• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

رمضان المبارک کے بعض احکام و مسائل از مقبول احمد سلفی

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
(1)رویت ہلال:
اسلامی عبادات کا رویت ہلال سے گہرا تعلق ہے خصوصا روزے کا ۔ روزہ رکھنا، افطارکرنا، عیدمناناسب قمری چاند پہ منحصر ہیں۔
اللہ کا فرمان ہے : يَسْئَلُوْنَكَ عَنِ الأَهِلَّةِ قُلْ هِىَ مَوَاقِيْتُ لِلنَّاسِ وَالْحَجِّ." (سورة البقرة: 189)
ترجمہ: لوگ آپ سے ہلال کے بارے میں پوچھتے ہیں ،کہو یہ لوگوں کے لئے اوقات اور حج کی تعیین کا ذریعہ ہے۔
نبی ﷺ کا ارشاد ہے : صوموا لرؤيتِه . وأفطروا لرؤيتِه . فإنْ أُغمْيَ عليكم فاقْدروا له ثلاثينَ (صحيح مسلم:1080)
ترجمہ : چاند دیکھ کر روزہ رکھو اورچاند دیکھ کر افطار کرو۔ اگر بدلی چھاجائے تو (شعبان کے ) تیس (دن) پورے کرو۔
اس لئے مسلمانوں کو ہرمہینہ چاند دیکھنے کا اہتمام کرنا چاہئے خصوصا اہم مہینےرمضان ،شوال ،ذوالحجہ وغیرہ۔
٭ چاند دیکھنے کی دعا: اَللّٰھُمَّ اؑھلَّه عَلَیْنَا بِالْأمْنِ وَالْإیْمَانِ وَالسَّلا مة وَالْإسْلَامِ رَبِّي وَرَبُّك اللّه (السلسلہ الصحیحہ: 1816)
٭ 29 کا چاند نظر نہ آئے تو شعبان کے تیس دن پورے کئے جانے کے بعد روزہ رکھا جائے گا۔اوپر والی حدیث اس کی دلیل ہے۔
٭ہرشخص کا چاند دیکھنا ضروری نہیں ہے ،کسی علاقے میں ایک عادل مسلمان کا چاند دیکھنا کافی ہے ۔ دلیل : عن ابنِ عمرَ قال : تراءَى النَّاسُ الهلالَ فأخبرتُ رسولَ اللهِ صلَّى اللهُ علَيهِ وسلَّمَ أنِّي رأيتُه فَصامَه وأمر النَّاسَ بصيامِهِ(صحيح أبي داود للالبانی :2342)
ترجمہ: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ لوگوں نے چاند دیکھنا شروع کیا تو میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اطلاع دی کہ مین نے چاند دیکھ لیا ہے ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود بھی روزہ رکھا اور لوگوں کو بھی روزہ رکھنے کا حکم دیا ۔
٭ ایک شہر کی رویت قریبی ان تمام شہر والوں کے لئے کافی ہوگی جن کا مطلع ایک ہو۔ مطلع کے اختلاف سے ایک شہر کی رویت دوسرے شہر کے لئے نہیں مانی جائے گی ۔ دلیل :
أنَّ أمَّ الفضلِ بنتَ الحارثِ بعثَتْه إلى معاويةَ بالشامِ . قال : فقدمتُ الشامَ . فقضيتُ حاجتَها . واستهلَّ عليَّ رمضانُ وأنا بالشامِ . فرأيتُ الهلالَ ليلةَ الجمعةِ . ثم قدمتُ المدينةَ في آخرِ الشهرِ . فسألني عبدُ اللهِ بنُ عباسٍ رضي اللهُ عنهما . ثم ذكر الهلالَ فقال : متى رأيتُم الهلالَ فقلتُ : رأيناه ليلةَ الجمعةِ . فقال : أنت رأيتَه ؟ فقلتُ : نعم . ورأه الناسُ . وصاموا وصام معاويةُ . فقال : لكنا رأيناه ليلةَ السَّبتِ . فلا تزال نصومُ حتى نكمل ثلاثينَ . أو نراه . فقلتُ : أو لا تكتفي برؤيةِ معاويةَ وصيامِه ؟ فقال : لا . هكذا أمرَنا رسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّمَ (صحيح مسلم:1087)
ترجمہ : حضرت ام الفضل رضی اللہ عنہا۔ حضرت کریب کو اپنے ایک کام کے لیے حضرت معاویہ کے پاس شام میں بھیجتی ہیں۔ حضرت کریب فرماتے ہیں کہ وہاں ہم نے رمضان شریف کا چاند جمعہ کی رات کو دیکھا میں اپنا کام کر کے واپس لوٹا یہاںمیری باتیں عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے ہو رہی تھیں۔
آپ نے مجھ سے ملک شام کے چاند کے بارے میں دریافت فرمایا تو میں نے کہا کہ وہاں چاند جمعہ کی رات کو دیکھا گیا ہے، آپ نے فرمایا تم نے خود دیکھا ہے؟ میں نے کہا جی ہاں میں نے بھی دیکھا۔ اور سب لوگوں نے دیکھا، سب نے بالاتفاق روزہ رکھا۔ خود جناب امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نے بھی روزہ رکھا۔ آپ نے فرمایا ٹھیک ہے، لیکن ہم نے تو ہفتہ کی رات چاند دیکھا ہے، اور ہفتہ سے روزہ شروع کیا ہے، اب چاند ہو جانے تک ہم تو تیس روزے پورے کریں گے۔ یا یہ کہ چاند نظر آ جائے میں نے کہا سبحان اللہ! امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اور اہل شام کا چاند دیکھا۔ کیا آپ کو کافی نہیں؟ آپ نے فرمایا ہر گز نہیں ہمیں رسول اللہ ﷺ اسی طرح حکم فرمایا ہے ۔
یہ حدیث مسلم، ترمذی، نسائی، ابو داؤد وغیرہ میں موجود ہے ، اس حدیث پہ محدثین کے ابواب سے بات اور بھی واضح ہوجاتی ہے۔
امام مسلم کا باب : باب بَيَانِ أَنَّ لِكُلِّ بَلَدٍ رُؤْيَتَهُمْ وَأَنَّهُمْ إِذَا رَأَوُا الْهِلاَلَ بِبَلَدٍ لاَ يَثْبُتُ حُكْمُهُ لِمَا بَعُدَ عَنْهُمْ
ترمذی کا باب : باب مَا جَاءَ لِكُلِّ أَهْلِ بَلَدٍ رُؤْيَتُهُمْ
نسائی کا باب: باب اخْتِلاَفِ أَهْلِ الآفَاقِ فِى الرُّؤْيَةِ
٭پرنٹ میڈیا یا الکٹرانک میڈیا کے ذریعہ چاند کی خبر پانے پہ یہ تحقیق کرنا ضروری ہے کہ خبر عادل مسلمان یا باوثوق ادارے کی طرف سے ہے کہ نہیں؟
٭ہندوستان، پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش وغیرہ یعنی جس جس ملک میں سعودی عرب سے مطلع کا فرق پڑتا ہے وہاں کے لوگ سعودی عرب کے حساب سے نہ روزہ رکھیں نہ ہی عید منائیں گے ۔
٭ بعض علاقے میں چھ مہینے دن اور چھ مہینے رات ہوتی ہے ایسے ملک والے قریبی ملک کے حساب سے روزہ ،افطار اور نماز ادا کریں گے۔
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
(2) روزے کی نیت :
تمام اعمال کا دارومدار نیت پہ لہذا روزے کی قبولیت کے لئے اچھی نیت کا ہونا ضروری ہے ۔
اللہ کا فرمان ہے :قُل أَتُعَلِّمونَ اللَّهَ بِدينِكُم وَاللَّهُ يَعلَمُ ما فِى السَّمٰو‌ٰتِ وَما فِى الأَر‌ضِ
ۚ(الحجرات:16)
ترجمہ : ان سے کہو کیا تم اللہ کو اپنی دین داری جتلاتے ہو اور اللہ تو آسمانوں اور زمین کی سب چیزوں سے واقف ہے۔
گویا نام لیکر اپنے عملوں کو بتلانے کی ضرورت نہیں۔
اور نبی ﷺ کا فرمان ہے : إنما الأعمالُ بالنياتِ، وإنما لكلِّ امرئٍ ما نوى، فمن كانت هجرتُه إلى دنيا يصيُبها، أو إلى امرأةٍ ينكحها، فهجرتُه إلى ما هاجر إليه(صحيح البخاري:1)
ترجمہ : بے شک اعمال نیتوں کے ساتھ ہیں اور ہر آدمی کے لیے وہی ہے جس کی اس نے نیت کی۔ جس نے دنیا پانے پانے یا کسی عورت سے شادی کرنے کی نیت سے ہجرت کی تو اس کی ہجرت اسی کام کے لئے ہے جس کی طرف ہجرت کی ۔
٭نیت کا تعلق دل سے ہے لہذا الفاظ کے ذریعہ زبان سے بول کر نیت کرنا بدعت ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے : كلَّ بدعةٍ ضلالةٌ وَكلَّ ضلالةٍ في النَّارِ(صحيح النسائي:1577)
ترجمہ :ہر بدعت گمراہی ہے اور ہر گمراہی آگ (جہنم) میں ہے۔
٭اعمال کی قبولیت کے لئےزبانی الفاظ کی نہیں بلکہ سچی نیت(اخلاص) اور نبی ﷺ کی سنت کی پیروی کی ضرورت ہے ۔ جس کا ذکراللہ کے اس فرمان میں ہے :
فَمَن كَانَ يَرْجُو لِقَاءَ رَبِّهِ فَلْيَعْمَلْ عَمَلًا صَالِحًا وَلَا يُشْرِكْ بِعِبَادَةِ رَبِّهِ أَحَدًا (الكهف:110)
ترجمہ : تو جسے بھی اپنے پروردگار سے ملنے کی آرزو ہو اسے چاہیے کہ نیک اعمال کرے اور اپنے پروردگار کی عبادت میں کسی کو بھی شریک نہ کرے۔
٭ پورے رمضان کی اکٹھے نیت درست نہیں ہے بلکہ ہرروزے کی الگ الگ نیت کرے ۔ نیت کا وقت مغرب کے بعد سے فجر تک ہے ۔ اس دوران کسی بھی وقت روزے کی نیت کرلے ۔
نبی ﷺ کا فرمان ہے : من لم يبيِّتِ الصِّيامَ منَ اللَّيلِ فلا صيامَ لَه(صحيح النسائي: 2333)
ترجمہ: اس شخص کا روزہ نہیں جس نے رات ہی سے روزہ کی نیت نہ کی ہو۔
مَن لم يُجمعِ الصِّيامَ قبلَ الفجرِ فلا صيامَ لَهُ(صحيح أبي داود: 2454)
ترجمہ: جس نے فجر سے پہلے پہلے روزے کی نیت نہیں کی اس کا روزہ نہیں ۔
ان دونوں احادیث سے جہاں اس بات کا علم ہوتا ہے کہ ہرروزے کی نیت الگ الگ ہونی چاہئے وہیں یہ بھی ظاہر ہے کہ روزے کی نیت کا وقت رات سے لیکر فجر تک ہے ۔
٭ لوگوں میں روزے کی نیت کے الفاظ معروف ہیں وہ الفاظ کچھ طرح سے ہیں۔
(1) نویت أن أصوم غدا(میں کل کا روزے رکھنے کی نیت کرتاہوں)
(2) بِصَوْمٍ غَدٍ نَّوَیْتُ(کل کے روزے کی نیت کرتاہوں)
(3) وَبِصَوْمِ غَدٍ نَّوَيْتَ مِنْ شَهْرِ رَمَضَانَ(اور میں رمضان مہینے کے کل کے روزے کی نیت کرتا ہوں)
نیت کے یہ مختلف الفاظ کسی حدیث سے ثابت نہیں بلکہ اس تعلق سے کوئی ضعیف یا موضوع روایت بھی نہیں ملتی ۔ نیت کے الفاظ خود ہی بتلاتے ہیں کہ ہم خودساختہ ہیں ۔ ان الفاظ میں لفظ "غد" (جو کہ کل کے معنی میں ہے ) کیسے صحیح ہوسکتا ہے جبکہ روزہ آج کا ہوتا ہے ۔
تنبیہ : بعض لوگ امت کو نیت کے نام پہ ایسے اعمال کا درس دیتے ہیں جو نہ صرف باعث مشقت ہیں بلکہ تضییع اعمال کا بھی سبب ہیں۔ میں نے سنا ہے کہ کتنے لوگ اس لئے نماز نہیں پڑھتے کہ انہیں نماز کی خودساختہ نیت نہیں آتی ۔
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
(3) سحری:
روزے کی صحت کے لئے سحری کھانا ضروری نہیں ہے تاہم سحری کھانا مسنو ن ہے اس لئے سحری کھانا چاہئے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے ۔ تسحَّروا، فإن في السَّحورِ بركةً (صحيح البخاري:1023،صحيح مسلم:1095)
ترجمہ: سحری کھاؤ کیونکہ سحری میں برکت ہے ۔
ایک دوسری حدیث میں نبی ﷺ کا فرمان ہے :
السُّحورُ أكلةُ بركةٍ فلا تدعوهُ ولو أن يَجرعَ أحدُكم جرعةَ ماءٍ فإنَّ اللهَ وملائكتَهُ يُصلُّونَ على المتسحِّرينَ(السلسلة الصحيحة:7/1206 )
ترجمہ: سحری تمام تر برکت ہے لہذا اس کو نہ چھوڑوخواہ تم میں سے کوئی ایک گھونٹ پانی ہی پی لے کیونکہ اللہ تعالی اور اس کے فرشتے سحری کھانے والوں پہ رحمت بھیجتے ہیں۔
*سحری کی برکت سے سنت کی پیروی، اہل کتاب کی مخالفت،عبادت پر قوت،چستی میں اضافہ،بسبب بھوک بدخلقی سے نجات،بوقت سحر سائل کو صدقہ،ذکرودعا اور نیت روزہ کے اسباب و مواقع میسر ہوتے ہیں (اختصار ازکلام حافظ ابن حجرؒ فتح الباری 4/140)
٭ سحری کھانے کی کوئی خاص دعا نہیں ہے ، سحری سے پہلے بس روزے کی نیت کرنی ہے اگر رات میں نیت نہ کی ہوتو۔
٭بعض لوگ سحری نہیں کھاتے، بعض لوگ رات کا کھانا سحری سمجھ کے کھاتے ہیں اور بعض لوگ آدھی رات میں اٹھ کے کھالینے کو سحری سمجھتے ہیں ۔ ان تمام طریقوں میں سحری کی سنت مفقود ہے ۔
٭ سحری کا وقت فجر سے کچھ پہلے ہے ۔
تسَحَّرْنا معَ النبيِّ صلَّى اللهُ عليه وسلَّم، ثم قام إلى الصلاةِ، قلتُ : كم كان بينَ الأذانِ والسُّحورِ ؟ . قال : قدْرَ خمسينَ آيةً (صحيح البخاري:1921)
ترجمہ: صحابی رسول زید بن ثابت رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہم نے سحری کھائی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز کے لیے کھڑے ہوئے۔ میں نے پوچھا کہ سحری اور اذان میں کتنا فاصلہ ہوتا تھا تو انہوں نے کہا کہ پچاس آیتیں (پڑھنے) کے موافق فاصلہ ہوتا تھا۔
٭ اگر کبھی سحری کھاتے کھاتے فجر کی اذان ہوجائے تو کھانا نہ چھوڑے بلکہ پلیٹ کا کھانا صاف کرلے ۔نبی ﷺ کا فرمان ہے :
إذا سمعَ أحدُكُمُ النِّداءَ والإناءُ على يدِهِ ، فلا يَضعهُ حتَّى يقضيَ حاجتَهُ منهُ(صحيح أبي داود:2350)
ترجمہ: تم میں سے جب کوئی (فجر) کی اذان سنے اوربرتن اس کے ہاتھ میں ہوتو اسے رکھے نہیں بلکہ اپنی ضرورت پوری کرلے۔
اس میں دو باتیں دھیان دینے کے لائق ہیں ۔ اولا : اس طریقہ کو معمول نہ بنائے ۔ ثانیا: اس حدیث میں اس اذان کا ذکر ہے جوصحیح وقت پر ہو ۔ جن مساجد میں فجر کی اذان صحیح وقت پر نہیں ہوتی بلکہ تاخیر سے ہوتی ہےوہ اس حکم میں داخل نہیں۔
٭ سحری کے لئے طہارت شرط نہیں اس لئے اگر احتلام ہوگیا ہویا جماع کیا ہوتو اس حالت میں سحری کھاسکتے ہیں ۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں ۔
أشهَدُ على رسولِ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّم إنه كان لَيُصبِحُ جُنُبًا، من جِماعٍ غيرِ احتِلامٍ، ثم يصومُه . (صحيح البخاري:1931)
ترجمہ : میں گواہی دیتی ہوں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم احتلام کے سبب سے نہیں بلکہ جماع کے سبب سے حالت جنابت میں صبح کرتے اور غسل کیے بغیر روزہ رکھتے۔
تاہم صبح ہی غسل کرلے تاکہ فجر کی نماز جماعت سے ادا کرے ۔
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
(4) افطار:
افطار کرنا نبی ﷺ کی سنت ہے ۔ عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ: أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:لاَ يَزَالُ النَّاسُ بِخَيْرٍ مَا عَجَّلُوا الفِطْرَ(صحیح البخاري 1957)
ترجمہ: حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: لوگ اس وقت تک بھلائی پر رہیں گے جب تک وہ جلدی افطاری کرتے رہیں گے ۔
٭ افطار میں جلدی کرنا چاہئے یعنی سورج ڈوبتے ہی فورا افطار کرنا چاہئے ۔ اوپر والی حدیث اس بات کی دلیل ہے ۔
٭لوگوں میں مشہور افطار کی دعا " اللَّهُمَّ لَكَ صُمْتُ، وَعَلَى رِزْقِكَ أَفْطَرْتُ" مرسل ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے ۔ شیخ البانی نے ابوداؤد کی حدیث کو ضعیف کہا ہے۔ دیکھیں(ضعيف أبي داود:2358)
٭ افطار کرتے وقت بسم اللہ کہیں اور افطار کے بعد یہ دعا پڑھیں :
ذَهَبَ الظَّمأُ وابتلَّتِ العُروقُ وثبَتَ الأجرُ إن شاءَ اللَّهُ(صحيح أبي داود:2357)
ترجمہ: پیاس بجھ گئی ، رگیں تر ہوگئی ، اوراللہ نے چا ہا تو اجربھی ثابت ہوگیا۔
٭ افطار کرانا بڑے اجر کا کام ہے ۔ حدیث پاک میں ہے نبی پاک ﷺ نے فرمایا:
مَن فطَّرَ صائمًا كانَ لَهُ مثلُ أجرِهِ ، غيرَ أنَّهُ لا ينقُصُ من أجرِ الصَّائمِ شيئًا(صحيح الترمذي:807)
ترجمہ: جس شخص نے کسی روزہ دارکو افطارکروایاتواس شخص کوبھی اتنا ہی ثواب ملے گا جتنا ثواب روزہ دار کے لئے ہوگا،اورروزہ دارکے اپنے ثواب میں‌ سے کچھ بھی کمی نہیں کی جائے گی۔
جب کوئی کسی دوسرے کے یہاں افطار کرے تو یہ دعا پڑھے :
أفطرَ عندَكُمُ الصَّائمونَ ، وأكَلَ طعامَكُمُ الأبرارُ ، وصلَّت عليكمُ الملائِكَةُ(صحيح أبي داود:3854)
ترجمہ: تمہارے پاس روزے داروں نے افطاری کی، نیک لوگوں نے تمہارا کھانا کھایا اور تم پر فرشتوں نے رحمت بھیجی ۔
٭ غلطی سے وقت سے پہلے افطار کرنے والوں کو چاہئے کہ جیسے ہی غلطی کا علم ہو فورا کھانا ترک کردے ، اس پہ کوئی گناہ اور کوئی کفارہ نہیں ہے۔ جیساکہ نبی ﷺ فرمان ہے :
من أكل ناسيًا ، وهو صائمٌ ، فليُتِمَّ صومَه ، فإنما أطعمَه اللهُ وسقاهُ(صحيح البخاري:6669)
ترجمہ: جس شخص نے روزہ کی حالت میں بھول کر کھا لیا ,تو اس پر لازم ہے کہ وہ اپنا روزہ مکمل کرے ۔ یقینًا اللہ ہی نے اسے کھلایا اور پلایا ہے ۔
لیکن عمدا ایسا کرنے والوں کے لئے سخت وعید ہے ۔
٭ غیر مسلم اگر حلال کمائی سے افطار کرائے تو اس کے کھانے میں کوئی حرج نہیں ہے گردینی مصلحت ہو لیکن اگراسلام کے لئے برے ہوں تو بچنا بہترہے ، اسی طرح جو لوگ افطار کو سیاست سے جوڑتے ہیں اور افطار پاڑتی کرتے ہیں اس سے بھی پرہیز بہتر ہے۔
٭ ہوائی جہاز میں سفر کرنے والوں کو بھی اس وقت تک افطار نہیں کرنا ہے جب تک سورج نظر آئے۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے:
إذا أقبل الليلُ من ها هنا، وأدبر النهارُ من ها هنا، وغربتِ الشمسُ، فقد أفطر الصائِمُ(صحيح البخاري:1954)
ترجمہ : ’’جب ادھر رات بڑھ آئے اور ادھر سے دن پیچھے ہٹ جائے اور سورج ڈوب جائے تو اس وقت روزہ دار روزہ افطار کرے۔
٭ مسلمانوں کے بعض طبقات میں افطار کے لئے پانچ سے دس منٹ تک کا احتیاط ہوتا ہے ، اسی حساب سے یہ لوگ اپنے افطار کا کلینڈر بناتے ہیں ۔ اس لئے میں عام مسلمانوں کو باخبر کرنا چاہتاہوں کہ یہ سنت کی مخالفت ہے بلکہ افطار میں احتیاط کو رواج دینا بدعت کا ارتکاب ہے ۔سورج ڈوبتے ہی ہمیں بغیر احتیاط کئے فورا افطار کرنا چاہئے ۔
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
(5) روزے کے مفسدات :
وہ امور جن سے روزہ باطل ہوجاتا ہے ۔
٭ بلاعذر قصدا کھا پی لینے سے روزۃ ٹوٹ جاتا ہے ۔ ایسے لوگوں کو قضا کے ساتھ توبہ بھی کرنا چاہئے۔
٭ بحالت روزہ جماع کرنا۔ اس کی قضا اور کفارہ دونوں ہے ۔ کفارہ : ایک غلام آزادکرنا یا دو مہینے مسلسل روزے رکھنا یا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانا ۔
٭ حیض ونفاس کا آنا۔
٭ قصدا قے کرنا۔
٭بوس وکنار یا مشت زنی سے منی خارج کرنا۔ اس پہ صرف قضا ہے ۔
٭ جو اشیاء کھانے پینے کے مقابل ہوں ان سے بھی روزہ فاسد ہوجائے گا۔ مثلا قوت والا انجکشن
٭ عمدا خون کا نکالنا مثلا حجامہ ۔(بعض لوگوں کے نزدیک حجامہ ناقض روزہ نہیں ہے )

(6) روزے کے جائزومستحب امور :
اس میں دو باتیں ہیں ۔
پہلی بات: ان امور سے متعلق ہے جن سے روزہ نہیں ٹوٹتااور وہ مندرجہ ذیل ہیں ۔
بھول کر کھاناپینا، سہوا قے کرنا، طاقت رکھنے والوں کا بیوی سے بوس وکنار کرنا،خود بخود خون آنا مثلا نکسیر ، زخم یا طبی معائنہ کی غرض سے تھوڑا سا خون نکالنا، غیرمقوی انجکشن لگانا، سرمہ لگانا، کلی کرنا ، ناک میں پانی ڈالنا، سر پہ پانی ڈالنا، نہانا، ضرورتا کھانے کا ذائقہ چکھنا بشرطیکہ معدے میں نہ جائے ، احتلام ہوجانا، حالت جنابت میں صبح ہوجانا، ناک - کان اور آنکھ میں قطرے ڈالنا(یہ عمل رات میں کرے تو بہترہے)، توتھ پیسٹ کرنا وغیرہ ۔
دوسری بات : ان امور سے متعلق ہے جن کا کرنا بحالت روزہ مستحب وپسندیدہ ہے ۔
٭ عبادت پہ محنت: ہر قسم کی بھلائی کا کام کرنا ۔مثلا قرآن کی تلاوت، اس میں تدبر،صدقہ،دعا،ذکرفرائض کے ساتھ دیگر نفلی عبادت پہ محنت کرنا۔
٭ فرائض کے علاوہ عبادات میں تراویح، شب قدرکی عبادت، عمرہ اور اعتکاف بڑے اجر والا عمل ہے ۔
٭مسواک کرنا: حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ آپ ﷺ کا فرمان ہے :السواک مطھرۃ للفم مرضاۃ للرب (رواہ البخاری تعلیقا)
ترجمہ : مسواک سے منہ صاف ہوتاہے اور اللہ کی رضامندی حاصل ہوتی ہے ۔
٭ افظاروسحر میں کھجوریا پانی کا استعمال مسنون ہے ،سحر میں تاخیراور افطار میں جلدی کریں ، افطار کے وقت دعاکرنا اور روزے داروں کا افطار کرانا بھی محبوب عمل ہے ۔
٭ یہاں یہ بھی دھیان رہے کہ جہاں بحالت روزہ بھلائی کا کام کرنے سے اجر بڑھ جاتا ہے وہیں اس مہینے میں خصوصا روزے کی حالت میں گناہ کرنے سے برائی کا درجہ بھی بڑھ جاتا ہے اس لئے زبان، ہاتھ پیراور پورے دل دماغ کو روزے کے منافی امور سے بچائے ۔
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
(7)روزہ داروں کے اقسام واحکام
(الف)بیمار:
بیمارکی دوقسمیں ہیں ایک وہ بیمارآدمی جو روزہ کی وجہ سے مشقت یا جسمانی ضررمحسوس کرے یا شدید بیماری کی وجہ سے دن میں دوا کھانے پہ مجبور ہو تو اپنا روزہ چھوڑسکتا ہے ۔ ضررونقصان کی وجہ سے جتنا روزہ چھوڑے گا اتنے کا بعد میں قضا کرنا ہے ۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے:
فَمَن كَانَ مِنكُم مَّرِيضًا أَوْ عَلَىٰ سَفَرٍ فَعِدَّةٌ مِّنْ أَيَّامٍ أُخَرَ(البقرۃ:184)
ترجمہ : اورجوکوئی مریض ہو یا پھر مسافر ہو تو دوسرے دنوں میں گنتی پوری کرے۔
دوسرا وہ بیمار جن کی شفا یابی کی امید نہ ہو اور ایسے ہی بوڑے مردوعورت جو روزہ رکھنے کی طاقت نہ رکھتے ہو ان دونوں کو روزہ چھوڑنا جائز ہے اور ہرروزے کے بدلے روزانہ ایک مسکین کو نصف صاع(تقریبا ڈیڑھ کلو) گیہوں، چاول یا کھائی جانے والی دوسری اشیاء دیدے ۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے :
وَعَلَى الَّذِينَ يُطِيقُونَهُ فِدْيَةٌ طَعَامُ مِسْكِينٍ(البقرة:184)
ترجمہ :اور اس کی طاقت رکھنے والےفدیہ میں ایک مسکین کو کھانادیں۔
یہاں یہ دھیان رہے کہ معمولی پریشانی مثلا زکام ، سردرد وغیرہ کی وجہ سے روزہ توڑنا جائز نہیں ہے ۔

(ب)مسافر:
رمضان میں مسافر کے لئے روزہ چھوڑنا جائز ہے جیساکہ اللہ کا فرمان ہے :
فَمَن كَانَ مِنكُم مَّرِيضًا أَوْ عَلَىٰ سَفَرٍ فَعِدَّةٌ مِّنْ أَيَّامٍ أُخَرَ(البقرۃ:184)
ترجمہ : اورجوکوئی مریض ہو یا پھر مسافر ہو تو دوسرے دنوں میں گنتی پوری کرے۔
اگر سفر میں روزہ رکھنے میں مشقت نہ ہو تو مسافر حالت سفر میں بھی روزہ رکھ سکتا ہے ۔ اس کے بہت سارے دلائل ہیں ۔ مثلا۔
ایک صحابی نبی ﷺ سے سفر میں روزہ کے بابت پوچھتے ہیں تو آپ ﷺ نے فرمایا:
إن شئتَ صمتَ وإن شئتَ أفطرتَ( صحيح النسائي:2293)
ترجمہ : اگر تم چاہو تو روزہ اور اگر چاہو تو روزہ چھوڑ دو۔
مسافر چھوڑے ہوئے روزے کی قضا بعد میں کرے گا۔

(ج) عورت کا روزہ:
حیض والی اور بچہ جنم دینے والی عورت کے لئے خون آنے تک روزہ چھوڑنے کا حکم ہے ۔
اور جیسے ہی خون بند ہوجائے روزہ رکھنا شروع کردے۔ کبھی کبھی نفساء چالیس دن سے پہلے ہی پاک ہوجاتی ہیں تو پاک ہونے پر روزہ ہے۔عورت کےلئے مانع خون دوا استعمال کرنے سے بہتر ہے طبعی حالت پہ رہے ۔حیض اور نفاس کے علاوہ خون آئے تو اس سے روزہ نہیں توڑنا ہے بلکہ روزہ جاری رکھناہے ۔
دودھ پلانے والی عورت اور حاملہ عورت کو جب اپنے لئے یا بچے کےلئے روزہ کے سبب خطرہ لاحق ہو تو روزہ چھوڑ سکتی ہے ۔ بلاضرر روزہ چھوڑنا جائز نہیں ہے ۔ نبی ﷺ کے اس فرمان کا یہی مطلب ہے ۔
إنَّ اللَّهَ عزَّ وجلَّ وضعَ للمسافرِ الصَّومَ وشطرَ الصَّلاةِ ، وعنِ الحُبلَى والمُرضِعِ( صحيح النسائي:2314)
ترجمہ: اللہ تعالی نے مسافر کے لئے آدھی نماز معاف فرما دی اور مسافر اور حاملہ اور دودھ پلانے والی کو روزے معاف فرما دیئے۔
بیمار اور سن رسیدہ عورت کے احکام پہلے نمبر میں شامل ہیں۔
جب عذر کی وجہ سے عورت روزہ چھوڑدے تو بعد میں اس کی قضا کرے۔حاملہ اور مرضعہ کے تعلق سے فدیہ کا ذکرملتا ہے جو کہ صحیح نہیں ہے ۔

(د)بچوں کا روزہ:
بچوں پر روزہ فرض نہیں ہے جب تک بالغ نہ ہوجائے کیونکہ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
رُفِعَ القلمُ عن ثلاثةٍ: عنِ المجنونِ المغلوبِ على عقلِهِ حتَّى يُفيقَ، وعنِ النَّائمِ حتَّى يستيقظَ، وعنِ الصَّبيِّ حتَّى يحتلمَ(صحيح أبي داود:4401)
ترجمہ:ميرى امت ميں سے تين قسم ( كے لوگوں ) سے قلم اٹھا ليا گيا ہے، مجنون اور پاگل اور بے عقل سے جب تك كہ وہ ہوش ميں آجائے، اور سوئے ہوئے سے جب تك كہ وہ بيدار ہو جائے، اور بچے سے جب تك كہ وہ بالغ ہو جائے۔
لیکن تربیت کے طور پر بچوں سے بھی روزہ رکھوایا جائے جب وہ روزہ رکھنے کی طاقت رکھتے ہوں ۔ بعض علماء نےروزہ کے لئے بچوں کی مناسب عمردس سال بتلائی ہے کیونکہ حدیث میں دس سال پہ ترک نماز پر مارنے کا حکم ہے ۔ بہر کیف دسواں سال ہو یا اس سے پہلے کا اگر بچے روزہ رکھ سکتے ہوں تو سرپرست کی ذمہ داری ہے کہ ان سے روزہ رکھوائیں ۔ اس کی نظیر قرون مفضلہ میں ملتی ہے ۔
عَنِ الرُّبَيِّعِ بِنْتِ مُعَوِّذِ بْنِ عَفْرَاءَ رضي الله عنها قَالَتْ : أَرْسَلَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم غَدَاةَ عَاشُورَاءَ إِلَى قُرَى الأَنْصَارِ الَّتِى حَوْلَ الْمَدِينَةِ :مَنْ كَانَ أَصْبَحَ صَائِمًا فَلْيُتِمَّ صَوْمَهُ ، وَمَنْ كَانَ أَصْبَحَ مُفْطِرًا فَلْيُتِمَّ بَقِيَّةَ يَوْمِهِ ، فَكُنَّا بَعْدَ ذَلِكَ نَصُومُهُ ، وَنُصَوِّمُ صِبْيَانَنَا الصِّغَارَ مِنْهُمْ إِنْ شَاءَ اللَّهُ ، وَنَذْهَبُ إِلَى الْمَسْجِدِ ، فَنَجْعَلُ لَهُمُ اللُّعْبَةَ مِنَ الْعِهْنِ ، فَإِذَا بَكَى أَحَدُهُمْ عَلَى الطَّعَامِ أَعْطَيْنَاهَا إِيَّاهُ عِنْدَ الإِفْطَارِ(صحيح البخاري:1960وصحيح مسلم :1136) .
ترجمہ:ربيع بنت معوذ بن عفرا رضى اللہ تعالى عنہا بيان كرتى ہيں كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے يوم عاشوراء كے دن مدينہ كے ارد گرد رہنے والے انصار كى طرف ايك شخص كو يہ پيغام دے كر بھيجا كہ:جس نے روزہ ركھا ہے وہ اپنا روزہ پورا كرے، اور جس نے روزہ نہيں ركھا وہ باقى سارا دن بغير كھائے پيے گزارے ۔ چنانچہ اس كے بعد ہم روزہ ركھا كرتے تھے، اور ان شاء اللہ اپنے چھوٹے بچوں كو بھى روزہ ركھواتے اور ہم مسجد جاتے تو بچوں كے ليے روئى كے كھلونے بنا ليتے، جب كوئى بچہ بھوك كى بنا پر روتا تو ہم اسے وہ كھلونا دے ديتے۔
تعليقات بخاری میں باب صوم الصبيان کے تحت یہ روایت مذکورہے کہ عمر رضى اللہ تعالى عنہ نے رمضان المبارك ميں نشہ كرنے والے شخص كو مارتے ہوئے فرمايا:تو تباہ ہو جائے، ہمارے تو بچے بھى روزے سے ہيں۔

(ر)بلاعذرقصدا روزہ چھوڑنے والا:
رمضان میں بغیر عذر کے قصدا روزہ چھوڑنے والا گناہ کبیرہ کا مرتکب ہے ۔ اسے اولا اپنے گناہ سے سچی توبہ کرنا چاہئے اور جو روزہ چھوڑا ہے اس کی بعد میں قضا بھی کرے ۔ اور اگر کوئی بحالت روزہ جماع کرلیتا ہے اسے قضا کے ساتھ کفارہ بھی ادا کرنا ہے ۔کفارہ میں لونڈی آزاد کرنا یا مسلسل دو مہینے کا روزہ رکھنا یا ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانا ہے ۔
یاد رہے بلاعذر روزہ توڑنے کا بھیانک انجام ہے ۔ مستدرک وغیرہ کی روایت ہے ۔
بَينا أنا نائمٌ أتاني رجلانِ ، فأخذا بِضَبْعَيَّ فأتَيا بي جبلًا وعْرًا ، فقالا : اصعدْ . فقلتُ : إنِّي لا أُطيقُهُ . فقال : إنَّا سَنُسَهِّلُهُ لكَ . فصعدتُ ، حتَّى إذا كنتُ في سَواءِ الجبلِ إذا بأصواتٍ شديدةٍ . قلتُ : ما هذهِ الأصواتُ ؟ قالوا : هذا عُوَاءُ أهلِ النَّارِ ثمَّ انْطُلِقَ بي فإذا أنا بقَومٍ مُعلَقِينَ بعراقيبِهِم ، مُشَقَّقَةٌ أشداقُهُم ، تسيلُ أشداقُهُم دمًا . قال : قلتُ : مَن هؤلاءِ ؟ قال : الَّذينَ يُفطِرونَ قبلَ تَحلَّةِ صَومِهِم .(صحيح الترغيب: 2393)
ترجمہ : ابو امامہ الباہلی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپ فرما رہے تھے:ایک مرتبہ میں سو رہا تھا میرے پاس دو آدمی آئے انہوں نے مجھے بازو سے پکڑا اور وہ دونوں مجھے ایک مشکل پہاڑ کے پاس لے آئے تو انہوں نے کہا کہ اس پر چڑھو میں نے کہا میں اس پر چڑھنے کی استطاعت نہیں رکھتا، انہوں نے کہا ہم اس کو آپ کے لیے آسان کر دیتے ہیں تو میں اس پر چڑھ گیا حتیٰ کہ جب پہاڑ کے درمیان میں تھا تو میں نے خوفناک آوازیں سنی تو میں نے کہا یہ آوازیں کیا ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ یہ آگ والوں کی چیخ و پکار اور واویلہ ہے، پھر مجھے ایک جگہ لے جایا گیا تو میں وہاں کچھ لوگوں کو دیکھا جو الٹے لٹکائے گئے تھے ان کی باچھیں (منہ کی دونوں اطراف ) پھاڑی ہوئی تھیں اور ان سے خون بہہ رہا تھا میں نے کہا یہ کون ہے تو کہا یہ وہ لوگ ہیں جو روزہ افطار کے وقت سے پہلے ہی کھول دیتے تھے۔
ہماری نصیحت کے لئے ایک حدیث ہی کافی ہے ۔

(س)نماز کے بغیر روزہ رکھنے والا:
جیسے روزہ ارکان اسلام میں ایک رکن ہے ویسے ہی نماز بھی ایک رکن ہے ۔ نماز کے بغیر روزے کا کوئی فائدہ نہیں ۔ جو نماز کا منکر ہے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے ۔ نبی ﷺ فرمان ہے :
العَهدُ الَّذي بيننا وبينهم الصَّلاةُ ، فمَن تركَها فَقد كَفرَ(صحيح الترمذي:2621)
ترجمہ :ہمارے اور ان کے درمیان نماز کا عہد ہے،جس نے نماز کو چھوڑا پس اس نے کفر کیا۔
اس وجہ سے تارک صلاۃ کا روزہ قبول نہیں ہوگا بلکہ نماز چھوڑنے کی وجہ سے اس کا کوئی بھی عمل قبول نہیں کیا جائے گاجب تک کہ وہ توبہ نہ کرلے ۔
اس سلسلے میں شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
"الذي يصوم ولا يصلى لا يقبل منه صوم ، لأنه كافر مرتد ، ولا تقبل منه زكاة ولا صدقة ولا أي عمل صالح ، لقول الله تعالى ( وَمَا مَنَعَهُمْ أَنْ تُقْبَلَ مِنْهُمْ نَفَقَاتُهُمْ إِلاَّ أَنَّهُمْ كَفَرُوا بِاللَّهِ وَبِرَسُولِهِ وَلا يَأْتُونَ الصَّلاةَ إِلاَّ وَهُمْ كُسَالَى وَلا يُنفِقُونَ إِلاَّ وَهُمْ كَارِهُونَ ) التوبة/54
فإذا كانت النفقة وهي إحسان إلى الغير لا تقبل من الكافر فالعبادة القاصرة التي لا تتجاوز فاعلها من باب أولى ، وعلى هذا فالذي يصوم ولا يصلى هو كافر والعياذ بالله ، وصومه باطل ، وكذلك جميع أفعاله الصالحة لا تقبل منه"(فتاوى نور على الدرب لابن عثيمين :124 /32) .
اس عبارت کا خلاصہ یہ ہے کہ جو آدمی روزہ رکھتا اور نماز نہیں پڑھتا ہے اس کا روزہ مقبول نہیں ہے اس لئے کہ وہ کافر اور مرتد ہے ۔ اس کی طرف سے زکوۃ ،صدقات بلکہ کوئی نیکی قبول نہیں کی جائے گی۔
اللہ کا فرمان ہے : وَمَا مَنَعَهُمْ أَنْ تُقْبَلَ مِنْهُمْ نَفَقَاتُهُمْ إِلَّا أَنَّهُمْ كَفَرُوا بِاللَّهِ وَبِرَسُولِهِ وَلَا يَأْتُونَ الصَّلَاةَ إِلَّا وَهُمْ كُسَالَى وَلَا يُنْفِقُونَ إِلَّا وَهُمْ كَارِهُونَ۔
ترجمہ :انکے صدقات کی قبولیت کے سامنے صرف یہی بات آڑے آئی کہ انہوں نے اللہ ، اور رسول اللہ کے ساتھ کفر کیا، اور وہ نمازوں کیلئے صرف سستی کرتے ہوئے آتے ہیں، اور صدقہ دیتے ہیں تو انکے دل تنگی محسوس کرتے ہیں۔
جب کافر سے دوسروں پہ خرچ کرنے کا احسان قبول نہیں ہوگا تو عبادت جو کہ ذاتی فعل ہے بدرجہ اولی قبول نہیں ہوگی ۔ اس لئے جو آدمی روزہ رکھتا اور نماز ادا نہیں کرتا (اللہ کی پناہ )وہ کافر ہے ۔اس کا روزہ باطل ہے اور اسی طرح تمام نیک اعمال( بھی باطل ہیں)قبول نہیں کئے جائیں گے ۔
اسی طرح روزے دار کو چاہئے کہ رمضان میں بھلائی کا کام کرے اور منکر کام سے بچے ۔ جو آدمی روزے سے ہو اور جھوٹ بولے ، برا کام کرے اور گندی حرکتوں سے باز نہ آئے ایسے روزہ داروں کے روزہ کی کوئی وقعت نہیں ۔ اللہ ایسوں کو پسند نہیں فرماتا۔
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ :مَنْ لَمْ يَدَعْ قَوْلَ الزُّورِ وَالْعَمَلَ بِهِ وَالْجَهْل فَلَيْسَ لِلَّهِ حَاجَةٌ فِي أَنْ يَدَعَ طَعَامَهُ وَشَرَابَهُ .(صحيح البخاري:6057)
ترجمہ : ابوھریرہ رضي اللہ تعالی عنہ سے بیان کیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جوکوئي قول زور اوراس پر عمل کرنا اورجہالت نہ چھوڑے اللہ تعالی کو اس کے بھوکا اورپیاسا رہنے کی کوئي ضرورت نہیں۔
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
(8) تراویح:
رمضان میں قیام کرنے کو قیام رمضان کہا جاتا ہے ۔ یہ وہی نماز ہے جو دیگر مہینوں میں قیام اللیل اور تہجد کے نام سے جانی جاتی ہے ۔ رمضان میں عام طور سے تراویح کے نام سے مشہور ہے ۔ یہ نفل نمازہے اس کا بہت زیادہ ثواب ہے ۔ حدیث میں ہے ۔
من قام رمضانَ إيمانًا واحتسابًا ، غُفِرَ له ما تقدَّم من ذنبِه(صحيح مسلم:759)
ترجمہ: راوی حدیث حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جس نے رمضان کی راتوں میں نماز تراویح پڑھی، ایمان اور ثواب کی نیت کے ساتھ، اس کے اگلے تمام گناہ معاف ہو جائیں گے۔
٭ تراویح کی مسنون رکعات آٹھ ہیں ، اس کی سب سے بڑی دلیل حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان جو بخاری شریف میں ہے :
أنه سأل عائشة رضي الله عنها : كيف كانت صلاة رسول الله صلَّى اللهُ عليه وسلَّم في رمضان ؟ . فقالتْ : ما كان يزيدُ في رمضانَ ولا في غيرهِ على إحدى عشرةَ ركعةً،يُصلِّي أربعًا، فلا تَسَلْ عَن حُسْنِهِنَّ وطولهِنَّ، ثم يُصلِّي أربعًا، فلا تَسَلْ عنْ حُسْنِهِنَّ وطولهِنَّ، ثم يصلي ثلاثًا .(صحيح البخاري:2013)
ترجمہ: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رات کی نماز رمضان میں کیسی تھی۔ انہوں نے جواب دیا کہ رمضان میں اور اس کے علاوہ دونوں میں گیارہ رکعتوں سے زیادہ نہ بڑھتے تھے۔ چار رکعتیں پڑھتے تھے۔ ان کے طول و حسن کو نہ پوچھو۔ پھر چار رکعتیں پڑھتے جن کے طول و حسن کا کیا کہنا۔ پھر تین رکعتیں پڑھتے تھے۔

اس حدیث پہ چند اعتراض کا جواب :
اعتراض : یہ تہجد کی نماز ہے تراویح کی نہیں ۔
جواب : تہجد اور تراویح ایک ہی نماز کے دو الگ الگ نام ہیں ۔

اعتراض : تراویح اور تہجد دو الگ الگ نمازیں ہیں ۔
جواب : یہ دونوں ایک ہی نمازیں ہیں جو کہ حدیث میں ہی مذکور ہے کہ رمضان یا غیر رمضان میں آپ کا قیام آٹھ رکعت کا ہوا کرتا تھا۔اگر یہ تہجد کی نماز مان لی جائے تو پھر یہ ماننا پڑے گا کہ آپ نے دوبارہ تراویح الگ سے پڑھی جس کی کوئی دلیل نہیں ۔ اور صحابہ کرام جب چوتھے روز باجماعت تراویح کے لئے جمع ہوئے اور نبی ﷺ نہیں نکلے تو صحابہ دوبارہ دوسرے قیام کے وقت پھر آتے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا؟ ۔ مشہور حنفی عالم مولانا انور شاہ کشمیری نے بھی تہجد اور تراویح کو ایک ہی نماز تسلیم کیا ہے ۔ (دیکھیں:عرف الشذی :309)

اعتراض :اگریہ تراویح کی نماز ہے تو دو دو کیوں پڑھتے ہیں ، اس حدیث میں چارچار کا ذکر ہے؟
جواب : اس حدیث میں چار چار رکعات کا وصف بتلایا گیا ہے نہ کہ چار رکعت پہ سلام پھیرنے کا۔ آپ ﷺدو دو کرکے ہی قیام کرتے تھے جس کے بہت سے دلائل ہیں ۔
ایک دلیل : كان رسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّمَ يصلِّي فيما بين أن يفرغَ من صلاةِ العشاءِ ( وهي التي يدعو الناسُ العتمَةَ ) إلى الفجرِ ، إحدى عشرةَ ركعةً . يسلِّمُ بين كلِّ ركعتَينِ . ويوتر بواحدةٍ .(صحيح مسلم:736)
ترجمہ : رسول اللہ ﷺ عشاء کی نماز سے فارغ ہونے کے بعد صبح تک گیارہ رکعات پڑھتے تھے اور اسی نماز کو لوگ عتمہ بھی کہتے تھے، آپ ہر دو رکعات پر سلام پھیرتے تھے اور ایک وتر پڑھتے تھے۔
دوسری دلیل : صلاةُ الليلِ مثنى مثنى ، فإذا خشي أحدُكم الصبحَ صلى ركعةً واحدةً ، توتِرُ له ما قد صلى.(صحيح البخاري:990 و صحيح مسلم:749)
ترجمہ : رات کی نماز دو دو رکعت ہے، اور اگر تم میں کسی کو صبح ہوجانے کا اندیشہ ہو، اور وہ ایک رکعت پڑھ لے، تو یہ اس کی پڑھی ہوئی نماز کے لئے وتر ہوجائیگی۔
٭ تراویح کی نماز اکیلے اور باجماعت دونوں پڑھنا صحیح ہے ۔
٭ مرد امام کے پیچھے صرف عورتوں کا تراویح پڑھنابھی جائز ہے ۔
٭ تراویح مسجد اور گھر دونوں جگہ پڑھی جاسکتی ہے۔
٭ تراویح میں بضرورت قرآن اٹھانا اور دیکھ کر پڑھنا دونوں جائز ہے ۔
٭تراویح میں قرآن ختم کرنا ضروری نہیں ہے البتہ ختم کرے تو بہتر ہے نبی ﷺ رمضان میں مکمل قرآن کا دورہ کرتے تھے۔
٭نبی ﷺ کی طرف منسوب بیس رکعت تراویح والی کوئی روایت صحیح نہیں ہے ۔


دو غلط فہمیوں کا ازالہ
پہلی غلط فہمی :
لوگوں کے درمیان یہ غلط فہمی پھیلی ہے کہ حضرت عمررضی اللہ عنہ نے لوگوں کو بیس رکعت تراویح پہ جمع کیاجبکہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے متعلق بیس رکعت والی حدیث ضعیف اور صحیح حدیث کے مخالف ہے ۔ درست بات یہی ہے کہ حضرت عمر نے ابی بن کعب اور تمیم داری کو گیارہ رکعات پڑھانے کا حکم دیا تھا جو صحیح سند سے ثابت ہے ۔
عن عمرَ رضيَ اللَّهُ تعالى عنهُ أنَّهُ أمرَ أبيَّ بنَ كعبٍ وتميمًا الدَّاريَّ أن يقوما للنَّاسِ بإحدى عشرةَ رَكعةً(تحفة الأحوذي:3/234)
ترجمہ : حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے ابی بن کعب اور تمیم داری کو حکم دیا تھا کہ لوگوں کو گیارہ رکعت پڑھایا کریں۔
اس حدیث کو شیخ البانی نے مشکوۃ ،ارواء الغلیل ، تمام المنہ اور صلاۃ التراویح میں ، شیخ ابن عثیمین نے بلوغ المرام اور ریاض الصالحین کی شرح میں ، علامہ مبارکپوری نے تحفۃ الاحوذی میں صحیح الاسناد بتلایا ہے ۔
گویا حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے بھی گیارہ رکعت پہ ہی لوگوں کا جمع کرنا ثابت ہوتا ہے اور یہی بات بخاری شریف میں مذکور بیان عائشہ رضی اللہ عنہا کے موافق ہے ۔

دوسری غلط فہمی : اگر سنت تراویح آٹھ رکعت ہے تو حرم شریف میں بیس رکعت تراویح کیوں پڑھائی جاتی ہے ؟
اصل میں حرم عالمی جگہ ہے ،یہاں کسی زمانے میں چار مصلے ہواکرتے تھے ، آل سعود نے الحمد للہ ایک مصلی قائم کرکے فتنہ رفع کیا ۔ تراویح بھی لوگوں کے لئے باعث اختلاف تھا اس لئے مصلحتا بیس رکعت رکھی گئی ۔ اس کے لئے دو امام کا انتخاب کیا گیا تاکہ ایک امام دس پڑھا کر چلے جاتے ہیں وہ الگ سے اکیلےایک رکعت وتر پڑھتے ہیں جس سےگیارہ رکعت تراویح کی سنت پوری ہوجاتی ہے۔ یہی حال دوسرے امام کا بھی ہے ۔ اس طرح سے نہ صرف فتنہ ختم ہوگیابلکہ امام کو گیارہ گیارہ رکعت پڑھنے اور دور دراز سے لیٹ سیٹ آنے والوں کو جس قدر میسر ہو پڑھنے کا موقع مل گیا۔حرم کے علاوہ سعودی عرب کی اکثر مساجد میں صرف آٹھ رکعت تراویح ہوتی ہے کیونکہ عرب کے علماء کا یہی موقف اور فتوی ہے ۔ چنانچہ سعودی لجنہ دائمہ کا فتوی ہے :
''والأفضل ما کان النبيﷺ یفعله غالبًا وھو أن یقوم بثمان رکعات یسلم من کل رکعتین، ویوتر بثلاث مع الخشوع والطمأنینة وترتیل القراء ة، لما ثبت فی الصحیحین من عائشة رضی اﷲ عنھا قالت: کان رسول اﷲ ﷺ لا یزید في رمضان ولا في غیرہ علی إحدٰی عشرة رکعة...''(فتاوٰی اللجنة الدائمة 7؍212)
ترجمہ : اور افضل وہ ہے جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم اکثر و بیشتر کرتے تھے، اور وہ یہ کہ انسان آٹھ رکعات پڑھے، اور ہر دو رکعت کے بعد سلام پھیرے، پھر تین وتر ادا کرے اور پوری نماز میں خشوع، اطمینان اور ترتیل قرآن ضروری ہے۔ بخاری و مسلم میں حضرت عائشہ سے مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان اور دیگر مہینوں میں گیارہ رکعات سے زیادہ نہیں پڑھتے تھے۔
یہی فتوی شیخ ابن باز، شیخ ابن عثیمین اور عرب کے دیگر مشائخ کا ہے ۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہمیں سنت کو سمجھنے اور اس کے مطابق عمل کی توفیق دے ۔ آمین
( جاری رہے گا)
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
(9) نماز وتر

٭ وتر کی فضیلت :
عبادت قرب الہی کا ذریعہ ہے اور وترعبادتوں میں سے قرب الہی کا عظیم ذریعہ ہے ۔ یہ ایک مستقل نماز ہے جو رات میں عشاء اور فجر کے درمیان ادا کی جاتی ہے۔ اس کی فضیلت میں متعدد احادیث ملتی ہیں۔ مثلا
عَنْ جَابِرٍ رَضِيَ اللهُ عَنهُ قالَ: قالَ رَسُولُ الله صلى الله عليه وسلم: مَنْ خَافَ أنْ لا يَقُومَ مِنْ آخِرِ اللَّيْلِ فَلْيُوتِرْ أوَّلَهُ، وَمَنْ طَمِعَ أنْ يَقُومَ آخِرَهُ فَلْيُوتِرْ آخِرَ اللَّيْلِ، فَإِنَّ صَلاةَ آخِرِ اللَّيْلِ مَشْهُودَةٌ، وَذَلِكَ أفْضَلُ. (صحيح مسلم:755)
ترجمہ : نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص آخر رات میں نہ اٹھ سکے تو وہ اول شب وتر پڑھ لے اور جو آخر رات اٹھ سکے وہ آخر رات وتر پڑھے کیونکہ آخر رات کی نماز افضل ہے۔
وإنَّ اللهَ وِترٌ يحبُّ الوِترَ(صحيح مسلم:2677)
ترجمہ:اور اللہ وتر ہے اور وتر کو پسند کرتا ہے۔

٭ وتر کی نمازکاحکم:
یہ نماز حنفیہ کے نزدیک واجب ہے جبکہ صحیح بات یہ ہے کہ سنت مؤکدہ ہے ۔ دلیل :
عن عليٍّ قالَ : الوِترُ ليسَ بِحَتمٍ كَهيئةِ الصَّلاةِ المَكتوبةِ ، ولَكن سنَّةٌ سنَّها رسولُ اللَّهِ صلَّى اللَّهُ عليهِ وسلَّمَ( صحيح الترمذي:454)
ترجمہ: وتر فرضی نماز کی طرح حتمی (واجب) نہیں ہے بلکہ یہ تو سنت ہے جسے رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے جاری فرمایا تھا۔

٭ وتر کی نماز کا وقت:
اس کا وقت عشاء کی نماز کے بعد سے لیکر فجر کی نماز تک ہے ۔ دلیل :
إنَّ اللهَ زادَكم صلاةً ، و هي الوترُ ، فصلوها بين صلاةِ العشاءِ إلى صلاةِ الفجرِ( السلسلة الصحيحة:108)
ترجمہ: نبی ﷺ نے فرمایا: بے شک اللہ تعالی نے تمہارے اوپر ایک نماز زیادہ کی ہے جس کا نام وتر ہے ۔ اس وتر کو نماز عشاء اور فجر کی نماز کے درمیان پڑھو۔

٭ وتر کا افضل وقت :
اس نماز کو تاخیر سے ادا کرنا زیادہ افضل ہے جس کو جاگنے پہ اعتماد ہو۔
عَنْ جَابِرٍ رَضِيَ اللهُ عَنهُ قالَ: قالَ رَسُولُ الله صلى الله عليه وسلم: «مَنْ خَافَ أنْ لا يَقُومَ مِنْ آخِرِ اللَّيْلِ فَلْيُوتِرْ أوَّلَهُ، وَمَنْ طَمِعَ أنْ يَقُومَ آخِرَهُ فَلْيُوتِرْ آخِرَ اللَّيْلِ، فَإِنَّ صَلاةَ آخِرِ اللَّيْلِ مَشْهُودَةٌ، وَذَلِكَ أفْضَلُ». (صحيح مسلم:755)
ترجمہ : نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص آخر رات میں نہ اٹھ سکے تو وہ اول شب وتر پڑھ لے اور جو آخر رات اٹھ سکے وہ آخر رات وتر پڑھے کیونکہ آخر رات کی نماز افضل ہے۔

٭ وترکی رکعات :
وتر کی کم از کم ایک رکعت ہے اور نبی ﷺ سے گیارہ رکعات تک پڑھنا ثابت ہے ۔ جو لوگ ایک رکعت وترکا انکار کرتے ہیںوہ سنت کا انکار کرتے ہیں ۔
ایک رکعت پڑھنے کے بہت سے دلائل ہیں انمیں سے چنددیکھیں:
الوترُ ركعةٌ من آخرِ الليلِ(صحيح مسلم:752)
ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وتر ایک رکعت ہے رات کے آخری حصہ میں سے۔
الوِترُ حقٌّ ، فمن أحبَّ أنْ يوترَ بخَمسِ ركعاتٍ ، فليفعلْ ، ومن أحبَّ أنْ يوترَ بثلاثٍ ، فليفعلْ ومن أحبَّ أنْ يوترَ بواحدةٍ ، فليفعلْ .(صحيح النسائي:1711)
ترجمہ: ‘رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وتر ہر مسلمان پر حق ہے پس جسکی مرضی ہو پانچ وتر پڑھے اور جس کی مرضی ہو تین وتر پڑھے اور جس کی مرضی ہو ایک وتر پڑھے۔
کئی صحابہ کرام سے بھی ایک رکعت پڑھنے کا ثبوت ملتا ہے ، ان میں ابوموسی اشعری رضی اللہ عنہ، عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما،امیر معاویہ رضی اللہ عنہ ،سعد ابن ابی وقاص رضی اللہ عنہ اورعثمان رضی اللہ عنہ۔
گیارہ رکعت پڑھنے کی دلیل : كان رسولُ اللهِ صلَّى اللهُ عليه وسلَّمَ يصلِّي فيما بين أن يفرغَ من صلاةِ العشاءِ ( وهي التي يدعو الناسُ العتمَةَ ) إلى الفجرِ ، إحدى عشرةَ ركعةً . يسلِّمُ بين كلِّ ركعتَينِ . ويوتر بواحدةٍ .(صحيح مسلم:736)
ترجمہ : رسول اللہ ﷺ عشاء کی نماز سے فارغ ہونے کے بعد صبح تک گیارہ رکعات پڑھتے تھے اور اسی نماز کو لوگ عتمہ بھی کہتے تھے، آپ ہر دو رکعات پر سلام پھیرتے تھے اور ایک وتر پڑھتے تھے۔
رات کی نماز دودو رکعت ہے اگر کسی کو طاقت ہو تو جتنا چاہے دو دو کرکے پڑھ سکتا ہے ، آخر میں ایک وتر پڑھ لے۔
صلاةُ الليلِ مثنى مثنى ، فإذا خشي أحدُكم الصبحَ صلى ركعةً واحدةً ، توتِرُ له ما قد صلى.(صحيح البخاري:990 و صحيح مسلم:749)
ترجمہ : رات کی نماز دو دو رکعت ہے، اور اگر تم میں کسی کو صبح ہوجانے کا اندیشہ ہو، اور وہ ایک رکعت پڑھ لے، تو یہ اس کی پڑھی ہوئی نماز کے لئے وتر ہوجائیگی۔

تین رکعت وتر پڑھنے کا طریقہ :
اس کے دو طریقے ہیں ۔
پہلا طریقہ : تین رکعت ایک تشہد سے پڑھے ۔ دلیل :الوِترُ حقٌّ ، فمن أحبَّ أنْ يوترَ بخَمسِ ركعاتٍ ، فليفعلْ ، ومن أحبَّ أنْ يوترَ بثلاثٍ ، فليفعلْ ومن أحبَّ أنْ يوترَ بواحدةٍ ، فليفعلْ .(صحيح النسائي:1711)
ترجمہ: ‘رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وتر ہر مسلمان پر حق ہے پس جسکی مرضی ہو پانچ وتر پڑھے اور جس کی مرضی ہو تین وتر پڑھے اور جس کی مرضی ہو ایک وتر پڑھے۔
مسلسل تین رکعت ادا کرے یعنی دو رکعت پہ تشہد کے لئے نہ بیٹھے ۔ دلیل : لا توتِروا بثلاثٍ ولا تُشبِّهوا الوِترَ بثلاثٍ(عون المعبود)
ترجمہ: تین رکعت وتر نہ پڑھو اوروترکو(مغرب کی) تین رکعت سے مشابہت نہ کرو ۔
اس حدیث کو صاحب عون المعبود نے شیخین کی شرط پہ بتلایا ہے ۔ (4/176 )
مغرب کی مشابہت سے دو طریقوں سے بچا جا سکتا ہے ، ایک یہ کہ تین رکعت اکٹھی پڑھی جائیں،بیچ میں تشہد نہ کیا جائے دوسرا طریقه یہ ہے کہ دو رکعت الگ پڑھ کر سلام پھیر دیا جائے ، پھر ایک رکعت الگ پڑھی جائے ۔ اس کی دلیل نیچے ذکر کی جارہی ہے ۔

تین وتر پڑھنے کا دوسرا طریقہ :
دو رکعت ایک سلام سے پڑھ کر پھر ایک سلام سے ایک رکعت پڑھی جائے ۔ دلیل :
كان يُوتِرُ بركعةٍ ، و كان يتكلَّمُ بين الرَّكعتَيْن والرَّكعةِ(السلسلة الصحيحة:2962)
ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک رکعت وتر پڑھتے (آخری ) دو رکعتوں اور ایک رکعت کے درمیان (سلام پھیر کر ) بات چیت بھی کرتے۔

٭ وتر کی قرات:
نبی ﷺ وتر کی پہلی رکعت میں "سبح اسم ربك الأعلى " دوسری رکعت میں "قل ياأيها الكافرون" اورتیسری رکعت میں "قل هو الله أحد" پڑھتے تھے ۔
كانَ رسولُ اللَّهِ يقرأُ في الوترِ ب سبِّحِ اسمَ ربِّكَ الأعلى وفي الرَّكعةِ الثَّانيةِ ب قل يا أيُّها الكافرونَ وفي الثَّالثةِ ب قل هوَ اللَّهُ أحدٌ ولا يسلِّمُ إلَّا في آخرِهنَّ ويقولُ يعني بعدَ التَّسليمِ سبحانَ الملِك القدُّوسِ ثلاثًا( صحيح النسائي:1700)
ترجمہ: نبی ﷺ وتر میں" سبِّحِ اسمَ ربِّكَ الأعلى" دوسری رکعت میں " قل يا أيُّها الكافرونَ" اور تیسری میں "قل هوَ اللَّهُ أحدٌ" پڑھتے تھے اور سب سے اخیر میں سلام پھیرتے تھے اور سلام کے بعد تین مرتبہ کہتے "سبحانَ الملِك القدُّوسِ"۔

٭ دعائے قنوت کا حکم :
قنوت وتر واجب نہیں ، مشروع ہے ۔ آپ ﷺ کی قنوت وتر کے متعلق وارد ہے ۔
كانَ يوترُ فيَقنُتُ قبلَ الرُّكوعِ(صحيح ابن ماجه:978)
ترجمہ:رسول اللہﷺ وتر پڑھتے تو رکوع سے پہلے قنوت کرتے تھے۔

٭دعائے قنوت کے صیغے:
اللَّهمَّ اهدِني فيمن هديتَ وعافِني فيمن عافيتَ وتولَّني فيمن تولَّيتَ وبارِك لي فيما أعطيتَ وقني شرَّ ما قضيتَ فإنَّكَ تقضي ولا يُقضى عليكَ وإنَّهُ لا يذلُّ من واليتَ تباركتَ ربَّنا وتعاليتَ(صحيح الترمذي:464)
٭دعائے قنوت بصیغہ جمع بھی حدیث میں وارد ہے۔
٭دعائے قنوت میں زیادتی کرنا بھی جائز ہے۔ علامہ البانی ؒ لکھتے ہیں:
ولا بأس من الزيادة عليه بلعن الكفرة ومن الصلاة على النبي صلى الله عليه وسلم، والدعاء للمسلمين . (قيام رمضان للألباني:31)
ترجمہ: دعا میں زیادتی کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے کافروں پہ لعنت، نبی ﷺ پہ درود اور مسلمانوں کے لئے دعا کی غرض سے ۔
٭ قنوت وتر رکوع سے پہلے اور بعد میں دونوں طرح جائز ہے ۔
٭ دعائے قنوت میں ہاتھ اٹھایا جاسکتا ہے جیسے عام دعاؤں میں اٹھایا جاتا ہے ۔ بعض لوگوں نے کہا کہ احادیث میں ہاتھ اٹھانے کا ذکر نہیں اس لئے ہاتھ اٹھانا خلاف سنت ہے ۔ یہ بات صحیح نہیں ہے ۔ متعدد صحابہ اور تابعین سے وتر کی دعا میں ہاتھ اٹھانا ثابت ہے جن میں عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما،عمر رضی اللہ عنہ،ابوہریرہ رضی اللہ عنہ،ابو قلابہ اور امام مکحولؒ وغیرہم۔
عبدالرحمان مبارک پوری صاحب لکھتے ہیں کہ ظاہرا دعا کی طرح اس میں بھی ہاتھ اٹھانے کا ثبوت ملتا ہے ۔(تحفة الأحوذی شرح ترمذی: 1/343)
٭وتر کی نمازاکیلے اور باجماعت سفروحضردونوں میں ادا کی جاسکتی ہیں جیساکہ سنت سے ثابت ہے ۔

٭ایک رات میں دو وتر:
ایک رات میں ایک مرتبہ ہی وتر پڑهنا چاہئے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا وِترانِ في ليلةٍ(صحيح أبي داود:1439)
کہ ایک رات میں دو بار وتر پڑھنا جائز نہیں۔
اگر کوئی شخص ایک مرتبہ وتر پڑھ کے سو جائے اور دوبارہ قیام کرنا چاہے تو کرسکتا ہے مگر بعد میں وتر نہیں پڑهے جیساکہ مذکورہ حدیث سے واضح ہے.
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اجعلوا آخرَ صلاتِكم بالليلِ وترًا.(صحيح البخاري:998ِ، صحيح مسلم:751)
یعنی رات کو اپنی آخری نماز وتر کو بناؤ۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان وجوب کے لئے نہیں ہے.

٭ وتر کی قضا :
اگر کبھی نیند کی وجہ سے وتر کی نماز نہ پڑھ سکے تو جب بیدار ہو وتر پڑھ لے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
من نامَ عن وترِهِ أو نسيَهُ فليصلِّهِ إذا ذكرَهُ(صحيح أبي داود:1431)
ترجمہ: جو وتر کی نماز سے سو جائے یا بھول جائے تو جب یاد آئے اسے پڑھ لے ۔

٭ وتر کی نماز چھوڑنا:
وتر اور فجر کی دو سنت بہت اہم ہیں جنہیں نبی ﷺ نے سفر و حضر میں ہمیشہ پڑھنے کا اہتمام کیا۔اس لئے ہمیں بھی سدا اس کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ کبھی کبھار وتر چھوٹنے کا مسئلہ نہیں ہے کیونکہ یہ سنت مؤکدہ ہے مگر برابر چھوڑنے والا بہت سے علماء کے نزدیک ناقابل شہادت ہے ۔
شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ لکھتے ہیں :
الوتر سنة مؤكدة باتفاق المسلمين، ومن أصر على تركه فإنه ترد شهادته. (الفتاوی الکبری)
کہ وتر تمام مسلمانوں کے نزدیک متفقہ طور پر سنت مؤکدہ ہے اور جو متواتر اسے چھوڑتا ہے اس کی گواہی قبول نہیں کی جائے گی ۔
 

عمر اثری

سینئر رکن
شمولیت
اکتوبر 29، 2015
پیغامات
4,404
ری ایکشن اسکور
1,132
پوائنٹ
412
جزاک اللہ خیر محترم شیخ!
اللہ آپکے علم وعمل اور وقت میں برکت عطا فرماۓ.
کیا آپ کا مضمون مکمل ہو گیا؟؟؟؟
 

مقبول احمد سلفی

سینئر رکن
شمولیت
نومبر 30، 2013
پیغامات
1,391
ری ایکشن اسکور
453
پوائنٹ
209
جزاک اللہ خیر محترم شیخ!
اللہ آپکے علم وعمل اور وقت میں برکت عطا فرماۓ.
کیا آپ کا مضمون مکمل ہو گیا؟؟؟؟
آمین وایاک
مضمون کی اور بھی اقساط باقی ہیں ۔ اللہ تعالی تکمیل کے لئے صحت وتندرستی اور فرصت عطا فرمائے ۔ آمین
آئندہ بھی دعاؤں کی مزید درخواست ہے ۔
 
Top