- شمولیت
- اپریل 27، 2013
- پیغامات
- 26,585
- ری ایکشن اسکور
- 6,763
- پوائنٹ
- 1,207
پوری ملاقات
کہتے ہیں کہ خط، فون، ای میل یا فورم کے ذریعے سے آپ ہزاروں مرتبہ کسی سے بات چیت کرلیں وہ ہر دفعہ آدھی ملاقات ہی رہتی ہے۔ یعنی آدھی + آدھی =پوری کبھی نہیں ہوتی جب تک کہ آپ بالمشافہ نہ مل لیں۔ تو جناب آج ہم آپ کو ایک پوری ملاقات بلکہ بھر پور ملاقات کا مختصر حال بتاتے ہیں ۔ کچھ دن پہلے عبدہ بھائی کا فون آیا کہ محترم انس بھائی، لاہور کے بھائیوں سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ اور اس سلسلے میں ان کا ارادہ ہے کہ عبدہ بھائی جن بھائیوں سے رابطہ میں ہیں اُن کو دعوت دی جائے۔ بہرحال دعوت کا پیغام ہم تک پہنچا تو ہم تیا ر ہوگئے۔ ملاقات کا اہتمام بروز اتوار دوپہر ایک بجے محدث لائبریری میں کیا گیا تھا۔ عبدہ بھائی نے اپنی گاڑی میں سب بھائیوں کو لے جانے کا پروگرام بنایا تھا۔ مقررہ وقت کے مطابق عبدہ بھائی نے محمد آصف مغل بھائی کو ان کے گھر سے لیا اور میرے گھر آ گئے۔ یہاں پر گاڑی کی ونڈ سکرین کو تھوڑا سا پانی پھینک کر صاف کیا گیا پھر ہم ایک اور مقررہ جگہ پر پہنچ گئے جہاں سے ہابیل بھائی اور عبدالخالق بھائی کو لینا تھا۔ وہاں پر دونوں بھائی اس وقت تک نہیں پہنچے تھے۔ عبدہ بھائی نے انہیں فون کیا تو پتا چلا کہ وہ تھوڑی دیر میں آرہے ہیں۔ ہم نے بھائیوں کا آدھے گنٹھے سے زیادہ انتظار کیا اور اس دوران ان کو مسلسل فون کرتے رہے مگر نامعلوم وجوہات کی بنا پر وہ نہ پہنچ سکے۔ ہم پہلے ہی لیٹ ہوچکے تھے اس لیے مزید انتظار نہیں کرسکتے تھے۔ اس لیے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہوگئے۔ راستے میں حافظ عمران الہی بھائی کا فون آیا کہ وہ لوگ ہمار انتظار کر رہے ہیں۔ محمد آصف مغل بھائی نے ان کو لیٹ ہونے کی وجہ بتائی اور کہا کہ ہم 12 منٹ میں پہنچ جائیں گے ، ان شاء اللہ ۔ راستے میں ہم تینوں بھائی گپ شپ کرتے رہے۔ منزل مقصو مجلس التحقیق الاسلامی محدث لائبریری پر پہنچے تو حافظ عمران الہی بھائی ہمارے استقبال کے لیے باہر ہی کھڑے تھے۔ گاڑی سے اترے اور حافظ عمران الہی بھائی سے مصافہ و معانقہ کیا اور خیر یت دریافت کی۔ بھائی سے میری یہ دوسری مکمل ملاقات تھی۔دوسرے بھائیوں سے حافظ صاحب ملے اور پھر ہابیل بھائی اور عبدالخالق بھائی کا پوچھا تو انہیں گذشتہ صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔ حافظ صاحب نے انہیں فون کیا تو پتا چلا کہ وہ بھی پہنچ رہے ہیں۔ حافظ عمران الہی بھائی ہمیں لیتے ہوئے محدث لائبریری کی عمارت میں داخل ہوئے اور سٹرھیاں چڑھ کر پہلی منزل پر پہنچے اور ایک دروازے میں داخل ہوئے تو اپنے آپ کو لائبریری کے وسیع و عریض حال میں کھڑا پایا۔ حافظ عمران الہی بھائی لائبریری کے ایک گوشے میں بنے ہوئے کیبن کی طرف ہمیں لیتے ہوئے بڑھے تو کیبن سے ایک بھائی باہر آئے اور بڑے پرتپاک انداز سے ہم بھائیوں سے ملے اور اپنا تعارف کروایا کہ وہ انس ہیں۔اور ساتھ ہی ایک اور بھائی کہیں سے برامد ہوئے جنہوں نے اپنا تعارف کروایا جو کہ قاری مصطفی راسخ بھائی تھے۔ سب بھائی کرسیوں پر بیٹھ گئے اور بات چیت شروع ہوگئی۔ اور پھر تفصیلی تعارف کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس کی ابتداء حافظ عمران الہی بھائی سے ہوئی۔اسی دوران دو بھائی اور آگئے جن سے ملاقات پر پتا چلا کہ وہ ہابیل بھائی اور عبدالخالق بھائی ہیں۔بات چیت دوبارہ شروع ہوئی تو ایک اوربھائی تشریف لے آئے ، تعارف پر پتا چلا کہ وہ کلیم حیدر بھائی ہیں۔ سب بھائیوں نے باری باری اپنی دینی و عصری تعلیم کے حوالے سے کچھ نا کچھ بتایا اور کچھ بھائیوں نے اپنے خاندانی پس منظر سے بھی آگاہ کیا۔ انس بھائی نے اپنا اور اپنے ادارے کا تفصیلی تعارف کروایا ۔ اپنی موجودہ ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ اور اس ملاقات کا مقصد بھی واضح کیا کہ یہ ملاقات خالصتا اللہ کی رضا کے لیے ہے۔نیٹ پر محدث لائبریری کی ابتداء کیسے ہوئی؟محدث فتوی اور محدث فورم کو کیا مسائل درپیش ہیں؟ وغیرہ وغیرہ۔ اس ملاقات میں خضر حیات بھائی ، محمد ارسلان بھائی ، شاہد نذیر بھائی کا بھی ذکر خیر ہوا۔ تقریبا ایک گھنٹہ تک یہ ملاقات جاری رہی ۔ پھر انس بھائی نے کہا کہ اب کھانے کا وقت ہوگیا ہے۔ کھانے کے لیے چلتے ہیں۔سارے ساتھی دو گاڑیوں میں بیٹھ کر کچھ دور ایک ہوٹل میں آگئے۔ انس بھائی نے ہم سے پوچھا کہ کھانے میں کیا چلے گا تو کوئی بتانے کو تیار ہی نہ تھا۔ عبدہ بھائی کی طبیعت ناساز تھی انھوں نے تو بالکل منع کردیا۔ خیر انس بھائی اور حافظ عمران الہی بھائی نے آپس میں مشورہ کرکے کھانے کا آرڈر دیا۔بھائیوں کے درمیان مختلف موضوعات پر بات چیت جاری رہی۔ اور انس بھائی نے مزید ادارے کے حوالے سے بات چیت کی۔ اسی دوران انتہائی پر تکلف کھانا آ گیا۔ کھانا کھاتے ہوئے ادارے کو در پیش مختلف مسائل پر بات چیت ہوتی رہی۔ کھانے کے بعد سب بھائی گاڑیوں میں بیٹھ کر جامعہ لاہور الاسلامیہ کی طرف کوچ کیا۔ وہاں پر نماز عصر ادا کی جس کی امامت قاری مصطفی راسخ بھائی نے کروائی۔ اس کے بعد انس بھائی نے جامعہ کی سیر کروائی، مختلف کلاسوں میں ہم نے جھانک کر دیکھا ۔ وہاں پر بھی ایک عدد لائبریری موجود تھی۔ اس جامعہ میں دینی اور عصری تعلیم کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے بعد دوبارہ مجلس التحقیق الاسلامی کی طرف روانگی ہوئی اور وہاں پر پہنچ کر سب بھائیوں سے الوداعی ملاقات کی اور پھر اس کی یادیں لیے ہوئے اپنے اپنے گھر کی طرف رواں دواں ہوئے۔یہ تھا پوری ملاقات کا مختصر حال۔ اللہ تعالی انس بھائی کو جزائے خیر دے۔ آمین۔
اللھم بارک لھم فیما رزقتھم واغفرلھم وارحمھم