جمعہ 25 صفر 1438هـ - 25 نومبر 2016م
شیئر کریں
لندن – كمال قبيسی
اسرائیل یقینا آگ بھڑکانے میں مہارت رکھتا ہے مگر بھڑکی ہوئی آگ کو ٹھنڈا کرنے میں نہیں۔ اسی واسطے اس نے گزشتہ روز ایک امریکی کمپنی سے امدادی کارروائی کا مطالبہ کیا جس کے پاس اتنا بڑا طیارہ ہے جو اکیلے ہی اس خوف ناک آگ کو بجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وہ آگ جو 4 روز سے بھڑکی ہوئی ہے اور ابھی تک پھیل رہی ہے۔ مذکورہ طیارہ دن و رات بلا توقف آگ بجھانے کی کارروائی کے لیے دنیا کا سب سے بڑا طیارہ ہے۔ یہ 9 میٹر فی سیکنڈ (بارش) کی رفتار سے متاثرہ علاقے میں ایک ہی باری میں 74 ٹن پانی کا چھڑکاؤ کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 2010 میں جدید دور میں مشرق وسطی میں لگنے والی سب سے بڑی آگ کا سامنا کیا تھا۔ حالیہ آگ کے نتیجے میں ابھی تک اسرائیلی حکام 11 رہائشی علاقوں سے 60 ہزار افراد کا انخلاء عمل میں لا چکے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کی کارروائیوں میں آگ بجھانے والے طیارے ، خصوصی تربیت کے حامل 200 فوجی اہل کار اور 5 ممالک کی معاونت شامل ہے۔ تاہم آگ کے پھر سے زور پکڑنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتنیاہو کے سامنے اس کے سوا کوئی چارہ نہ رہا کہ وہ امریکی کمپنی Global Super Tanker سےBoeing-747 Supertanker طیارہ بھیجنے کی درخواست کریں۔
اسرائیلی اخبار "يديعوت اخرونوت" کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ اسرائیل میں لگی خوف ناک آگ کو بجھانے میں مصروف طیارے رات میں کام کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ لہذا صرفSupertanker کے نام سے معروف ایک ہی طیارہ ایسا کر سکتا ہے اور اس کے پہنچنے میں 24 گھنٹے درکار ہوں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق مذکورہ طیارہ ہفتے کے روز 6 ماہرین کے ساتھ مہم کا آغاز کرے گا۔ کمپنی کی جانب سے ہی بھیجے جانے والے ان چھ افراد میں سے تین دن کے وقت اور تین رات کے وقت طیارے کے ذریعے آگ بجھانے اور اس کو دوبارہ روکنے کی کارروائی عمل میں لائیں گے۔
سال 2011 میں 1570 مربع کلومیٹر تک پھیلی آگ کو بجھایا
امریکی کمپنی کا طیارہSupertanker تقریبا 74200 لیٹر پانی یا آگ بجھانے کے لیے استعمال ہونے والا کیمیائی جھاگ لے جا سکتا ہے۔ یہ بنا کسی وقفے کے مسلسل 6400 كلومیٹر کی مسافت تک فضا میں معلق رہتے ہوئے پانی یا کیمیائی جھاگ کو آگ سے متاثرہ علاقے پر بارش کی طرح بر سانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک دستخط شدہ معاہدے کے تحت امریکی کمپنیGlobal SuperTanker اس امر کی پابند ہے کہ امریکی جنگلات میں جب بھی خوف ناک نوعیت کی آگ لگے گی تو یہ عظیم الجثہ طیارہ اسے بجھانے کی کارروائی میں استعمال کیا جائے گا۔
انٹرنیٹ پر طیارے کے بارے میں دستیاب معلومات کے مطابق Boeing-747 Supertanker کے ڈھانچے میں موجود 4 دہانوں کے ذریعے پانی یا کیمیائی جھاگ متاثرہ علاقے پر برسایا جاتا ہے۔ "العربیہ" ڈاٹ نیٹ کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی وڈیو میں طیارے کے ڈھانچے کو اندر سے دکھایا گیا ہے۔
امریکی طیارے Supertanker کی قیمت کا اندازہ 8 کروڑ ڈالر سے زیادہ لگایا جاتا ہے۔ سال 2011 میں امریکی ریاست ایریزونا میں بھڑکنے والی آگ کو بجھانے کے لیے اسی طیارے کا استعمال کیا گیا تھا۔ تقریبا 1570 مربع کلومیٹر تک پھیل جانے والی اس خوف ناک آگ کو Wallow Fire کا نام دیا گیا تھا۔