ماہنامہ رشد لاہور کا از سر نو اجرا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجلس التحقیق الاسلامی کے ادارہ جامعہ لاہور الاسلامیہ نے 2007 میں طلباء کےلیے ایک تربیتی رسالہ ’ماہنامہ رشد لاہور ‘ کے نام سے شائع کرنا شروع کیا تھا۔ کچھ عرصہ تسلسل سے شائع تو ہوا لیکن استقامت برقرار نہ رکھ سکا۔ اور پھر ایک بار علوم قرآنیہ میں اپنے تین خاص نمبرز (قراءت نمبر حصہ اول، حصہ دوئم، حصہ سوئم) شائع کرکے علمی رسائل میں نام تو پیدا کر گیا۔ پر کچھ وجوہات کی بناء پہ مستقل توجہ نہیں دی گئی۔
قارئین: جب اس رسالہ کا اجراء کیا گیا تو پیش نظر یہ اغراض ومقاصد تھے۔
- طلبائے مدارس میں اردو زبان وادب کا ذوق سلیم پیدا کرنا تاکہ صحت مندانہ اسلامی صحافت کو فروغ دیا جاسکے۔
- تفہیم قرآن وحدیث کےعناوین کو مستقل تحریکی شکل دینا تاکہ ہر مسلمان کو معرفت الہی کی دولت لازوال نصیب ہو سکے۔
- ملت اسلامیہ کے ہر فرد کوتکمیل ذات اور اصلاح غیر کا پیکر بنانا تاکہ امت فریضۂ دعوت وتبلیغ سے عہدہ برآ ہوسکے۔
- کسی خاص فقہی مکتبۂ خیال کےبجائے دین اسلام کی ترجمانی کرنا تاکہ وحدت امت مرحومہ کو قائم رکھاجاسکے۔
- قراءات قرآنیہ اور رسولﷺ کےفرامین وسنن کی حجیت کو ثابت کرنا تاکہ فتنہ انکار قراءات متواترہ اور فتنہ انکار حدیث کی بیخ کنی کی جاسکے۔
- فتن جدیدہ پر مثبت انداز میں تنقید وتردید کرناتاکہ فہیم عناصر میں فکر صحیح کو پروان چڑھایا جاسکے۔
- پیش آمدہ مسائل پر فہم اسلاف کی روشنی میں آزادانہ اجتہادی رائے دینا تاکہ جمود وتجدد کےمہلک مرض سے محفوظ رکھا جاسکے۔
- اسلام کی آفاقی تعلیمات کی معتدل اسلوب میں تعبیر کرناتاکہ مسلک اعتزال پر سدباب کیاجاسکے۔
- ارتقائے شعور ملی اور احیائے ملت اسلامیہ کےلیے جدوجہد کرنا تاکہ اسلامیان کی نشاۃ ثانیہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔
چونکہمجلس التحقیق الاسلامی کا مجلہ
' ماہنامہ محدث لاہور ' عرصہ چالیس سال سے کامیاب ترین حالت میں شائع ہوتا چلا آرہا ہے۔ سو اس لیے
’ماہنامہ رشد لاہور‘ اداریاتی طور پر خاص توجہ نہ پا سکا۔ اب ہم لوگ آپ سبھی بھائیوں اور بہنوں کے تعاون سے اس کوشش میں ہیں کہ ایک بار پھر اس شمارہ کو پہلے آن لائن عملی شکل میں لانے کی جدوجہد کی جائے۔ (یعنی ہر ماہ آن لائن شمارہ شائع ہوا کرے گا۔) کامیابی کے بعد پھر ان شاءاللہ کتابی شکل میں شائع کرانے کے مراحل پر بھی غور کیا جائے گا۔ یہ شمارہ طلباء کےلیے ہے، اور ہم یہاں سب طالب علم کی ہی حیثیت رکھتے ہیں۔
سو آپ تمام قارئین میں سے کوئی بھی شمارہ کےلیے کسی بھی طرح کا علمی تعاون کرنا چاہیں، وہ اپنانام لکھوا سکتے ہیں۔
ہر شمارہ کچھ اس طرح کی تفصیل پر مشتمل ہوا کرے گا۔
نوٹ:
آپ تمام قارئین میں سے کوئی بھی مضامین لکھنا چاہیں، یا شمارے کے باقی حصص میں شامل ہونا چاہیں تو وہ نام لکھوا سکتے ہیں۔ اور اسی طرح ہمیں فوٹو شاپ اور کورل میں کام کرنے والے احباب کی بھی ضرورت ہوگی۔۔ قوی امید ہے کہ قارئین دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے۔ ان شاءاللہ۔
شمارہ 60 سے 100 صفحات کا ہوا کرے گا۔ ان شاءاللہ