دیر ہو گئی تھی،اذان ہو رہی تھی۔۔میں نے"اٹھ پہرا" روزہ رکھ لیا ہے۔۔
یاد رکھیے حقوق اللہ بھی ہیں اور حقوق العباد بھی(اللہ سبحانہ وتعالٰی ہمیں ان کو بہترین انداز میں پورا کرنے کی توفیق دیں۔آمین)۔۔۔باورچی خانے میں اذکار کر سکتی ہیں،تلاوت لگا لیں۔۔خود زبانی پڑھیں۔۔ثواب سمیٹنے کے مواقع کم نہیں،ہماری ہمت کم ہے!!
تا ہم جو مزا،سکون الگ،توجہ کے ساتھ عبادت کرنے کا ہے،وہ ادھر حاصل نہیں ہوتا۔۔اس کے لیے ہمیں خود بھی موقع نکالنا ہو گا۔۔تیاری کرنی ہو گی۔۔جی ہاں رمضان سے پہلے!!
درج ذیل کام رمضان سے پہلے پہلے نبٹا لیں۔۔بہت سہولت رہے گی!
رمضان المبارک سے قبل ایک دفعہ گھر بھر خصوصا باورچی خانے کی تفصیلی صفائی کر لیں اور دیکھ لیں کہ کون سی چیزیں منگوانے والی ہیں،اگر آپ مہینہ بھر کا راشن اکٹھا منگواتی ہیں توصفائی کے دوران لسٹ تیار کر کے رمضان سے قبل ہی سامان منگوا لیں۔۔جن اشیاء کی ضرورت نہیں ہے،انہیں بلاوجہ لسٹ میں نہ لکھیں۔۔چھوٹی موٹی چیزیں دوران رمضان بھی آسکتی ہیں۔
رمضان میں کبھی کبھار افطاری کی دعوت ہوتی ہےیا اچانک کوئی مہمان آجائے تو بہت مسئلہ ہوتا ہے،اس کے لیے سفید چنے(کابلی چنے) ابال کر فریز کر لیں۔۔ضرورت کے وقت نکال کر چاٹ،چاولوں وغیرہ میں استعمال کر لیں۔
مٹر منگوا کر چھیل،دھو کر فریز کر لیں۔۔مٹر پلاؤ یا سالن میں استعمال کے لیے آسانی رہے گی۔
سخت گرمی ہے،چولہے کے پاس جاتے ہی جی گھبرانے لگتا ہے۔۔رمضان سے قبل ہی سالن کے لیے مکمل مسالہ (پیاز،ٹماٹر،لہسن،ادرک وغیرہ) بنا کر چھوٹی ڈبیوں میں ڈال کر فریز کر لیں یا کم از کم پیاز فرائی کر کے رکھ لیں۔۔افطاری بناتے ہوئے مسالہ تھوڑا سا بھون کر سبزی،دال وغیرہ شامل کر لیں۔۔ بیس سے پچیس منٹ میں کھانا تیار ہو جائے گا۔۔افطاری کے بعد کھانے کی ٹینشن بھی نہیں ہوگی،آرام کاوقت بھی مل جائے گا اور تراویح کے لیے بھی آسانی سے جایا جائے گا۔ان شاء اللہ
گرمی ہے،کھانا کھانے کو دل نہیں کرتا مگر کھانا کھانا لازم بھی ہے۔۔آلو،سبزی،گوشت کے کباب بنا کر فریز کر لیں۔۔روٹی،رائتے،کیچپ کے ساتھ سب خوشی خوشی کھائیں گے۔
دو چار قسم کی چٹنیاں بنا لیں۔۔اس سے بھی کھانا شوق سے کھایا جاتا ہے۔
دھنیا،پودینہ اور سبز مرچ بلینڈ کر کے چٹنی بنا کر آئس کیوبز میں ڈال کر جما لیں۔۔پھر پلاسٹک بیگ وغیرہ میں ڈال لیں۔ضرورت کے نکال کر دہی میں نمک،چٹنی شامل کر لیں۔۔چاول،سالن ،پکوڑوں وغیرہ کے ساتھ کھانے کے لیے بہترین چٹنی ہے۔
سحری و افطاری میں سادگی اختیار کریں۔۔نت نئے تلے کھانے،پکوڑے،سموسے پیسے اور صحت کی بربادی۔۔دسترخوان سے اٹھا بھی نہیں جاتا اور تراویح میں بھی سستی غالب رہتی ہے۔۔دہی اور دہی والے ہلکے پھلکے کھانوں کا استعمال کریں ،پانی اور پانی پر مشتمل مشروبات کا ڈھیر سارا استعمال کریں۔۔چست رہیں اور رمضان میں سست نہ ہوں کہ یہی تو "سیزن" ہے!!!
اگر آپ کے ذہن،تجربے میں بھی کوئی بات ہے تو ضرور لکھیے۔۔