• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

فضائل رمضان المبارک

محمد زاہد بن فیض

سینئر رکن
شمولیت
جون 01، 2011
پیغامات
1,957
ری ایکشن اسکور
5,787
پوائنٹ
354
فکر و نظر
رمضان شریف
یہ مہینہ صیام و قیام کا ہے۔ پورا مہینہ روزے رکھنا ارکانِ اسلام میں سے ایک رکن ہے۔ اس ماہ کے صیام و قیام کی فرضیت اور فضیلت کتاب و سنت سے ثابت ہے۔ احکام، صیام و قیام کے متعلق بہت سے رسائل لکھے گئے ہیں۔ ہمارا رسالہ ’’تعلیم الصوم‘‘ بھی انہی احکام پر مشتمل ہے۔
شعبان کے آخری روز سررِ و عالم ﷺ نے صحابہؓ کو خطاب فرمایا اور رمضان المبارک کی خصوصیات و فضائل کے بارے میں ایک جامع خطبہ دیتے ہوئے آپ ﷺ نے فرمایا:
’’لوگو! ایک بہت بڑے اور بابرکت مہینے نے اپنے سایۂ رحمت کے نیچے تمہیں لے لیا ہے۔ اس مہینے کی ایک رات ایسی ہے جو اپنے فضائل و برکات کے لحاظ سے ہزار ماہ سے بہتر ہے۔ اس مہینے کے روزے اللہ تعالیٰ نے فرض کئے ہیں اور رات کے قیام و نمازِ تراویح کو نفل قرار دیا ہے۔ اس مہینے میں جس کسی نے نفل عبادت کے ذریعے تقرّب الٰہی حاصل کیا، اس کا اجر و ثواب ویسا ہی ہو ا، جیسا کہ رمضان کے علاوہ دوسرے مہینوں میں فرض کا ہوتا ہے اور جس کسی نے اس مہینے میں فرض عبادت ادا کی اس کا اجر و ثواب اس قدر ہو گا جس قدر کہ رمضان کے علاوہ دوسرے مہینوں میں ستر مرتبہ ادائیگی فرض کا ہوتا ہے۔ یہ صبر و برداشت کا مہینہ ہے اور صبر کا ثواب اللہ کے ہاں جنت ہے۔ یہ مہینہ ایک دوسرے کے ساتھ نیک سلوک اور احسان و مروت کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں مومن کے رزق میں اضافہ ہوتا ہے۔ جس کسی نے اس مہینہ میں روزہ دار کا روزہ افطار کرایا تو یہ عمل اس کے گناہوں کی بخشش اور دوزخ سے نجات کا ذریعہ ہو گا اور روزہ افطار کرانے والے کو ویسا ہی روزے کا ثواب ملتا ہے جیسا کہ خود روزہ رکھنے والے کو، بغیر اس کے کہ روزہ دار کے ثواب میں سے کچھ کم کیا جائے۔ صحابہؓ نے عرض کیا کہ بعض لوگ اس قدر استطاعت نہیں رکھتے کہ روزہ افطار کرا سکیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ یہی ثواب اس شخص کو بھی دیگا جو روزہ دار کا روزہ ایک کھجور یا دودھ یا پانی کے ایک گھونٹ سے بھی افطار کرائے، البتہ جس نے روزہ دار کو پیٹ بھر کر کھانا کھلایا یہ اس کے گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ ہو ا اور اسے اس کا پروردگار میرے حوض سے ایسا مشروب پلائے گا جس کے بعد اسے کبھی بھی پیاس نہیں ستائے گی۔ اس مہینہ کا پہلا دہا کہ موجبِ رحمت الٰہی، اور درمیان کا، موجبِ مغفرتِ الٰہی اور آخری دہا کہ عذابِ جہنم سے نجات کا موجب ہوتا ہے۔ جس کسی نے اس مہینہ میں اپنے غلام کی محنت و مشقت میں تخفیف کر دی، اللہ تعالیٰ اس کے گناہوں کو بخش دے گا اور دوزخ سے نجات دے گا۔
فضائلِ رمضان اور صوم و قیامِ رمضان کے متعلق احادیث کثرت سے بیان ہوئی ہیں۔ میں کہتا ہوں کہ اگر اور کوئی بھی حدیث نہ ہوتی تو یہی ایک حدیث کفایت کرتی۔
اس مہینے میں اعتکاف کرنا دوسرے مہینوں کے مقابلہ میں افضل ہے۔ بالخصوص آخری عشرہ میں اس کی تاکید آئی ہے۔ اس مہینہ میں عمل صالح کے لئے دیگر مہینوں سے زیادہ کوشش کرنا مسنون ہے۔
لیلۃ القدر کے قیام کے لئے خاص طور پر کوشاں ہونا چاہئے۔ یہ رات کون سی ہے؟ اس کے متعلق اختلاف ہے۔ شوکانی رحمۃ اللہ علیہ نے شرح منتقیٰ میں ۲۷ قول با دلائل نقل کئے ہیں اور ان پر بحث کر کے یہ بتایا ہے کہ زیادہ امکان یہی ہے کہ لیلۃ القدر آخری عشرہ میں، بالخصوص ستائیسویں کو ہوتی ہے۔ واللہ اعلم۔ جو شخص مستحبات کا متلاشی ہو، اسے عشرہ آخر کی تمام راتوں میں لیلۃ القدر کی تلاش کے لئے کوشاں ہونا چاہئے۔ ؎
بجستجوئے نیا بد کسے مراد ولے
کسے مراد ببا ید کہ جستجو وارد!
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول مقبول ﷺ نے فرمایا جو روزے رکھے اور شبِ قدر کا اجر و ثواب طلب کرنے کی نیت سے قیام کرے اس کے سارے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔ (بخاری و مسلم)
ایک اور حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا، رمضان کا یہ مبارک مہینہ ہے۔ اللہ نے اس کے روزے فرض قرار دیئے ہیں۔ اس میں آسمان کے دروازے کھل جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند ہو جاتے ہیں۔ سرکش شیاطین جکڑ دیئے جاتے ہیں۔ اس میں ایک ایسی رات ہے جو ہزار رات سے بہتر ہے جو کوئی اس کے خیر سے محروم رہا، وہ حرماں نصیب ہے۔‘‘ (احمد، نسائی)
(اتباع الحسنۃ فی جملہ ایام السنۃ للنواب صدیق حسن خاںؒ)
بشکریہ ماہنامہ محدث
 
Top