• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

زندگی بدل دینے والی آپﷺ کی انمول نصیحتیں

شمولیت
اگست 28، 2019
پیغامات
83
ری ایکشن اسکور
13
پوائنٹ
56
بسم اللہ الرحمن الرحیم

زندگی بدل دینے والی آپﷺ کی انمول نصیحتیں​


ابومعاویہ شارب بن شاکرالسلفی​

الحمدللہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی رسولہ الکریم،امابعد:

میرے دوستو!آج جو موضوع میں لے کر حاضرہوا ہوں یہ کوئی عام موضوع نہیں ہےبلکہ آج میں اس ذات اقدس ومقدس کی نصیحتوں کا تذکرہ کرنے جارہاہوں جن کی زندگی ہمارے لئے ہدایت ہے،جن کی تعلیمات ہمارے لئے روشنی کے مینارے ہیں،جن کی سنتیں ہمارے لئے نجات کا راستہ ہیں ،جن کی اطاعت وفرمانبرداری اللہ تعالی کی رضا وخوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے،وہ ذات اقدس ومقدس کوئی اورنہیں بلکہ ہمارے پیارے نبیٔ اکرم ومکرمﷺ ہیں اورآپﷺ کی تعلیمات کی یہی تو خصوصیت ہے کہ آپ نے انسان کو اس کے رب سے بھی جوڑا اوراس کے اپنے نفس کی اصلا ح بھی کی ،اس کے گھر وخاندان کو بھی سنوارا اورمعاشرے کوبھی بہتر بنایا ،دنیا میں جینے کا سلیقہ بھی سکھایا اوراورآخرت کی کامیابی کا راستہ بھی دکھایا، ذرا سوچئے کہ دنیا میں جب کوئی انسان کسی دوسرے انسان کو نصیحت کرتا ہے تو ہم اس کی بات توجہ سے سنتے ہیں،اگر کوئی ڈاکٹر ہمیں صحت کے متعلق نصیحت کرے تو ہم اس پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں،اسی طرح سے اگر کوئی استاد ہمیں کامیابی کا راستہ بتائے تو ہم اس کی بات کو اہمیت دیتے ہیں یا پھر اگر کوئی تجربہ کار انسان ہمیں زندگی گذارنے کا طریقہ سمجھائے تو ہم اس کی باتوں کو یاد رکھتے ہیں اور اسی کے مطابق زندگی گذارنے کی کوشش کرتے ہیں ،لیکن ذرا سوچئےکہ جب نصیحت کرنے والے خود ہمارے پیارے نبی محمد رسول اللہ ﷺ ہوں تو ان کی نصیحتوں کی اہمیت ہماری نگاہ میں کیا ہونی چاہئے؟توآج کے خطبۂ جمعہ کے اندر میں آپﷺ کی انہیں پاکیزہ تعلیمات میں سے کچھ ایسی انمول نصیحتوں کو پیش کرنے والا ہوں جن سے ہماری دنیا وآخرت سنور سکتی ہیں،جو ہماری سوچ بدل سکتی ہیں،جو ہمارے اخلاق وکردار کو سنوار سکتی ہیں اور ہماری زندگی کو اللہ تعالی کی رضا وخوشنودی کے مطابق ڈھالنے میں مدد دے سکتی ہیں ۔آئیے سب سے پہلے آپﷺ کی پانچ ایسی نصیحتوں کو سنتے ہیں جو ہمیں دنیا میں کامیاب اورآخرت میں نجات دلا سکتی ہیں ،سیدنا ابوہریرہ ؓکہتے ہیں کہ سیدالاولین والآخرین جناب محمدعربی ﷺ نے فرمایا کہ کون ہے جو مجھ سے یہ کلمات سیکھے اوران پر عمل کرے یاان پر عمل کرنے والے کو سکھا دے،سیدنا ابوہریرہؓ نے کہا کہ اے اللہ کے رسولﷺ میں ہوں!حضرت ابوہریرہؓ کہتے ہیں کہ اتنا سنتے ہی آپﷺ نے میرا ہاتھ پکڑا اور گن کرکے پانچ چیزیں بتائیں:

(1)عابد بننے کا راز:

سب سے پہلی نصیحت آپﷺ نےیہ کی کہ ’’ اتَّقِ المَحَارِمَ تَكُنْ أَعْبَدَ النَّاسِ ‘‘ اللہ تعالی کی طرف سے حرام کردہ چیزوں سے بچ جا ،تم لوگوں میں سب سے بڑے عبادت گذار بن جاؤگے۔سبحان اللہ !کتنی عمدہ نصیحت ہے،لوگ دوچار دن نماز پڑھ کر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ہی نمازی ہے؟ہم سے بڑا کوئی عبادت گذار ہے ہی نہیں،جب کہ یہ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو نماز بھی پڑھتے ہیں ،روزہ بھی رکھتے ہیں،حج بھی کرتے ہیں ، قربانی بھی کرتے ہیں مگر حرام چیزوں کا ارتکاب بھی کرتے ہیں ،تو جولوگ بھی ایسی حرکت کرتے ہیں ایسے لوگ سن لیں کہ حقیقی معنوں میں ایسے لوگ اللہ کی عبادت کرنے والے نہیں ہیں کیونکہ آپﷺ نے تو یہ کہا کہ جو ہرطرح کے حرام کو چھوڑ دے گاوہی سب سے بڑا اور اصلی عبادت گذار ہے،اب آپ یہ نہ سوچیں کہ حرام چھوڑنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم وہ گوشت نہ کھائیں جو بغیر بسم اللہ کے ذبح کیا گیا ہو بلکہ حرام کو چھوڑنے کامطلب یہ ہے کہ ہم جھوٹ چھوڑ دیں ،غیبت چھوڑ دیں، چغل خوری چھوڑ دیں ،حرام کمائی چھوڑ دیں،لوگوں کو دھوکا دینا چھوڑ دیں،گناہ کی محفلیں چھوڑ دیں ،یاد رکھ لیں !جب تک ہم ان ساری چیزوں کو نہیں چھوڑیں گے تب تک ہم صحیح معنوں میں اللہ کے عبادت گذار بندے بن ہی نہیں سکتے ہیں ۔

(2)غنی بننے کا راز:

دوسری نصیحت آپﷺ نے یہ کیا کہ ’’ وَارْضَ بِمَا قَسَمَ اللَّهُ لَكَ تَكُنْ أَغْنَى النَّاسِ ‘‘ اپنے حق میں اللہ کی تقسیم پر راضی ہو جاؤ تم سب سے بڑے غنی بن جاؤگے،جی ہاں سن لیجئے! غنی ومالدار وہ نہیں ہے جس کے پاس بہت پیسہ اور مال ودولت ہے بلکہ غنی یعنی مالدار شخص تو وہ ہے جو اللہ کی تقسیم پر راضی برضارہے ،دیکھا یہ جاتاہے کہ لوگوں کے پاس اللہ کی دی ہوئی ہرطرح کی نعمتیں میسر ہوتی ہیں مگر پھر بھی وہ انسان شکوے وشکایت کرتا نظر آتاہے،اللہ کے فیصلے پر انگلی اٹھاتارہتاہے یاپھر اپنے آپ کو کوستارہتاہے کہ پتہ نہیں میری تقدیر ہی اتنی بری کیوں ہے؟اس کو تو رب نے فلاں فلاں چیزیں دی ہیں اور مجھے تو اللہ نے کچھ دیا ہی نہیں ہے،تو جولوگ بھی اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں ؟ایسے لوگ یہ سن لیں اور جان لیں کہ مالداری یہ نہیں ہے کہ آپ کے پاس لاکھوں روپئے بینک بیلنس ہو،کئی ایکڑزمین وجائیداد ہو،بنگلے وگاڑیاں ہوں بلکہ اصل مالداری تو دل کی مالداری ہے کہ انسان کو جتنا ملے چاہے وہ کم یاپھر زیادہ، اس پر وہ خوش وخرم رہے اور اپنی کمائی پر قناعت کو اختیار کرے ،اسی بات کی وضاحت کرتے ہوئے جناب محمدعربی ﷺنے فرمایا کہ’’ لَيْسَ الغِنَى عَنْ كَثْرَةِ العَرَضِ وَلَكِنَّ الغِنَى غِنَى النَّفْسِ ‘‘امیری ومالداری سامان کی کثرت سے نہیں ہوتی ہے بلکہ اصل امیری تو دل کی امیری ہے۔(بخاری:6446،مسلم:1051)اور یقیناً جیسا آپﷺ نے کہا ہے ہم ویسا ہی اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں کہ لوگوں کے پاس مال دولت کی کوئی کمی نہیں ہوتی ہے مگر پھر بھی وہ مال ودولت کے حریص ولالچی اور بخیل ہوتے ہیں تو اسی بات کی وضاحت آپﷺ نے کی کہ اصل دولت مند وہ ہے جس کا دل دولت مند ہو اور دل کے دولت مند ہونے کی نشانی یہ ہے کہ انسان اللہ کی عطا پر راضی رہے اور قناعت کو اختیار کرے،یاد رکھ لیں قناعت انسان کو لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بچاتی ہے اور دل کو ہمیشہ مطمئن رکھتی ہے،یہی وجہ ہے کہ قناعت اپنانے پر آپﷺ کامیابی کی گارنٹی اور ضمانت دی ہے جیسا کہ مسلم شریف کے اندر سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ سے یہ حدیث مروی ہے ،آپﷺ نے فرمایا کہ ’’ قَدْ أَفْلَحَ مَنْ أَسْلَمَ وَرُزِقَ كَفَافًا وَقَنَّعَهُ اللهُ بِمَا آتَاهُ ‘‘وہ شخص کامیاب ہوگیا جس نے اسلام قبول کیا،اور جسے ضرورت کے مطابق رزق ملا ،اور وہ انسان بھی کامیاب ہوگیا جس نے قناعت کو اختیار کیا کہ اللہ نے جوکچھ بھی اسے دیا وہ اس پر راضی برضا رہا ۔(مسلم:1054،ترمذی:2348)

(3) مومن بننے کا راز:

تیسری نصیحت آپﷺ نے یہ کیا کہ ’’ وَأَحْسِنْ إِلَى جَارِكَ تَكُنْ مُؤْمِنًا ‘‘ اپنے پڑوسیوں سے حسن سلوک سے پیش آؤ تم مومن بن جاؤگے،جی ہاں میرے دوستو!آپ نے بالکل صحیح سنا کہ جو اپنے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کرے گا وہ مومن بن جائے گا، یاد رکھ لیں یہ پڑوسیوں کا معاملہ ایمان سے جڑا ہوا ہے گویا کہ ہمارا پڑوسی ہمارے ایمان کا آئینہ ہےیعنی اگر ہم سے ہمارا پڑوسی خوش ومطمئن ہے تو سمجھئے کہ ہمارے اندر ایمان ہےورنہ ہمارے اندرکامل ایمان ہی نہیں ہےجیسا کہ آپﷺ نے ہمارے ایمان کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ’’ مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَاليَوْمِ الآخِرِ فَلْيُكْرِمْ جَارَهُ ‘‘جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتاہو اسے چاہئے کہ وہ اپنے پڑوسیوں کی عزت کرے۔ (بخاری:6019،مسلم:47)اور ایک دوسری حدیث میں آپﷺ نے فرمایا کہ ’’ مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَاليَوْمِ الآخِرِ فَلاَ يُؤْذِي جَارَهُ ‘‘ جو اللہ اوریوم آخرت پر ایمان رکھتاہو اسے چاہئے کہ وہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ دے۔(بخاری:5185)دیکھا اورسنا آپ نے کہ آپﷺ نے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے اور پڑوسیوں کو تکلیف نہ دینے کا ذکر ایمان باللہ اور ایمان بالآخرۃ سے جوڑ دیا ہے ، یہی وجہ ہے کہ آپﷺ نے ایسے مسلمان کو مومن ہی قرار نہیں دیا ہے جو اپنے پڑوسیوں کو تکلیف دیتاہو، جیسا کہ بخاری شریف کے اندر یہ حدیث موجود ہے کہ آپﷺ نےتین مرتبہ قسم کھاتے ہوئے فرمایا کہ ’’ وَاللَّهِ لاَ يُؤْمِنُ وَاللَّهِ لاَ يُؤْمِنُ وَاللَّهِ لاَ يُؤْمِنُ ‘‘ اللہ کی قسم! وہ مومن نہیں! اللہ کی قسم! وہ مومن نہیں! اللہ کی قسم! وہ مومن نہیں!سوال کیا گیا کہ اے حبیب کائنات نبیٔ اکرم ومکرمﷺ کو ن مسلمان مومن نہیں ہے تو آپﷺ نے فرمایا ’’ الَّذِي لاَ يَأْمَنُ جَارُهُ بَوَايِقَهُ ‘‘ جس کی شرارتوں سے اس کا پڑوسی محفوظ نہیں وہ مؤمن نہیں۔(بخاری:6016) بلکہ آپﷺ نے تو یہاں تک فرمادیا ہے کہ ’’ لَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ مَنْ لَا يَأْمَنُ جَارُهُ بَوَائِقَهُ ‘‘ وہ شخص جنت میں پہلے پہل نہیں جاسکے گا جس کی شرارتوں اور حرکتوں سے اس کا پڑوسی محفوظ نہیں۔(مسلم:46)افسوس صد افسوس!لوگ نماز بھی پڑھتے ہیں،روزہ بھی رکھتے ہیں ،حج وعمرہ بھی کرتے ہیں مگر اپنے پڑوسیوں کو اپنی زبان اور اپنے کرتوت سے تکلیف بھی دیتے ہیں،کیا فائدہ اس عبادت کا کہ ہم مسجد میں تو اچھے مسلمان نظر آئیں لیکن ہمارا پڑوسی ہماری وجہ سے پریشان ہے ،پڑوسیوں کو تکلیف دینے والے لوگ اپنی اس حرکت سے باز آجائیں ورنہ ان کی دنیا وآخرت تباہ وبرباد ہوجائے گی،جیسا کہ سیدنا عبداللہ بن عمرؓ کہتے ہیں کہ ہم پر ایک ایسا دور بھی گذرا ہے جب ہم میں سے ہرکوئی اپنے روپئے پیسے اور اپنے مال ودولت پر خود سے زیادہ اپنے مسلمان بھائی کو حقدار سمجھتا تھا اور اب یہ ایک دور آ گیا ہے کہ ہم میں سے ہر ایک اپنا روپیہ پیسہ ،اپنامال اور اپنی دولت ،اپنی زمین وجائیداداپنے مسلمان بھائی سے زیادہ پیارا ہوگیا ہے ،حالانکہ میں نے آپﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا تھا کہ ’’ كَمْ مِنْ جَارٍ مُتَعَلِّقٌ بِجَارِهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ‘‘ کتنے ہی پڑوسی قیامت کے دن اپنے پڑوسیوں کی وجہ سے لٹک جائیں گے ،ایک پڑوسی اپنے پڑوسی کے بارے میں کہے گا کہ اے میرے رب ! ’’ هَذَا أَغْلَقَ بَابَهُ دُونِي، فَمَنَعَ مَعْرُوفَهُ ‘‘یہی وہ انسان ہے جس نے مجھ سے اپنا دروازہ روک لیا تھا اور اپنی مدد بھی مجھ سے روک لی تھی،اور ايك دوسري روايت کے الفاظ ہیں ،آپﷺ نے فرمایا کہ ایک پڑوسی اپنے رب سے کہے گا کہ اے میرے رب! ’’ سَلْ هَذَا لِمَ أَغْلَقَ بَابَهُ دُونِي وَمَنَعَنِي فَضْلَهُ ‘‘ تو اس سے پوچھ کہ اس نے مجھ سے اپنا دروازہ کیوں بند کر لیا تھا ؟اور اپنا بچا ہوا مال مجھ سے کیوں روک لیا تھا۔ (صحیح الادب المفرد للألبانیؒ:81،الصحیحۃ:2646،صحیح الترغیب والترھیب:2564) اس لئے میرے بھائیو اور بہنو! اپنے ایمان اور اپنی نجات کی فکر کرتے ہوئے اپنے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کیا کرو اور وقتا فوقتا ان کی مدد بھی کرتے رہا کرو ،ورنہ قیامت کے دن بہت پچھتاؤگے۔

(4) مسلمان بننے کا راز:

چوتھی نصیحت تو آپﷺ نے ایمان واسلام کا ایک ایسا اصول بتایا ہے جو انسان کے دل سے خود غرضی اور مفاد پرستی کو نکال دیتاہے ،اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آپﷺ کی ایسی کون سی نصیحت ہے تو سن لیجئے!آپ ﷺ نے فرمایا کہ ’’ وَأَحِبَّ لِلنَّاسِ مَا تُحِبُّ لِنَفْسِكَ تَكُنْ مُسْلِمًا ‘‘ لوگوں کے لئے وہی کچھ پسند کرو جو اپنے لئے پسند کرتے ہو ،تم حقیقی و کامل او رسچے وپکے مسلمان بن جاؤگے،اور صحیح بخاری کےالفاظ ہیں ’’ لاَ يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّى يُحِبَّ لِأَخِيهِ مَا يُحِبُّ لِنَفْسِهِ ‘‘ کہ تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں بن سکتا ہے جب تک کہ وہ اپنے بھائی کے لئے وہی چیزپسندنہ کرے جو اپنے لئے پسند کرتاہے۔(بخاری:13،مسلم:45) میرے دوستو! غور کیجئے کہ یہ آپﷺ کی کتنی عظیم نصیحت ہے ،آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ سے جھوٹ نہ بولے تو آپ بھی دوسروں سے جھوٹ نہ بولیں ،آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ کی غیبت نہ کرے تو آپ بھی کسی کی غیبت نہ کریں،آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ سے حسد نہ کرے تو آپ بھی کسی سے حسد نہ کریں، آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ سےدشمنی نہ رکھے تو آپ بھی کسی سے دشمنی نہ رکھیں ، آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ کو دھوکا نہ دے تو آپ بھی کسی کو دھوکا نہ دیں ،آپ چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کی عزت کرے تو آپ بھی دوسروں کی عزت کریں ،آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے مشکل گھڑی میں آپ کی کوئی مدد کرے تو آپ بھی دوسروں کے مشکل گھڑی میں مدد کریں ،آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی مجبوری کا کوئی فائدہ نہ اٹھائے تو آپ بھی کسی کی مجبوری سے فائدہ نہ اٹھائیں ،آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے آپ کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے تو آپ بھی اپنے والدین کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں ،یہی اسلامی اخلاق کی بنیاد ہےاور اسی کی تعلیم آپ ﷺ نے اس نصیحت کے اندر دی ہے،مگر افسوس!ہماری زندگی اس کے بالکل ہی برعکس ہے ،ہم اپنے لئے آسانی چاہتے ہیں اور دوسروں کے لئے مشکل پیداکرتے ہیں ، ہم اپنے لئے خیر چاہتے ہیں لیکن دوسروں کے لئے شر چاہتے ہیں ،ہم اپنے لئے مالداری چاہتے ہیں لیکن دوسروں کے لئے غریبی کی چاہت رکھتے ہیں ،ہم اپنا نام روشن کرنا چاہتے ہیں لیکن دوسروں کے لئے بدنامی چاہتے ہیں ،ہم اپنے لئے معافی چاہتے ہیں لیکن دوسروں کو معاف نہیں کرتے ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے کامیاب ہوں ،ہمارے کاروبار میں ترقی ہو ،ہمارے گھر میں خوشیاں آئے مگر جب ہمارے اپنے ہی سگے بھائی کے گھرمیں خوشی آتی ہےیاپھر ان کے کاروبار میں ترقی ہونے لگتی ہے تو ہمارے دلوں میں حسد کی آگ جلنے لگتی ہے،یادرکھ لیجئے! مومن کا دل دوسروں کی خوشیوں سے تنگ نہیں ہوتا بلکہ دوسروں کی کامیابی پر خوش ہوتا ہے ،اوراگر کوئی مسلمان اپنے لئے خوشی اور دوسروں کے لئے تکلیف چاہتاہے تو اسے اپنے ایمان کا جائزہ لینا چاہئے۔

میرے دوستو!اسلام ہمیں صرف یہ نہیں سکھاتاہے کہ ہم اپنے حقوق مانگیں بلکہ اسلام ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ ہم دوسروں کے حقوق بھی ادا کریں ،یاد رکھ لیں! سچا اسلام صرف نماز ،روزہ یا ظاہری عبادت تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ جب تک دل سے دوسروں کے لئے بھلائی ،ہمدردی اور انصاف کا جذبہ پیدا نہ ہو ،تب تک انسان کے اسلام میں کمال یعنی مکمل خوبی پیدا نہیں ہوگی،غورکیجئے کہ آپﷺ نے ایمان واسلام کے مکمل ہونے کو دوسروں کی خیرخواہی سے جوڑا ہے جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ حسدوجلن اوربغض وعداوت ،خودغرضی ومفادپرستی جب دل سے نکلتی ہے تبھی ایمان واسلام مکمل ہوتاہےاورایک انسان جنت میں تبھی داخل ہوسکتاہے جب کہ اس کا ایمان واسلام مکمل ہو،یہی وجہ ہے کہ رسول اکرم ومکرم محمدعربیﷺ نے اس چیز کو جنت میں داخل ہونے اور جہنم سے بچنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ’’ فَمَنْ سَرَّهُ أَنْ يُزَحْزَحَ عَنِ النَّارِ وَيُدْخَلَ الْجَنَّةَ ‘‘ جسے یہ بات پسند ہے کہ اسے جہنم سے دورکردیاجائے اور جنت میں داخل کردیا جائے’’ فَلْتُدْرِكْهُ مَوْتَتُهُ وَهُوَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ ‘‘ تو اس کی موت اس حال میں آئے کہ وہ اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو ،’’ وَلْيَأْتِ إِلَى النَّاسِ الَّذِي يُحِبُّ أَنْ يَأْتُوا إِلَيْهِ ‘‘ اور وہ لوگوں کے ساتھ ویسا ہی سلوک اوربرتاؤ کرے جیسا وہ اپنے لئے پسند کرتا ہے۔(ابن ماجہ:3959، مسلم:1844،نسائی:4191)

(5) دل کے مردہ بننے کا راز:

پانچویں نصیحت آپﷺ نے یہ کیا کہ ’’ وَلَا تُكْثِرِ الضَّحِكَ فَإِنَّ كَثْرَةَ الضَّحِكِ تُمِيتُ القَلْبَ ‘‘ اور زیادہ نہ ہنسا کرو کیونکہ زیادہ ہنسنے سے دل مردہ ہوجاتاہے۔(ترمذی:2305،الصحیحۃ:930)میرے دوستو! ہمیں آپﷺ کی یہ نصیحت بظاہر بہت سادہ اورمعمولی لگ رہی ہے مگر یہ آپﷺ کی ایک ایسی نصیحت ہے جو روحانی واخلاقی اعتبار سے ہماری پوری زندگی پر اثر انداز ہوتی ہے،ذرا غور کیجئے کہ آپﷺ نے زیادہ ہنسنا دل کو مردہ بنانے کا ذریعہ قرار دیا ہےکیونکہ جس دل میں ہر وقت اور ہرآن و ہرلمحہ قہقہوں اور ٹھٹھوں کا شور رہتاہے اس دل سےعبادت کی مٹھاس چھین لی جاتی ہے،ایسے دلوں سے گناہوں کا احساس بھی ختم ہوجاتاہے، ایسے دلوں میں گناہوں پرشرمندگی بھی نہیں ہوتی ہے،ایسے دلوں میں آخرت کی فکر بھی نہیں ہوتی ہے،صرف یہی نہیں بلکہ جس دل میں ہروقت ہنسی مذاق کا شور ہوگا وہ دل ہرطرح کے خیروبھلائی سے محروم ہوکر سخت وکٹھور بن جاتا ہے،اور تواور ہے دیکھا یہ جاتاہے کہ لوگ ایک دوسرے کے ساتھ جب دل لگی یاپھر ہنسی مذاق کرتے ہیں تو جھوٹے جھوٹے لطیفے بول کر خوب ہنستے اور ہنساتے ہیں تو جولوگ بھی ایسی حرکت کرتے ہیں، ایسے لوگ یہ حدیث بھی سن لیں کہ آپﷺ نے فرمایا ’’ وَيْلٌ لِلَّذِي يُحَدِّثُ فَيَكْذِبُ لِيُضْحِكَ بِهِ الْقَوْمَ، وَيْلٌ لَهُ وَيْلٌ لَهُ ‘‘ ہلاکت وبربادی ہے ،جہنم کی آگ ہے اس انسان کے لئے جو بات کرتاہے اور جھوٹ بولتاہے تاکہ وہ چٹکلے سنا کر لوگون ہنسائے ،ایسے انسان کے لئے ہلاکت ہے،ایسے انسان کے لئے ہلاکت ہے ۔ (ابوداؤد:4990،ترمذی:2315،صحیح الجامع للألبانیؒ:7136)اس لئے میرے دوستو!زیادہ نہ ہنساکرو اور نہ ہی جھوٹ بول کر دوسروں کو ہنسایا کرو، ہاں مسکرایا کریں کیونکہ مسکرانا سنت بھی ہے اور نیکی بھی،سنت اس لئے کہ مسکرانا یہ آپﷺ یہ عادت مبارکہ تھی جیسا کہ جریر بن عبداللہ ؓ کہتے ہیں کہ ’’ وَلاَ رَآنِي إِلَّا تَبَسَّمَ فِي وَجْهِي ‘‘ اور آپ نے ہمیشہ مسکراتے چہرے ہی سے مجھے دیکھا۔ (بخاری:3035،مسلم:2475)اور ایک دوسرے صحابی سیدنا عبداللہ بن حارثؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’ مَا رَأَيْتُ أَحَدًا أَكْثَرَ تَبَسُّمًا مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ‘‘ میں نے آپﷺ سے زیادہ مسکرانے والا کسی کو نہیں دیکھا۔(ترمذی:3641اسنادہ صحیح) اور امی عائشہؓ تو کہتی ہیں کہ ’’ مَا رَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُسْتَجْمِعًا قَطُّ ضَاحِكًا حَتَّى أَرَى مِنْهُ لَهَوَاتِهِ ‘‘میں نے آپﷺ کو اس طرح سے کبھی بھی کھل کر ہنستے نہیں دیکھا کہ آپ کے حلق کا کوا نظر آنے لگتا ہو،بلکہ ’’ إِنَّمَا كَانَ يَتَبَسَّمُ ‘‘ آپﷺ تو صرف مسکراتے تھے۔(بخاری:6092)تومسکرانا یہ سنت رسول ہے اور نیکی اس لئے کہ آپﷺ نے فرمایا ’’ تَبَسُّمُكَ فِي وَجْهِ أَخِيكَ لَكَ صَدَقَةٌ ‘‘ تمہارا اپنے بھائی کے سامنے مسکرانا بھی تمہارے لئے صدقہ ہے۔(ترمذی:1956،الصحیحۃ:572)اور ایک دوسری روایت کے اندر ہے سیدنا ابوذرؓ کہتے ہیں کہ آپﷺ نے مجھ سےفرمایا’’ لَا تَحْقِرَنَّ مِنَ الْمَعْرُوفِ شَيْئًا، وَلَوْ أَنْ تَلْقَى أَخَاكَ بِوَجْهٍ طَلْقٍ ‘‘کہ کسی بھی نیکی کو حقیر نہ سمجھو،چاہے وہ یہی ہو کہ تم اپنے بھائی سے خوش اخلاقی اور مسکراتے ہوئے چہرے کے ساتھ ملو۔(مسلم:2626)



میرے دوستو! اب میں آپ ﷺ کی جو نصیحت سنانے جارہاہوں یہ تو ایسی نصیحتیں ہیں جو دین اسلام کی روح،توحید کی بنیاد اور توکل علی اللہ کا ایسا درس دیتی ہیں جو ہرمسلمان کے دل کو اطمینان اور زندگی کو سکون عطا کرنے والی ہیں ، آپﷺ کے چچا زاد بھائی عبداللہ بن عباسؓ کہتے ہیں کہ ایک دن میں سواری پر آپﷺکے پیچھے بیٹھا ہواتھا تو آپﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ اے بچے!میں تمہیں کچھ نصیحتیں کررہاہوں جنہیں تم ہمیشہ یاد رکھناکیونکہ یہ ایسی نصیحتیں ہیں جو تمہیں فائدہ پہنچائے گی:

(6) حفاظت الہی کا ضابطہ:

آپﷺ نے فرمایا کہ ’’ احْفَظِ اللَّهَ يَحْفَظْكَ ‘‘ تم اللہ کے احکام کی حفاظت کرو وہ تمہاری حفاظت فرمائے گا،اور ’’ احْفَظِ اللَّهَ تَجِدْهُ تُجَاهَكَ ‘‘ اللہ کے حقوق کا خیال رکھو تم اسے سامنے پاؤگے۔اللہ اکبر!میرے دوستو!سنا آپ نے کہ آپﷺ نے کیا کہا کہ پہلے تم اللہ کے حقوق کا پاس ولحاظ رکھو،پہلے تم اللہ کے احکام کی حفاظت کرو ،یعنی پہلے تم اللہ کے فرائض کی پابندی کروبالخصوص نمازوں کی پابندی کرو، دین کے تمام احکام پر عمل کرو،اللہ کے حلال کو حلال اور اللہ کے حرام کو حرام سمجھو ،اپنی زبان ،آنکھ اور پیٹ کو حرام سے بچاؤ،پھر دیکھو ! وہ اللہ تمہاری حفاظت اور تمہاری مدد کیسے فرماتا ہے ،!افسوس صد افسوس آج پوری دنیا کے مسلمان یہ چاہتے ہیں کہ وہ نماز نہ پڑھیں،روزہ نہ رکھیں،حرام خوری کریں،حرام کمائی کریں،جھوٹ بولیں،غیبت کریں،لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالیں،لوگوں کے ساتھ ظلم کریں یعنی وہ کچھ بھی کریں پھر بھی اللہ ان کی مدد کرے!نہیں میرے بھائیو اوربہنو!نہیں!ہرگز نہیں !ایسا اللہ اور اس کے رسول نے کہیں نہیں کہا ہے کہ تم جیسے چاہو ویسے زندگی گذارو ،اللہ تمہاری حفاظت کرے گا،بلکہ اللہ اور اس کے رسولﷺ نے یہ اعلان کردیا ہے کہ پہلے تم اللہ کے احکامات کی حفاظت کرو اللہ تمہیں دنیا کی ہر آفتوں و مصیبتوں اور ہرطرح کےظلم وستم سے تمہاری حفاظت فرمائے گا،اور سن لیجئے جب تک ہم اللہ کے دین کی حفاظت نہیں کریں گے اللہ بھی ہماری حفاظت نہیں کرے گا۔

(7) توکل اور استعانت کا تنہامرکز صرف ذات باری تعالی ہے:

میرے دوستو! آگے آپﷺ نے یہ نصیحت کی کہ ’’ إِذَا سَأَلْتَ فَاسْأَلِ اللَّهَ ‘‘ جب بھی مانگنا تو صرف ایک اللہ سے مانگنا اور’’ وَإِذَا اسْتَعَنْتَ فَاسْتَعِنْ بِاللَّهِ ‘‘جب کبھی بھی مدد مانگنی ہو تو بس ایک اللہ ہی سے مدد مانگنا یعنی ایک ہی جملہ کہنا یا اللہ المدد ۔جی ہاں میرے دوستو! آپ نے بالکل ہی صحیح سنا کہ سوال اور مدد صرف ایک اللہ ہی سے ہونی چاہئے اگر کوئی انسان کسی غیر اللہ سے فریادرسی کرتاہے یاپھر غیراللہ کو مدد کے لئے پکارتاہے تو ایسے لوگوں کو اپنے ایمان واسلام کی فکر کرنی چاہئے کیونکہ ایسے لوگ تو مشرک ہیں جو اللہ کی عبادت کا حق کسی مخلوق کو دے دیتے ہیں ،تُف ہے آج کل کے مسلمانوں کے عقل وایمان پر کہ مصیبت میں بھی غیراللہ کی دہائی دیتے ہیں اور یہ کہتے نہیں تھکتے کہ یا غوث المدد،یاعلی المدد، نعوذباللہ،آج کل کے مسلمانوں سے لاکھ گنا اچھے اور اللہ کو ماننے والے لوگ تو زمانۂ جاہلیت کے کفارومشرکین تھے جو مصیبت میں صرف یا اللہ المدد کا نعرہ لگایا کرتے تھے،اور یہ میں نہیں کہہ رہاہوں بلکہ اس بات کی گواہی باری تعالی نے خود اپنے کلام پاک کے اندر کئی جگہ پر دی ہے کہ جب مشرکین مکہ سمندروں کی لہروں میں پھنس جاتے اور جب انہیں اپنی موت نظرآتی تو صرف یا اللہ المدد کا نعرہ لگاتے ،سنئے رب کا فرمان’’ وَجَاءَهُمُ الْمَوْجُ مِنْ كُلِّ مَكَانٍ وَظَنُّوا أَنَّهُمْ أُحِيطَ بِهِمْ دَعَوُا اللَّهَ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ ‘‘اور ہرطرف سے ان پرموجیں اٹھتی چلی آتی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اب گھرگئے،اس وقت سب خالص اعتقاد کرکے اللہ ہی کو پکارتے ہیں ۔ (یونس:22،العنکبوت:65،لقمان:32)دیکھا اور سناآپ نے کہ وہ کفار ومشرکین تھے مگر پھر بھی مصیبت میں اللہ ہی کو پکارا کرتے تھے مگر افسوس صد افسوس جو قوم اللہ پر ایمان رکھتی ہے،اپنے رسول محمدﷺ پر ایمان رکھتی ہے ،قرآن پر ایمان رکھتی ہے وہ مصیبت میں غیر اللہ کو پکارتی ہے ۔یاد رکھ لیں !جب دینے والا اور مصیبتوں سے نجات دلانے والا ہمارا رب ہے تو پھر کسی دوسرے کے در پر جھکنے اور دوسروں سے امیدیں لگانے کی قطعا ضرورت نہیں ہے ،آج کل کے مسلمانوں کے عقیدے پر بہت افسوس ہوتاہے کہ انہوں نے اللہ کو بہت ہی کمزور سمجھ لیا ہے ،یہی وجہ ہے کہ آپ دیکھیں گے کہ لوگ طرح طرح کے حیلوںو بہانوں اور طرح طرح کے بیہودہ اور لایعنی مثالیں دے دے کرلوگوں کو شرک کے دلدل میں پھنساتے ہیں،آپ نے یہ ضرور سنا ہوگا کہ لوگ غیر اللہ سے مدد مانگنے کو جائز ٹھہرانے کے لئے یہ مثال دیتے ہیں کہ دیکھو اگر تم بیمار پڑجاتے ہیں تو مدد کے لئے ڈاکٹر کے پاس جاتے ہو ،کیا ڈاکٹر کے پاس مدد کے لئے جانا شرک ہے؟نہیں تو اسی طرح سے مردوں سے مانگنا بھی شرک نہیں ہے،نعوذ باللہ!اب آئیے اس بات کی حقیقت کو بھی سمجھ ہی لیتے ہیں ،دیکھئے مدد دو طرح سے کی جاسکتی ہے،نمبر ایک ماتحت الاسباب اور نمبر دو مافوق الاسباب،اب آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ ماتحت الاسباب اور ما فوق الاسباب کیا ہے تو اس کی بھی وضاحت سن لیجئے اور یاد رکھ لیجئے،ماتحت الاسباب یہ ہے کہ انسان اپنی تکلیف ومصیبت کو دور کرنے کے لئے سبب کو اختیار کرے،مثال کے طورپر بیماری ہی کو لے لیجئے ایک انسان جب بیمار پڑتا ہے تو وہ ڈاکٹر کے پاس جاتا ہے اب ڈاکٹر اس کا چیک اپ کرتاہے،آل لگاتاہے،خون ٹیسٹ کرتاہے،پھر دوائی لکھتاہے اور وہ انسان ڈاکٹر کے بتلائے ہوئے طریقے کے مطابق دوائی کھاتاہے تو اس کی بیماری دور ہوجاتی ہے،تو یہ سب کرنا ماتحت الاسباب ہے جو کہ بالکل ہی جائز اور درست ہے اور اس میں رتی برابر بھی شرک وکفر کا شائبہ تک پایا نہیں جاتا ہے کیونکہ یہ ماتحت الاسباب ہے ،یہاں بیماری کو دور کرنے کے لئے سبب کو اختیار کیا گیا ہے،دوسری چیز ہے ما فوق الاسباب یعنی سبب کے بغیر کوئی انسان کسی کو مدد کے لئے پکار ےتو یہی عین شرک ہے،ایک کلمہ گو مسلمان ہے یہاں انڈیا میں بیٹھ کر اپنی تکلیف ومصیبت کو دور کرنے کے لئے یاغوث المدد ،یا علی المدد پکارتاہے اور یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ بس غوث اس کی مدد کریں گے تو چاہے وہ جہاں کہیں سے بھی ہو تو یہی تو شرک ہے کیونکہ یہاں کوئی سبب ہی نہیں ہے،یاد رکھ لیں !سبب کے بغیر مدد کرنے والی ذات بس ایک ہی رب کی ذات ہے ،فرمان باری تعالی ہے ’’ أَمَّنْ يُجِيبُ الْمُضْطَرَّ إِذَا دَعَاهُ وَيَكْشِفُ السُّوءَ وَيَجْعَلُكُمْ خُلَفَاءَ الْأَرْضِ أَإِلَهٌ مَعَ اللَّهِ قَلِيلًا مَا تَذَكَّرُونَ ‘‘ بے کس کی پکار کو جب کہ وہ پکارے،کون قبول کرکے سختی کو دور کردیتاہے؟ اور تمہیں زمین کا خلیفہ بناتا ہے،کیا اللہ کے ساتھ اور معبود ہے؟ تم بہت کم نصیحت حاصل کرتے ہو۔(النمل:62)اور یقینا اللہ کے علاوہ کسی میں اتنی طاقت کہاں کہ وہ کسی کی مصیبت کو دور کرسکے ، ايك دوسری جگہ باری تعالی نے فرمایا کہ ’’ هُوَ مَوْلَاكُمْ فَنِعْمَ الْمَوْلَى وَنِعْمَ النَّصِيرُ ‘‘ وہی اللہ تمہارا ولی اور مالک ہے ،پس کیا ہی اچھا مالک ہے اور کتنا ہی بہتر مددگار ہے ۔(الحج:78) یعنی کہ بگڑی بنانے والا صرف وہی ایک اللہ ہے اور اس سے بہتر اور اچھا کارساز اور بگڑی بنانے والا ہے ہی نہیں ،اس لئے اے میرے بھائیواور بہنو! اگر تمہیں اپنے آپ کو ہمیشگی کی جہنم سے بچانا ہے تو پھر اپنی ہرمصیبت میں صرف اورصرف اپنے رب کو ہی پکارنا ۔

(8) نفع ونقصان کا مالک تو بس ایک اللہ ہے:

میرے دوستو! پھر آپﷺ نے اپنے چچازاد بھائی کو یہ نصیحت کی کہ اے میرے بھائی ایک باد یاد رکھنا ’’ وَاعْلَمْ أَنَّ الأُمَّةَ لَوْ اجْتَمَعَتْ عَلَى أَنْ يَنْفَعُوكَ بِشَيْءٍ لَمْ يَنْفَعُوكَ إِلَّا بِشَيْءٍ قَدْ كَتَبَهُ اللَّهُ لَكَ ‘‘اور یہ بات اچھی طرح سےجان لو کہ اگر ساری کائنات کے لوگ مل کر بھی تجھے کوئی فائدہ پہنچانا چاہےتو تجھے اتنا ہی فائدہ پہنچا سکتے ہیں جتنا اللہ نے تیرے نصیب میں لکھ دیا ہےاور اگر ’’ وَلَوْ اجْتَمَعُوا عَلَى أَنْ يَضُرُّوكَ بِشَيْءٍ لَمْ يَضُرُّوكَ إِلَّا بِشَيْءٍ قَدْ كَتَبَهُ اللَّهُ عَلَيْكَ ‘‘سب مل کربھی تجھے کوئی نقصان پہنچانا چاہیں تو اتنا ہی نقصان پہنچا سکتے ہیں جتنا اللہ نے تیرے حق میں لکھ دیا ہے کیونکہ ’’ رُفِعَتِ الأَقْلَامُ وَجَفَّتْ الصُّحُفُ ‘‘ قلم اٹھا لیے گئے ہیں اور صحیفے خشک ہو چکے ہیں یعنی تقدیر لکھی جاچکی ہے۔(ترمذی:،2516،صحیح الجامع للألبانیؒ:3051)دیکھا اور سنا آپ نے کہ آپﷺ نے کتنی عمدہ نصیحت کی ہے ،آج ہم لوگوں کی حرکتوں سے کچھ زیادہ پریشان ہوجاتے ہیں اور ٹینشن میں آجاتے ہیں کہ فلاں میرے پیچھے پڑا ہے،فلاں میرے خلاف چالیں چل رہاہے،فلاں میرے دوکان اور میرے کاروبار کو برباد کرنے لگا میں ہے،یقینا آج کل سماج ومعاشرے میں ایسے لوگ زیادہ پائے جاتے ہیں جو ہروقت دوسروں کا نقصان کرنے میں لگے رہتے ہیں ،تو ایسے لوگوں سے آپ بالکل بھی نہ ڈریں ،بس احتیاطی تدابیر کو اپنائیں اور یہ مضبوط عقیدہ رکھ لیں کہ جب تک میرے رب کا حکم نہیں ہوگا تب تک میرا کوئی بال بھی بیکا نہیں کرسکتا ہے۔آج ہماری زندگیوں میں پریشانی، بے چینی اور بے سکونی کی بڑی وجہ یہی ہے کہ ہم نے اللہ کے احکامات کو پسِ پشت ڈال دیا ہے اور اپنے مسائل کے حل کے لیے مخلوق پر زیادہ تکیہ کرنے لگے ہیں،آئیے اس نبوی نصیحت کو اپنا دستورِ حیات بنائیں کہ کچھ بھی ہوجائے ہم اپنے رب کا دامن نہیں چھوڑیں گےاور یہی تو عین ایمان ہے۔

میرے دوستو! یہ تو ترمذی شریف کی حدیث تھی اور دوسری حدیثوں کے اندر کچھ اور بھی قیمتی نصیحتیں موجود ہیں ،اور یہ تو ایسی نصیحتیں ہیں جس میں زندگی کی پریشانیوں کا علاج ہے،مایوسی کے اندھیروں میں امید کی روشنی ہے ،ٹوٹے ہوئے دلوں کے لئے تسلی ہے اور آزمائشوں میں مبتلا انسانوں کے لئے رسول اللہﷺ کی طرف سے ایک عظیم پیغام ہے،آپﷺ نے اپنے بھائی سے کہا کہ اے میرے بھائی یہ بھی یاد رکھنا کہ ’’ أَنَّ النَّصْرَ مَعَ الصَّبْرِ ‘‘ اللہ کی مدد صبر کے ساتھ ہی جڑی ہوتی ہے ،’’ وَأَنَّ الفَرَجَ مَعَ الكَرْبِ ‘‘ اور کشادگی تنگی وپریشانی کے ساتھ ہوتی ہے،’’ وَأَنَّ مَعَ العُسْرَ يُسْرًا ‘‘ اور تنگی کے ساتھ ہی آسانی ہے۔(احمد:14768،الصحیحۃ:2382)سبحان اللہ! کتنی عظیم نصیحت ہے، ذرا غور کیجیے! ہمارے معاشرے میں کتنے لوگ ایسے ہیں جو پریشان ہیں، کوئی روزگار کی پریشانی میں ہے، کوئی کاروبار کے نقصان سے دوچار ہے، کوئی بیماری سے لڑ رہا ہے، کسی کے گھر میں مسائل ہیں، کسی کی اولاد نافرمان ہے، کوئی قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، کسی کے دل میں ایسی تکلیف ہے جسے وہ کسی کے سامنے بیان بھی نہیں کر سکتا،ان سب کا حل آپﷺ نے اپنی ان تین جملوں میں بیان کردیا ہے:

(9)اللہ کی مدد پانے کا راز:

(1)پہلی نصیحت آپ ﷺ نے کی کہ’’ أَنَّ النَّصْرَ مَعَ الصَّبْرِ ‘‘ یقینا مدد صبر کے ساتھ ہے ،لیکن سوال یہ ہے کہ صبر کیا ہے؟کیا صبر کا مطلب یہ ہے کہ انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جائے؟ نہیں!صبر کا مطلب یہ نہیں ہے بلکہ صبر کا مطلب تو یہ ہے کہ مصیبت آنے پر ایک انسان اللہ سے شکوے شکایت نہ کرے، گناہوں سے بچے، نیکی پر قائم رہے، جائز کوشش کرتا رہے اور اللہ کی رحمت سے امید نہ توڑے۔میرے دوستو!صبر صرف زبان سے الحمدللہ کہنے کا نام نہیں، صبر یہ ہے کہ حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں، انسان اللہ کی نافرمانی نہ کرے،جب کاروبار میں نقصان ہو تو حرام راستہ اختیار نہ کرے،جب بیماری آئے تو علاج بھی کروائے اور اللہ سے دعا بھی کرے،یہ ہے حقیقی صبر!ذرا حضرت ایوب علیہ السلام کی زندگی کو یاد کیجئےکہ جب اللہ تعالیٰ نے انہیں سخت آزمائشوں میں مبتلا فرمایا۔،بیماری آئی، مال و اولاد کے حوالے سے آزمائشیں آئیں، لیکن ان کے دل میں اللہ تعالیٰ سے امید باقی رہی،انہوں نے اپنی زندگی میں ایک بار بھی لوگوں کے سامنے یاپھر اپنے رب کے سامنے شکوے شکایت نہیں کیا بلکہ انہوں نے صبر کرتے ہوئے یہی کہا کہ اے میرے رب’’ أَنِّي مَسَّنِيَ الضُّرُّ وَأَنْتَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِينَ ‘‘ مجھے یہ بیماری لگ گئی ہے اور تو رحم کرنے والوں سے زیادہ رحم کرنے والا ہے ۔اور جب انہوں نے صبر کیا تو اللہ نے خود یہ اعلان کیا کہ ’’ فَاسْتَجَبْنَا لَهُ فَكَشَفْنَا مَا بِهِ مِنْ ضُرٍّ وَآتَيْنَاهُ أَهْلَهُ وَمِثْلَهُمْ مَعَهُمْ رَحْمَةً مِنْ عِنْدِنَا وَذِكْرَى لِلْعَابِدِينَ ‘‘ تو ہم نے اس کی سن لی اور جو دکھ اسے تھا اسے دور کردیا اور اس کو اہل وعیال عطافرمائے بلکہ اپنی خاص مہربانی سے ان کو بہت کچھ دیا اور تاکہ سچے بندوں کے لئے سبب نصیحت ہو۔(الانبیاء:83-84)سبحان اللہ! جانتے ہیں اللہ نے انہیں صبر کا بدلہ کیسا دیا ؟ محمدعربیﷺ نے فرمایا کہ جب سیدنا ایوب علیہ الصلاہ والسلام نے صبر کا دامن پکڑا تو اللہ نے ’’ فَخَرَّ عَلَيْهِ جَرَادٌ مِنْ ذَهَبٍ ‘‘ان کے لئے آسمان سے سونے کی ٹڈیوں کی بارش برسا دی۔(بخاری:3391)جی ہاں میرے دوستو!صحیح سنا آپ نے کہ صبر کابدلہ اللہ نے اس طرح سے دیا کہ ان کے لئے سونے کی بسکٹوں کی بارش نازل کی گئی !سبحان اللہ!یہاں ہمارے لئے بہت بڑا سبق ہے کہ آزمائشیں کتنی بھی بڑی کیوں نہ ہو،اللہ کی رحمت اس سے کہیں زیادہ بڑی ہے لیکن بس شرط یہ ہے کہ انسان صبر کا دامن نہ چھوڑے،اس لئے اے میرے بھائیو اور بہنو! یہ بات یادرکھ لیں کہ صبر کرنے پر جب اللہ دیتا ہے نہ تو چھپر پھاڑ کردیتا ہےاور اس کی جیتی جاگتی مثال سیدنا ایوب علیہ الصلاۃ والسلام ہیں۔

(10)پریشانی سے دوچار شخص کے لئے نبوی دلاسہ:

(2)دوسری نصیحت آپ ﷺ نے کی کہ ’’ وَأَنَّ الفَرَجَ مَعَ الكَرْبِ ‘‘ بے شک پریشانی کے ساتھ ہی کشادگی اور فراوانی ہے،سبحان اللہ !بہت ہی عظیم نصیحت ہے یہ ذرا سوچئے کہ کبھی انسان کی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے کہ اسے ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا نظر آتا ہے،وہ سوچتا ہے کہ اب میرا کیا ہوگا؟ میرے مسائل کیسے حل ہوں گے؟ میرے گھر کے حالات کب بدلیں گے؟ لیکن اللہ کے رسول ﷺ ہمیں بتا رہے ہیں کہ پریشانی کے ساتھ کشادگی بھی ہے،ذرا حضرت یوسف علیہ السلام کی زندگی پر غور کیجئے کہ ایک معصوم بچہ اپنے بھائیوں کےہاتھوں ظلم کا شکار ہوتا ہے، اسے کنویں میں ڈال دیا جاتا ہے، پھر غلام بنا کر فروخت کیا جاتا ہے، پھر بے گناہ ہونے کے باوجود قید خانے میں ڈال دیا جاتا ہے،سوچئے!اگر کوئی انسان ان حالات سے گزرتا تو شاید مایوس ہو جاتا،لیکن قرآن گواہی دے رہاہے کہ ایک وقت آیا کہ وہی یوسف علیہ السلام جنہیں کنویں میں پھینکا گیا تھا، اللہ نے انہیں مصر کے اقتدار میں عزت اور مقام عطا فرمایا،کل جو کنویں میں تھے، آج تخت پر تھے!کل جو بے سہارا تھے، آج ہزاروں لوگوں کے لیے سہارا بن گئے!یہ اللہ کی قدرت ہے!اس لئے میرے بھائیواور بہنو! اپنی پریشانیوں سے کبھی اپنے رب سے ناامید نہ ہونا کیونکہ اللہ کی تدبیر وہاں سے شروع ہوتی ہے جہاں ہم انسان کی سوچ ختم ہو جاتی ہے،آپ آج جس مشکل میں ہیں،ضروری نہیں کہ وہی آپ کی زندگی کا آخری فیصلہ ہو،ممکن ہے آج کا نقصان کل آپ کے لیے خیر کا سبب بن جائے،ممکن ہے آج کا انتظار کل آپ کی خوشی کا ذریعہ بن جائے،ممکن ہے جس دروازے کے بند ہونے پر آپ رو رہے ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کے لیے اس سے بہتر دروازہ کھولنے والا ہو۔

(11)زندگی میں آسانیاں کب آتی ہیں:

(3) تیسری نصیحت آپﷺ نے کی کہ اے میرے بھائی ’’ وَأَنَّ مَعَ العُسْرَ يُسْرًا ‘‘ اور تنگی کے ساتھ آسانی ہے ‘‘میرے دوستو!یہ صرف حدیث کا پیغام نہیں بلکہ قرآن مجید کا بھی عظیم اعلان ہے اور اللہ رب العزت نے اپنے کلام پاک کے سورہ الانشراح کے اندر یکے بعددیگرے دومرتبہ فرمایا کہ ’’ فَإِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا،إِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا ‘‘ غور کیجئے!اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ مشکل کے بعد آسانی ہے، بلکہ فرمایا کہ مشکل کے ساتھ آسانی ہے،اس کا مطلب یہ ہے کہ مشکل کے دوران بھی اللہ تعالیٰ اپنے بندے کے لیے راحت، مدد، اجر، ہدایت اور نکلنے کے راستے پیدا فرماتا ہے،یہ اللہ کا وعدہ ہےاس لئے میرے دوستو! جب حالات خراب ہوں تو نماز نہ چھوڑئے، دعا نہ چھوڑئے، قرآن سے تعلق نہ توڑئے، آج ہماری ایک سب سے بڑی کمزوری یہی ہے کہ ہم معمولی پریشانی میں گھبرا جاتے ہیں اور اپنی پریشانیوں میں ہی اللہ کو بھول جاتے ہیں ،نماز پڑھنا چھوڑدیتے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہوتاہے کہ ہماری پریشانیاں کم ہونے کے بجائے اور بڑھ جاتی ہے اس لئے اے میرے بھائیواور بہنو! اپنی پریشانیوں میں اللہ کو نہ بھولو کیونکہ مشکل وقت میں اللہ کو یاد کرنے والا کبھی خسارے میں نہیں رہتا،بس اتنا یاد رکھ لو کہ زندگی میں پریشانیاں ہمیشہ نہیں رہتی ہیں ،آزمائشوں کے بعد آسانیاں ضرور آتی ہیں ،یاد رکھ لیجئے! جس طرح سےرات کتنی ہی لمبی کیوں نہ ہو، صبح ضرور ہوتی ہے ٹھیک ویسے ہی آزمائش کتنی ہی سخت کیوں نہ ہو، اللہ آسانیاں ضرور عطا فرماتا ہے۔

(12) ایک وقت میںتم اپنے رب کو نہ بھولو وہ بھی تمہیں نہیں بھولے گا:

میرے دوستو! اب جو میں آپﷺ کی نصیحت آپ کو سنانے جارہاہوں یہ تو دنیا وجہان کی سب سے قیمتی نصیحت ہے اور یہ نصیحت بھی آپﷺ نے اپنے چچازاد بھائی سیدنا عبداللہ بن عباسؓ سے ہی کی تھی کہ ’’ تَعَرَّفْ إِلَيْهِ فِي الرَّخَاءِ يَعْرِفْكَ فِي الشِّدَّةِ ‘‘تم خوشحالی کے دنوں میں اللہ کو یادرکھو وہ تمہیں تمہاری بدحالی کے دنوں میں یاد رکھے گا۔(احمد:2803،صحیح الجامع للألبانیؒ:2961)سبحان اللہ! ذرا غور کیجئے کہ آپﷺ کی یہ کتنی عظیم نصیحت ہےاور ہم اور آپ کیا کرتے ہیں جب ہمارے اوپر مصیبت آتی ہےیا پھر ہمیں بیماری گھیر لیتی ہے یاپھر ہمیں معاشی تنگی ہوتی ہے تو ہم اللہ سے مانگنے لگ جاتے ہیں اسی کے برعکس جب ہم خوشحال ہوتے ہیں ،صحت مند ہوتے ہیں ،ہماری دوکان اچھی چل رہی ہوتی ہے تو ہم اپنے رب کو بھول جاتے ہیں ،ہم انسانوں کی اسی بری عادت کا تذکرہ کرتے ہوئے رب نے فرمایا کہ ’’ وَإِذَا أَنْعَمْنَا عَلَى الْإِنْسَانِ أَعْرَضَ وَنَأَى بِجَانِبِهِ وَإِذَا مَسَّهُ الشَّرُّ فَذُو دُعَاءٍ عَرِيضٍ ‘‘اورجب ہم انسان پر اپنا انعام کرتے ہیں تو وہ منہ پھیر لیتاہے اور کنارہ کش ہوجاتاہےاور جب اسے مصیبت پڑتی ہے تو بڑی لمبی چوڑی دعائیں کرنے والا بن جاتاہے۔(فصلت:51)يقينا ہم اور آپ ایسے ہی کرتے ہیں کہ جب ہمارے پاس جسمانی صحت اور تندرستی ہوتی ہے ،جب ہمارے روزگار میں برکت اور فراوانی ہوتی ہے ،جب ہمیں کسی قسم کا کوئی ڈر وخوف نہیں ہوتا ہے تو اس وقت ہم اپنے رب کو بالکل بھی بھول جاتے ہیں ،جی میں آیا توکبھی ہفتہ دس دن میں مسجد آگئے ورنہ مہینوں اور سالوں تک ہم اپنے رب کے آگے جھکتے نہیں ہیں اور پھر جیسے ہی ہمارے اوپر کوئی تنگی یاپھرکوئی پریشانی آجاتی ہے تو ہم رب کے آگے رونے اور گڑگڑانے لگ جاتے ہیں ،جس کا نتیجہ یہ ہوتاہے کہ ہماری دعائیں قبول نہیں ہوتی ہے اور آپﷺ نے اپنی اس نصیحت میں ایسا ہی کرنے سے روکا اور فرمایا کہ تم اپنے رب کو خوشحالی کے دنوں میں یادرکھو وہ تمہیں تمہاری پریشانی کے دنوں میں یاد رکھے گا،اب آئیے میں آپ کو اس کی دو مثالیں قرآن سے دیتاہوں تاکہ ہمارے ذہن ودماغ آپﷺ کی نصیحت اچھی طرح سے بیٹھ جائیں،پہلی مثال سیدنا یونس علیہ الصلاۃ والسلام کی کہ جب وہ سمندر کی تہہ ،مچھلی کے پیٹ اور رات کی یعنی تین تین تاریکیوں میں پھنس گئے ،جہاں بچاؤ کی کوئی صورت ہی نہ تھی ،ان کی موت بالکل ہی یقینی تھی تو انہوں نے اپنے رب کو پکارا کہ اے میرے رب! ’’ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ ‘‘ تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ہے ،تو پاک ہے،بے شک میں ظالموں میں ہوگیا۔(الانبیاء:87)ہم اور آپ جانتے ہیں اور یہ خود اللہ نے اعلان کیا کہ ’’ فَاسْتَجَبْنَا لَهُ وَنَجَّيْنَاهُ مِنَ الْغَمِّ ‘‘ تو ہم نے اس کی پکار سن لی او ر اسے غم سے نجات دے دی ۔(الانبیاء:88)اب یہ نجات انہیں کیوں ملی یہی اصل مجھے بتانی مقصود ہے !کیاانہیں نجات صرف اس لئے مل گئی کہ انہوں نے مصیبت میں پھنسنے کے بعد ہی اپنے رب کو یاد کیا ،نہیں !نہیں!ہرگز نہیں !انہیں اس مصیبت سے نجات کیوں ملی ؟اس کا بھی جواب رب نے دیا کہ وہ تو جب زمین پر تھے،خوشحال تھے،آباد تھے،صحت مند تھے تب بھی وہ اپنے رب کی تسبیح بیان کرنے والے تھے ،فرمایا ’’ فَلَوْلَا أَنَّهُ كَانَ مِنَ الْمُسَبِّحِينَ،لَلَبِثَ فِي بَطْنِهِ إِلَى يَوْمِ يُبْعَثُونَ ‘‘پس اگر یہ پاکی بیان کرنے والوں میں سے نہ ہوتے ،تو لوگوں کے اٹھائے جانے کے دن تک اس کے پیٹ ہی میں رہتے۔(الصافات:143-144)دیکھا او رسنا آپ نے کہ خوشحالی کے دنوں میں رب کی یاد نے انہیں مصیبت سے نجات دلادیا ،اور اسی کی نصیحت آپﷺ نے ہمیں کی کہ تم خوشحالی کے دنوں میں اپنے رب کو یادرکھو وہ تمہیں تمہاری مصیبت کی گھڑی میں یاد رکھے گا۔

میرے دوستو!اب اسی کے برعکس قرآن کی ایک اور مثال سنئےاور فرعون کی زندگی اور اس کے انجام کو یاد کیجئے ،فرعون خوشحالی کے دنوں میں بڑا مغرورومتکبر بنا پھر رہاتھا،حکومت اور طاقت وقوت کے نشے میں وہ اتنا چورہوگیا تھا کہ اس نے اپنے آپ کو رب سمجھ لیا تھااور یہ اعلان ہی کررکھا تھا کہ’’ أَنَا رَبُّكُمُ الْأَعْلَى ‘‘ تمہارا سب سے بڑا رب میں ہی ہوں۔(النازعات:24) سیدنا موسی علیہ الصلاۃ والسلام کے لاکھ سمجھانے کے باوجود بھی اس نے رب کو نہیں مانا اور پوری زندگی اپنے رب کی نافرمانی کرتارہا لیکن جب سمندر کی لہروں میں ڈوبنے لگا اور موت سامنے نظرآئی تو اللہ کو پکارنے لگا کہ ’’ آمَنْتُ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا الَّذِي آمَنَتْ بِهِ بَنُو إِسْرَائِيلَ وَأَنَا مِنَ الْمُسْلِمِينَ ‘‘ میں اس ذات پر ایمان لاتاہوں جس پر بنی اسرائیل ایمان لائے ہیں ،اس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں او رمیں مسلمانوں میں سے ہوں۔ذرا غور سے سنئے !مشکل گھڑی میں اس نے رب کویاد کیا مگر رب نے جواب دیا کہ اے فرعون’’ آلْآنَ وَقَدْ عَصَيْتَ قَبْلُ وَكُنْتَ مِنَ الْمُفْسِدِينَ ‘‘ اب ایمان لاتاہے،اور پہلے سرکشی کرتارہا اور مفسدوں میں داخل رہا۔(یونس:90-91)ذرا سوچئےکہ یہاں فرعون کی اس تنگی کے وقت کی پکار کو رد کردیاگیا کیونکہ خوشحالی کےدنوں میں اس کااپنے رب سے کوئی لگاؤ اور تعلق نہ تھااور وہاں سیدنا یونس علیہ الصلاۃ والسلام کی تنگی کے وقت کی پکارکو شرف قبولیت سے بخشا گیا کیونکہ وہ خوشحالی کے دنوں میں بھی اپنے رب کو یاد کرنے والے تھے،اس لئے اے میرے بھائیو اور بہنو!آپﷺ کی یہ نصیحت یاد رکھیں کہ تم خوشحالی کے دنوں میں اپنے رب کو یادرکھو وہ تمہیں تمہاری مشکل گھڑی میں یاد رکھے گا،اور تمہاری دعاؤں کو بھی شرف قبولیت سے بخشے گا جیسا کہ ترمذی شریف کےاندر یہ صحیح حدیث موجود ہے ،آپﷺ نے فرمایا کہ ’’ مَنْ سَرَّهُ أَنْ يَسْتَجِيبَ اللَّهُ لَهُ عِنْدَ الشَّدَائِدِ وَالكَرْبِ فَلْيُكْثِرِ الدُّعَاءَ فِي الرَّخَاءِ ‘ ‘ جس شخص کو یہ بات پسند ہو کہ اللہ تعالی تنگی اور پریشانیوں کے گھڑی میں اس کی دعا کو قبول کرے تو اسے چاہئے کہ وہ خوشحالی کے دنوں میں بکثرت دعامانگا کرے۔ (ترمذی:3382،الصحیحۃ:593)

(13) اللہ اور لوگوں کی نظر میں محبوب بننے کا راز:

میرے دوستو! آج کے دور میں ہر انسان کی دو سب سے بڑی خواہشیں ہوتی ہیں، پہلی یہ کہ اس کا رب اس سے راضی ہو جائے، اور دوسری یہ کہ دنیا کے لوگ اس کی عزت کریں اور اس سے محبت کریں،توآئیے آج کے بیان میں فرمان مصطفی ﷺ کی روشنی میں یہ نسخہ بھی لے کرجائیں ،سیدنا سہل بن سعد الساعدی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: کہ یا رسول اللہ !’’ دُلَّنِي عَلَى عَمَلٍ إِذَا أَنَا عَمِلْتُهُ أَحَبَّنِي اللَّهُ وَأَحَبَّنِي النَّاسُ ‘‘ مجھے کوئی ایسا عمل بتائیے کہ جب میں اسے کروں تو اللہ بھی مجھ سے محبت کرے اور لوگ بھی مجھ سے محبت کریں، تو آپ ﷺ نے فرمایا’’ ازْهَدْ فِي الدُّنْيَا يُحِبَّكَ اللَّهُ ‘‘ دنیا سے بے رغبت ہوجاؤ اللہ تم سے محبت کرے گا، اور ’’ وَازْهَدْ فِيمَا فِي أَيْدِي النَّاسِ يُحِبُّكَ النَّاسُ ‘‘ اور لوگوں کے پاس جوکچھ بھی ہے اس سے بے نیاز اور بے رغبت ہوجاؤ لوگ بھی تم سے محبت کرنے لگیں گے۔(ابن ماجہ:4102،الصحیحۃ:944) اب آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ دنیا سے بے رغبت ہونے کا مطلب کیا ہے؟ اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ دنیا سے بے رغبتی کا مطلب گھر بار چھوڑ دینا یا غریبی اختیار کر لینا ہے، حالانکہ ایسا ہرگز نہیں ہے، زُہد کا اصل مطلب یہ ہے کہ دنیا صرف تمہارے ہاتھ اورتمہاری جیب میں ہو، اورآخرت تمہارے دل میں رچی بسی ہو،آج ہم مسلمانوں نے اللہ کی محبت کو کھودیا ہے !جانتے ہیں کیوں ؟ کیونکہ ہم نےحلال اور حرام کی تمیز ختم کر کے صرف پیسے اور اسٹیٹس کے پیچھے بھاگنا شروع کردیا ہے،آج ہم نے دنیا کو ہی سب کچھ سمجھ لیا ہے،جب کہ یہ دنیا ہمارا مقصد اور ٹارگیٹ نہیں ہے بلکہ ہمارا اصل مقصد تو آخرت ہے اور یہ دنیا تو بس ضرورت پوری کرنے کی جگہ ہے،اب جو انسان بقدر ضرورت اس دنیا سے اپنا حصہ لے گا اسے اللہ کی محبت ملے گی،یہ تو پہلی بات تھی ،دوسری بات جو آپ ﷺ نے کہی کہ لوگوں کی نظروں میں محبوب بننے کا آسان نسخہ یہ ہے کہ لوگوں کے پاس جو کچھ بھی ہے تم اس سے بے رغبت ہوجاؤ،سبحان اللہ! یہ آپﷺ کی ایک عظیم اور حکمت پر مبنی نصیحت ہے، آپ نے دیکھا ہوگا کہ جو شخص ہر وقت دوسروں سے مانگتا رہتا ہے، یا دوسروں کی دولت، گاڑی اور کامیابی پر للچائی ہوئی نظر رکھتا ہے، لوگ اس سے کتراتے ہیں اور اس کی قدر نہیں کرتے، اس کے برعکس جو شخص خوددار ہوتا ہے، جو قناعت پسند ہوتا ہے اور لوگوں کے مال و دولت سے بے نیاز رہتا ہے، لوگ خود بخود اس کی عزت کرتے ہیں اور اس سے محبت کرتے ہیں، آج ہماری آدھی پریشانیوں کی وجہ صرف اورصرف یہی ہے کہ ہم دوسروں کی پلیٹ میں جھانکتے ہیں کہ فلاں کے پاس مجھ سے زیادہ کیوں ہے؟یہ حدیث ہمیں موازنہ (Comparison) ختم کرنے کا درس دیتی ہے، جس دن آپ نے یہ سوچ لیا کہ مجھے کسی کے پاس موجود چیز کی لالچ نہیں ہے اسی دن آپ کے دل سے حسد ختم ہو جائے گا اور آپ کو حقیقی ذہنی سکون مل جائے گا ،تو اگر آپ چاہتے ہیں کہ آسمان والا بھی آپ سے پیار کرے اور زمین والے بھی آپ کی عزت کریں، تو اپنی خواہشات کو قابو میں رکھیں، اللہ کے دئے ہوئے رزق پر شکر ادا کریں، اور کسی انسان سے کسی دنیاوی فائدے کی امید نہ رکھیں۔ یہی عزت اور کامیابی کا سب سے بہترین راستہ ہے۔

میرے دوستو!آج ہم نے رسول اللہ ﷺ کی عمدہ سے عمدہ نصیحتوں کو سنا،لیکن اب ایک بہت اہم سوال ہےجو میں آپ سے پوچھنا چاہتاہوں کہ کیا ہم صرف ان نصیحتوں کو سن کر اپنے اپنےگھروں کو واپس چلے جائیں گے، یا اپنی زندگی میں کوئی تبدیلی بھی لائیں گے؟افسوس آج ہم صرف سننے کے شوقین ہیں اور عمل سے کوسوں دور بھاگتے ہیں،یاد رکھ لیں!صرف سننا ہی نجات کے لئے کافی نہیں ہے بلکہ نجات صرف اور صرف عمل کرنے میں ہی ہے۔



ختم شد

ابومعاویہ شارب بن شاکرالسلفی​
 
Top