- شمولیت
- اپریل 27، 2013
- پیغامات
- 26,585
- ری ایکشن اسکور
- 6,762
- پوائنٹ
- 1,207
"سائنس" اور "فلاسفی آف سائنس" میں فرق
ملحدوں اور دہریوں کے مکر وفریب میں یہ سب سے بڑا مکر ہے جو یہ لوگ سادہ لوح انسانوں کا ایمان بگاڑنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ یہ لوگ "فلاسفی آف سائنس" کو "سائنس" بنا کر پیش کرتے ہیں۔ یہ "لوہے" کو "سونے" میں ملا کر سونے کا تاثر دے کر بیچتے ہیں۔
"سائنس" اور چیز ہے اور "فلاسفی آف سائنس" اور چیز ہے۔ پیور سائنس نہ تو خدا کا انکار کرتی ہے اور نہ ہی اثبات۔ البتہ خدا کے اثبات کی ایک علامت ضرور ہو سکتی ہے۔ اس لیے "پیور سائنٹسٹ" کبھی بھی دہریہ نہیں ہو گا بلکہ یا تو خدا کا اثبات کرے گا جیسا کہ اکثر کا معاملہ ہے، یا پھر عاجزی کا اظہار کرے گا کہ مجھے نہیں معلوم، یا یہ سائنس کی ڈومین نہیں ہے۔
اس کے برعکس "فلاسفی آف سائنس" نرا الحاد ہے، جو سائنس کے نام سے پڑھا پڑھایا جا رہا ہے۔ "فزکس" کہ جس کا لیبارٹری میں اثبات کیا جاتا ہے، وہ پیور سائنس کا ڈومین ہے اور "نظریاتی فزکس" کے اکثر مباحث "ظن وتخمین" سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔
"نظریاتی سائنس" میں جو کچھ پیش کیا جا رہا ہے، وہ سائنس کا مذہبی ورژن ہے، وہ سائنس فکشن ہے، جسے ماننے کے لیے سائنسدانوں پر اس سے زیادہ ایمان لانا پڑتا ہے کہ جتنا کسی نبی اور رسول پر ایمان لانے کا مطالبہ ہے۔
ثقبِ کُرم [wormhole]، ثقب اسود [Black holes]، متوازی زمین [parallel earth]، کثیر کائنات [multiverse] کے تصورات سائنس کی دنیا کے "ہیری پوٹر" نہیں تو اور کیا ہیں؟ ان میں اور مذہبی معتقدات پر ایمان لانے میں کتنا فرق ہے؟
ثقبِ کُرم [wormhole] کی دلیل کیا ہے؟ بھئی، آپ نے انٹرسٹیلر مووی نہیں دیکھی؟ بھئی، میں تو مذہبی آدمی ہوں، مووی نہیں دیکھتا، گناہ کا کام ہے، موویاں پڑھتا ضرور ہوں۔
بھئی، کیوں لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں؟ اپنے افسانوں [myths] کو سائنس کے نام پر پیش کر رہے ہیں اور مذہب کو چیلنج دے رہے ہیں کہ ان کہانیوں کا انکار "سائنس" اور "عقل" سے ثابت کرو۔
اور خود تمہارا حال یہ ہے کہ تمہارے بہترین، ہاکنگ جیسے، بعد میں کھیسانی بلی کی طرح معذرت کر لیتے ہیں کہ بھئی، افسانہ نگاروں اور فلم میکروں سے معذرت، ہم غلطی پر تھے۔ تو اس عاجزی کا اظہار پہلے کر لیتے کہ دیسی لبروں کا ایمان تو خراب نہ کرتے کہ وہ تمہاری بات کو پیغمبروں کی بات کا درجہ دینا شروع ہو گئے ہیں۔
اور بگ بینگ پر ایمان کو بھی اسی فہرست میں شامل کر لیں کہ اس کی سائنسی دلیل "کوانٹم گریوٹی" ہے۔ اور اب آپ مذہبی بے وقوف سوال کریں گے کہ "کوانٹم گریوٹی" کیا چیز ہے؟ بھئ، ابھی ہم اس دلیل کی تلاش میں ہیں۔ جب مل جائے گی تو تمہیں بھی بتلا دیں گے۔
اور بھئی ملحدوں، اب اپنی "ٹین کمانڈمینٹس" کو اپنے "بوجھے" میں رکھو اور سائنس کے نام پر مذہب کو چیلنج دینا بند کر دو۔ اسٹیون ہاکننگ، کارل سیگان اور رچرڈ ڈاکنز تینوں یہی کرتے ہیں کہ "فلاسفی آف سائنس" کو "سائنس" بنا کر پیش کرتے ہیں۔
بشکریہ: محترم شیخ @ابوالحسن علوی