(2) قرآن مجید کی انسائیکلوپیڈیا
طبع اول: دارالسلام، الریاض ۲۰۱۰م
طبع دوم: جمعیت اہل حدیث، دہلی ۲۰۱۰م
طبع سوم: دار الہدی، ممبئی ۲۰۱۱م
طبع چہارم: اسلامک دعوہ سنٹر، دہلی ۲۰۱۲م
طبع پنجم: توحید ایجوکیشنل ٹرسٹ، بہار ۲۰۱۲م
طبع ششم: صوبائی جمعیت اہل حدیث، ممبئی ۲۰۱۳م
طبع ہفتم: الجامعۃ السلفیۃ، بنارس ۲۰۱۶م
یہ کتاب ہندی زبان میں ہے۔ بر صغیر ہند میں مسلمانوں نے آٹھ صدیوں تک حکومت کی، لیکن انہوں نے اپنے ہم وطن غیرمسلمین کے لیے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے وہ ’’قرآن مجید‘‘ جو کہ ساری دنیا کے لیے رشد وہدایت ہے، کی طرف راغب ہوتے۔
اسی غرض سے محترم ڈاکٹر صاحب نے اس ’’انسائیکلوپیڈیا‘‘ کی تصنیف فرمائی، جو قرآن مجید کے تقریباً چھ سو (۶۰۰) موضوعات پر مشتمل ہے۔ یہ تاریخِ ہند میں اپنی نوعیت کی سب سے پہلی کتاب ہے جو اس موضوع پر لکھی گئی اور لوگوں میں کافی مقبول ہوئی، اور نہایت ہی قلیل مدت میں اس کے سات ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں، اور آٹھواں ایڈیشن مؤلف کی نظرِ ثانی کے بعد جلد ہی طباعت کے اعلیٰ معیار سے مزین ہو کر منظرِ عام پر آنے والا ہے۔
ہندی زبان میں قرآن مجید کے تقریباً دس ترجمے شائع ہو چکے ہیں، لیکن ایک غیر مسلم کے لیے صرف ترجمے کے ذریعے قرآن کی تعلیمات کو سمجھنا مشکل ہے، مگر اس ’’انسائیکلوپیڈیا‘‘ کے ذریعے قرآن کے ہر موضوع کو سمجھنا آسان ہو گیا ہے۔
بعض مسلم دوستوں نے مطالعے کے بعد یہ اصرار کیا کہ اس کا اُردو ترجمہ بھی ہونا چاہیے، کیونکہ بہت سے مسلمان بھی اِن موضوعات سے ناواقف ہیں، ان کی خواہش کے مطابق الحمد للہ اُردو ترجمہ ڈاکٹر عبدالرحمن الفریوائی کے زیرِ نگرانی پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ محترم ڈاکٹر صاحب نے بہت جانفشانی کے ساتھ اس کو اُردوداں طبقے کے لیے تیار کیا۔ امید ہے کہ اس ’’انسائیکلوپیڈیا‘‘ سے عوام وخواص سبھی لوگ فائدہ اٹھائیں گے۔
خوشی کی بات یہ ہے کہ اس کا انگریزی ترجمہ بھی مکمل ہو گیا ہے، جو ڈاکٹر صہیب حسن (لندن) کی نگرانی میں مراجعت کے مرحلے سے گزر رہا ہے، جلدازجلد اس کو لندن اور امریکہ سے شائع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کیونکہ ڈاکٹر صہیب حسن صاحب کے خیال میں یہ اپنے موضوع کے اعتبار سے منفرد کتاب ہے جو کسی صحیح العقیدہ مسلمان کے قلم سے لکھی گئی ہے، اس کے بر خلاف یورپ اور امریکہ میں ’’قرآن کی انسائیکلوپیڈیا‘‘ کے موضوع پر جو کتابیں شائع ہوئی ہیں اُن میں جان بوجھ کر اسلامی تعلیمات کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، کیونکہ ان کے لکھنے والے زیادہ تر یہودی، عیسائی، قادیانی وغیرہ ہیں۔
والحمد للہ رب العالمین، وصلی اللہ علی نبینا وشفیعنا محمد بن عبداللہ وعلی آلہ وأصحابہ ومن تبعھم بإحسان إلی یوم الدین۔
بقلم :
عبد الحلیم بسم اللہ
طالب فی الدکتوراہ
الجامعۃ الاسلامیۃ بالمدینۃ المنورۃ
۲۶؍۶؍۱۴۳۸ھ
۲۵؍۳؍۲۰۱۷م