• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

نماز چاشت کے مختصر احکام

شمولیت
اپریل 23، 2022
پیغامات
19
ری ایکشن اسکور
5
پوائنٹ
12
نماز چاشت (اشراق كى نماز)کے مختصر احکام
ترتيب: عبد الله محسن الصاهود
ترجمہ: عبد الرحمن فيض الله

سوال/1: چاشت کی نماز کا کیا حکم ہے؟
جواب: ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں:چاشت کی نماز سنت مؤکدہ ہے جسے خود اللہ کے نبی ﷺ نے ادا کیا ہے اور اپنے صحابہ کو بھی اس کی ترغیب دلائی ہے۔ مجموع الفتاویٰ (11/ 396)

سوال/2: نماز چاشت کی کیا فضیلت ہے؟
جواب: عَنْ أَبِي ذَرٍّ عَنْ النَّبِيِّ ﷺ أَنَّهُ قَالَ يُصْبِحُ عَلَى كُلِّ سُلَامَى مِنْ أَحَدِكُمْ صَدَقَةٌ فَكُلُّ تَسْبِيحَةٍ صَدَقَةٌ وَكُلُّ تَحْمِيدَةٍ صَدَقَةٌ وَكُلُّ تَهْلِيلَةٍ صَدَقَةٌ وَكُلُّ تَكْبِيرَةٍ صَدَقَةٌ وَأَمْرٌ بِالْمَعْرُوفِ صَدَقَةٌ وَنَهْيٌ عَنْ الْمُنْكَرِ صَدَقَةٌ وَيُجْزِئُ مِنْ ذَلِكَ رَكْعَتَانِ يَرْكَعُهُمَا مِنْ الضُّحَى. (صحيح مسلم: 1671)
ترجمہ: حضرت ابو زر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نبی کریم ﷺ سے روایت کی کہ آپ ﷺ نے فرمایا: صبح کو تم میں سے ہر ایک شخص کے ہر جوڑ پر ایک صدقہ ہوتا ہے۔ پس ہر ایک تسبیح («سبحان الله» کہنا) صدقہ ہے۔ ہر ایک تحمید («الحمد لله» کہنا) صدقہ ہے، ہر ایک تہلیل («لا اله الا الله» کہنا) صدقہ ہے ہر ایک تکبیر («الله اكبر» کہنا) بھی صدقہ ہے۔ (کسی کو) نیکی کی تلقین کرنا صدقہ ہے اور (کسی کو) برائی سے روکنا بھی صدقہ ہے۔ اور ان تمام امور کی جگہ دو رکعتیں جو انسان چاشت کے وقت پڑھتا ہے کفایت کرتی ہیں۔

سوال/3: نماز چاشت کا وقت کیا ہے؟
جواب: ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں:سورج کے نیزے کے برابر بلند ہونے کے بعد سے سورج کے زائل ہونے سے پہلے تک نماز چاشت کا وقت ہوتا ہے اور گرمی کی شدت کے بعد (یعنی زوال سے پہلے آخری وقت میں) پڑھنا افضل ہے۔ مجموع الفتاویٰ (11/ 396)

سوال/4: گھڑی کے اعتبار سے نماز چاشت کا اول اور آخری وقت کیا ہے؟
جواب: ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:سورج کے ایک نیزہ کے برابر بلند ہونے یعنی تقریبا سورج نکلنے کے پندرہ یا بیس منٹ کے بعد سے زوال کے تھوڑا پہلے یعنی دس پندرہ منٹ پہلے تک۔ مجموع الفتاویٰ (14/ 306)

سوال/5: چاشت کی نماز کل کتنی رکعت ہے؟
جواب: ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں:چاشت کی نماز کم سے کم دو رکعت اور اگر کوئی آدمی حسب سہولت چار، چھ، آٹھ یا اس سے زیادہ رکعتیں پڑھ لے تو کوئی حرج نہیں ہے، اس کی کوئی حد نہیں ہے۔ مجموع الفتاویٰ (11/ 399)
جواب: ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:چاشت کی نماز کم سے کم دو رکعت اور زیادہ کی کوئی تحدید نہیں آدمی اپنى نشاط کے مطابق جتنی مرضی پڑھ لے۔ مجموع الفتاویٰ (14/ 305)
جواب: چاشت کی نماز کم سے کم دو رکعت اور زیادہ کی کوئی تحدید نہیں لیکن افضل ہے کہ آٹھ رکعت سے زیادہ نا پڑھا جائے، دو دو رکعت پہ سلام پھیرا جائے اور پوری نماز ایک ہی سلام سے پڑھنا مناسب نہیں۔ اللجنۃ الدائمۃ (6/145)

سوال/6: کیا چاشت کی نماز روزآنہ پڑھنا مسنون ہے؟
جواب: ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں:جی ہاں چاشت کی نماز روزآنہ پڑھنا مسنون ہے۔ مجموع الفتاویٰ (30- 59)
جواب: ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:بظاہر چاشت کی نماز ہمیشہ کے لئے ایک مطلق سنت ہے۔ الشرح الممتع (4 -83)

سوال/7: إشراق کی نماز اور چاشت کی نماز میں کیا فرق ہے؟
جواب: ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں:اول وقت ميں چاشت كى نماز ادا كرنا اشراق كى نماز كہلاتى ہے۔ مجموع الفتاویٰ (11/ 401)
جواب: ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:اشراق کے نوافل ہی نماز چاشت کے نوافل ہیں، لیکن اگر آپ انہیں جلد ادا کر لیں، یعنی سورج کے نیزے کے برابر بلند ہونے کے بعد ادا کریں تو یہ نمازِ اشراق ہے، اور اگر اس نماز کو آخری یا درمیانی وقت میں ادا کریں تو یہ نماز چاشت ہے۔ (لقاء الباب المفتوح)

سوال/8: نماز چاشت کا افضل وقت کیا ہے؟
جواب: جب اونٹ كا بچہ ريت گرم ہونے سے اپنے پاؤں اٹھائے اس وقت نماز چاشت کا افضل وقت ہوتا ہے اور یہ وقت زوال سے پہلے کا وقت ہے جب کہ سورج شدت اختیار کر جائے۔اللجنۃ الدائمۃ(6/148)

سوال/9: نماز چاشت وغیرہ جیسی نفلی نمازوں کو جماعت سے ادا کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:کبھی کبھار نفل نمازیں باجماعت ادا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، لیکن نوافل نماز مستقل باجماعت نہیں ادا کرنا چاہئے کہ جب بھی نفل نماز پڑھیں جماعت سے پڑھیں۔ مجموع الفتاویٰ (14/ 335)

سوال/10: کیا عیدین اور استسقاء کی نمازىں چاشت کی نماز کے قائم مقام ہوں گی؟
جواب: عیدین اور استسقاء کی نماز چاشت کی نماز کے قائم مقام نہیں ہوں گی۔ اللجنۃ الدائمۃ(7/ 256)

سوال/11: کیا چاشت کی نماز زندگی بھر پڑھنا ضروری ہے یا نہیں؟
جواب: چاشت کی نماز ضروری نہیں ہے ایک دو بار پڑھ لے تو بھی کوئی حرج نہیں ہے، لیکن حسب سابق سنت باقی رہے گی۔ اللجنۃ الدائمۃ(7/ 257)

سوال/12: حدیث میں آیا ہے کہ "رسول اللہ ‌ ﷺ ‌نے فرمایا: جس شخص نے صبح كی نماز جماعت كے ساتھ پڑھی پھر بیٹھ كر اللہ كا ذكر كرنے لگا، حتیٰ كہ سورج طلوع ہوگیا، پھر دو ركعتیں پڑھیں تو اس كے لئے مکمل حج اور عمرے كا ثواب ہوگا" کیا یہی دو رکعتیں چاشت کی نماز ہیں؟
جواب: حدیث میں مذکور یہ دو رکعتیں نمازِ چاشت کی ہیں لیکن ان کی ایک خاص فضیلت ہے کیونکہ ان کا تعلق فجر کی نماز کے بعد سورج طلوع ہونے تک نماز گاہ میں بیٹھنے سے ہے۔ اللجنۃ الدائمۃ(6/148)

سوال/13: کیا مسافر کے لئے بھی چاشت کی نماز مشروع ہے؟
جواب: جی ہاں مسافر اور غیر مسافر سب کے لئے چاشت کی نماز مشروع ہے۔اللجنۃ الدائمۃ(6/151)

سوال/14: کیا "أوابين کی نماز" کے نام سے کوئی نماز پائی جاتی ہے؟
جواب: "أوابين کی نماز" یہی چاشت کی نماز ہی ہے جب اسے سورج کے شدت اختیار کرنے کے بعد پڑھا جائے یہ کوئی الگ نماز نہیں ہے۔اللجنۃ الدائمۃ(6/154)

سوال/15: کیا ایام بیض کے روزے سفر کی وجہ سے ساقط ہو جاتے ہیں یا مہینے کے دوسرے ایام میں ان کا اور نماز چاشت کا قضا کرنا ضروری ہے؟
جواب: چاشت کی نماز اور ایام بیض کے روزے نوافل ہیں سفر اور حضر کسی بھی حال میں وہ ضروری نہیں، ہاں جس نے انہیں ادا کیا اس کو اجر ملے گا اور جو چھوڑ دے اس کے اوپر کوئی گناہ نہیں خواہ سفر میں ہو یا حضر میں۔اللجنۃ الدائمۃ (6/456)

سوال/16: چاشت کی نماز میں قرآت جہری ہوگی یا سری؟
جواب: ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں:نماز چاشت جیسی دن کی نمازوں میں قرآت سری کرنا مسنون ہے۔ مجموع الفتاویٰ (11/ 127)

سوال/17: چاشت کی سنت چھوٹ جائے تو کیا اسے قضاء کرنا ہوگا؟
جواب: ابن عثیمین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:چاشت کا وقت نکل جانے کے بعد چاشت کی نماز ختم ہو جاتی ہے کیوں کہ چاشت کی نماز اسی وقت کے ساتھ مقید ہے اسے قضا نہیں کیا جائے گا۔ مجموع الفتاویٰ (14/ 305)

المراجع:
مجموع فتاوى العلامة ابن باز
مجموع فتاوى اللجنة الدائمة
مجموع فتاوى العلامة ابن عثيمين
لقاء الباب المفتوح للعلامة ابن عثيمين
الشرح الممتع للعلامة ابن عثيمين.

( جمعيۃ الدعوة والإرشاد وتوعيۃ الجاليات بمحافظۃ الوجہ)
 
Top