- شمولیت
- اپریل 27، 2013
- پیغامات
- 26,585
- ری ایکشن اسکور
- 6,762
- پوائنٹ
- 1,207
متقین
إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الْمُتَّقِينَ ﴿٤﴾ (التوبہ)
"بے شک اللہ تعالیٰ متقین کو پسند کرتا ہے۔"
تقویٰ:
"رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سینہ کی طرف تین مرتبہ اشارہ کر کے فرمایا: "التَّقْوَى هَاهُنَا"
"تقویٰ یہاں ہے۔"
روایت کے دوسرے الفاظ حسب ذیل ہیں:
"لَا تَحَاسَدُوا، وَلَا تَنَاجَشُوا، وَلَا تَبَاغَضُوا، وَلَا تَدَابَرُوا، وَلَا يَبِعْ بَعْضُكُمْ عَلَى بَيْعِ بَعْضٍ، وَكُونُوا عِبَادَ اللَّهِ إِخْوَانًا الْمُسْلِمُ أَخُو الْمُسْلِمِ لَا يَظْلِمُهُ، وَلَا يَخْذُلُهُ، وَلَا يَحْقِرُهُ التَّقْوَى هَاهُنَا، وَيُشِيرُ إِلَى صَدْرِهِ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ، بِحَسْبِ امْرِئٍ مِنَ الشَّرِّ أَنْ يَحْقِرَ أَخَاهُ الْمُسْلِمَ كُلُّ الْمُسْلِمِ عَلَى الْمُسْلِمِ، حَرَامٌ دَمُهُ، وَمَالُهُ، وَعِرْضُهُ " أَلتَّقْوٰی ھٰھُنَا وَیَشِیْرُ إِلیٰ صَدْرِہِ ثَـلَاثَ مَرَّاتٍ وَفِيْ رَوَایَۃٍ: إِنَّ اللَّهَ لَا يَنْظُرُ إِلَى أَجْسَادِكُمْ وَلَا إِلَى صُوَرِكُمْ، وَلَكِنْ يَنْظُرُ إِلَى قُلُوبِكُمْ، وَأَشَارَ بِأَصَابِعِهِ إِلَى صَدْرِهِ (أخرجہ مسلم في کتاب البر، باب: تحریم ظلم المسلم وخذلہ واحتقارہ، رقم: ۶۵۴۱)
"باہمی حسد نہ کرو، نہ دام بڑھانے کے لیے بولی کرو (منڈی میں)۔ آپس میں بغض نہ کرو۔ نہ ایک دوسرے سے منہ پھیرو اور ایک کے سودے پر دوسرا سودا نہ کرے۔ اللہ کے بندو آپس میں بھائی بھائی بن جاؤ۔ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے اس پر ظلم نہیں کرتا، نہ اس سے غداری کرتا ہے اور نہ اسے حقیر سمجھتا ہے۔ آدمی کے برا ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ اپنے بھائی کو اپنے سے حقیر خیال کرتا ہو۔ ہر مسلمان کا دوسرے مسلمان کے لیے اس کا خون مال اور عزت حرام ہے۔ تقویٰ تو یہاں ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سینہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تین بار ایسا ہی فرمایا۔"
اور ایک روایت میں ہے:
"اللہ تعالیٰ نہ تمہارے اجسام اور نہ ہی تمہاری شکلوں کو دیکھتا ہے بلکہ وہ تمہارے دلوں کو دیکھتا ہے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی انگلی سے سینہ کی طرف اشارہ کیا۔"
شرح...: یعنی اعمال ظاہرہ سے تقویٰ حاصل نہیں ہوتا بلکہ دل میں جو خشیت الٰہی، خوف اور مراقبہ واقع ہوتا ہے، اس کے ذریعہ تقویٰ حاصل ہوتا ہے۔
متقین...: ان کی کئی صفات ہیں جو درج ذیل ہیں:
(۱) غیب پر ایمان لانا
(۲) نماز قائم کرنا
(۳) فی سبیل اللہ خرچ کرنا
(۴) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر جو چیز نازل ہوئی اس پر ایمان لانا
(۵) نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے جو اللہ کی طرف سے نازل شدہ آسمانی کتب و صحف ہیں ان پر ایمان لانا
(۶) آخرت کا یقین رکھنا
(۷) اپنے عہد کو پورا کرنا
(۸) اللہ تعالیٰ کی حرام کردہ اشیاء سے پرہیز کرنا
(۹) اللہ کی اطاعت اور اس کے آخری نبی اور سید الانبیاء کی شریعت پر عمل کرنا
(۱۰) غصہ دبا لینا
(۱۱) لوگوں کو ان کی غلطی کے باوجود معاف کرنا
(۱۲) ان کی ایک صفت یہ بھی ہے کہ جب شیطان ان کے دل میں وسوسہ ڈالتا ہے تو انہیں اللہ کا عذاب اور ثواب، وعدہ اور وعید یاد آ جاتے ہیں۔ چنانچہ وہ توبہ و استغفار کرتے اور اللہ کی طرف فوراً ہی رجوع کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے صورت حال ان کے لیے کھول دی جاتی ہے اور وہ درستی پر قائم ہو جاتے ہیں۔
سیّدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کے بقول
"متقین وہ ایمان دار لوگ ہوتے ہیں جو اللہ کی اطاعت کرتے اور اس کے ساتھ شرک سے بچتے ہیں اور یہ بھی فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات کو چھوڑنے پر جو سزا اور عذاب مقرر ہے اس سے بھی ڈرتے ہیں اور جو کچھ اللہ تعالیٰ نے بھیجا، اس کی تصدیق کرنے کی وجہ سے اس کی رحمت کی امید رکھتے ہیں۔"
حسن بصری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
"متقی وہ لوگ ہیں، جو اللہ کی حرام کردہ اشیاء سے پرہیز کرتے اور اس کی فرض کردہ اشیاء کو بجا لاتے ہیں۔"
یہ بات بھی بیان کی جاتی ہے کہ
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے تقویٰ کے متعلق سوال کیا تو جواب ملا کہ
"کیا آپ کانٹے دار راستہ پر چلتے ہیں؟ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے جواب دیا۔ ہاں! حضرت ابی رضی اللہ عنہ نے کہا: کیا کرتے ہیں؟ فرمایا: اپنے آپ کو سکیڑ کر اور بچ کر گزرتا ہوں۔ سیّدنا ابی رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ یہی تقویٰ ہے۔"
إِنَّ الْمُتَّقِينَ فِي جَنَّاتٍ وَنَهَرٍ ﴿٥٤﴾ فِي مَقْعَدِ صِدْقٍ عِندَ مَلِيكٍ مُّقْتَدِرٍ ﴿٥٥﴾ (القمر)
"یقینا متقین جنتوں اور دریاؤں میں ہیں۔ راستی اور عزت والی نشست میں قدرت والے بادشاہ کے پاس۔"