عبد الرشید
رکن ادارہ محدث
- شمولیت
- مارچ 02، 2011
- پیغامات
- 5,573
- ری ایکشن اسکور
- 9,998
- پوائنٹ
- 667
تبصرہ
خواجہ محمد قاسم 1933ء کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔آپ کے والد خواجہ عبد العزیز بہت نیک متقی اور پروقار شخصیت تھے لاہور A.G آفس میں سپرنٹنڈنٹ تھے ان کے تقویٰ کا یہ عالم تھا کہ اپنے پاس دو قلم رکھتے تھے اگر سرکاری کام ہوتا تو سرکاری قلم اور سیاہی استعمال کرتے۔اگر ذاتی کام ہوتا تو اپنا قلم اور سیاہی استعمال کرتے تھے۔ خواجہ قاسم رحمہ اللہ نے ابتدائی تعلیم کا آغاز مشنری سکول سے کیا ۔چینیاں والی مسجد سے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ، دار العلوم تقویۃ الاسلام لاہور اور جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ سے درس نظامی کی تکمیل کی۔ مولانا سید محمود غزنوی،شیخ الحدیث مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی، مولانا محمد اسماعیل سلفی، حافظ محمد گوندلوی ،شیخ الحدیث مولانا محمد عبد اللہ اور شیخ الحدیث ابو البرکات رحمہم اللہ آپ کے مشہور استاتذہ ہیں ۔ موصوف ایک خودار عالم دین بڑی سادہ طبیعت کے مالک تھے ۔ آپ کوئٹہ ،جہلم ، اسلام آباد میں خطابت کا فریضہ انجام دیتے رہے اور جامعہ اسلامیہ سلفیہ مسجد مکرم ماڈل ٹاؤن گوجرانوالہ میں صدر مدرس کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ۔ مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ نے آپ کو جامع مسجد اقصیٰ اہل حدیث سٹیلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ کی ذمہ داری سونپی۔ آپ تادم آخر تقریبا چالیس سال تک اسی مسجد میں خطیب رہے ۔ آپ نے تقریبا ایک درجن علمی و تحقیقی کتاب تصنیف کیں۔19دسمبر 1997ء حسب معمول خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا نماز جمعہ کی امامت کراتے ہوئے حالت تشہد میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ زیر نظر کتاب ’’مقالات خواجہ محمد قاسم رحمہ اللہ‘‘ خواجہ حافظ محمد قاسم رحمہ اللہ کی چھوٹی بڑی علمی و تحقیقی تحریروں کا مجموعہ ہے جو انہوں نے مختلف موقعوں پر مختلف موضوعات پر لکھیں تھیں۔(م۔ا)