- شمولیت
- اپریل 27، 2013
- پیغامات
- 26,585
- ری ایکشن اسکور
- 6,762
- پوائنٹ
- 1,207
سخی اور کریم انسان
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(( إِنَّ اللّٰہَ کَرِیْمٌ یُحِبُّ الْکُرَمَائَ، جَوَّادٌ یُحِبُّ الْجُوْدَۃَ یُحِبُّ مَعَالِیَ الْأَخْلَاقِ، وَیَکْرَہُ سَفْسَافَھَا۔ ))1
'' یقینا رب تعالیٰ کریم ہے، کریم لوگوں کو پسند کرتا ہے۔ سخی ہے اور سخیوں کو محبوب رکھتا ہے۔ بلند اخلاق لوگوں کو پسند کرتا ہے اور ردی پن کو ناپسند کرتا ہے۔''
شرح...: سخاوت سے مراد اپنے کمائے ہوئے مال میں سے کوئی چیز بغیر معاوضے کے خرچ کرنا، اس کی ضد بخل ہے۔ یعنی کمائے ہوئے مال سے مطلوب چیز کو حاصل نہ کرنا بلکہ روکے رکھنا۔ آدمی کو سخی اس وقت تک نہیں کہا جاتا جب تک اس میں درج بالا صفت نہ پائی جائے۔
افعال میں سب سے عزت والے وہ کام ہیں جن کی وجہ سے نیک معزز لوگ تلاش کیے جائیں اور ان میں سے بھی اعلیٰ و اشرف کام وہ ہیں جن کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کی جائے اور ایسی چیز صرف متقی پرہیز گار سے سرزد ہوتی ہے۔ فرمایا:
{إِنَّ أَکْرَمَکُمْ عِنْدَاللّٰہِ أَتْقَاکُمْ ط} [الحجرات: ۱۳]
'' تم میں سے سب سے عزت والا اللہ کے ہاں (وہ ہے) جو سب سے زیادہ متقی ہے۔ ''
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(( اَلْحَسْبُ: اَلْمَالُ۔ وَالْکَرْمُ: أَلْتَّقْوٰی۔ ))2
'' حسب (خاندانی عزت و جاہ) مال ہے اور عزت و بزرگی (اللہ کے ہاں) تقویٰ ہے۔''
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا گیا:
مَنْ أَکْرَمُ النَّاسِ؟ قَالَ: (( أَکْرَمُھُمْ أَتْقَاھُمْ۔ ))3
'' لوگوں میں سب سے زیادہ عزت والا کون ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب سے عزت والا ان میں سے وہ ہے، جو سب سے زیادہ متقی ہے۔ ''
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1 صحیح الجامع الصغیر، رقم: ۱۸۰۰۔
2 صحیح سنن الترمذي، رقم: ۲۶۰۹۔
3 أخرجہ البخاري في کتاب أحادیث الأنبیاء، باب: {أَمْ کُنْتُمْ شُھَدَآئَ ... إِلیٰ قَوْلِہٖ ... وَنَحْنُ لَہُ مُسْلِمُوْنَ}۔