• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

مرکب کی تعریف مع اقسام

شمولیت
اپریل 27، 2020
پیغامات
509
ری ایکشن اسکور
167
پوائنٹ
77
مرکب کی تعریف مع اقسام

تحریر : زاہد خان

بسم اللہ الرحمن الرحی

مرکب وہ لفظ ہے جو دو یا دو سے زائد لفظوں سے مل کر بنے اور ایک سے زائد معنی بتائے، جیسے: عَبْدُاللّٰہِ (اللہ کا بندہ) ، رَسُوْلٌ کَرِیْمٌ (مہربان رسول) ، اَللّٰہُ أَحَدٌ (اللہ ایک ہے) ، وغیرہ۔

{مُرَکَّب کی قسمیں}

مرکب کی دو قسمیں ہیں:
(۱) مرکب ناقص
(۲) مرکب تام ۔

مرکب ناقص : الفاظ کے مجموعہ سے سننے والے کو پوری بات سمجھ میں نہ آئے، تو اس کو مرکب ناقص کہتے ہیں جیسے عَبْدُاللّٰہِ ، رَسُوْلٌ کَرِیْمٌ۔

مرکب تام : الفاظ کے مجموعہ سے سننے والے کو پوری بات سمجھ میں آجائے ، تو اسے مرکب تام کہتے ہیں، جیسے ذَہَبَ زَیدٌ (زید گیا) یا کسی بات کی طلب معلوم ہو، جیسے إِیْتِ بِالْمَآئِ (پانی لا)

(پہلی بات سے سننے والے کو زید کے جانے کی خبر معلوم ہوئی ،اور دوسری بات سے معلوم ہوا کہ کہنے والا پانی طلب کرتا ہے)

نوٹ : مرکب ناقص کو ’’ مرکب غیر مفید‘‘ اور مرکب تام ’’ مرکب مفید، جملہ اور کلام‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

مرکب ناقص اور مرکب غیر مفید کی پانچ (5) قسمیں ہیں :
1.مركب اضافی
2.مرکب توصیفی
3.مرکب بنائی
4.مرکب منع صرف
5.مرکب صوتی ۔

ان میں دو کا استعمال زیادہ ہو تا ہے:
(۱) مرکب اضافی
(۲) مرکب توصیفی

1.(مُرَکَّب اضافی)

مرکب اضافی: وہ مرکب ناقص ہے، جو ایسے دو لفظوں سے مرکب ہوتا ہے ، جس میں ایک لفظ کی نسبت دوسرے لفظ کی طرف کی جاتی ہے، پہلے لفظ کو مضاف اور دوسرے کو مضاف الیہ کہتے ہیں،

فائدہ : ترجمہ پہلے مضاف الیہ کا ہوتا ہے، پھر مضاف کا، اور ترجمہ میں ان دونوں کے درمیان ’’ کا، کے، کی، را، رے، ری، نا، نے، نی ‘‘ میں سے کوئی ضرور آتا ہے،
مضاف پر الف لام اور تنوین کبھی نہیں آتی، اور مضاف الیہ ہمیشہ مجرور ہوتا ہے یعنی اس پر زیر آتا ہے، جیسے: عَبْدُاللّٰہِ ( اللہ کا بندہ)۔

اس عربی مثال میں پہلا لفظ عبد مضاف اور دوسرا لفظ اللہ مضاف الیہ ہے، ترجمہ میں اس کے
بر خلاف، اللہ مضاف الیہ پہلے اور بندہ مضاف بعد میں ہے، اور دونوں کے درمیان لفظ ’’ کا‘‘ آرہا ہے۔ اسی طرح دیگر مثالوں کو سمجھو اور مشق کرو۔

مثالیں : لَیْلَۃُ الْقَدْرِ (قدر کی رات)، رَسَوْلُ اللّٰہِِ(اللہ کا رسول)، نَصْرُ اللّٰہِ (اللہ کی مدد)، أَصْحَابُ الرَّسُوْلِ (رسول کے صحابہ)، إِطَاعَۃُ الرَّسُوْلِ (رسول کی اطاعت)۔

2.(مُرَکَّب توصیفی)

مرکب توصیفی: وہ مرکب ناقص ہے جو دو ایسے لفظوں سے مرکب ہوتا ہے، جس میں پہلا لفظ اسم ذات ہوتا ہے ، اور دوسرے لفظ کے ذریعہ اس اسم ذات کا وصف بیان کیا جاتا ہے، عربی میں پہلے لفظ کو موصوف اور دوسرے کو صفت کہتے ہیں، ترجمہ پہلے صفت کا ہوتا ہے پھر موصوف کا۔

مثالیں : رَجُلٌ عَالِمٌ (عالم آدمی )، وَلَدٌ کَبِیْرٌ (بڑا لڑکا)،
اَلْفَوْزُ الْعَظِیْمُ (بڑی کامیابی)، حََََیَاۃٌ طَیِّبَۃٌ (اچھی زندگی)، ِالٰہ ٌ وَاحِدٌ (ایک خدا)، عَبْدٌ مُؤْمِنٌٌ (مومن بندہ)۔

فائدہ : مضاف اور موصوف ہونا یہ اسم کی علامتوں میں سے ہے۔

3.(مرکب بِنائی)

مرکب بنائی : وہ مرکب ناقص ہے جس میں دو اسموں کو ایک کر لیا ہو، اور ان دونوں میں کوئی نسبت اضافی یا اسنادی نہ ہو، نیز پہلے اسم کو دوسرے کے ساتھ ربط دینے والا کوئی حرف ہو، جیسے أَحَدَ عَشَرَ سے تِسْعَۃَ عَشَرَ تک کہ اصل میں أَحَدٌ وَّعَشَرٌ سے تِسْعَۃٌ وَّعَشَرٌ تھا، واؤ کو حذف کر کے دونوں اسموں کو ایک کرلیا ہے ، اسی طرح صَبَاحَ مَسَائَ کہ اصل میں صَبَاحًا وَّمَسَائً تھا،

فائدہ : مرکب بنائی کے دونوں اسم فتحہ پر مبنی ہوتے ہیں ، نیز عربی میں مرکب بنائی حرف گیارہ سے لیکر انیس تک گنتی ہے۔

4.(مرکب منع صرف)

مرکب منع صرف : وہ مرکب ناقص ہے جو دو کلموں سے جوڑ کر بنایا گیا ہو اور دوسرا کلمہ کسی حرف کو متضمن نہ ہو۔ جیسے بَعْلَبَکَّ۔ (بَعْلَ) ایک کلمہ ہے جو بادشاہ کا نام ہے، (بَکَّ) دوسرا کلمہ ہے جو بت کا نام ہے، دونوں کو ملاکر اس شہر کا نام رکھ دیا گیا جو بادشاہ نے بنایا تھا۔

5.(مرکب صوتی)

مرکب صوتی : وہ مرکب ناقص ہے، جو دو کلموں سے جوڑ کر بنایا گیا ہو اور دوسرا کلمہ آواز ہو۔ جیسے: سیبویہ (سیب ایک کلمہ ہے اور (ویہ) دوسرا کلمہ ہے جو آواز ہے۔
 
Top